لاہور: (ویب ڈیسک) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ حکومت جتنے مرضی مقدمے بنالے، انکوائریاں کرا لے، عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری افضل ساہی نے ملاقات کی، ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان اس وقت پاکستانی قوم کی واحد امید ہیں، موجودہ حالات میں عمران خان ہی پاکستان کی کشتی پار لگا سکتے ہیں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ برف پگھل چکی ہے امریکہ کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا ہے، پی ڈی ایم کی خام خیالی ہے کہ وہ اب عمران خان کا راستہ روک سکتی ہے، حکومت کے منفی پروپیگنڈے سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دنیا کو پیغام دے رہی ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے، حکومت کہتی ہے کہ پاکستان ایک صوبہ میں الیکشن کرانے کی پوزیشن میں نہیں، جب حکومت خود یہ منفی پروپیگنڈا کرے گی تو کون پاکستان میں سرمایہ کاری کرے گا۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حکومت صرف الیکشن سے فرار کیلئے 22 کروڑ عوام کی قسمت سے کھیل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف حکومت کے ملک دشمن بیانیے سے صرف بھارت کو فائدہ پہنچ رہا ہے، یہ بھارت کا بیانیہ ہے کہ پاکستان دنیا کا “خطرناک ترین” ملک بن چکا ہے۔