لاہور : (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے لئے پولیس ایک بار پھر سے متحرک ہو گئی، رات گئے پولیس کی بھاری نفری ممکنہ گرفتاری کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس کے ہمراہ اسلام آباد پولیس بھی موجود تھی جبکہ قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں موجود پولیس دستوں کو بھی الرٹ کردیا گیا اور مال روڈ، جیل روڈ، گڑھی شاہو میں پولیس کی جانب سے ناکے لگا دیئے گئے ، پولیس کی جانب سے زمان پارک کے اطراف میں گشت بھی کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پولیس کے اعلیٰ افسران نے نفری کو زمان پارک پہنچنے کی ہدایت دی تھی جبکہ پولیس لائنز میں موجود اینٹی رائٹ کے دستوں کو بھی الرٹ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کار کنوں کی کثیر تعداد بھی زمان پارک کے باہر موجود ہے اور کارکنان سابق وزیر اعظم کی ممکنہ گرفتاری کی صورت میں سخت رد عمل دینے کے لئے تیار ہیں، جذباتی کارکنان کی جانب سے عمران خان کے حق میں اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں پولیس کی جانب سے کارروائی کی صورت میں نفری اور زمان پارک میں موجود پی ٹی آئی کارکنان کے درمیان تصادم کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔