لاہور: چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان اس بات پر مایوس ہیں کہ صدر نے الیکشن کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور میں 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں چیرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر سمیت دیگر کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں وکلاء کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 16 اکتوبر تک توسیع کردی۔چیرمین پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان روسٹرم پر آگئیں اور کہا کہ ہمیں انصاف دیا جائے روز پیشی پر آتے ہیں، اگر جیل بھیجنے سے انصاف ہوتا ہے تو بھیج دیں، ہم کیا مانگ رہے ہیں انصاف ہی مانگ رہے ہیں۔