راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگنے کی کوششں کی گئی تو نظریہ ضرورت جنم پائے گا، الیکشن میں ہی ملک کی بقاء ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے لکھا کہ صدر نے تو انتخابات کی 30 اپریل کی تاریخ دے دی لیکن پی ڈی ایم کی مشاورت کا فیصلہ ابھی سامنےنہیں آیا، دیکھنا یہ ہے کہ اب 30 اپریل کو الیکشن ہوتے ہیں یا ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے مشکل کے وقت پاکستان سے دوستی کا حق ادا کیا ہے پھر بھی حکمران سامراج کےغلام بنے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹوبورڈ میں پاکستان کا کیس ایجنڈے پر نہیں ہے، سیاستدان وڈیو آڈیو میں پھنسے ہوئے ہیں۔
سابق وزیر کا مزید کہنا تھا کہ 90 روزہ نگران وزیراعلیٰ 9 سالہ ترقیاتی کاموں کا افتتاح کر رہے ہیں، بجلی پر ساڑھے 3 روپے فی یونٹ اضافی سرچارج لگا دیا ہے، غریب حاجیوں کیلئے بھی خزانہ خالی ہے اب ڈالر والے حج کر سکیں گے۔