تازہ تر ین

بھارت میں سمندری طوفان، اداکار عامرخان بھی پھنس گئے

سمندری طوفان میچانگ بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے ٹکرا گیا۔ طوفان کے زیرِ اثر بھارتی شہر چنئی میں طوفانی بارشیں ہونے سے سڑکیں تالاب بن گئیں۔ بارش کے پانی میں پھنسنے والے بالی ووڈ اداکار عامر خان کو کشتی کے ذریعے ریسکیو کر لیا گیا۔

سمندری طوفان میچانگ اور بارش کے باعث بھارت کے جنوبی حصے میں کم از کم 17 افراد جان سے گئے۔ مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے تمل ناڈو کے کئی حصوں خاص طور پر دارالحکومت چنئی میں سیلاب جیسے حالات پیدا ہوگئے ہیں۔

صورتحال نے بہت سے لوگوں کو پھنسا دیا ہے جس کی وجہ سے موبائل کنکشن اور انٹرنیٹ کی بندش کے علاوہ گھروں میں بھی پانی بھر گیا ہے۔ چنئی میں ٹرینوں کی روانگی اور پروازیں منسوخ کردی گئیں۔ شہر کے اسکول بھی بند ہیں، طوفان کے باعث بجلی غائب ہوگئی۔ ایئرپورٹ کے رن وے اور سب ویز پانی میں ڈوب گئے۔

سمندری طوفان کے انتہائی شدت اختیارکرلینے کے باعث تامل ناڈو، آندھرا پردیش اور اوڈیسا میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا۔

اداکار وشنو وشال نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر پوسٹ کیا کہ ان کے گھر میں پانی بھر رہا ہے تاہم بعد ازاں انہوں نے اپ ڈیٹ شیئرکرتے ہوئے کہا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ اعروف بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گٹا کو ڈیزاسٹر مینجمنٹ ٹیم نے ریسکیو کرلیا ہے۔

وشنو وشال کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں عامر خان کو بھی کشتی پر بیٹھے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جنہیں کئی گھنٹوں تک پھنسے رہنے کے بعد بچایا جا رہا ہے۔

وشنو وشال نے اس سے پہلے سیلاب زدہ علاقے کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’اترمیرے گھر میں داخل ہو رہا ہے اور کاراپکم میں پانی کی سطح بری طرح بڑھ رہی ہے۔ میں نے مدد کے لیے کہا ہے۔ نہ بجلی، نہ وائی فائی۔ کوئی فون سگنل نہیں، کچھ نہیں۔ صرف ایک خاص مقام پر چھت پر مجھے کچھ سگنل ملتے ہیں۔ امید کرتے ہیں کہ مجھے اور یہاں پھنسے بہت سے لوگوں کو مدد ملے گی۔

ریاست کے وزیرِ صنعت ڈاکٹر ٹی آر بی راجا نے ایکس پر اداکار عامر خان کی ریسکیو آپریشن کے دوران صبر کرنے پر تعریف کی۔

عامر خان نے اکتوبر میں اپنی والدہ زینت حسین کے قریب رہنے کے لیے اپنی رہائش چنئی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اداکار کی والدہ چنئی میں ایک نجی طبی مرکز کی دیکھ بھال میں تھیں۔

تمل ناڈو کے دارالحکومت میں شدید بارش کی وجہ سے عوامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ مسلسل موسلادھار بارش کی وجہ سے ولاجاہ روڈ، ماؤنٹ روڈ، انا سالائی، چیپوک، عماندور گورنمنٹ ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کے قریب کا علاقہ اور دیگر نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain