لاہور:(ویب ڈیسک) لاہور کے شہری نے عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کے لئے ایک اور درخواست دائر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی عہدے سے نااہل قرار دینے کیلئے ایک اور درخواست دائر کردی گئی ہے۔
درخواست شہری محمد جنید نے ایڈووکیٹ آفاق احمد کی وساطت سے دائر کی، جس میں عمران خان، چیف الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن عمران خان کو این اے 95 میانوالی سے نااہل قرار دے چکا ہے اور الیکشن کمیشن نے عمران خان کو حقائق کو چھپانے پر نااہل قرار دیا۔
درخواست میں موقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی گئی کہ اس سے قبل نواز شریف کو بھی عدالت نا اہل کر چکی ہے جس کے بعد نواز شریف پارٹی صدر نہیں رہے کیوں کہ نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا اس لیے عمران خان کو بھی پارٹی کی صدارت سے ہٹانے کا حکم جاری کیا جائے۔