بلوچستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی اور صوبائی وزرا سمیت 21 پارلمینٹیرینز کی رکنیت معطل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے ایک وفاقی، تین صوبائی وزرا اور ایک مشیر سمیت 21 پارلیمنٹیرینز کی رکنیت معطل کردی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ارکان پارلیمنٹ نے 31 دسمبر تک اپنے اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں، واجبات کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جمع کروانی تھیں، اثاثوں کی تفصیلات جمع کروانے کے لیے 15 جنوری 2023 تک توسیع کی گئی تھی۔
بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 6 سینیٹرز احمد خان ، انوارالحق کاکڑ، عبدالقادر، مولانا عبدالغفور حیدری، منظور احمد کاکڑ ، سعید احمد ہاشمی کی رکنیت معطل کی گئی ہے۔
3 ارکان قومی اسمبلی وفاقی وزیر سردار اسرار ترین، مولانا عصمت اللہ، سید محمود شاہ کی بھی رکنیت معطل کر دی گئی۔
12 ارکان صوبائی اسمبلی مولوی نور اللہ، وزیراعلیٰ کے مشیر میر عمر جمالی، سردار یار محمد رند، عبدالواحد صدیقی، صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی، ملک نعیم بازئی، صوبائی وزیر مبین خلجی، میر عارف جان محمد حسنی، میر نعمت اللہ زہری، میر اکبر مینگل، صوبائی وزیر میر اکبر آسکانی اور میر حمل کلمتی نے اپنے اور اپنے اہلخانہ کے اثاثوں اور واجبات کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع نہیں کروائیں تھیں جس پر ان کی رکنیت معطل کردی گئی ہے۔

عمران خان اس وقت رکن قومی اسمبلی نہیں ہیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت رکن قومی اسمبلی نہیں ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان میانوانی نشست سے نااہل ہو چکے، ضمنی انتخابات میں عمران خان کی جیتی ہوئی نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے انتخابی اخراجات کی تفصیلات تاخیر سے جمع کروائیں، توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے بعد سابق وزیر اعظم کے خلاف کچھ درخواستیں بھی زیرالتوا ہیں۔
معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ عمران خان انتخابی اخراجات کی تفصیل الیکشن کمیشن میں جمع کروا چکے ہیں۔

35 استعفوں کی ایک ساتھ منظوری سے نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہو گئی: شیخ رشید

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں صرف 35 استعفے منظور کرنے سے حکمرانوں کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہو گئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جو سپیکر کہتا تھا میں ایک ایک کا استعفیٰ منظور کروں گا اس نے 35 استعفے منظور کر کے ن لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے، عمران خان نے اسمبلیوں میں جانے کا نام لیا تو ان کے چھکے چھوٹ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 35 ممبروں کا استعفیٰ الیکشن کمیشن سےمنظور کرا کے خود کو مزید گندہ اور پراگندہ بنا دیا ہے، حکمران جو مرضی چال چل لیں حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کےسوا کوئی چارہ نہیں، جس طرح ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اگر بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ ملک بدنظمی اور معاشی تباہی کی طرف چلا جائے گا۔

لاہور : دوکاروں کے درمیان تصادم ، 2 افراد زخمی، ہسپتال منتقل

لاہور : (ویب ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے گلبرگ میں دو کاروں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مین بلیوارڈ گلبرگ میں پیش آیا جہاں اوورٹیکنگ کے دوران دو کاریں آپس میں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو سروسز ہسپتال لاہور منتقل کیا، ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ زخمیوں کی شناخت 25 سالہ احمد اور 40 سالہ عمران کے نام سے ہوئی ہے۔

صحت میں بہتری، عمران خان کا براہ راست فیلڈ میں سیاسی قیادت سنبھالنے کا فیصلہ

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے فروری کے پہلے ہفتے سڑکوں پر آنے اور وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت میں بہتری آئی ہے اور ان کے ڈاکٹرز نے ایک ہفتے بعد ٹانگ سے پلاسٹر اتارنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، پلاسٹر اترتے ہی عمران خان سیاسی سرگرمیوں کی براہ راست فیلڈ میں قیادت سنبھالیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی فروری کے پہلے ہفتے یا اس سے بھی پہلے سٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے، عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھرپور انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔
اس حوالے سے عمران خان نے پارٹی کے ساتھ آئندہ سٹریٹ موومنٹ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اجلاس طلب کر لیے ہیں، آج لاہور تنظیم کے ساتھ بھی اس متعلق مشاورت کریں گے، سابق وزیراعظم باقی تنظیموں کے ساتھ بھی مرحلہ وار میٹنگز کریں گے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل، گورنر نے وزیراعلیٰ کی سمری پر دستخط کردئیے

پشاور: (ویب ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے وزیراعلیٰ کی ایڈوائس پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔
گورنر کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہوگئی ہے تاہم محمود خان نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک اپنا کام جاری رکھیں گے۔
گورنر ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ 1973 کے آئین کےآرٹیکل 112 کی شق (1) کے تحت کے پی اسمبلی تحلیل کرتاہوں،اسمبلی کے ساتھ صوبائی کابینہ بھی تحلیل ہو گئی ہے، آرٹیکل اے224 کی شق (4) کے تحت موجودہ وزیراعلیٰ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری تک کام کریں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی پہلے ہی تحلیل کی جاچکی ہے جہاں نگران وزیراعلیٰ کے لیے بھی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی تقرری، پارلیمانی کمیٹی آج سے کام شروع کرے گی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پرویز الہیٰ اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز میں اتفاق رائے کی ناکامی کے بعد پارلیمانی کمیٹی نگران وزیراعلیٰ کے تقرر کے لئے آج سے کام شروع کرے گی۔
گزشتہ رات گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر میں اتفاق رائے کی ناکامی کے بعد معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیا تھا، گورنر پنجاب کی جانب سے گزشتہ رات پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لئے سپیکر کو مراسلہ ارسال کیا گیا تھا۔
حکومتی اتحاد نے پارلیمانی کمیٹی کے لئے میاں اسلم اقبال، راجہ بشارت اور ہاشم جواں بخت کے نام سپیکر کو بھجوا دیے تھے، اپوزیشن اتحاد بھی پارلیمانی کمیٹی کے لیے3 نام دے گا۔
پارلیمانی کمیٹی کے پاس اتفاق رائے کے لئے 3 دن کی آئینی مدت ہوگی، پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق رائے کی ناکامی پر معاملہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو جائے گا۔

کراچی بلدیاتی اتنخابات کے نتائج پر جماعت اسلامی کا آج سے بھرپور احتجاج کا عندیہ

کراچی: (ویب ڈیسک) جماعت اسلامی نے کراچی بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر آج سے شہر بھر میں احتجاج اور دھرنوں کا عندیہ دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہم نے نتائج میں تاخیر پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفسز کے باہر دھرنے دیے ہیں، جنہیں فی الحال ختم کیا جارہا ہے، اگر دھاندلی سے نتائج تبدیل کرنے کا سلسلہ ختم نہ ہوا تو بدھ سے ملک گیر احتجاج اور دھرنا ہوگا اور ضرورت پڑی تو پورے ملک کی سڑکیں جام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نے تاریخی کم بیک کیا، شہریوں نے اپنی سیاسی وابستگیوں کو چھوڑ کر جماعت اسلامی کو منتخب کیا، الیکشن کمیشن جان بوجھ کر معاملات خراب کررہا ہے، ہمیں ہروا کر پی پی کو جتوایا گیا، الیکشن کمیشن کی ناک کے نیچے آر اوز نے نتائج تبدیل کیے، پی پی اور الیکشن کمیشن نے ملکر کارروائی کی۔
حافظ نعیم نے کہا کہ دوسروں کا مینڈیٹ چرا کر پی پی جشن منارہی ہے، ہم کراچی کے شہریوں کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے نہیں دیں گے، الیکشن کمشنر بتادیں وہ پی پی کیخلاف کچھ نہیں کرسکتے، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق 20 تاریخ کو کراچی پہنچیں گے جس کے بعد ہم یوم تشکر کے ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کریں گے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا کہ تین چار بار الیکشن ملتوی کروائے گئے، ووٹر لسٹیں درست نہ ہونے پر بھی ہم الیکشن میں گئے، حلقہ بندیوں میں پڑتے تو الیکشن مزید تاخیر کا شکار ہوتے، عوام کے حقوق کیلئے ہر موقع اور مرحلے پر آواز اٹھائی، شہریوں کیلئے جدوجہد کی اور کرتے رہیں گے اگر کسی نے ہمارے لوگوں اور شہر کا میںڈیٹ چرایا تو اُسے گھر تک چھوڑ کر آئیں گے۔

بلوچستان میں آج سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بارش اور برف باری کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں داخل ہوگئیں جبکہ بلوچستان میں آج سے بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور جمعرات کو بلوچستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کردی جبکہ محکمہ پی ڈی ایم اے نے بارش اور برفباری کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر کو الرٹ رہنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 18 اور 19 جنوری تک بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، ژوب، بارکھان، زیارت، چمن، پشین، نوکنڈی، دالبندین، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ ، مسلم باغ ، قلات، خضدار، تربت، پنجگور اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر تیز بارش بھی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب محکمہ پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ آئندہ 2 روز تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ہوشاب : سکیورٹی فورسز کا خفیہ اطلاع پر آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی : (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے ہوشاب اور تلسر میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے ہوشاب اور تلسر میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ سکیورٹی فورسز کو خصوصی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے علاقے میں داخل کیا گیا جبکہ آپریشن کا مقصد دہشتگردوں کے خفیہ ٹھکانوں کو ختم کرنا تھا۔۔