الیکشن کمیشن سندھ حکومت کے فیصلے کو تبدیل نہیں کرسکتا، ایم کیو ایم

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم نے کہا ہے کہ قانوناً اس وقت الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات نہیں کراسکتا جب کہ سندھ حکومت اسے ملتوی کرچکی ہے، الیکشن کمیشن نے سیکشن نائن کے تحت فیصلہ کیا اور سندھ حکومت نے سیکشن ٹین اے استعمال کی، ٹین اے کے بعد سیکشن نائن کی کوئی حیثیت نہیں۔
یہ بات متحدہ رہنماؤں نے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ رہنماؤں میں بیرسٹر فروغ نسیم، مصطفی کمال، فیصل سبزواری، وسیم اختر، فاروق ستار سمیت دیگر موجود تھے۔
فروغ نسیم نے کہا کہ حلقہ بندیاں غیر منصفانہ طور پر کی گئیں، ایم کیو ایم کے حلقے میں 90 ہزار افراد پر جبکہ دیگر علاقوں میں 20 ہزار افراد پر حلقہ بنادیا گیا، عدالت نے ہمارے درخواست مستر کردی جس میں کہا گیا کہ آپ تاخیر سے آئے، سپریم کورٹ نے ہماری اپیل کو الیکشن کمیشن اور عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم نے عدالتوں میں متنازع حلقہ بندیوں کو عدالت میں چیلنج کیا، متنازع حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کا اعتراض سندھ ہائی کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک زیر سماعت رہا، سپریم کورٹ نے ہمارے اعتراضات کو جائز سمجھ کر سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا کہا، پاکستان تحریک انصاف نے بھی سندھ ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم پاکستان کی پٹیشن کی حمایت کی۔
فروغ نسیم نے کہا کہ سندھ حکومت نے جب فیصلہ کرلیا تو پھر الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کرسکتا، الیکشن کمیشن کو ہمیں سننا چاہیے تھا، ہمیں ویڈیو لنک کے ذریعے بھی سنا جاسکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں لیکن واضح رہے کہ سیکشن ٹین ون کا جوڈیشل اختیار الیکشن کمیشن کا نہیں یہ اختیار سندھ حکومت کا ہے، الیکشن کمیشن نے سیکشن نائن کے تحت فیصلہ دیا جب کہ سندھ حکومت نے سیکشن ٹین اے کے تحت فیصلہ دیا اور ٹین اے کے بعد سیکشن نائن کا کوئی کام نہیں۔
فروغ نسیم نے کہا کہ گورنر سندھ کے پاس آرڈی ننس کا اختیار ہے، گورنر کے پاس جو اختیار ہے اس کے حوالے سے انتظار کرتے ہیں دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔
وفاقی وزیر فیصل سبزواری نے کہا کہ صاف و شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے مگر حلقہ بندیوں میں دھاندلی صاف نظر آرہی ہے، ہم الیکشن کمیشن کے پاس اپنے تحفظات لے کر گئے مگر ہماری نہیں سنی گئی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ چمپئین بن کر اور میئر بن کر گھوم رہے ہیں، لوگوں کا جب حق مارا جارہا تھا کوئی جماعت کیا عدالت گئی؟ منہ میں اس وقت یہ لوگ گھن گھنیا ڈال کر بیٹھے رہے، اس شہر کے بیٹوں نے مردم شماری پر عدالت سے رجوع کیا، ایم کیوایم نے مردم شماری کو اتحاد میں شامل کیا، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سے اتحاد میں مردم شماری کا معاملہ رکھا، ہم نے مہاجروں کی نہیں بلکہ کراچی کی آبادی ٹھیک گننے کا مطالبہ کیا۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ پر صرف ایم کیو ایم نے مخالفت کی، 2013ء میں پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دیا تھا، ہماری شرافت سے کچھ لوگ کاغذی شیر بن گئے تھے، کاغذی شیر ہمارے اتحاد سے گھبرائے ہوئے ہیں، ایم کیوایم کے لاپتا کارکنان کی بازیابی کا معاملہ مطالبہ آج بھی حل طلب ہے، ہمیں امید ہے ادارے اور عدالتیں ان کے کے لیے کچھ کریں، عمران خان طالبان کے لیے بات کرتے ہیں مگر ایم کیو ایم کے کارکنان کے لیے کوئی بات نہیں کرتا۔
دریں اثنا ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں اہم ترین فیصلے کیے گئے۔ فیصلہ کیا گیا کہ ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال، انیس قائم خانی، وسیم اختر اور عبدالوسیم اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ شہر کے ہنگامی دورے کریں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کل شام کے ایم سی گراؤنڈ پی آئی بی میں کارکنان کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے، اجلاس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اہم اعلانات کریں گے۔

گزشتہ سال ایران پر 3 بار حملے کا منصوبہ بنایا: سابق اسرائیلی آرمی چیف

تل ابیب: (ویب ڈیسک) سابق اسرائیلی فوج کے سربراہ نے انکشاف کیا کہ گزشتہ سال ایران پر 3 بار حملوں کے تین منصوبے بنائے تھے۔
اسرائیلی فوج کے سبکدوش ہونے والے چیف آف اسٹاف جنرل اویو کوچاوی نے انکشاف کیا ہے کہ فوج نے گزشتہ ایک سال کے دوران ایران پر حملوں کے تین منصوبے بنائے تھے۔
اسٹاف جنرل اویو کوچاوی نے بتایا کہ یہ منصوبے جوہری پروگرام کے متعلق نہیں تھے بلکہ جوابی حملے کے طور پر تھے، حملوں کا مقصد جوہری تنصیبات اور جوہری تنصیبات کو مدد کرنے والے منصوبوں کو تباہ کرنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی بڑی جنگ میں داخل ہونے کی بات آتی ہے تو اضافی فوجی مقامات اور اثاثے اہداف کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے، ان کا یہ بیان اسی کے مطابق ہے جو اسرائیلی نشریاتی ادارے نے کوچاوی کی آخری تقریر کے بارے میں عربی میں شائع کیا تھا۔
عہدے سے سبکدوش ہونے سے پہلے میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے مزید کہا کہ آج ایران کے پاس چار جوہری بم بنانے کے لیے کافی افزودہ مواد موجود ہے، تین 20 فیصد کی سطح پر اور ایک 60 فیصد کی سطح پر ہے۔
انہوں نے حزب اللہ کو خبردار کیا کہ فوج نے اس کے لیے جارحانہ منصوبے بھی تیار کر لیے ہیں، اگر اس نے صورت حال کو مزید خراب کرنے کا فیصلہ کیا تو ان منصوبوں پر عمل کیا جائے گا۔
جنرل کوچاوی نے مزید کہا کہ ہم دو اہم چیزوں پر کام کر رہے ہیں، پہلا ایرانی میزائلوں کا پتہ لگانا تاکہ عمل درآمد کے دن ہم ان میں سے زیادہ سے زیادہ پر حملہ کریں، دوسرا ان میزائلوں کو بے اثر کرنے کے لیے فضائی دفاعی نظام قائم کرنا ہے۔

امریکا نے پاکستانیوں کیلیے ویزا انٹرویو استثنیٰ میں توسیع کردی

کراچی: (ویب ڈیسک) امریکی سفارت خانے نے سیاحتی اور کاروباری ویزوں میں توسیع کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کے لیے انٹرویو کی چُھوٹ میں مزید توسیع کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کسٹمر سروس کو بہتر بنانے کی کوششوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
یہ سہولت بی ون یا بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کے حامل ایسے افراد کے لیے ہے جن کے ویزوں کے میعاد 48 ماہ میں ختم ہو چکی ہے۔
علاوہ ازیں ویزہ انٹرویو میں چُھوٹ میں توسیع سے صرف وہ درخواست دہندگان فائدہ اُٹھاسکیں گے جو دوسری یا تیسری بار توسیع کروانا چاہ رہے ہیں۔
پہلی بار ویزا کی درخواست دینے والے اس سہولت سے فائدہ نہیں اُٹھاسکیں گے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا انٹرویو چُھوٹ میں توسیع دینے پر شکریہ ادا کیا۔

جدہ ایئرپورٹ سے مسجد الحرام تک حاجیوں کیلئے مفت شٹل سروس کا اعلان

ریاض: (ویب ڈیسک) شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائیر پورٹ جدہ کا حجاج کرام کو ائیر پورٹ سے مفت شٹل سروس کی سہولت دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق زائرین کو ایئرپورٹ جدہ سے حرم پہنچانے کے لیے مفت بس سروس فراہم کی جائے گی۔
شاہ عبدالعزیز انٹر نیشنل ائیر پورٹ کی طرف سے اس کا باضاطہ اعلان ٹویٹر اکاونٹ سے کیا گیا ہے ، ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ٹرمینل 1 سےمسجد الحرام تک زائرین کے لیےمفت بس سروس کا منصوبہ زیرغور ہے۔
مفت بس سروس سے وہی زائرین مستفید ہوں گے جو احرام میں ہوں گے جبکہ سعودی شہریوں کو بس سروس سہولت کے لیے قومی شناختی کارڈ دکھانا ہوگا اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی زائرین کو’اقامہ کارڈ‘ پیش کرنا ہوگا ۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ٹرمینل 1 سے ہر دو گھنٹے پر بس حرم شریف کے لیے چلائی جائے گی۔
حجاج کو یہ سہولت حج 2023 سے ملنا شرو ع ہو جائے گی۔

ق لیگ آگے جا کر پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی، عمران خان کی پیشگوئی

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پیش گوئی کی ہے کہ ق لیگ آگے چل کر پی ٹی آئی کا حصہ بن جائے گی۔
اینکر پرسنز سے ملاقات میں چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ مونس الہیٰ نے بہت اچھا کردار ادا کیا ہے، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے فوری بعد خیبرپختونخوا اسمبلی بھی تحلیل کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ یہ نگران سیٹ اپ کو طول نہیں دے پائیں گے، نئی اسٹیبلشمنٹ ان کا بوجھ نہیں اٹھا سکتی، میرا خیال ہے کہ ق لیگ آگے چل کر پاکستان تحریک انصاف کا حصہ بن جائے گی۔
سابق وزیر اعظم نے 186ممبران پورے ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لگ رہا تھا ہمارے 186 ارکان پورے نہیں ہو پائیں گے، مگر ہم نے 186 ارکان پورے کرکے دکھا دیے۔

عمران نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہونگے، احسن اقبال

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی جس کی ہمیں خوشی ہے، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہوں گے، الیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔
لیگی رہنما احسن اقبال نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اس وقت مشکل صورتحال کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب سے نقصان کا تخمینہ 16 ارب ڈالر لگایا گیا، دوست ممالک پاکستان کی سپورٹ کا اعلان کر رہے ہیں، جنیوا میں پوری دنیا نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا، جنیوا کانفرنس میں 10 ارب ڈالرکی امداد کا اعلان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ایسے لوگ ہیں جو مسلسل ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے ہیں، مشکل حالات سے گزر رہے ہیں لیکن اکانومی کے ڈیفالٹ ہونے کا کوئی خطرہ نہیں، ڈیفالٹ کی باتیں کرنے والے پاکستان کے ساتھ دشمنی کر رہے ہیں، سیاست بعد میں کر لیں گے پہلے ملک کو بحران سے نکالنا ہوگا۔
احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی بارودی سرنگوں کوڈیفیوز کر رہے ہیں، ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں، ایکسپورٹ کے انجن کو پوری سپیڈ کے ساتھ چالو کرنا ہوگا، 32 ارب ڈالرکی ایکسپورٹ کو 100 ارب ڈالر تک لے جانا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نئی مردم شماری کے نتائج 30 اپریل کو شائع ہوں گے، سارا عمل اگست میں جا کر مکمل ہوگا جب اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی، عمران خان نے اپنے ہاتھوں حکومت ختم کی ہمیں تو خوشی ہے، سیاسی کرتبوں سے الیکشن نہیں ہوں گے، یہ وقت پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کا نہیں یکجہتی کا ہے، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔

اعتماد کا ووٹ؛ پی ٹی آئی نے غیرحاضر 2 اراکین کو شوکاز نوٹس بھیج دیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے وقت غیر حاضر رہنے والے 2 اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے۔
تحریک انصاف نے پارٹی پالیسی سے منحرف اراکین کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا، پنجاب اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کے دوران غیر حاضر رہنے والے 2 اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کردیئے، جن میں ممومنہ وحید اور فیصل فاروق چیمہ شامل ہیں۔
14 جنوری کو دونوں رہنما ذاتی حیثیت میں پارٹی چئیرمین عمران خان کے روبرو پیش ہوں گے، جنہیں آرٹیکل 63 اے کے تحت کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شوکاز میں کہا گیا ہےکہ آپ نے بطور پارلیمانی رکن پی ٹی آئی کی واضح پالیسی سے انحراف کیا، واضح ہدایات کے باوجود دونوں اراکین نے انحراف کیا۔

سونے کی قیمت میں بہت بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 23 ڈالر کے اضافے سے 1900 ڈالر کی سطح پر آنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعہ کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 5000 روپے اور 4287 روپے کا اضافہ ہوگیا۔
نتیجے میں ملکی سطح پر صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر ایک لاکھ 86 ہزار 100 روپے اور فی دس گرام قیمت ایک لاکھ 59 ہزار 551 روپے کی سطح پر آگئی۔
اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 30 روپے کے اضافے سے 2100 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 25.72 روپے بڑھ کر 1800.41 روپے کی سطح پر آگئی۔

جرمن شخص کا کتے کیساتھ رسی پھاندنے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

میونیخ: (ویب ڈیسک) ایک جرمن شخص نے اپنے کتے کے ساتھ مل کر 30 سیکنڈز میں 32 بار رسی پھاند کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
سرکس میں کام کرنے والے کتوں کو تربیت دینے والے وولف گینگ لاؤنبرگر نے اپنے کتے بالو کو اپنی پچھلی ٹانگوں پر رسی پھاندنا سِکھایا۔
کتے اور اس کے مالک نے جرمنی کے شہر اسٹکن بروک میں رسی پھاندنے کا ریکارڈ بنایا۔ دونوں نے آدھے منٹ میں 32 سے زیادہ بار رسی کود کر ریکارڈ اپنے نام کیا۔
وولف گینگ لاؤنبرگر اپنے کتے کے ساتھ متعدد گینیز ورلڈ ریکارڈ بنا چکے ہیں۔

کائنات کے ابتدائی دور میں بنتے ستاروں کی تصویرعکس بند

لندن: (ویب ڈیسک) ناسا کی جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے زمین سے 2 لاکھ نوری سال کے فاصلے پر موجود ستاروں کے جھرمٹ کی تصویر عکس بند کی ہے جس میں کائنات کے ابتدائی دور میں بنتے ستاروں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کی جانب سے جاری کی گئی NGC 346 نامی ستاروں کے اس مجمع کی تازہ ترین تصویر میں دراصل ستاروں کی 10 ارب سال پُرانی تصویر ہے۔
سائنس دانوں کی جانب سے اس جھرمٹ، جو چھوٹے سے ایک میگلینِک بادل میں موجود ہے، میں خصوصی طور پر دلچسپی لی گئی ہے کیوں کہ یہ ابتدائی وقت کی کائنات سے مشابہ ہیں جب ستارہ سازی کا عمل اپنے عروج پر تھا۔
ماہرینِ فلکیات پُر امید ہیں کہ اس خطے کا مزید مطالعہ ایسے مزید سوالات کے جوابات دے گا کہ بِگ بینگ سے صرف 2 یا 3 ارب سال بعد ’کوسمک نون‘ کے دوران ابتدائی ستارے کیسے وجود میں آئے۔
اس تصویر کے حامل تحقیقی مقالے کی مصنفہ ڈاکٹر اولیویا جونز کے مطابق ایسا پہلی ہوا ہے کہ ماہرین کسی اور کہکشاں میں کم اور زیادہ حجم والے ستاروں کے بننے کے مکمل کو دیکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ ہمارے پاس ہائی ریزولوشن پر مطالعے کے لیے بہت زیادہ ڈیٹا موجود ہے جو ہمیں اس متعلق نئی معلومات دے گا کہ ستاروں کے بننے سے ان کے ماحول کیسے وجود میں آئے اور اس سے زیادہ اہم ستارے بننے کے عمل کے متعلق بتائے گا۔