بابر اعظم کیخلاف مہم، پی سی بی نے آسٹریلوی چینل کو شٹ اپ کال دیدی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر آسٹریلوی چینل کو شٹ اپ کال دی ہے۔
آسٹریلیا کے سپورٹس چینل فوکس نیوز کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے چینل کو شٹ اپ کال دی اور ناراضی کا اظہار بھی کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پی سی بی نے کہا کہ ہمارے میڈیا پارٹنر ہونے کی حیثیت سے آپ کو ان غیر مصدقہ اور سنجیدہ قسم کے الزامات کو نظر انداز کرنا تھا، بابر اعظم نے اس گھٹیا الزام کا جواب دینا بھی مناسب نہیں سمجھا۔
خیال رہے کہ فوکس کرکٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل بابر اعظم سے منسوب ایک مبینہ جعلی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں بابر اعظم کی ایک لڑکی کے ساتھ مبینہ گفتگو کو دکھایا گیا ہے، تاہم اس کے فوری بعد ہی ادارے نے اپنی ٹوئٹ ڈیلیٹ کردی تھی۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا سینٹرل کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کیلئے نیا منصوبہ تیار

ڈھاکا: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا جائزہ لینے کیلئے نیا منصوبہ بنا لیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی سلیکشن کمیٹی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے اور کنٹریکٹ یافتہ پلئیرز کی ترقی کا جائزہ لینے کیلئے چھ ماہ میں ریویو لینے کی شق متعارف کروا رہا ہے۔
بی سی بی کے چیئرمین نے کرکٹ ویب کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ چھ ماہ میں ریویو لینے کی شق کے حوالے سے بورڈ میٹنگ میں منظوری لی جائے گی، ہم ہر چھ ماہ بعد سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کا جائزہ لیں گے تاکہ پلئیرز سینٹرل کنٹریکٹ کی قدر کریں نہ کہ خلاف ورزی۔
انہوں نے کہا کہ بورڈ نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ اگر کوئی اس سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوا پایا گیا تو ہم کنٹریکٹ کو ختم کر دیں گے یا نہیں لیکن یہ اقدام کرکٹرز کے درمیان مسابقتی ماحول بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
دوسری جانب بی سی بی کے چیف سلیکٹر منہاج العابدین نے مزید کہا کہ نظرثانی کی شق متعارف کرانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ قومی معاہدے کی مدت ایک سال سے کم ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ (ہر چھ ماہ کے بعد جائزہ) اس بات کو یقینی بنائے گا کسی کی بھی ٹیم جگہ مستقل نہیں، پرفارمنس دینا پڑے گی تاہم اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہر چھ ماہ کے بعد سنٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں تبدیلی کی جائے گی۔

صومالیہ: ملٹری بیس پر دہشتگردانہ حملے میں 7 فوجی اہلکار ہلاک

موگادیشو: (ویب ڈیسک) صومالیہ میں ملٹری بیس دہشتگردوں کے نشانے پر آ گئی جس میں بیس کمانڈر سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ میں صومالیہ کے فوجی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ القائدہ سے منسلک دہشتگرد تنظیم الشباب نے ملٹری بیس کو نشانہ بنایا ہے، کالعدم تنظیم نے دارالحکومت موگادیشو سے 60 کلومیٹر دور ہوادلے میں قائم ملٹری بیس کو نشانہ بنایا۔
صومالین فوجی حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کی جانب سے ملٹری بیس پر فائرنگ کے نتیجے میں بیس کمانڈر سمیت 7 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے، دہشتگردوں نے فائرنگ سے قبل خودکش کار دھماکا بھی کیا، مزید برآں دہشتگرد تنظیم الشباب نے اپنے ایک بیان میں واقعے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

دنیا کی معمر ترین شخصیت ’’ سسٹر آندرے ‘‘ انتقال کر گئیں

پیرس : (ویب ڈیسک) دنیا کی معمر ترین شخصیت اور سسٹر آندرے کے نام سے جانی جانے والی فرانسیسی راہبہ لوسائل رینڈن 118 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، گنیز ورلڈ ریکارڈز نے انکی عمر کے حوالے سے اپریل 2022 میں باضابطہ طور پر انکا نام ریکارڈ بک میں درج کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سسٹر آندرے پہلی جنگ عظیم سے 10 برس قبل 11 فروری 1904 کو جنوبی فرانس میں پیدا ہوئی تھیں، انہوں نے پیرس میں گورننس کے طور پر کام کیا اور کیتھولک مذہب اختیار کیا اور 26 سال کی عمر میں بپتسمہ لیا، جس کے بعد انہیں وِچی کے ایک ہسپتال میں بھیج دیا گیا جہاں انہوں نے 31 سال تک کام کیا، بعد کی زندگی میں وہ بحیرہ روم کے ساحل کے ساتھ ٹولن چلی گئی تھیں۔
ترجمان نے سسٹر آندرے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’’ وہ ٹولن میں اپنے نرسنگ ہوم میں سوتے ہوئے انتقال کر گئیں ‘‘، جبکہ سینٹ کیتھرین لیبر نرسنگ ہوم کی ٹیویلا نے بتایا کہ ’’ یہ بہت دکھ کی بات ہے لیکن یہ اس کی خواہش تھی کہ وہ اپنے پیارے بھائی کے ساتھ مل جائے، اس کے لیے یہ ایک آزادی ہے ‘‘۔
رینڈن اس سال پیدا ہوئیں جب نیویارک نے اپنا پہلا سب وے کھولا تھا، وہ ایک پروٹسٹنٹ خاندان میں تین بھائیوں میں اکلوتی بہن کے طور پر پلی بڑھی تھیں، رینڈن کی زندگی 2021 میں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باجود محفوظ رہی۔
انہوں نے اپنی 116 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ان کی سب سے پیاری یادوں میں سے ایک پہلی جنگ عظیم کے اختتام پر اپنے دو بھائیوں کی واپسی تھی، یہ شاذ و نادر ہی تھا ، خاندانوں میں عام طور پر دو زندہ ہونے کے بجائے دو مردہ ہوتے تھے لیکن میرے بھائی واپس آ گئے تھے۔
اگرچہ وہ نابینا تھیں اور وہیل چیئر پر انحصار کرتی تھیں لیکن وہ خود سے بہت چھوٹے دوسرے بزرگوں کی دیکھ بھال کرتی تھیں۔
انہوں نے گزشتہ سال صحافیوں کو بتایا تھا کہ ’’ لوگ کہتے ہیں کہ کام مار دیتا ہے، میرے لیے کام نے مجھے زندہ رکھا، میں 108 سال کی ہونے تک کام کرتی رہی، لوگوں کو ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے اور نفرت کرنے کی بجائے ایک دوسرے سے محبت کرنی چاہیے، اگر ہم یہ سب شیئر کرتے تو حالات بہت بہتر ہوتے ہیں‘‘ ۔
کیتھولک راہبہ نے عمر جاننے کیلئے ڈی این اے کے نمونوں کی درخواستوں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ اس کی لمبی عمر کا راز ’’ صرف اچھا رب ہی جانتا ہے ‘‘۔
لانگ ایویٹی ایکسپرٹ لارینٹ ٹوسینٹ نے بتایا کہ امکان ہے کہ فرانس کی نئی معمر ترین شخصیت اب 112 سالہ میری روز ٹیسیئر ہیں، جو وینڈی کی ایک خاتون ہیں، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ یہ ہمیشہ ممکن ہے کہ اس سے بھی زیادہ عمر کے شخص نے ابھی تک خود کو ظاہر نہ کیا ہو۔
یاد رہے کہ جین کالمنٹ جو 1997 میں ارلس جنوبی فرانس میں 122 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں تھیں کسی بھی انسان کی جانب سے سب سے زیادہ عمر رسیدہ ہونے کا ریکارڈ رکھتی ہیں۔

امریکی فوج کے سربراہ کی یوکرینی ہم منصب سے ملاقات

لندن : (ویب ڈیسک) امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل مارک ملی نے یوکرین کے چیف ملٹری آفیسر جنرل ویلیری زلوزنی سے ملاقات کی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی فوج کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نے یوکرین کی سرحد کے قریب جنوب مشرقی پولینڈ میں ایک نامعلوم مقام پر یوکرین کے چیف ملٹری آفیسر جنرل ویلیری زلوزنی سے چند گھنٹے تک ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ایک سال کے دوران یوکرین کی فوجی ضروریات اور جنگ کی حالت کے بارے میں اکثر گفتگو کی ہے لیکن کبھی ملاقات نہیں ہوئی ۔
جنرل ملی کے ترجمان کے مطابق ہمیں امید تھی کہ کہ زلوزنی اس ہفتے نیٹو اور دیگر دفاعی سربراہوں کی میٹنگ کے لیے برسلز جائیں گے تاہم ایسا نہ ہونے کے باعث ملی اور زلوزنی نے فوری طور پر سرحد کے قریب پولینڈ میں ملنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات ملی کو نیٹو سربراہان اجلاس کے دوران زلوزنی کے تحفظات اور دیگر فوجی رہنماؤں کو معلومات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
دوسری جانب یوکرین کے چیف ملٹری آفیسر زلوزنی نے کہا کہ انہوں نے منگل کو ملی کے ساتھ ملاقات کے دوران اپنی افواج کی ’’ فوری ضروریات ‘‘ کا خاکہ پیش کیا ہے۔
خیال رہے یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب بین الاقوامی برادری یوکرین کے لیے فوجی امداد میں اضافہ کر رہی ہے جس میں امریکا کی جانب سے یوکرین کے فوجیوں کی تربیت میں اضافہ اور پیٹریاٹ میزائل بیٹری، ٹینک اور امریکا اور یورپی اتحاد کی جانب سے فضائی دفاع اور دیگر ہتھیاروں کے نظام کی فراہمی شامل ہے۔

نائیجیریا : صدارتی امیدوار پیٹر اوبی کا بدعنوانی کیخلاف جنگ کا عزم

لندن : (ویب ڈیسک) نائیجیریا کے صدارتی امیدوار پیٹر اوبی نے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اگلے ماہ منعقد ہونے والے انتخابات جیت جاتے ہیں تو افریقہ کی سب سے زیادہ آبادی والے ملک ( نائیجریا ) کو بدعنوانی اور وسیع پیمانے پر عدم تحفظ سے نجات دلائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملک کے اعلیٰ ترین عہدے کے حصول کیلئے کوشاں 18 امیدواروں میں سے ایک امیدار پیٹر اوبی نے پیر کو لندن میں چیتھم ہاؤس کے بین الاقوامی امور کے تھنک ٹینک میں ایک تقریر کے دوران اپنے ملک کو نئی سیاسی قیادت کی ضرورت کے لیے ’’ ایک ناکام ریاست ‘‘ قرار دیا۔
اس موقع پر اوبی نے کہا کہ وہ علیحدگی پسندوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور انہوں نے خاص طور پر شورش زدہ شمال میں جہاں گزشتہ سال مسلح گروہوں کے ہاتھوں ہزاروں لوگ مارے جا چکے ہیں سیکیورٹی اصلاحات کی ایک حد متعارف کرانے کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو آپ نے دیکھا ہے وہ سالوں میں قیادت کی ناکامی کا مجموعی اثر ہے، جسے اچھی حکمرانی سے حل کیا جائے گا ، جب لوگ انصاف، انصاف اور جامع حکومت دیکھنا شروع کر دیں گے تو وہ سب چیزیں الٹنا شروع ہو جائیں گی۔

اقوام متحدہ کا برکینا فاسو میں اغواء کی گئی 50 خواتین کی رہائی کا مطالبہ

نیویارک : (ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے شمالی برکینا فاسو میں مشتبہ عسکریت پسندوں کی جانب سے اغوا کی گئی 50 خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق شمالی برکینا فاسو میں گزشتہ ہفتے مشتبہ عسکریت پسندوں نے 50 خواتین کو اغوا کر لیا تھا۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ وولکر ترک نے خواتین کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے تمام مغوی خواتین کی فوری اور غیر مشروط ر ہائی اور حکام سےاس حوالے سے ایک موثر ، غیر جانبدارانہ اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ ذمہ داروں کی نشاندہی کر کے ان کا محاسبہ کیا جا سکے ۔

دوسرا ون ڈے: پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست، سیریز آسٹریلوی ویمنز ٹیم کے نام

برسبین: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی ویمنز ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔
برسبین میں کھیلے جانے والے میچ میں آسٹریلیا نے 126 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے باآسانی 20ویں اوورز میں حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی 19 سالہ اوپننگ بیٹر فیبی لچ فیلڈ نے مسلسل دوسری ففٹی مکمل کی، انہوں نے 61 گیندوں پر 67 رنز سکور کیے، اس کے علاوہ اوپنر بیتھ مونی نے بھی 55 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 24 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہیں۔
میچ کے آغاز پر پاکستانی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم قومی ٹیم صرف 43 اوورز ہی کھیل سکی اور 125 رنز بناکر پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی۔
اس سے قبل پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا نے 8 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دی تھی جبکہ سیریز کا آخری اور تیسرا میچ 21 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی رابستان خان کی ضمانت منظور

کراچی: (ویب ڈیسک) الیکشن کے روز ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں مقامی عدالت نے پی ٹی آئی کے رکن سدنھ اسمبلی رابستان خان کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں 50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے، رابستان خان کو سندھ بلدیاتی الیکشن کے دن 15 جنوری کو گرفتار کیا گیا تھا۔
رہنما تحریک انصاف کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ رابستان کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیاد پر کیا گیا۔
یاد رہے کہ 15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن کے دن دو سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں میں جھگڑا ہوا جس کے بعد کارکنان بڑی تعداد میں پولنگ سٹیشن کے باہر جمع ہو گئے تھے، واقعے پر ایکشن لیتے ہوئے پولیس نے پی ٹی آئی ممبر اسمبلی رابستان خان کو حراست میں لے لیا تھا۔

سیلاب کی تباہی کی قیمت پاکستان کو تنہا چکانے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا: حنا ربانی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہی کی قیمت پاکستان کو تنہا چکانے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
امریکی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں حنا ربانی کھر نے کہا کہ جس غیرمتناسب تباہی کا پاکستان کو سامنا ہوا ہے اس کی قیمت پاکستان کو تنہا چکانے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زلزلے کے بعد فوری امداد ملی تھی، افسوس کی بات ہے کہ ماحولیاتی بحران کے باوجود اس بار ایسا نہیں ہوا۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا کی توجہ سیلاب سے ہٹ گئی ہے مگر پاکستان میں اب بھی سیلاب سے متاثر کئی علاقوں میں کشتیاں چل رہی ہیں۔