لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک پوری طرح فسطائیت کے نرغے میں ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جس انداز میں ہم نے ایک بنانا ریپبلک کا روپ دھارا ہے جہاں قانون کی حکمرانی کی بجائے محض جنگل کا قانون رائج ہے، یہ واضح ہو چکا کہ ملک میں خوف و دہشت کے راج کی ڈوریاں PDM نامی کٹھ پتلیوں کے ہاتھ میں نہیں بلکہ اس قوت کے ہاتھ میں ہیں جو خود کو قانون سے بالاتر سمجھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ اغواء کئے جاتے ہیں جنہیں بعد میں جعلی مقدموں میں جکڑ دیا جاتا ہے، ایک مقدمے میں ضمانت ملتی ہے تو دوسرا مقدمہ سامنے آ جاتا ہے، 145 سے زائد مقدمات تو صرف مجھ پر قائم ہیں، جھوٹے پرچوں کا ایک سرکس لگایا گیا ہے، میری بنی گالہ کی رہائشگاہ کے منتظم، میرے باورچی، سوشل میڈیا کے اظہر مشوانی، وقاص اور میرے سکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغواء کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے مزید کہا کہ “سافٹ ویئر اپ ڈیٹ” کی کوششوں کے تحت انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، علی امین کو ایک جعلی مقدمے میں ضمانت ملی تو ان پر ایک اور مقدمہ بھی سامنے آ چکا ہے جس کے تحت پولیس انہیں لاہور منتقل کر رہی ہے، علی امین کی راستے میں ناساز طبیعت کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیا، ان کو طبیعت میں بہتری و استحکام سے پہلے ہی ہسپتال سے بھی لے جایا گیا۔