لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کارکنان کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ سارے پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں اپنی حقیقی آزادی کیلئے ہماری جیل بھرو تحریک میں شامل ہوں، یہ تحریک وہاں لے کر جائے گی جہاں ایک آزاد اور خوشحال پاکستان بنے گا۔
انہوں نے کہا کہ آزادی اور خوشحالی تب ممکن ہے جب ریاست آپ کے بنیادی حقوق کی حفاظت کرے گی، جیل بھرو تحریک کا مقصد ایک جہاد ہے، جتنی تعداد میں آپ اس میں شرکت کریں گے اتنی ہی جلدی ہم اپنے مقصد کو پہنچ جائیں گے۔
قبل ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حقیقی آزادی کیلئے آج ہم دو بنیادی محرکات اور اہداف کے تحت جیل بھرو تحریک کا آغاز کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ ہمیں جعلی ایف آئی آرز، نیب کے مقدموں، زیر حراست تشدد اور میڈیا و سوشل میڈیا سے وابستہ افراد پر حملوں کا سامنا ہے، یہ تحریک آئین کے تحت میسر بنیادی حقوق پر یلغار کیخلاف ایک پرامن اور غیر متشدد احتجاج ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری تحریک غریب اور متوسط طبقے کو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری کے بوجھ تلے کچلنے والے مجرموں کے اس ٹولے کیخلاف ہے جنہوں نے قوم کو بدترین معاشی تباہی کے سپرد کر دیا۔