ترک صدر نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا عندیہ دے دیا

انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر طیب اردگان نے عندیہ دیا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات 14 مئی کو ہوسکتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر طیب اردگان نے اس سے قبل ملک میں جون 2023 میں کرانے کا اعلان کیا تھا لیکن اپنے ایک تازہ بیان میں انھوں نے عندیہ دیا کہ انتخابات 14 مئی کو ہوسکتے ہیں۔
ترک صدر نے 14 مئی کی تاریخ کا انتخاب اپنے آئیڈیل سایست دان اور سابق وزیراعظم میندرس سے متاثر ہوکر کیا ہے۔ عدنان میندرس ترکی کے پہلے ہونے والے شفاف الیکشن 14 مئی 1950 کو فتح حاصل کی تھی۔
بعد ازاں فوج نے پھر بغاوت کی تھی اور جمہوری حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرلیا تھا اور وزیراعظم عدنان میندرس کو 1960 میں پھانسی دیدی تھی۔

ریکوڈک سے 2028ء میں سونے کی پیداوار شروع ہو جائے گی: کمپنی کا دعویٰ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ریکوڈک کا منصوبہ حاصل کرنے والے بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو نے 2028ء کو سونے اور تانبے کی پیداوار کا سال قرار دے دیا۔
بیرک گولڈ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹیو مارک برسٹو نے کہا کہ بلوچستان میں تابنے اور سونے کے بڑے ذخیرے ریکوڈک منصوبے سے باقاعدہ کان کنی اور دھاتیں نکالنے کے آغاز کا ہدف سال 2028 مقرر کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ ضروری قانون سازی اور مالیاتی معاہدوں کی منظوری کے بعد ریکوڈک منصوبے کی فزیبیلٹی رپورٹ کو 2024 تک مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
مارک برسٹو نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبے کی کان کنی بیرک کرے گا جس کا 50 فیصد وہ خود، 25 فیصد حکومت بلوچستان اور 25 فیصد وفاق کی ملکیت ہو گا، شیئر ہولڈنگ کا یہ ماڈل بیرک کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے جس کی بنیاد میزبان ممالک کے ساتھ مالی و معاشی فوائد کی منصفانہ شراکت داری ہے۔

پالتو بلی عالیہ بھٹ سے نالاں، تصاویر وائرل

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اپنی پالتو بلی کی طرف سے نظر انداز کئے جانے پر پریشان ہوگئیں، اپنی بلی کی تصاویر شیئر کر دیں۔
اداکارہ عالیہ بھٹ کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ اور بلی دونوں بیڈ پر بیٹھے سورج کی روشن کرنوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دے رہے تھے۔
پہلی تصویر میں عالیہ ایڈورڈ کو پیار بھرے انداز میں دیکھ رہی ہیں جبکہ بلی انتہائی غصہ میں انہیں یکسرنظر انداز کرتی دکھائی دے رہی ہے۔

پی ٹی آئی میں ضم کا معاملہ: الیکٹورل کالج کے عہدیداروں نے اختیار پرویز الہیٰ کو دیدیا

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ق لیگ کو تحریک انصاف میں ضم ہونے کی پیشکش کے معاملے پر اہم فیصلے پرغور کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کی زیرصدارت ق لیگ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ارکان نے ضلعی سطح پربھی پارٹی عہدیداروں سےمشاورت کی تجویز دے دی اور اس معاملے پر تمام فیصلوں کا اختیار پرویز الہیٰ کودےدیا۔
لاہور میں پرویز الہیٰ کی زیر صدارت مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں مسلم لیگ ق کے الیکٹورل کالج کے تمام عہدے دار شریک ہوئے۔
اجلاس میں تحریک انصاف میں ضم ہونے کے حوالے سے مشاورت کی گئی، شرکاء نے پی ٹی آئی کے ساتھ ضم ہونے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس کے شرکاء نے پرویز الہیٰ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور تمام فیصلوں کا اختیار پرویز الہیٰ کو تفویض کردیا گیا۔
مسلم لیگ ق کے اجلاس میں مشاورتی عمل کو مزید بڑھانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع کی سطح پرپارٹی عہدیداران سے بھی مشاورت کی جائے گی، تمام ضلعی عہدیداران کے اجلاس منعقد کیے جائیں گے، مسلم لیگ ہاؤس میں بھی عہدیداران کا اجلاس بلایا جائے گا، پرویز الٰہی خود بھی عہدیداران سے خطاب کریں گے، خواتین ونگ پنجاب کی صدر خدیجہ فاروقی خواتین عہدیداران سے مشاورتی عمل کاآغازکریں گی۔
اجلاس میں شریک عہدے داران نے کہا کہ پرویز الہیٰ ہمارے لیڈر ہیں، ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، پوری سیاسی اور عوامی قوت کے ساتھ پرویزالہیٰ کے شانہ بشانہ ہیں۔
اس حوالے سے پرویز الہیٰ نے کہا کہ آئندہ کے لائحہ عمل کیلئے مشاورت کا آغاز کر دیا ہے، اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران کہا تھا میں نے پرویز الٰہی کو تجویز دی ہے کہ ق لیگ کو پی ٹی آئی میں ضم کر دیں جبکہ اس حوالے سے گزشتہ روز چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا ہم نے اس معاملے پر اراکین اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے اس میں فیصلہ کریں گے۔
اس معاملے پر پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے اور شوکاز بھی جاری کیا ہے۔
شوکاز میں چوہدری شجاعت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کا صوبائی صدر پارٹی کو دوسری جماعت میں ضم نہیں کرسکتا،پرویز الہٰی غیر آئینی اور غیر قانونی اقدام کی وضاحت دیں، مسلم لیگ ق بطورسیاسی جماعت اپنا ووٹ بینک، ڈسپلن، منشور اور ضابطہ رکھتی ہے، پرویز الہٰی کے گزشتہ روز کے بیانات پارٹی ضابطے کی خلاف ورزی ہیں۔

آسٹریلیا میں شہری نے گرل فرینڈ کیساتھ رہنے کیلئے اپنے اغواء کا ڈرامہ رچا دیا

کینبرا (ویب ڈیسک) پولیس نے اپنی پارٹنر کی بجائے اپنی گرل فرینڈ کے ساتھ وقت گزارنے کےلئے اپنے اغواء کا ڈرامہ رچانے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 35 سالہ شخص، جس کی شناخت پال ایرا کے نام سے ہوئی ہے، کو اپنے ہی اغواء کا جھوٹا دعویٰ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس پراسیکیوٹر سارجنٹ کیٹ میک کینلے کے مطابق تحقیقات پر حکومت اور پولیس فورس کو 25 ہزار ڈالر سے زیادہ رقم اور 100 سے 200 گھنٹے کا وقت ضائع کرنا پڑا تھا۔
پال ایرا مبینہ طور پر نئے سال کے موقع پر اپنے گھر سے اپنی پارٹنر کو یہ بتا کر نکلے تھے کہ وہ ڈپٹو میں ایک فنانشل ایکسپرٹ سے ملنے جا رہے ہیں۔
اس کی ساتھی کو ایک جنسی کارکن کی طرف سے رات گئے ایک ٹیکسٹ پیغام موصول ہوا جس نے دعویٰ کیا کہ اسے اغواء کر لیا گیا ہے، ٹیکسٹ پیغام میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ اغوا کار پال ایرا کو ان کی موٹر سائیکل کے بدلے صبح چھوڑ دیں گے۔
پیغام ملنے کے بعد پال ایرا کی پارٹنر نے پولیس سے رابطہ کیا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ مسٹر ایرا کو اغوا ءکر لیا گیا ہے اور اس کی 7 ہزار ڈالر کی ڈرٹ بائیک کے لیے اسے یرغمال بنایا گیا ہے۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا، گھنٹوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی تلاش اور عینی شاہدین کا انٹرویو کیا، تاہم تحقیقات کے دوران پال ایرا کو مبینہ طور پر کیمرہ پر اپنی گرل فرینڈ کے گھر رات کو ایک بیگ کے ساتھ داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پال ایرا نے اپنے اغواء کی کہانی خود گھڑی تھی، عدالت میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ پال ایرا نے مبینہ طور پر اغوا کءے اگلے دن اپنے والد کو فون کرکے کہا تھا کہ انہیں اس کے اغوا کار ان کی کار میں چھوڑ دیں گے۔
مزید تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ کالیں ڈپٹو سے کی گئی تھیں نہ کہ وولونگونگ سے جہاں مسٹر ایرا نے اغواءہونے کا دعویٰ کیا تھا، عدالت میں پیشی کے دوران، پال ایرا کی والدہ، بہن اور پارٹنر موجود تھے۔

آزاد کشمیر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا، مالی بحران کے باوجود کم آمدنی والے عوام پر آٹے کا بوجھ نہیں ڈالیں گے، پی ٹی آئی کی حکومت آزاد کشمیر کو فلاحی ریاست بنانے کی راہ پر گامزن ہے، محکمہ خوراک کی طرف سے آٹے کی قیمتوں میں کیا گیا نیا اضافہ واپس لے رہے ہیں۔
سردار تنویر الیاس خان نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں پنجاب اور کے پی کے سے بھی کم قیمت پر آٹا دے رہے ہیں، ضرورت مند طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے تعین پر تیزی سے کام جاری ہے، مالی طور پر مستحکم طبقہ سبسڈی والا آٹا ضرورت مندوں تک پہنچانے میں کردار ادا کرے۔

چین نے گوادر میں آئل ریفائنری لگانے کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) چین کی جانب سے گوادر میں آئل ریفائنری لگانے کے منصوبہ پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔
گوادر فری زون کے فیز 2 میں آئل ریفائنری لگانے کیلئے جگہ منتخب کر کے ابتدائی کام کا آغاز کر دیا گیا ہے، چین کی 15 رکنی ٹیم میں انجینئرز و دیگر تکنیکی ماہرین شامل ہیں۔
چین کی جانب سے گوادر آئل ریفائنری پر کام مکمل ہونے کے بعد یہاں سے خام تیل کو صاف کر کے پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی تیاری کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

مئیر کے لیے جماعت اسلامی سے بات ہوسکتی ہے پی ٹی آئی سے نہیں، سعید غنی

کراچی: (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ مئیر کراچی کوئی ایک جماعت نہیں لاسکتی البتہ یہ بات حتمی ہے کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف سے کسی صورت مئیر کے لیے بات نہیں کرے گی۔
یہ بات انہوں نے پیر کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، نجمی عالم، سلمان مراد، آصف خان و دیگر بھی موجود تھے۔
سعید غنی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا اور پیپلز پارٹی کراچی میں سنگل لارجیسٹ پارٹی بن کر سامنے آئی ہے، پی ٹی آئی کے دماغ میں ہوا تھی کہ کراچی کے عوام ان کے ساتھ ہیں اس ہوا کو اس شہر کے غیور عوام نے ان کے دماغ سے نکال دیا۔
سعید غنی نے کہا کہ میں جماعت اسلامی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ان کی کارکردگی بہتر رہی اور وہ اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی سے تھوڑا سا پیچھے ہیں، پی ٹی آئی میئر کے دونوں امیدواروں کی ہار ہوئی ہے اور جو تیسرا جیتا ہے اسے سیٹ چھوڑنی پڑے گی کیونکہ وہ ایم پی اے ہے۔
ایک سوال پر سعید غنی نے کہا کہ ہماری تو خواہش تھی کہ ایم کیو ایم انتخابات کا بائیکاٹ نہ کرے لیکن وہ ایک سیاسی جماعت ہے اس نے جو بہتر سمجھا وہ کیا، ایم کیو ایم نے ماضی میں بھی قومی اسمبلی اور بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا تھا لیکن اس انتخابات میں جو قومی اسمبلی اور بلدیاتی نمائندے منتخب ہوئے تھے انہوں نے کام کیا۔
سعید غنی نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے اور تمام کامیاب پارٹیوں سے بات کریں گے کہ مئیر پیپلز پارٹی کا ہو البتہ ہم تحریک انصاف سے کسی صورت بات نہیں کریں گے۔
انہوں ںے کہا کہ نتائج کی تاخیر پر ہمیں بھی تشویش ہے، خود میں نے حافظ نعیم الرحمان سے بھی رابطہ کیا تھا، ہم سو سے زائد یوسی چیئرمین جیت رہے ہیں اور جماعت اسلامی ہم سے چند نشستیں پیچھے ہے۔
مئیر کراچی کے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو چھوڑ کر بھی پچیس دیگر امیدوار جیتے ہیں، اس کے علاوہ مخصوص نشستوں پر بھی ہماری نشستوں کے حساب سے زیادہ ارکان ہوں گے اس لیے ممکن ہے ہم مکمل نتائج کے بعد اس پوزیشن میں ہوں گے اپنا مئیر خود بناسکیں ، وزیراعلیٰ سندھ جماعت اسلامی کے پاس پہلے بھی گئے تھے اب بھی جاسکتے ہیں تاہم پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی اتحاد کرسکتے ہیں تو شاید میئر ان کے لیے ممکن ہوسکے گا۔
سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو غلط فہمی تھی وہ جو دعویٰ کرتے رہے وہ کہاں ہے؟ ان کے دماغ میں جو خناس ہے وہ نکل گیا ہے، کراچی کے لوگوں کے لیے پی ٹی آئی نے اپنے دورمیں کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے مطابق جو کونسل کا ممبر ہوگا وہ ہی مئیر بن سکتا ہے، نجمی عالم پارٹی کے بہت سینئر کارکن ہیں ان کا نام بھی میئرکے لیے زیر غور ہوسکتا ہے بقیہ قیادت جو فیصلہ کرے۔

خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت اجلاس، ایم ایل ون منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے زیر صدارت اجلاس میں ایم ایل ون منصوبے پر اب تک ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر ریلوے نے افسروں کو ہدایت کی کہ ایم ایل ون منصوبے کے انتظامی امور کیلئے نجی شعبہ سے ماہر افراد کی تعیناتی جلد مکمل کی جائے، اجلاس میں گرین لائن ٹرین کے رواں ماہ اجرا سے متعلق تمام انتظامی پہلوؤں پر بھی گفتگو کی گئی۔
خواجہ سعد رفیق نے افسروں کو ہدایت کی کہ چین سے درآمد کی گئی ابتدائی 70 نئی فریٹ ویگنوں کے استعمال سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے، اجلاس میں ٹرین برانڈنگ کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

پیپلز پارٹی کے کارکن سے خرم شیر زمان یونین کونسل کا الیکشن ہار گئے: شرجیل میمن

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی نے پاکستان تحریک انصاف کو مسترد کر دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان پیپلز پارٹی کے سیاسی کارکن نجمی عالم سے یونین کونسل کا الیکشن ہار گئے۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کا جعلی مینڈیٹ بے نقاب ہو گیا، جب ایک شخص 2018 میں رکن سندھ اسمبلی سلیکیٹ کروایا گیا، وہ یونین کونسل نہیں جیت سکتا۔