پی ایس ایل 8 : اسلام آباد یونائیٹڈ کا ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کیخلاف بولنگ کا فیصلہ

ملتان : (ویب ڈیسک) ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن 8 کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ملتان میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹاس کے بعد کی گئی گفتگو میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کم سے کم اسکورپر آؤٹ کریں۔
خیال رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ملتان سلطانز 3 میچز کھیل چکی ہے جن میں سے اسے 2 میں فتح اور ایک میں شکست ہوئی ہے جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈکا یہ دوسرا میچ ہے ، کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے پہلے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ 4 وکٹوں سے کامیاب ہوئی تھی۔

ایوان صدر اجلاس میں شرکت کا معاملہ، الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس طلب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر نے اہم مشاورتی اجلاس سوموار کو صبح ساڑھے 9 بجے الیکشن کمیشن میں طلب کر لیا، اجلاس میں صدر کے بلائے گئے اجلاس میں شرکت کرنے یا نہ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ صوبوں کے انتخابات سے متعلق صدر مملکت سے مشاورت غیر آئینی اور غیر قانونی ہے، آئین کے تحت صوبوں کے انتخابات کیلئے صدر مملکت سے مشاورت نہیں کی جا سکتی، آئین کے تحت صوبوں میں انتخابات سے متعلق صرف گورنرز سے مشاورت کی جا سکتی ہے۔
مزید برآں الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم نے صدر کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی صدر سے مشاورت غیر قانونی اور غیر آئینی ہو گی۔

طاقتور حلقوں نے پاکستان کی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ طاقتور حلقوں نے پاکستان کی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رہنما پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بگڑتی صورتحال پر عالمی میڈیا میں شدید تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کو بچانے کی بجائے عمران خان کو سیاسی نقصان پہنچانے کی سوچ میں گم طاقتور حلقوں نے پاکستان کی معیشت مسخروں کے حوالے کر دی ہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ ان کی گفتگو پر اب ہنسی کے بجائے رونا آتا ہے، موجودہ حکومت میں جو جتنا بڑا جوکر ہے اس کو اتنا ہی بڑا عہدہ دیا گیا ہے۔

ایک دوسرے پر الزامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے، شاہد خاقان عباسی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک کے موجودہ حالات کے ذمہ دار ہم سب ہیں، ماضی میں کبھی سیاسی و معاشی حالات اتنے خراب نہیں تھے، ایک دوسرے پر الزامات سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کراچی میں تشویش ناک واقعہ پیش آیا، ایسے واقعات کا پہلا بھی یکجا ہو کر مقابلہ کیا اور اس خرابی سے نجات حاصل کی، یہ واقعات معیشت کو مزید کمزور کردیں گے، کوئی ریاست ایسے حملے برداشت نہیں کرسکتی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی حلقے ایک دوسرے پہ الزامات لگا رہے ہیں، ایک دوسرے کو جیل میں ڈالنے سے ملکی معاشی حالات بہتر نہیں ہوں گے، اپنے پلیٹ فارم سےعوام اور مسائل کے حل کی بات کر رہے ہیں، یہ اقتدار کی جنگ نہیں، مسائل کے حل کی غیر سیاسی پلیٹ فارم سےکوشش ہے۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ کل ہمارا سیمینار تھا مگر کراچی میں ہونے والے واقعے کی وجہ سے مناسب نہیں سمجھا کہ سیمینار کیا جائے، ہمارا سیمینار اب 4 مارچ کو کراچی میں منعقد ہوگا۔

پاکستان تحریک انصاف ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کرے گی، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے ورکر ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی ہے اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، اپنی آئین شکنی بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پر حملہ آور ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، ان میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، خود کو جو معیشت کے چیمپئن سمجھتے تھے آج کل منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ پارٹی کا ورکر پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، اور سوشل میڈیا ونگ میں سے پارٹی کے نظریاتی نوجوانوں کو کم از کم دس فیصد ٹکٹیں دینے کی درخواست کرتا ہوں۔
ڈاکٹر شہباز گل نے چیئرمین پی ٹی آئی سے مزید کہا کہ جو پارٹی ورکر مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہے اس کو الیکٹیبل پر ترجیح دی جائے۔

بجلی کی قیمت میں 1 روپے 17 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کراچی کے علاوہ ملک کے تمام صارفین کے لیے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 1 روپے 17 پیسے اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی۔
سی پی پی اے نے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرا میں جمع کروائی ہے، نیپرا کی جانب سے سی پی پی اے کی درخواست پر 28 فروری کو سماعت کی جائے گی۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا۔

صدر مملکت کل الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں :شیخ رشید

لاہور : (ویب ڈیسک) سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آئینی طور پر عارف علوی انتخابات کی تاریخ دینے کا اختیار رکھتے ہیں ، صدر مملکت کل الیکشن کی تاریخ دیں یا استعفیٰ دیں۔
سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور عمران خان سے ملاقات کرنے آیا ہوں، یہ عمران خان کا مقابلہ نہیں کرسکتے، اگر عمران خان چاہے گا تو 22تاریخ کو پہلی گرفتاری میں دوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ملک کو بحران میں دھکیل کر عزت نہیں کمائی، صوبوں اور مرکز میں انتخابات اکٹھے ہوں گے ، ملکی سیاست کا فیصلہ 30اپریل تک ہوجائے گا، 30اپریل سے پہلے اس ملک میں کوئی بڑا حادثہ ہوگیا تو مجھے ذمہ دار نہ ٹھہرایا جائے، میں چوروں اور ڈاکوؤں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا، یہ مجھے کراچی لے جانا چاہتے ہیں، میں ارشد شریف نہیں شیخ رشید ہوں۔
شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز نے کہا یہ میری حکومت نہیں، جرات کریں اور بتائیں یہ آپ کی نہیں تو پھر کس کی حکومت ہے؟ ان کو 5روپے دینے کیلئے کوئی تیار نہیں، یہ زبردستی ترکی جاتے ہیں، آئی ایم ایف ان سے مطمئن نہیں ، اُن کو پتہ ہے یہ چور ہیں، جہاں مرضی لے جاؤ میں تمہاری سیاست کو نیست ونابود کردوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے اداروں کا امیج بہتر چاہتا ہوں، آدھا سامان میں جیل چھوڑ آیا ہوں، سپاہیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے دو کمبل دیئے، میرے ساتھ جو 16دن ہوا ،میں معاف کرتا ہوں، پاکستان کو اللہ کے بعد سپریم کورٹ بچا سکتی ہے۔

عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دینگے: مسرت جمشید

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمہ نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جیل بھرو تحریک سے پی ڈی ایم ٹولے کے ہاتھ پاؤں پھولے ہوئے ہیں، عوام جابر حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاجاً گرفتاریاں دیں گے، ایک منصوبے کے تحت عدلیہ کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے اپنے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ امپورٹڈ ٹولہ چاہتا ہے ایف آئی اے اور نیب کی طرح عدلیہ بھی ان کے تابع ہو جائے، امپورٹڈ ٹولے کو کامیاب کرانے کیلئے پی ٹی آئی کے ہاتھ پاؤں باندھنے کی کوشش ہو رہی ہے، لیگی مفرور شخص کو ملک کیلئے ناگزیر قرار دے رہے ہیں لیکن موصوف لندن چھوڑنے کو تیار نہیں۔
مسرت چیمہ نے اپنے ایک ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ ڈیفالٹ کی بات کرنیوالوں کو ملک دشمن کہا گیا، خواجہ آصف کے اعتراف پر کیا کہیں گے؟
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز ٹھیک کہتی ہیں ان کی حکومت نہیں، یہ چوروں اور لٹیروں کی حکومت ہے، قوم کو بتایا گیا کہ بغیر تنخواہ کام کرینگے اور ارسطو نے گاڑی مانگ لی۔

زلزلے سے متاثرہ شام پراسرائیل کا میزائل حملہ ، 15 افراد جاں بحق

دمشق : (ویب ڈیسک) زلزلے سے متاثرہ شام کے دارالحکومت دمشق میں اسرائیل نے میزائل برسا دیے، جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے ۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق رات ساڑھے بارہ بجے کے قریب دارالحکومت میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں ، دمشق کے ایرانی کلچر سینٹر کے قریب اسرائیل نے میزائل سے رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا ، حملے میں 15 افراد جاں بحق اور 10سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ عمارت تباہ ہوگئی۔
اس حوالے سے شام کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ اسرائیل نے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کی سمت سے فضائی حملہ کیا ہے، جس میں دمشق اور اس کے آس پاس کے کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
حملے پر اسرائیل کی جانب سے فوری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے ۔
خیال رہے کہ اسرائیل کی افواج فضائی حملوں میں اکثر دمشق کے آس پاس کے مقامات کو نشانہ بناتی ہیں ، 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے تباہ کن زلزلے کے بعد گزشتہ روز ہونے والے یہ پہلے حملے تھے۔

شاداب خان نے کولن منرو کیساتھ چھیڑ چھاڑ کی ویڈیو شیئر کر دی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے نیوزی لینڈ کے کرکٹر کولن منرو کو سوتے ہوئے چھیڑ دیا۔
اس حوالے سے شاداب خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بس میں کولن منرو اپنی نشست پر سو رہے تھے کہ اسی دوران آل راؤنڈر کرکٹر شاداب خان ان کے کھلے ہوئے ہونٹوں کے درمیان انگلی ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں جس سے کولن منرو کی آنکھ کھل جاتی ہے۔
شاداب خا ن نے اس ویڈیو کے ساتھ کولن منرو کو ٹیگ بھی کیا ہے، ٹوئٹر پر شیئر کی گئی ویڈیو میں ساتھی بیٹر کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا اٹھ جاؤ کولن منرو۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان کے اکاؤنٹ پر اس ویڈیو کو اب تک 3 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔