پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں سیاسی طور پر دفن ہو چکی ہیں: شیخ رشید احمد

لاہور : (ویب ڈیسک) سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سب کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی، اس نے ان کو ناکوں چنے چبوا دئیے ہیں، خود کو سیاسی پنڈت سمجھنے والے عمران خان کے ہاتھوں رسوا ہوگئے ہیں۔
مانچسٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ ہم قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کا 10 ماہ سے انتظار کر رہے تھے، استعفوں کی منظوری کی بات وفاقی حکومت کے گلے پڑ جائے گی، بات عدم اعتماد اور نگران حکومت کی طرف جا رہی تھی۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پارک لین میں قید تنہائی کاٹنے والے میرے ساتھ واپس پاکستان چلیں، مسلم لیگ ( ن ) میں توڑ پھوڑ شروع ہو چکی ہے، اچھے خاصے پرندے اڑنے کو تیار ہیں، ن لیگ اپنے آپ کو نا اہل ثابت کرنے میں مکمل کامیاب رہی ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کا مسئلہ کھٹائی میں پڑ چکا ہے، انہیں مارچ سے قبل الیکشن کا شیڈول دینا پڑے گا، ان کو عام انتخابات میں ووٹ نہیں کچھ اور پڑے گا، سب اپنے اپنے بالکوں کے نام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کے سوا کوئی اور راستہ نہیں، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی تمام جماعتیں سیاسی طور پر دفن ہو چکی ہیں، جو گڑھا عمران خان کیلئے کھودنے کا سوچا تھا اس میں یہ خود گر گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی ماہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے گا، ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں میں سے 70 لاکھ ووٹ عمران خان کا ہے، نیب ترامیم کا کیس بھی سماعت کیلئے مقرر ہو چکا ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سوئٹزرلینڈ میں پروفیسر کلاز شواب سے ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سوئٹزرلینڈ میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے موقع پر پروفیسر کلاز شواب سے ملاقات کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ پروفیسر کلاز شواب سے مل کر خوشی ہوئی، وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پروفیسر کلاز شواب کے ساتھ ملاقات کے دوران پاکستان کی معیشت کو متحرک کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

شطرنج کی چال چلی ہے، اعتراض نہیں ہونا چاہیے، خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے شطرنج کی چال چلی ہے، اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن لڑنے کے لیے پوری طرح تیارہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ان 35 سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے ایک سوال کے جواب میں واضح طور پر کہا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، یہ 35 استعفے منظور ہو سکتے ہیں تو باقی 70 بھی ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے مزید 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں جب کہ گیارہ اراکین کے استعفے پہلے ہی منظور کیے جا چکے ہیں۔

عمران خان 33 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے: فواد چوہدری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور عمران خان ان 33 نشستوں پر تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔
خیال رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آج تحریک انصاف کے 34 ارکان اور شیخ رشید کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔ ان 34 ارکان میں 32 منتخب ہوکر اور 2 خواتین کی مخصوص نشست پر ایوان میں آئے تھے۔
پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ نے اعلان کیا کہ ان نشستوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں وہ حصہ نہیں لے گی تاہم اب فواد چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ ان میں سے 33 نشستوں پر عمران خان ہی امیدوار ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کا بھی کہنا ہے کہ کیا پی ڈی ایم اتنی خوفزدہ ہوگئی ہےکہ ان 35 نشستوں پرانتخاب میں حصہ نہیں لےگی؟ ضمنی انتخابات میں تمام نشستوں پر عمران خان الیکشن لڑیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کی 8 نشستوں پر بھی 16 اکتوبر 2022 کو ضمنی الیکشن ہوئے تھے اور ان تمام نشستوں پر عمران خان خود کھڑے ہوئے تھے۔ ان 8 میں سے عمران خان 6 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ دو نشستوں این اے237 کراچی سے پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ اور این اے157 ملتان سے پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کامیاب ہوگئے تھے۔
عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن نے نا اہل کردیا تھا اور وہ فی الحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں۔ مذکورہ 6 نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی الیکشن کمیشن نے اب تک جاری نہیں کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ بتانے پر عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔

پنجاب کے نگران وزیراعلیٰ پر اتفاق نہ ہوا، گورنر نے تقرری کیلئے سپیکر کو خط لکھ دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازشریف کی مشاورت کا وقت گزر گیا، پنجاب میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔
دونوں رہنماؤں کی طرف سے نام فائنل نہ ہونے پر اب معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جائے گا، کمیٹی بھی ناکام رہی تو الیکشن کمیشن پنجاب کے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کرے گا۔
ادھر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئین کے آرٹیکل A2241 کے تحت وزیر اعلیٰ پنجاب اور قائد حزب اختلاف کا مقرر مدت کے اندر نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کے لیے نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ میری جانب سے سپیکر کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے کہ وہ آئین کے آرٹیکل A2224 کے تحت نگران وزیر اعلیٰ کے تقرر کے آئینی عمل کو آگے بڑھائیں۔

صدر عارف علوی نے پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل 2022 کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان نرسنگ کونسل (ترمیمی) بل 2022 کی منظوری دے دی۔
ایوان صدر کے مطابق اس بل کا مقصد نرسوں، میڈ وائف اور لیڈی ہیلتھ وزٹرز کی رجسٹریشن اور تربیت سے متعلق قوانین میں مزید ترمیم اور ان کو مضبوط بنانا ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے بل کی منظوری پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت دی گئی، صدر کی منظوری کے بعد بل ایکٹ بن گیا۔

افغان طالبان سے روابط نہ رکھنا مسئلےکا حل نہیں: بلاول بھٹو

ڈیووس: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نےکہا ہےکہ افغانستان میں طالبان سے روابط نہ رکھنا مسئلےکا حل نہیں، طالبان سے روابط جاری رکھنےکی ضرورت ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پرعرب ٹی وی کو انٹرویو میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے پر حملے کی تحقیقات افغان حکومت کر رہی ہے، پُر امن افغانستان کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان عبوری حکومت سے کہا ہےکہ وہ عالمی وعدے پورے کرے، پاکستان اور افغانستان دونوں کو دہشت گردی کا سامنا ہے، پاکستان نے افغان عبوری حکومت پر لڑکیوں کی تعلیم سے متعلق زور دیا ہے، پاکستان میں مکمل اتفاق ہےکہ جودہشت گردی میں ملوث ہےاس سےبات نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کا 16 سے 20 جنوری تک ہونےوالا پانچ روزہ اجلاس جاری ہے، اجلاس میں 130ممالک سے 52 سربراہان مملکت اور حکومتی عہدیداران سمیت 27سو مندوبین شریک ہیں، اس سال عالمی اقتصادی فورم اجلاس کا ایجنڈا بکھری ہوئی دنیا میں تعاون ہے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو اور وزیرمملکت حناربانی کھر اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے قطرکے وزیر خارجہ شیخ محمدبن عبدالرحمان الثانی کا کہنا تھا کہ طالبان انتظامیہ کے حالیہ اقدامات انتہائی مایوس کُن رہے ہیں، طالبان کے مایوس کُن اقدامات کے باوجود طالبان سے روابط رکھنےکی ضرورت ہے، طالبان سے روابط جاری رکھنے سے ہی مطلوبہ مقاصدکا حصول ممکن ہے۔
قطری وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ طالبان سے بات چیت کے لیے دیگر مسلم ممالک سے بھی مشاورت کی جا رہی ہے، یہ آسان کام نہیں لیکن کوشش جاری رکھنا ضروری ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی توڑنے کیلئے سمری گورنر کو موصول

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے سٹاف نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر ہاؤس خیبر پختونخوا کے سٹاف کے حوالے کر دی۔
ذرائع کے مطابق گورنر ہاؤس خیبرپختونخوا سٹاف نے 10 بجے وزیراعلیٰ کے سٹاف سے سمری وصول کی۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ محمود خان نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کے بعد گورنر کے پی کو بھیجی تھی، گورنر خیبر پختونخوا 48 گھنٹے میں سمری منظور کر کے دستخط کریں گے۔
گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے دستخط نہ کرنے کی صورت میں 48 گھنٹے کے بعد اسمبلی ازخود تحلیل ہو جائے گی، خیبرپختونخوا میں اسمبلی تحلیل کے بعد 90 دن میں انتخابات کرانا ہوں گے۔

کسی کو پیغام بھجوایا تھا نہ بھجواؤں گا، خان صاحب کیلئے جان بھی قربان ہے محمود خان

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا کہ وعدے کے مطابق سمری پر سائن کر دیئے، امپورٹڈ گورنمنٹ کی اپوزیشن کو بتانا چاہتا ہوں کہ میں نے کسی کو پیغام بھجوایا تھا نہ بھجواؤں گا، خان صاحب کیلئے جانیں قربان کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ 90 دن کے اندر انتخابات میں جائیں گے، دو تہائی اکثریت کے ساتھ خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں حکومت بنائیں گے، جو وعدے کئے تھے ان پر ڈٹے رہے۔
محمود خان نے کہا کہ سوا 4 سال عمران خان کے وژن کے مطابق حکومت کی، جو کچھ کر سکتے تھے عوام کیلئے کیا، جو سمجھتے تھے کہ ایڈوائس نہیں بھجوائیں گے، یہ ان کی بھول تھی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ یہ تو صرف اسمبلی کی تحلیل تھی، عمران خان کا حکم سر آںکھوں پر، وزیراعلیٰ نے ویڈیو پیغام کے آخر میں اسمبلی کی تحلیل پر عوام کو مبارکباد دی۔

عمران صاحب کو 35 پنکچر کا نعرہ تو یاد ہوگا، کیسا لگا سرپرائز؟ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ہوابازی و ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران صاحب کو 35 پنکچر کا نعرہ تو اچھے سے یاد ہوگا، فی الحال پنکچر لگائیں اور ضمنی الیکشن لڑنا نہ بھولنا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے استعفوں کی منظوری پر رد عمل میں کہا کہ عمران صاحب فی الحال پنکچر لگائیں اور ضمنی الیکشن لڑنا نہ بھولنا، اگلے موڑ پر پھر ملیں گے پیارے۔