شہباز شریف کی وطن واپسی، رہائشگاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی 2 روزہ بیرون ملک مصروفیات کے بعد وطن واپسی پر سیاسی مصروفیات شروع ہو گئیں، شہباز شریف کی رہائشگاہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گئی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق شہباز شریف کی رہائشگاہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئے، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ بھی ماڈل ٹاؤن موجود ہیں۔
وزیراعظم کے معاونین خصوصی ملک احمد خان اور عطاء اللہ تارڑ بھی شہباز شریف کی رہائشگاہ پہنچ گئے، وفاقی وزرا اور معاونین خصوصی شہباز شریف سے پنجاب کی حالیہ سیاسی صورتحال پر مشاورت کریں گے۔

عمران خان کا شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے آپشن پر غور

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے آپشن پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے قریبی ساتھیوں سے مشاورت مکمل کر لی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہہ سکتے ہیں۔
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے، موجودہ صورتحال میں سیاسی و پارلیمانی حکمت عملی پر غور کیا جا رہا ہے۔

بائیڈن کے دفتر سے خفیہ دستاویزات برآمد ہونے پر تحقیقات کیلئے خصوصی کونسل قائم

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدرکی اپنی ہی انتظامیہ نے ان کے گھر اور ایک سابق دفتر میں خفیہ دستاویزات کے حوالے سے لاپروائی برتنے پر تحقیقات کے لیے خصوصی کونسل قائم کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کا کہناہے جو بائیڈن کے گھر کے ایک کمرے اور ملحقہ بند گیراج سے کچھ خفیہ مواد ملا، صدر بائیڈن نے اس حوالے سے تعاون کرنے کا وعدہ کیا ہے۔
امریکی اٹارنی جنرل میرک گارلینڈ کا کہناہے ٹرمپ کے دور میں میری لینڈ میں وفاقی پراسیکیوٹر کے طور پر خدمات انجام دینے والے رابرٹ ہُر صدر بائیڈن کے خلاف تحقیق میں آزاد پراسیکیوٹر کے طور پر کام کریں گے ۔
گارلینڈ نے کہا کہ اس معاملے میں ہر اس بات کی جانچ کی جائے گی کہ آیا کسی فرد یا ادارے نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے وکیل رچرڈ سوبر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ مکمل جائزہ لینے سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ یہ دستاویزات نادانستہ طور پر غلطی سے وہاں موجود پائی گئیں۔
گزشتہ دنوں بائیڈن انتظامیہ کی مزید خفیہ دستاویزات سامنے آئی تھیں۔
یاد رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی خفیہ دستاویزات کا پہلا حصہ نومبر میں وائٹ ہاؤس کے قریب واقع ایک تھنک ٹینک پین بائیڈن سینٹر سے ملا تھا لیکن اس بارے میں رواں ہفتے ہی چیزیں سامنے آئی ہیں۔
پہلے ملنے والی جو بائیڈن دور کی خفیہ دستاویزات میں مبینہ طور پر امریکی خفیہ اداروں کی یوکرین، ایران اور برطانیہ سے متعلق رپورٹس شامل ہیں۔
اس حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن نے بھی چند روز قبل ایک بیان میں کہا تھا خفیہ دستاویزات ملنے پر حیران ہوں اور محکمہ انصاف معاملے کو بغور دیکھ رہا ہے۔

’پٹھان‘ کے کردار کیلئے شاہ رخ خان کو بال بڑھانے میں کتنے مہینے لگے؟

ممبئی: (ویب ڈیسک) فلم ’پٹھان‘ کے ایکشن مناظر کی عکسبندی کیلئے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون نے جاپانی مارشل آرٹ ’جُو جُتسو‘ سیکھا۔
اس بات کا انکشاف ’پٹھان‘ کے ڈائریکٹر سدھارتھ آنند نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے ایک تازہ انٹرویو میں کیا ہے۔
سدھارتھ آنند کا کہنا تھا کہ اسے بائیک پر کیے جانے والے ایکشن مناظر پسند ہیں اور فلم میں ان کا سب سے پسندیدہ منظر وہ ہے جو ایک ٹرین کے اوپر کیا گیا ہے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ فلم میں ایکشن مناظر کی عکسبندی کیلئے فلم کاسٹ کو بھرپور ٹریننگ کرائی گئی۔
سدھارتھ آنند کے مطابق فلم کی تیاری کیلئے دو برس صرف ہوئے اور دنیا کے مختلف حصوں میں اس کی شوٹنگ کی گئی۔
انہوں نے اس بات کا انکشاف بھی کیا کہ شاہ رخ خان کو ’پٹھان‘ کے کردار میں لانے کیلئے تین ماہ تک اپنے بال بڑھانے پڑے۔
’پٹھان‘ میں ولن کا کردار جان ابراہام ادا کررہے ہیں جبکہ فلم 25 جنوری کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

ایک ساتھ 4 کی بورڈ سے 81 کتابیں الٹی ٹائپ کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ

روم، اٹلی: (ویب ڈیسک) اٹلی کے ایک چھوٹے سے شہر کے باشندے نے ایک ساتھ چار کی بورڈ پر 81 کتابیں ٹائپ کی ہیں اور دلچسپ بات یہ ہے کہ تمام کتب (عکسی )مرر رائٹنگ میں ہیں یعنی انہیں آئینے کے سامنے لے جاکر ہی حروف سیدھا کرکے پڑھا جاسکتا ہے۔
63 سالہ میکیلے سینٹیلیا پیشے کے لحاظ سے اکاؤنٹںٹ ہیں لیکن رات کو وہ اپنے ایک اور جنونی منصوبے پر کام کرتے ہیں، جو دیکھنے میں بہت آسان نہیں۔ وہ کتابیں الٹی ای عکسی ٹائپ کرتے ہیں اور اس کے لیے کسی بھی حروف سے خالی چار کی بورڈ ایک ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے اس کی تصدیق کردی ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ وہ ہر کتاب کو اس کی اصل زبان میں ہی ٹائپ کرتے ہیں جن میں عبرانی، خطِ میخی (کیونیفارم)، چینی، ہیروغلافی اور ماین تہذیب کی زبانیں شامل ہیں۔ ان کتابوں میں گلگامش کی داستان، قانونِ حمورابی، بائیبل، لیونارڈو ڈاونسی کی تمام کتب اور 2002 کی گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ بھی شامل ہے۔
لیکن یاد رہے کہ کی بورڈ میں عکسی کیز نہیں ہوتیں اور اسی لیے میکیلے نے انہیں اپنے لحاظ سے ڈھالا ہے۔ وہ کی بورڈ سافٹ ویئر میں تبدیلی کرکے اس سے الٹے (عکسی) حروف کا تعین کرتے ہیں اور اس کے بعد وہ کتاب کمپوز کرتے ہیں۔ کبھی وہ ایک ساتھ چار کی بورڈ بھی استعمال کرتے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میکیلے گزشتہ 30 برس سے الٹی کمپوزنگ کرر ہے اور وہ عکسی لکھائی پر بھی عبور رکھتے ہیں۔ وہ اپنی درجنوں نایاب کتب کو الٹا ٹائپ کرکے انہیں بڑے صفحات میں چھاپتے ہیں اور ان کی بہت خوبصورت جلد بندی کرتے ہیں جن پر قدیم کتب کا گمان ہوتا ہے۔
وہ اپنی کتابیں مشہور شخصیات کو تحفے میں دے چکے ہیں جن میں امریکی صدور براک اوبامہ اور بل کنٹن بھی شامل ہیں۔ ایک کتاب وہ پوپ بینیڈکٹ کو بھی دے چکے ہیں۔
اپنی انوکھی تخلیقات میں سب سے بڑی کتاب ’فوت شدہ کی مصری کتاب‘ تھی جو 610 جہازی صفحات پر محیط ہے اور 5500 برس قبل لکھی گئی تھی۔

بلدیاتی انتخابات: سندھ کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ہفتے کو بند رہیں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پیشِ نظر صوبے کے سرکاری و نجی تعلیمی ادارے ہفتے کو بند رہیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق سندھ کے سرکاری و نجی اسکولز و کالجز 14 جنوری بروز ہفتہ بند رہیں گے ،کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عملہ الیکشن ڈیوٹی سر انجام دے گا۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن غلام اکبر لغاری اور سیکرٹری کالج ایجوکیشن احمد بخش ناریجو نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔یہ نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کی ہدایت پر محکمہ تعلیم سندھ نے جاری کیا ہے۔
بلدیاتی انتخاب کے انعقاد کے پیش نظر ضلع ٹھٹھہ میں بھی کل اسکولوں اورکالجز میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں امریکی ڈالر کی قدر میں مسلسلہ اضافے کے بعد آج کچھ استحکام آیا ہے۔
انٹربینک میں ڈالر ایک پیسہ مہنگا ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ کا بھاؤ بغیر کسی تبدیلی کے برقرار ہے۔
انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کا بھاؤ 228 روپے 15 پیسے ہے۔ انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ گذشتہ روز کاروبار کے اختتام پر 228 روپے 14 پیسے تھا۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 238 روپے 50 پیسے برقرار ہے۔

4 سال پنجاب کے وسائل لوٹنے والوں سے صوبہ پاک ہو گیا، مریم اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چار سال پنجاب کے وسائل لوٹنے والوں سے صوبہ پاک ہو گیا، الحمدللہ پنجاب کے وسائل اور پنجاب کے عوام کی محنت کی کمائی سے ہیرے کی انگوٹھیاں خریدنے والوں کو پنجاب کی عوام پہچان گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ فارن ایجنٹ کا وفاق کی طرح ووٹ اور الیکشن کی طاقت سے پنجاب سے بھی صفایا کریں گے، ووٹ کی طاقت سے ان لٹیروں، فارن ایجنٹس اور فرنٹ مینوں کا خاتمہ کریں گے، چار سال فرح گوگی اور فرنٹ مینوں کے ذریعے وفاق اور پنجاب کو لوٹا گیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں پھر خوش حالی کا دور شروع کریں گے، پنجاب کے عوام مفت علاج اور تعلیم، بہترین سڑکیں بنانے والوں کو ووٹ دیں گے، پنجاب میں ترقی کے رکے عمل کو پھر سے شروع کریں گے، چار سال میں پنجاب کے عوام سے ہونے والی زیادتیوں کا ازالہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ان شاءاللہ ملک کو ڈیفالفٹ کے کنارے دھکیلنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے، پنجاب کے باشعور عوام اپنی ترقی کو ووٹ دیں گے، پنجاب کے عوام بہروپیوں، فارن ایجنٹس اور چوروں کو ووٹ نہیں دیں گے، پنجاب کو لوٹنے، اجاڑنے اور ویران کرنے والوں کو عوام ووٹ نہیں دیں گے۔

سندھ بلدیاتی انتخابات: الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سندھ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں 3 دن کے لئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کل سے ہی کام شروع کرے گا اور نتائج آنے تک بلا تعطل کام جاری رکھے گا، مرکزی کنٹرول روم اسلام آباد سے سینئر افسران انتخابی عمل کی مانیٹرنگ کریں گے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن اور سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن، کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن سندھ کے دفتر سے انتخابی عمل کی نگرانی کریں گے، پولنگ کے دوران کسی قسم مداخلت کی برداشت نہیں کیا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے گا۔

وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، وقت ہے ہمارے ساتھ بیٹھے، فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت الیکشن ہونے چاہئیں۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات گورنر پنجاب کو سمری موصول ہو گئی تھی، گورنر پنجاب مزید 24 گھنٹے کا انتظار نہ کریں، اسمبلی کی تحلیل کا آرڈر جاری کریں تا کہ نگران سیٹ اپ کی تشکیل کا عمل شروع ہو سکے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پرویزالہیٰ حمزہ شہباز کو اپنے تین نام بھیجیں گے،امید کرتے ہیں حمزہ شہباز بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے، امید کرتے ہیں ایسے نام سامنے آئیں گے جن پر سب کو اتفاق ہو گا۔
فواد چودھری نے بتایا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ، کابینہ اراکین نے آج زمان پارک آنا تھا، موسم کی خرابی کی وجہ سے نہیں آسکے، فون پر ان سے بات ہو گئی ہے، انہوں نے ایڈوائس تیار کر لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کراچی میں تاجروں نے اسٹیٹ بینک کے باہر احتجاج کیا، یہ موجودہ حکومت کی نااہلی ہے، پاکستان کی معیشت کو اب بہت بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، نالائق ٹولے نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کا ماضی ہے جب بھی اقتدارمیں آئے معیشت کو تباہ کر کے گئے، جب وزیر خزانہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہو گا تو کیسے معاشی خوشحالی آسکتی ہے؟
کراچی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ درست ہے، اسلام آباد میں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے، رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا۔
فواد چودھری نےایم کیو ایم دھڑوں کو ’’ نئی برائلر ایم کیو ایم ‘‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، اگرالیکشن نہیں کرانا چاہتے تو پھر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں رہ جاتا، کراچی، حیدر آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی، حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونےچاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔