اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاور آف اٹارنی کی ڈیجیٹائزیشن سے عوام کو فائدہ ہو گا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سروسز میں شفافیت آئے گی۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے ڈیجیٹل پاور آف اٹارنی سسٹم کا اجرا کر دیا، آٹومیشن آف پاور آف اٹارنی کے آغاز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاور آف اٹارنی کے ڈیجیٹل سسٹم کا افتتاح کر کے خوشی ہوئی، اس سسٹم سے عوام کو کافی سہولت ملے گی۔
چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاور آف اٹارنی کے جدید نظام کا دائرہ کار 197 ملکوں تک بڑھا رہے ہیں، پاور آف اٹارنی نظام میں جدت سے اوورسیز پاکستانیوں کے دیرینہ مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
طارق ملک نے کہا کہ 130 ملکوں میں پاکستانی سفارت خانوں کو جدید نظام سے متعلق تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔
