چین؛ ایک ماہ میں کورونا سے ہلاکتیں 60 ہزار ہوگئیں

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں کورونا کی ہلاکت خیزیاں جاری ہیں اور صرف ایک ماہ میں اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہزار ہوگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی نیشنل ہیلتھ کمیشن نے سرکاری اسپتالوں میں 8 دسمبر 2022 سے 12 جنوری 2023 تک کورونا سے 59 ہزار 938 ہلاکتوں کی تصدیق کردی۔
تاہم پرائیوٹ اسپتالوں اور گھروں میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی گئی اور وہ بھی جمع کرلی جائیں تو یہ تعداد کہیں زیادہ ہوجائے گی۔ ہلاک ہونے والوں میں 90 فیصد 65 سے زائد عمر والے تھے۔
جس کی ایک وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ چین میں 65 سے زائد لاکھوں افراد نے ویکسین نہیں لگوائی تھی تاہم نیشنل ہیلتھ کمیشن نے یہ نہیں بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کتنے ویکسین شدہ تھے۔
یاد رہے کہ چین نے کورونا کی وجہ سے ہونے والی ہلاکتوں کی کیٹیگری میں تبدیل کی تھی اور صرف کورونا کی وجہ سانس کی تکلیف میں مبتلا ہو کر ہلاک ہونے والوں کو شامل کیا گیا تھا۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق مجموعی ہلاکتوں میں سے 5 ہزار 503 اموات ان افراد کی ہوئیں جن کو صرف کورونا کا مرض لاحق تھا جب کہ 54 ہزار 435 افراد کو پہلے سے ہی دیگر بیماریاں بھی تھیں تاہم کورونا کا شکار ہونے پر ان کی موت واقع ہوئی۔
واضح رہے کہ عالمی قوتوں نے کورونا پابندیاں اُٹھانے کے بعد سے کورونا سے ہونے والوں ہلاکتوں کی درست تعداد نہ بتانے پر چین پر کڑی تنقید بھی کی تھی۔

جاسوسی کا الزام ، ایران کے سابق نائب وزیر دفاع کو پھانسی دے دی گئی

تہران: (ویب ڈیسک) ایران میں برطانوی شہریت رکھنے والے سابق نائب وزیر دفاع علی رضا اکبری کوپھانسی دے دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی عدلیہ نے علی رضا اکبری کوبرطانیہ کیلئے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دی ہے ، اس کے علاوہ ان پر جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کے قتل میں کردار ادا کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق علی رضا اکبری ، 1997 سے 2005 میں صدر محمد خاتمی کے دور میں نائب وزیر دفاع کے عہدے پر فائز رہے تھے ۔
سابق نائب وزیر دفاع کو 2019 میں گرفتار کیا گیا تھا اور بدھ کے روز سزائے موت سنائی گئی تھی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ نے علی رضا اکبری کی سزائے موت کو سیاسی محرک قراردے کر فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس؛ بڑے فیصلوں کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے کراچی کی حلقہ بندیوں کے معاملے پر رابطہ کمیٹی کے علاوہ بھی ایم کیو ایم قیادت کا ایک اور اہم اجلاس جاری ہے جس میں بڑے فیصلوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں خالد مقبول صدیقی، وسیم اختر، مصطفی کمال، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر رہنما موجود ہیں اور اجلاس ختم ہونے تک تمام رہنماؤں کو بہادرآباد پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بہادر آباد میں ایک فل کورم اجلاس ہوگا جس میں پارٹی کنوینر مقبول صدیقی کی جانب سے اہم اعلانات متوقع ہیں، اہم رہنمائوں کے اجلاس میں تحفظات، حلقہ بندیاں اور ایم کیو ایم کے آخری آپشنز بھی زیر بحث آئیں گے۔
علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے تمام علاقائی ذمہ داران کو فوری طور پر بہادر آباد طلب کرلیا، ایم کیو ایم کے ذمہ داران قیادت کے فیصلہ کا انتظار کر رہےہیں۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا تھا جس کے بعد پیپلز پارٹی سے مختلف اوقات میں اپنے تحفظات کرتے رہے بعدازاں بلدیاتی انتخابات کی تاریخ قریب آنے پر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کے رویہ سے مایوس ہو کر وفاقی حکومت سے علیحدہ ہونے کی دھمکی دی تھی۔
جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سمیت آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے خالد مقبول صدیقی سے فون پر رابطہ کرکے تمام تحفظات دور کرنے کی یقینی کرائی تھی۔ اس ضمن میں 13 اور 14 جنوری کی درمیانی رات تک اجلاس ہوتے ہیں اور آخری اجلاس گورنر ہاؤس میں ہوا جس میں کیو ایم کیو کی قیادت نے کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کی جہاں گورنر سندھ نے آصف علی زرداری کو پیغام ایم کیو ایم قیادت کے سامنے رکھا تھا۔

ڈریپ نے 110 ضروری ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سفارش کر دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے ملک میں جان بچانے والی ادویات کی قلت کے پیش نظر 110 ضروری ادویات کی قیمتیں بڑھانے کی سفارش کر دی ہے۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے سفارش کی ہے کہ ملک میں عدم دستیاب 110 دواؤں کی قیمت بڑھائی جائے، ڈریپ کی جانب سے کینسر، امراض قلب، بلڈ پریشر، دماغی امراض کی دواؤں کی قیمتیں بڑھانے کی سفارش کی گئی ہے۔
ہارڈ شپ کیسز کے حساب سے دواؤں کی قیمت میں 10 سے 20 فیصد اور کسی میں 40 فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی ہے، اس سے قبل ڈریپ ملک میں دواؤں کے ممکنہ بحران کی مسلسل تردید کرتا رہا ہے۔

حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائے جانے کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اوگرا نے ورکنگ پیپر تیار کر لیا، قیمتیں بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ‏16 جنوری کیلئے اوگرا کی جانب سے دو تجاویز تیار کی گئی ہیں، ‏لیوی کی شرح بڑھانے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کی وجہ سے ڈیزل کی قیمت بڑھ سکتی ہے، ‏ڈیزل پر 30 روپے فی لٹر لیوی ٹیکس عائد ہے جسے بڑھا کر 50 روپے کیا جا سکتا ہے۔
دوسری تجویز کے مطابق اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار بھی رکھی جا سکتی ہیں، تجاویز کل حکومت کو بھجوائی جائیں گی، قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ وزیر خزانہ وزیراعظم کی مشاورت ‏سے کرینگے، واضح رہے عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 97 ڈالر فی بیرل تک ہے۔

شاہ رخ خان کی فلم ’ پٹھان‘ کا ٹریلر’ برج خلیفہ‘ پردکھایا جائے گا

دبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کا ٹریلردنیا کی سب سے اونچی عمارت ’برج خلیفہ‘ پر دکھایا جائے گا۔
مقامی ڈسٹری بیوٹر کے مطابق متحدہ عرب امارات میں شاہ رخ خان کے فینز بہت بڑی تعداد میں موجود ہیں جو فلم ’ پٹھان‘ کی ریلیز کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں۔فلم ’ پٹھان‘ کے ٹریلر کو ’ برج خلیفہ‘ پر دکھایا جائے گا۔اس موقع پر شاہ رخ خان بھی موجود ہوں گے اور فلم کے ٹریلر کو ’برج خلیفہ‘ پر چلتے دیکھیں گے۔ شاہ رخ خان انٹرنیشنل ٹی 20 لیگ کے لیے امارات میں موجود ہیں۔
شاہ رخ خان کی فلم ’ پٹھان ‘ ریلیز سے قبل مختلف تنازعات کا شکار ہوگئی ہے۔ بھارتی فلم سینسر بورڈ نے فلم میکرز کو فلم سے متعدد سینز نکالنے کا حکم دیا ہے۔

رندیپ ہودا گھڑسواری کے دوران بیہوش ہوکرگرگئے

ممبئی: (ویب ڈیسک) بالی وڈ کے اداکار رندیپ ہودا گھڑ سواری کے دوران بیہوش ہو کر گر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ کے ادکار رندیپ ہودا گھڑ سواری کے دوران اچانک بے ہوش ہوگئے اور گھوڑے سے گر پڑے۔ رندیپ ہودا کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ رندیپ ہودا کے گھٹنے اور ٹانگ پر زخم آئے ہیں جن کا علاج جاری ہے۔ رندیپ ہودا پروفیشنل گھڑ سوار ہیں اور ان کا ذاتی اصطبل بھی ہے۔
ڈاکٹروں نے رندیپ ہودا کو کچھ روز مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے۔ رندیپ ہودا نے اپنی نئی فلم کے لیے 22 کلو وزن کم کیا تھا اوراس بات کا امکان ہے کہ وزن میں کمی سے ان کے پٹھے کمزور ہوگئے ہوں۔ رندیپ ہودا گزشتہ برس سلمان خان کی فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی زخمی ہوئے تھے اور ان کے گھٹنے کا آپریشن کرنا پڑا تھا۔

سر کے بل کھڑے ہونے والا معمر ترین شخصبرٹش کولمبیا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے 82 سالہ شخص نے سر کے بل کھڑے ہوکر کرتب دِکھانے والے معمر ترین شخص کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا۔ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا سے تعلق رکھنے والے بروس آئیوز 15 سال کی عمر سے جمناسٹکس کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سر کے بل کھڑے ہونے کی روایت کا آغاز 20 سال قبل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب وہ 60 کی دہائی میں تھے تو ان کے پوتے پوتیاں/نواسے نواسیاں لان میں موجود تھے، تب انہوں نے ان بچوں کو جمناسٹکس ک جانب راغب کرنے کے لئے یہ عمل کیا، تب سے سر کے بل کھڑے ہونے کی رِیت چلی آرہی ہے۔ بروس آئیوز نے گزشتہ برس 7 اگست کو ایک کوشش کرتے ہوئے 82 سال اور 43 دن کی عمر میں سر کے بل کھڑے ہوکر یہ کرتب دِکھانے والے معمر ترین شخص کا گینیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کیا۔

برٹش کولمبیا: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے 82 سالہ شخص نے سر کے بل کھڑے ہوکر کرتب دِکھانے والے معمر ترین شخص کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرلیا۔
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا سے تعلق رکھنے والے بروس آئیوز 15 سال کی عمر سے جمناسٹکس کر رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی سالگرہ کے موقع پر سر کے بل کھڑے ہونے کی روایت کا آغاز 20 سال قبل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جب وہ 60 کی دہائی میں تھے تو ان کے پوتے پوتیاں/نواسے نواسیاں لان میں موجود تھے، تب انہوں نے ان بچوں کو جمناسٹکس ک جانب راغب کرنے کے لئے یہ عمل کیا، تب سے سر کے بل کھڑے ہونے کی رِیت چلی آرہی ہے۔
بروس آئیوز نے گزشتہ برس 7 اگست کو ایک کوشش کرتے ہوئے 82 سال اور 43 دن کی عمر میں سر کے بل کھڑے ہوکر یہ کرتب دِکھانے والے معمر ترین شخص کا گینیز ورلڈ ریکارڈ حاصل کیا۔

لڑکے نے دوران پرواز لڑکی کو شادی کی پیشکش کر دی

لندن: (ویب ڈیسک) اکثر لڑکے لڑکیوں کو شادی کے نت نئے انداز میں پروپوز کر کے اپنی محبت کا ثبوت دیتے ہیں اور ایسا ہی ایک عمل بھارتی شہری نے کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
لندن سے ممبئی جانے والی فلائٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں مسافر لڑکے کو فلائٹ میں گرل فرینڈ کو پروپوز کرتے دیکھا گیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکا ہاتھ میں کارڈ اٹھائے ونڈو سیٹ کے ساتھ بیٹھی لڑکی کے پاس جا کر انہیں مخاطب کرتا ہے جس کے بعد لڑکی غیر یقینی کے عالم میں منہ پر ہاتھ رکھ لیتی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پلے کارڈ میں لڑکا اور لڑکی کی تصویریں موجود تھیں، لڑکے کو جب معلوم ہوا کہ لڑکی لندن سے ممبئی جا رہی ہے تو اس نے اسی فلائٹ میں اپنی ٹکٹ بک کروا لی اور گرل فرینڈ کو پروپوز کر ڈالا جسے لڑکی نے قبول بھی کر لیا۔
بعد ازاں اس پروپوزل کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جسے دیکھ کر لوگوں نے دونوں کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

پنجاب میں ڈسٹرکٹ بار کونسلز کے انتخابات، لاہور میں بدنظمی، الیکشن 23 جنوری تک ملتوی

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں ڈسٹرکٹ بار کونسلز کے سالانہ انتخابات ہوئے، لاہور میں بدنظمی کے باعث الیکشن متنازعہ ہو گیا، ایگزیکٹو کمیٹی نے پولنگ 23 جنوری تک ملتوی کر دیئے۔
سکیورٹی کے سخت انتظامات میں صوبہ بھر میں وکلا کی جانب سے نمائندوں کے انتخاب کیلئے حق رائے دہی کا استعمال کیا گیا، لاہور میں وکلا گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات کے باعث بدنظمی دیکھنے میں آئی۔
چیئرمین الیکشن بورڈ کی جانب سے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے حامد خان گروپ کے صدارتی امیدوار رانا انتظار کو کامیاب قرار دینے پر لاہور بار میں حالات کشیدہ ہو گئے، وکلاء کے یونیفارم میں افراد نے فائرنگ کی، جس پر ایکشن لیتے ہوئے پنجاب بار کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی نے بار کے الیکشن 23 جنوری تک ملتوی کر دئیے۔