ریلوے ٹریک پر انجینئرنگ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ایکشن پلان طلب

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ریلوے ٹریک پر انجینئرنگ رکاوٹیں ہٹانے کے لیے ایکشن پلان طلب کر لیا۔
وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت وزارت ریلوے میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ریلوے کے پانچ سالہ بزنس پلان کا بھی جائزہ لیا گیا، بزنس پلان کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش کیا جائے گا۔
سیکرٹری ریلوے ظفر زمان رانجھا آج سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہو گئے جس پر وزیر ریلوے نے ظفر زمان رانجھا سیکرٹری اورچیئرمین ریلوے کی شاندار خدمات کو سراہا۔
وزرات ریلوے کے مطابق اجلاس میں گوادر میں پاکستان ریلوے کے دفتر کے قیام کے حوالے سے پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی، حکام نے وزیر ریلوے کو بتایا کہ انجینئرنگ رکاوٹیں ہٹانے سے سروس کی فراہمی میں تاخیر ہوتی ہے، جس پر خواجہ سعد رفیق نے ایکشن پلان طلب کر لیا۔

ڈاکٹر یاسمین راشد اور حماد اظہر نے نارووال میں عہدیداروں کا تقرر کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان تحریک انصاف سینٹرل پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینئر رہنما حماد اظہر نے پارٹی رہنما عارف خان کو ڈسٹرکٹ صدر نارووال مقرر کر دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے نئی تقرریوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق سینئر نائب صدر طارق انیس چودھری اور ندیم ناصر چودھری ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چودھری سجاد مہیس کو ڈسٹرکٹ جنرل سیکرٹری مقرر کر دیا گیا، پی ٹی آئی کی طرف سے تقرریوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔

افغانستان میں شدید سردی نے 70 سے زائد افراد کی جان لے لی

کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان میں شدید سردی کی لہر جاری ہے جس کے باعث 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مختلف علاقوں میں 10 جنوری کے بعد سے درجہ حرارت تیزی سے گر رہا ہے، مختلف علاقوں میں درجہ حرارت منفی 33 تک پہنچ گیا اور برفباری بھی ہوئی۔
وزارت برائے ماحولیاتی آفات نے بتایا کہ اب تک 70 افراد سخت سردی کے باعث انتقال کرچکے ہیں جب کہ سردی کے باعث ہلاک ہونیوالے پالتو جانوروں کی تعداد 70 ہزار ہوگئی ہے ۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ محمد نسیم مرادی نے بتایا کہ ماضی کے برسوں کی نسبت اس مرتبہ موسمِ سرما بہت زیادہ شدید ہے جو ایک سے 2 ہفتے مزید جاری رہے گا۔

ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا کے اسٹار کرکٹر ہاشم آملہ نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
ہاشم آملہ نے 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وہ انگلش کاؤنٹی میں کھیلتے نظر آتے تھے، تاہم اب انہوں نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
39 سالہ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کہ جس میں اُنہوں نے 46.64 کی اوسط سے 9ہزار 282 رنز بنائے، جس میں 28 سنچریاں بھی شامل تھی، جیک کیلس کے بعد وہ اس فارمیٹ میں جنوبی افریقا کی جانب سے سب سے زیادہ رنز کرنے والے بیٹر ہیں۔
ہاشم آملہ کا ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور 311رنز ناٹ آؤٹ ہے جو اُنہوں نے2012 میں انگلینڈ کے خلاف اوول میں بنایا تھا،وہ ٹرپل سنچری اسکور کرنے والے جنوبی افریقا کے پہلے بیٹر بھی ہیں۔
ہاشم آملہ نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر18 ہزار 672 رنز اسکور کیے ، اُنہوں نے جنوبی افریقا کی جانب سے 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹوئنٹی بھی کھیلے ہیں۔
انہوں نے 181 ون ڈے میچز میں 27 سنچریوں کی مدد سے 8 ہزار 113 رنز بنائے جبکہ 44 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں ایک ہزار 277 رنز اسکور کیے۔

عام انتخابات میں دوبارہ دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے: محمود خان

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ اکرم درانی چور ٹولے کا ممبر ہے، انہیں اپنی برادری کے ساتھ بیٹھنا ہی زیب دیتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا کے بیان پر ردعمل میں وزیر اعلیٰ محمود خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا دیوالیہ نکال دیا ہے، اکرم درانی کو شرم و حیا کے پانی سے اپنے ضمیر کو دھونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ اکرم درانی مذہبی جماعت کا ممبر ہوتے ہوئے چوروں کی حمایت میں اپنا ضمیر بیچ رہے ہیں، اسمبلی تحلیل کا فیصلہ ہم نے خود کیا ہے، چور ٹولہ الیکشن سے بھاگ رہا ہے، عوام ان کا مکروہ چہرہ دیکھ چکے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف نے کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت قائم کی، عام انتخابات میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کا غیر مسلموں کے طلاق سرٹیفکیٹ سے متعلق رولز بنانے کا حکم

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کو غیر مسلموں کے طلاق سرٹیفکیٹ سے متعلق 90 روز میں رولز بنانے کا حکم دے دیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے غیر مسلم خاتون شمائلہ شریف کی طلاق کے بعد والد کے نام سے شناختی کارڈ کے اجراء کی درخواست پر 7 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کر دیا۔
درخواست گزار نے عدالت میں استدعا کی تھی کہ یونین کونسل غیر مسلموں کو طلاق سرٹیفکیٹ جاری نہیں کرتی، نادرا سرٹیفکیٹ کے بغیر شناختی کارڈ میں تبدیلی نہیں کرتا، جس پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس میں کہا کہ مسیحی برادری کی جانب سے یونین کونسلز کے سرٹیفکیٹ جاری نہ ہونےکی شکایات آ رہی ہیں۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ کے تحت رولز کا اجراء ضروری ہے، رولز بنائے جانے تک نادرا رجسٹریشن پالیسی کے تحت سہولت فراہم کرے، عدالت نے درخواست گزار کو شناختی کارڈ کیلئے دوبارہ نادرا سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

35 اراکین ڈی نوٹیفائی ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا ایک حصہ خالی ہو گیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) 35 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کئے جانے کے بعد قومی اسمبلی کے ایوان میں دلچسپ تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، ایوان کا ایک حصہ خالی ہو گیا۔
ایوان اس وقت 342 میں سے 296 اراکین پر مشتمل ہے جن میں سے 81 اراکین کے استعفے تاحال زیر التواء ہیں،11 نشستیں خالی جن میں سے 7 پر عمران خان کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا، میانوالی کی عمران خان کی سیٹ سے انہیں نا اہل قرار دیا گیا۔
شکور شاد اور محمد میاں سومرو کی نشستیں بھی خالی، جہاں عدالتی حکم امتناعی کی وجہ سے الیکشن نہیں ہوا، پی ٹی آئی کے 3 منتخب اراکین نے حلف ہی نہیں اٹھایا، عملی طور پر ایوان کے موجودہ اراکین کی تعداد 212 ہے۔
حکومتی اراکین کی تعداد 181 ہے، اپوزیشن میں مسلم لیگ (ق) کے 2، جی ڈی اے کے 3 اور بلوچستان عوامی پارٹی کی زبیدہ جلال اور جماعت اسلامی کے عبدالاکبر چترالی شامل ہیں، آفیشل اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی منحرفین 20 ہیں، 4 ایم این اے ایسے جنہوں نے استعفی دیا اور نہ ہی ایوان میں حاضر ہو رہے ہیں۔

الیکشن تیاریاں: عمران خان کے زیر صدارت تحریک انصاف کا اجلاس

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیرا عظم عمران خان کے زیر صدارت الیکشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں تحریک انصاف کا اجلاس ہوا، پارٹی رہنماؤں نے تیاریوں بارے بریفنگ دی۔
عمران خان کے زیرصدارت اجلاس میں تمام تنظیموں نے ڈور ٹو ڈور مہم کے حوالے سے چئیرمین کو بریف کیا، عمران خان کی جانب سے انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، انہوں نے جلد از جلد بلاک کوڈ لیول پر تنظیمیں مکمل کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نے کہا ہے کہ کیئر ٹیکر وزیراعلیٰ کے لیے ن لیگ کی جانب سے دئیے گئے نام ان کی غیر سنجیدگی کا اظہار ہے، نگران حکومت کا کام صاف شفاف انتخابات کرانا ہے، الیکشن کی تاریخ میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے نگران حکومت کے لیے ایسے نام دئیے جن پر کوئی بھی اعتراض نہیں اٹھا سکتا اور سب کو قابل قبول ہوں گے۔

احتجاج سمیت تمام آپشنز موجود، پیپلز پارٹی ہمارے حق پر شب خون نہ مارے، سراج الحق

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمارے حق پر شب خون نہ مارے، اگر پیپلز پارٹی ہمارا حق نہیں دیتی تو احتجاج سمیت بہت سارے آپشن موجود ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی حقائق کو تسلیم کرے گی تو ویل کم کریں گے، کراچی کے مسائل کوئی ایک جماعت حل نہیں کر سکتی، سب سٹیک ہولڈرز کو بیٹھنا ہو گا، پیپلز پارٹی جمہوری رویہ اپنائے تو پھر بات چیت اور مستقبل کے حوالے سے مشاورت بھی ہو گی۔
سراج الحق نے کہا کہ آصف زرداری جماعت اسلامی کےمینڈیٹ کو تسلیم کرے، ابھی ہم نے پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی کا ساتھ دینے کا فیصلہ نہیں کیا، جماعت اسلامی سب کو ساتھ چلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پی ٹی آئی کے موقف کا تو پتا نہیں چلتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تو پہلے دن سے کہہ رہے ہیں الیکشن سے پہلے ریفارمز ہونی چاہئیں، اگر اسی کنڈیشن میں الیکشن ہوا تو پھر جھگڑے اور سارا نظام ختم ہو جائے گا، اس وقت رولز آف گیم نہیں ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان کو کرپشن فری ملک بنائیں گے، جمعہ کو یوم تشکر کے طور پر منائیں گے، جماعت اسلامی کو ووٹ دینے پر کراچی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، حافظ نعیم الرحمان اور ان کی ٹیم نے بہت جدوجہد کی۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے میئران کا ہونا چاہئے، کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا، ہمارے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے، کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہونا چاہئے۔

پنجاب میں نجی طور پر سود کے کاروبار پر پابندی عائد، نوٹیفکیشن جاری

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے تاریخ ساز اقدام اٹھاتے ہوئے صوبے میں نجی سود کے کاروبار پر پابندی کا قانون نافذ العمل کر دیا۔
چودھری پرویز الہٰی نے ”دی پنجاب پروہیبشن آف انٹرسٹ آن پرائیویٹ لونز ایکٹ 2022“ (The Punjab Prohibation of Interest Loans Act) کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے بعد پنجاب بھر میں نجی سود کا کاروبار کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سود ایک لعنت ہے اور دین اسلام میں اسے اللہ کے خلاف جنگ قرار دیا گیا ہے، نجی سود کے حوالے سے پابندی کا قانون دین کی خدمت ہے، اللہ اور اللہ کے رسولؐ کے احکامات کی تعمیل کر کے سرخرو ہوئے ہیں، سود کا کاروبار کرنے والوں کو روز قیامت کالے منہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا، ہم نیک نیتی سے دین کا کام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں کوئی بھی نجی سود کے حوالے سے لین دین نہیں کر سکے گا، نجی سود کا کاروبار کرنے والوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، لین دین کرنے والوں کو 10 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، قانون نافذ ہونے کے بعد ماضی میں نجی طور پر سود کی مد میں رقم لینے والا شخص اب صرف اصل رقم ہی واپس کرے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اصل رقم کے علاوہ نجی سود کی مد میں اضافی رقم مانگنے پر متعلقہ شخص کے خلاف مقدمہ درج ہو سکے گا، نجی سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کوئی بھی شہری تھانے جا کر ایف آئی آر درج کرا سکے گا، پابندی کا قانون نافذ ہونے کے بعد کئی گھر اجڑنے سے محفوظ رہیں گے۔