شاداب خان کا انگلش کاؤنٹی سسیکس سے معاہدہ ہوگیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹر شاداب خان کا انگلش کرکٹ کاؤنٹی سسیکس سے معاہدہ ہو گیا۔
شاداب خان کا ٹی ٹوئنٹی ویٹیلیٹی بلاسٹ کے مکمل سیزن کے لیے انگلش کاؤنٹی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔
سسیکس کاؤنٹی کے بولنگ کوچ جیمز کرٹلی کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی وجہ سے ہمارے مڈل آرڈر کے تجربے میں اضافہ ہو گا ، شاداب پوری دنیا میں کھیلتے ہیں وہ ہر موقع پر کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں، ان کی موجودگی سے ہماری ٹیم کو فائدہ ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان آل راؤنڈ شاداب خان کا کہنا ہے کہ مجھے انگلینڈ میں کھیلنا اچھا لگتا ہے ، علم ہے کہ مشتاق احمد سسیکس میں لیجنڈ ہیں، اب ان کی طرح یہاں کھیلنا میرے لیے اعزاز ہے۔
شاداب خان کا کہنا ہے کہ سسیکس کی ایک قابل فخر تاریخ ہے، مجھے امید ہے کہ میری وجہ سے ٹیم بلاسٹ کے اس سیزن میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی

پشاور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس گورنر کو بھیج دی۔
محمود خان نے کہا کہ ملکی مفاد میں خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کا فیصلہ کیا ہے، عام انتخابات میں ملک میں دو تہائی اکثریت سے حکومت قائم کریں گے۔
محمود خان نے مزید کہا کہ 48 گھنٹوں میں گورنر کی جانب سے دستخط نہ کرنےکی صورت میں اسمبلی از خود ٹوٹ جائے گی۔

استعفے قبول کرنے ہیں تو سب قبول کریں سلیکشن بدنیتی ہے: شاہ محمود

لاہور: (ویب ڈیسک) رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اسپیکر کو اپنے استعفوں سے متعلق خط لکھا اور ملاقات کیلئے کہا لیکن ہمیں تحریری جواب دیا گیا کہ ایسا نہیں ہوتا،ایک ایک ممبر کو بلاکر تسلی کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو بچانے کیلئے یہ حرکت کی گئی، موجودہ اپوزیشن لیڈر ان کے ہاتھ کی گھڑی ہیں، ہم نےفیصلہ کیا اسپیکر کو درخواست دے کر اپنا اپوزیشن لیڈر نامزد کرائیں گے، لیڈرآف اپوزیشن ہمارا بنتا ہے تو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی وہی ہونا چاہیے۔
شاہ محمود نے کہا کہ استعفے قبول کرنے ہیں تو 125 استعفے پڑے ہیں تمام قبول کریں، یہ سلیکشن بدنیتی پر مبنی ہوگی، یہ نظام کے ساتھ کھیلا جارہا ہے، 35استعفوں کی منظوری سے متعلق لائحہ عمل پر مشاورت کریں گے، عدالت نے بھی ایک طریقہ کار کا تعین کیا تھا، اسپیکر نے بھی کہا کہ وہ عدالتی طریقہ کار کے پابند ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے استعفوں پر اعتراض لگایا گیاتھا کہ ہاتھ سے لکھے ہوئے نہیں، الیکشن کمیشن کا غیرجانبدارانہ معیار بتدریج کم ہو رہا ہے، استعفے قبول کرنے ہیں تو سب قبول کریں سلیکشن بدنیتی ہے۔

’کیسا لگا سرپرائز‘: لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ کا پی ٹی آئی پر طنز

لاہور: (ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں اور الیکشن کمیشن نے ان ارکان کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے۔
اس معاملے پر ن لیگی رہنما عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا پر تحریک انصاف پر طنز کیا ہے۔
اپنی ٹوئٹ میں عطا تارڑ نے لکھا کہ ’سرپرائز کیسا لگا؟ ہم آرہے ہیں مشاورت کرنے، یہ لو مشاورت۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دیا تھا۔
لاہور میں صحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم شہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگران سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں، ہم اسمبلی میں نہ گئے تو یہ راجہ ریاض سے مل کر نگران سیٹ اپ بنالیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این اے رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے پھر اپنی پارٹی میں شامل کریں گے۔

سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک میں عدم استحکام پیدا کیا گیا، مولانا فضل الرحمان

پشاور: (ویب ڈیسک) جمیعت علمائے اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عدم استحکام پیدا کیا گیا۔
اجلاس کے دوران شوری اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسمبلی توڑنے والے دوبارہ قومی اسمبلی میں شرکت کی باتیں کر رہے ہیں، جمعیت علماء اسلام میں شامل ہونے کے لئے کئی اہم شخصیات سے رابطے میں ہیں۔
شوریٰ نے مولانا فضل الرحمان کو سیاسی جماعتوں کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا اختیار دے دیا، مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں، انتخابات کے لیے بھی تیار ہیں جس کے لیے دن رات مشاورت جاری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے تصدیق کی کہ انہوں نے تحریک انصاف کے 35 ارکان کے استعفے منظور کرلیے ہیں۔
جن ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کیے گئے ان میں پرویز خٹک، قاسم سوری، اسد قیصر، علی امین گنڈا پور، نورالحق قادری، عطااللہ ، راجہ خرم نواز، عمران خٹک، شیخ رشید، مراد سعید، عمرایوب خان، شہریار آفریدی ، صداقت علی خان، غلام سرور خان، شیخ راشد شفیق و دیگر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ منصور حیات خان، فواد احمد، ثنا اللہ خان مستی خیل کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
حماد اظہر، شفقت محمود، عامر ڈوگر ، فواد چوہدری ، شاہ محمود قریشی، زرتاج گل، فہیم خان، سیف الرحمان، عالمگیر خان، علی زیدی کے استعفے بھی منظور کرلیے گئے ہیں۔
اس کے علاوہ آفتاب حسین صدیقی، آفتاب جہانگیر، محمداسلم خان، نجیب ہارون، عالیہ حمزہ اور کنول شوذب کے استعفے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی کے 35 اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے ارکان نےاس وقت کے وزیر اعطم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد گزشتہ برس اپریل میں قومی اسمبلی سے اجتماعی استعفے دے دیے تھے اور ان کا اصرار تھا کہ ان کے استعفے فور طور پر ایک ساتھ منظور کیے جائیں تاہم اسپیکر کی جانب سے مرحلہ وار استعفے منظور کیے جا رہے ہیں۔
28 جولائی 2022 کو بھی اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکان کے استعفے قبول کیے تھے۔
جن ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ان میں علی محمد خان، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز شاہ، جمیل احمد خان، اکرم چیمہ ، شیریں مزاری، شاندانہ گلزار، عبدالشکور شاد ، شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان شامل تھے۔

چیف الیکشن کمشنرکی چیف جسٹس سے ملاقات، آئینی اور قانونی امور پر بات چیت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال سے ملاقات کی اور مختلف آئینی اور قانونی امور پر بات چیت کی۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے سپریم کورٹ میں ملاقات کی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ چیف الیکشن کمشنر اور چیف جسٹس کے مابین ملاقات تقریباً آدھا گھنٹہ جاری رہی، ملاقات میں مختلف آئینی اور قانونی امور پر بات چیت کی گئی۔

تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے (ن) لیگ کے ناموں کو لطیفہ قرار دے دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے دیئے گئے ناموں کو مسترد کرتے ہوئے ان کو لطیفہ قرار دے دیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ ہمارے تینوں ناموں پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا، اچھا ہو گا ہمارے تینوں ناموں میں سے ایک نام پر اتفاق ہو جائے، اپوزیشن کی طرف سے نام سنجیدہ نہیں ایک مذاق ہے، احد چیمہ نیب کے کیس میں شہباز شریف کے شریک ملزم ہیں، ہم نے سنجیدہ نام دیئے تھے ان پر اتفاق ہونا چاہیے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک احمد خان نے بھی کہا تحریک انصاف کے سنجیدہ نام ہیں، احمد نواز سکھیرا، ناصرکھوسہ صاحب دونوں بڑے کریڈبل نام ہیں، ناصر کھوسہ صاحب سے درخواست کروں گا اپنا فیصلہ تبدیل کریں، آج پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہو جائےگی، کچھ دیر بعد سمری گورنر خیبرپختونخوا کو بھجوا دی جائے گی، یہ دو وعدے عمران خان نے جلسے میں کیے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دو حکومتوں کو ٹھوکر مار کرعمران خان عوام کے پاس جا رہے ہیں، پاکستان میں تو کوئی کلرک کی نوکری نہیں چھوڑتا، ہمیں پاکستان کیلئے اس حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا، سینئر لیڈر شپ نے جے آئی ٹی پر پرپشر ڈالنے پر افسوس کا اظہار کیا ہے، طاقت ورحلقوں نے جے آئی ٹی ممبران کو کہا یہ کرنا ہے وہ نہیں کرنا،تحریک انصاف کے استعفے قبول نہیں کیے جا رہے۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ پرویز خٹک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے، ہماری کمیٹی سپیکر کے پاس جائے گی، اگر وفاقی حکومت الیکشن کے فریم ورک پر بات نہیں کرے گی تو پھر حکومت کو گھر بھیجنا ہو گا، الیکشن 90 دن سے ایک دن بھی آگے نہیں ہونا چاہیے، وفاقی حکومت اگر جلد ختم ہو جاتی ہے تو پھر الیکشن کا سارا پراسس رمضان سے پہلے ہو جانا چاہیے۔
سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے اگلے وزیراعظم ہیں ان کو مٹانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، یہ عمل افسوس ناک ہے، تین دن کراچی کے نتائج نہیں آ سکے، اب سمجھ آگئی الیکشن کمیشن، اسٹیبلشمنٹ، (ن) لیگ، پیپلز پارٹی ای وی ایم کی مخالفت کیوں کر رہے تھے، اگر الیکشن ای وی ایم کے ذریعے ہوتا تو نتائج آدھے گھنٹے تک آ جاتے، یہی وجہ ہے انہوں نے ای وی ایم نہیں آنے دی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں دھاندلی کی نئی مثالیں قائم کی گئیں، تحریک انصاف نے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو مسترد کر دیا، بلدیاتی انتخابات کی مکمل انویسٹی گیشن کرائی جائے، وزیر داخلہ نے ووٹنگ کی شرح کو کم کرنے کیلئے دھماکوں کے حوالے سے بیانات دیئے، پاکستان میں معیشت کا بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے، چاہتے ہیں وفاقی حکومت ساتھ بیٹھے اور الیکشن ریفارمز پر بات کرے۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے مزید کہا اپوزیشن لیڈر، پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کے چیئرمین کا عہدہ دیا جائے، قومی اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ تینوں عہدے پی ٹی آئی کو دینے سے مشروط ہے، رانا ثنا اللہ کہتا تھا پنجاب حکومت فتح کرنے آیا ہوں، مسلم لیگ (ن) کے جو حالات لگ رہے ہیں رانا ثنا کو پنجاب کی صدارت بھی قربان کرنا پڑے گی۔
سابق وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ ہم وفاقی حکومت گرانا نہیں چاہتے، اگر الیکشن فریم ورک پر بات نہیں ہو گی تو پھراس طرف جائیں گے، مسلم لیگ کے کافی لوگ رابطے کر رہے ہیں، ہاؤس میں واپسی کا فیصلہ ہم نے ابھی نہیں کیا۔

سوات:مسافر وین کھائی میں جاگری ،2افراد جاں بحق، 11 زخمی

سوات: (ویب ڈیسک) مسافر وین کھائی میں گرنے سے 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق مٹہ پیوچار میں مسافر وین گہری کھائی میں جا گری جس کے باعث ایک خاتون اور ایک بچہ موقع پر دم توڑ گئے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 11 افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق کنٹرول روم سوات کو اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیموں نے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ آپریشن شروع کردیا۔
ریسکیو 1122 میڈیکل ٹیم نے زخمیوں کوابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد سول ہسپتال مٹہ منتقل کر دیا جبکہ لاشوں کو بھی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

تحریک انصاف نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے (ن) لیگ کے ناموں کو لطیفہ قرار دے دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سستے خام تیل کی خریداری کے سلسلہ میں روس کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد پہنچ گیا، پاک روس بین الحکومتی کمیشن کا 3 روزہ اجلاس کل سے اسلام آباد میں شروع ہو گا۔
ذرائع کے مطابق بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر اقتصادی امور ڈویژن ایاز صادق کریں گے، روسی وفد کی نمائندگی روسی وزیر توانائی کریں گے، وزیر مملکت پٹرولیم مصدق ملک بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں روس سے سستے خام تیل، پٹرول، ڈیزل اور ایل این جی کی خریداری پر بات چیت ہو گی، روس کے ساتھ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات ہو گی، اجلاس میں پٹرولیم ڈویژن، اقتصادی امور ڈویژن اور وزارت خارجہ سمیت مختلف وزارتوں کے حکام شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق روس سے فوری طور پر 30 فیصد رعایت پر خام تیل اور دیگر توانائی مصنوعات بارے معاہدے طے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، روس سے سستی توانائی ملنے کی صورت میں سالانہ 2 ارب ڈالر زرمبادلہ کی بچت ہو سکے گی۔
وزارت پٹرولیم انٹرگورنمنٹل کمیشن کے اجلاس کے دوران ادائیگیوں اور شپنگ کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا، طویل المدتی ایل این جی معاہدے نارتھ، ساؤتھ گیس منصوبے پر پیش رفت کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان روس سے 2 لاکھ ٹن ماہانہ سستے ڈیزل کی خریداری پر بات کرے گا، پاکستان روس سے ماہانہ 50 فیصد پٹرول کے معاہدے پر بات کرے گا، پاکستان روس سے ماہانہ 50 فیصد پٹرول خریدنا چاہتا ہے۔