ایم کیو ایم کا حکومت چھوڑنے پر غور، زرداری اور فضل الرحمان کا خالد مقبول سے رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم چھوڑنے کے خدشات کے بعد آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے مختلف معاملات پر گفتگو کی، سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے خالد مقبول صدیقی کو یقین دہانیاں کرائی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے مل بیٹھ کر تمام مسائل حل کرنے کی پیشکش کی ہے۔
اس کے علاوہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات سے متعلق گفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے خالد مقبول صدیقی کو صبر سے کام لینے کا مشورہ دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اور خالد مقبول کے درمیان جلد رابطہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے اپنے ارکان قومی اسمبلی سے استعفے طلب کرلیے ہیں۔
بہادرآباد میں ہونے والے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایم کیو ایم نے وفاقی کابینہ اور حکومت سے علیحدگی اور دیگر آپشنز پر غور کیا گیا۔
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی کے بعض ارکان کی رائے ہے15 جنوری کو بلدیاتی الیکشن ہو تو حکومت سے علیحدہ ہوجائیں، حتمی فیصلہ کل ایم کیوایم کے جنرل ورکرز اجلاس میں ہوگا۔

نواز شریف، مریم اور حمزہ شہباز کی اسی ماہ ملک واپسی کا امکان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ملک میں مسلسل بدلتی سیاسی صورت حال کے پیش نظر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کا اسی ماہ پاکستان واپس آنے کا امکان ہے۔
ذرائع مسلم لیگ (ن) کے مطابق مریم نواز اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا بھی نواز شریف کے ہمراہ اسی ماہ ملک واپس آنے کا امکان ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور حمزہ شہباز پاکستان واپس آ کر انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔

امریکی ریاست الاباما میں طوفان اور ہوا کے بگولے نے تباہی مچا دی، 6 افراد ہلاک

الاباما: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست الاباما کے وسطی حصے میں گرج چمک کے طوفان اور ہوا کے بگولے نے تباہی مچادی،مختلف حادثات میں 6 افراد ہلاک ہوگئے، چھ متاثرہ کاؤنٹیز میں ہنگامی صورتحال نافذ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست الاباما،مسیسیپی اور جارجیا کے حصوں میں تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ تینوں ریاستوں میں سیکڑوں مکانات تباہ جبکہ ہزاروں افراد کو بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی ہے، اس کے علاوہ جارجیا اورنارتھ کیرولائنا کے ائیرپورٹس پر 250 سے زائد پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکارہوئی ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے معاملہ پر ناراض ایم کیو ایم کا وفاقی حکومت سے علیحدگی کا امکان

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر اقتدار کا سیاسی درجہ حرارت مزید گرم ہو گیا، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر ناراض ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزراء سے استعفی لے لیے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو اہم کی سینئر قیادت نے آج رات ہی اہم ہنگامی اجلاس طلب کر لیا جو کچھ ہی دیر بعد شروع ہو جائے گا، کہا جا رہا ہے کہ آج رات ہی ایم کیوایم وفاقی حکومت میں رہنے یا نا رہنے کا فیصلہ کر لے گی کیونکہ وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی نے اپنے استعفی جمع کرا دیئے ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کیلئے بیشتر رابطہ کمیٹی ارکان بہادر آباد مرکز پہنچ گئے، تمام ارکان کی شرکت مکمل ہوتے ہی اجلاس شروع ہوجائے گا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے بلدیاتی الیکشن میں حلقہ بندیوں بارے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن الیکشن کمیشن کی جانب سے مطالبہ مسترد ہونے کے بعد ایم کیو ایم قیادت کی جانب سے وفاقی حکومت سے علیحدگی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عمران خان نے زندگی بھیک مانگتے گزاری، شوکت ترین پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ساری زندگی بھیک مانگتے ہوئے گزاری، شوکت ترین پاکستان کو ڈیفالٹ کرانا چاہتے تھے۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے پاکستان میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی، پاکستان کے جی ڈی پی کا 10 فیصد سیلاب میں برباد ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوبا ہوا تھا، پاکستان اکیلا سیلاب متاثرین کی بحالی نہیں کر سکتا، ہمدرد اور دوست ممالک نے پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر ملنا کوئی مذاق نہیں ہے، سفارتکاری کی کامیابی ہے، جنیوا کانفرنس پاکستان کیلئے بہت اہم اور کامیاب رہی، پاکستان کے آئسولیٹ ہونے کا بیانیہ دفن ہو گیا۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک ہوتا ہے سیاسی انٹرسٹ اور ایک ہوتا ہے نیشنل انٹرسٹ، عمران خان نے ہمیشہ اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دی۔

مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد کا اضافہ: ادارہ شماریات

لاہور: (ویب ڈیسک) ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد کا اضافہ ہو گیا، 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھ گئیں، 7 سستی ہوئیں جبکہ 21 اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے، جس کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 31.7 فیصد تک پہنچ گئی، گزشتہ ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد تھی۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 115 روپے ، ایل پی جی کے 11.67 کلو سلنڈر کی قیمت میں 134 روپے کا اضافہ ہوا، ڈبل روٹی کی قیمت 4 روپے بڑھ گئی جبکہ لہسن کی فی کلو قیمت میں 16 روپے کا اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق انڈے فی درجن 12 روپے مہنگے ہوئے، باسمتی ٹوٹا چاول 5، باسمتی ثابت چاول فی کلو 3 روپے مہنگے ہوئے، ایک ہفتے میں دال مونگ 10، دال چنا 5، دال مسور 4 روپے مہنگی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق سرسوں کے تیل کی قیمت میں بھی 8 روپے کا اضافہ ہوا، آگ جلانے والی لکڑی، گڑ، انرجی سیور بلب اور کھلا دودھ بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
ایک ہفتے میں ٹماٹر 8 روپے سستے ہوئے، آلو کی قیمت میں 5 روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی، زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 13 روپے کی کمی ہوئی، ویجیٹبل گھی اور چینی بھی حالیہ ہفتے سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔

ٹیکس فراڈ کیس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی کو15 سال کی سزا سنائی جائے گی

نیو یارک: (ویب ڈیسک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی آرگنائزیشن کے ٹیکس فراڈ میں ملوث ہونے پر ریاستی عدالت کمپنی پر 15 سال کی سزا سنائے جا رہی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کمپنی ٹیکس فراڈ کی مرتکب پائی گئی ہے دوسری طرف کمپنی کے دو اہم افراد پر ہٹن میں گزشتہ ماہ 17 الزامات ثابت ہوچکے ہیں۔
اس مقدمے میں استغاثہ نے ثبوت پیش کیے کہ ٹرمپ کی کمپنی نے ایگزیکٹوز کے لیے کرائے اور کار کے لیز جیسے ذاتی اخراجات کو آمدنی کے طور پر ظاہر کیے بغیر یہ بہانہ کیا کہ یہ کرسمس کے بونس غیر ملازم معاوضہ تھے۔
پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ ٹرمپ نے خود بونس چیک، ساتھ ہی ساتھ ویسلبرگ کے لگژری مین ہٹن اپارٹمنٹ اور سی ایف او کے پوتے پوتیوں کے لیے پرائیویٹ اسکول ٹیوشن کی لیز کے چیک پر پر دستخط کیے تھے۔
مین ہٹن کی فوجداری عدالت نے تین روز قبل ٹرمپ کمپنی کے سابق چیف فنانشل آفیسر 75 سالہ ایلن ویزلبرگ کو پانچ ماہ کے لیے جیل بھیج دیا تھا۔ اس کیس میں ٹرمپ کی کمپنی پر 1.6 ملین ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
تاہم ٹرمپ کی کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس کیس میں کسی اور پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی اور نہ ہی اسے جیل کا سامنا ہے تاہم جرمانے کے خلاف اپیل دائر کی جائے گی۔
یہ کیس طویل عرصے سے سابق صدر ٹرمپ کے لیے مشکل بنا ہوا ہے۔ ٹرمپ کو ریاستی اٹارنی جنرل لیٹیا جیمز کی طرف سے 250 ملین ڈالر کے دیوانی مقدمے کا بھی سامنا ہے

کراچی: بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ کیلئے سامان کی ترسیل شروع

کراچی: (ویب ڈیسک) سیاسی جماعتوں کی لڑائی میں الیکشن کمیشن نے کام جاری رکھتے ہوئے بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلہ کیلئے سامان کی ترسیل شروع کر دی۔
ڈپٹی کمشنر آفس ایسٹ کے باہر ٹرک میں سامان لایا جانے لگا، سامان کی ترسیل کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔
کراچی:سیاسی جماعتیں لڑتی رہیں ، الیکشن کمیشن نے کام جاری رکھا ہوا ہے کراچی:بلدیاتی الیکشن کیلئے سامان کی ترسیل کا کام شروع کردیا گیا۔

ارشد شریف قتل، کینیا قانونی مدد کیلئے رضا مند، جے آئی ٹی کل روانہ ہوگی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ارشد شریف قتل کیس میں کینیا نے سپیشل جے آئی ٹی کی معاونت کے لیے باہمی قانونی مدد کی حکومت پاکستان کی درخواست کا مثبت جواب دیا ہے۔
وزارت خارجہ نے کینیا میں سپیشل جے آئی ٹی کی معاونت کے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں، سپیشل جے آئی ٹی کل روانہ ہو گی اور ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے شواہد جمع کرے گی۔
سپیشل جے آئی ٹی وقوعہ کے متعلق مختلف لوگوں سے تفتیش کرے گی، کینیا حکومت نے سپیشل جے آئی ٹی کو مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

خیبرپختونخوا: بیوروکریسی میں اکھاڑ پچھاڑ، 7 سیکرٹریز اور کمشنرز تبدیل

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں حکومت نے بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ شروع کر دیا ہے جس کے تحت 7 سیکرٹریز اور کمشنرز کو تبدیل کیا گیا ہے۔
سیکرٹری انڈسٹری ثاقب رضا کو کمشنر ملاکنڈ دویژن تعینات جبکہ کمشنر مالاکنڈ شوکت علی یوسفزئی کو کمشنر ہزارہ ڈویژن مقرر کر دیا گیا ہے۔
مطاہر زیب سیکرٹری آبپاشی، عامر لطیف سیکرٹری معدنیات، ہمایون خان سیکرٹری ٹرانسپورٹ تعنیات جبکہ محمد ایاز کو سیکرٹری خزانہ مقرر کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 10 اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔