پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر پنجاب کو موصول نہ ہو سکی

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تاحال گورنر کو وصول نہ ہو سکی۔
ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کا پرنسپل سیکرٹری گورنر ہاؤس میں موجود نہیں جس کی وجہ سے سمری گورنر پنجاب تک نہیں پہنچ سکی۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے سمری موصول نہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب کو ابھی تک اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول نہیں ہوئی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ جب گورنر پنجاب کو سمری موصول ہو گی تو اس کے بعد ہم اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اسمبلی کی تحلیل، عمران خان نے خیبرپختونخوا کی پارٹی قیادت کو کل طلب کر لیا

لاہور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کے پی کے کی پارٹی قیادت کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔
ہنگامی اجلاس کل سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک میں ہو گا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود احمد خان کابینہ ارکان کے ساتھ خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔
تحریک انصاف کی دیگر لیڈر شپ بھی کل عمران خان سے ملاقات کرے گی، اجلاس میں کے پی اسمبلی تحلیل کے روڈ میپ پر بات ہوگی، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کے پی اسمبلی بھی ہفتے تک تحلیل ہو جائے۔

یورپی یونین نے اسرائیل کی انہدام پالیسی کی مخالفت کردی

برسلز: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ بیت المقدس اور دریائے اردن کے مغربی کنارے میں فلسطینی زمینوں کے انفراسٹرکچر کے انہدام کے خلاف ہیں۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق یورپی یونین کے فلسطین دفتر نے اسرائیل کی طرف سے، دریائے اردن کے مغربی کنارے کے سی زون میں یورپی یونین کے مالی تعاون سے تعمیر کی گئی عمارتوں کو مسمار کئے جانے سے متعلق تحریری بیان جاری کیا ہے۔
بیان کے مطابق لینارسک نے کہا ہے کہ یورپی یونین، اسرائیل کی آبادکاری پالیسی اور اس حوالے سے اختیار کردہ غیر قانونی اطلاقات کی بھر پور مخالفت کا، مستقل ذکر کرتی چلی آ رہی ہے۔
اسرائیل کو متعدد دفعہ یاد دہانی کروائی گئی ہے کہ سی زون سمیت مقبوضہ دریائےا ردن کے مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے بارے میں، بین الاقوامی قانون کے دائرہ کار میں، اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا جائے۔
لینارسک نے کہا ہے کہ یورپی یونین کمیشن، یورپی یونین اور دیگر عطیہ کنندگان کے مالی تعاون سے تعمیر کی گئی عمارتوں پر قبضے، ان کے انہدام اور اس انہدام کے پیدا کردہ مالی نقصان پر بغور نگاہ رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم نے اسرائیل سے متعدد دفعہ مطالبہ کیا ہے کہ یورپی یونین کے مالی تعاون کے حامل مقبوضہ یا مسمار شدہ اثاثوں کا یا تو ہرجانہ ادا کیا جائے یا پھر انہیں واپس کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسرائیل، مقبوضہ دریائےا ردن کے مغربی کنارے کے ایک بڑے حصے پر مشتمل علاقے “سی زون” میں واقع اور یورپی یونین ممالک کے مالی تعاون سے تعمیر شدہ عمارتوں اور فلسطینیوں کے بعض مکانات کو “غیر قانونی ” قرار دے کر مسمار کر رہا ہے۔

اوگرا نے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اوگرا نے 12 دن کی تاخیر سے ایل این جی کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت 14.31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر سوئی سدرن کیلئے ایل این جی کی نئی قیمت 14.51 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔
ایل این جی کی نئی مقرر کردہ قیمتیں ماہ جنوری کیلئے ہیں اوگرا ہر ماہ کی پہلی تاریخ کو ایل این جی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرتا ہے۔

شہباز شریف کی یو اے ای کے تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم سے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف نے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں اور تاجروں کو کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے، وفد کو پاکستان میں خوراک و زراعت، ہوا بازی، بجلی، متبادل توانائی، سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں پر بریفنگ دی گئی۔
محمد حسن السویدی نے اے ڈی کیو کی عالمی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے حوالے سے دلچسپی ظاہر کی۔ اے ڈی کیو مشرق وسطیٰ کے خطے کی سب سے بڑی ہولڈنگ کمپنیوں میں سے ایک ہے جس کے پاس ابوظہبی کی نان آئل معیشت کے کلیدی شعبوں کا احاطہ کرنے والے بڑے کاروباری اداروں کے متنوع پورٹ فولیو ہیں۔
ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق ، وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ سالک حسین اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔وفد میں ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ کمپنی (اے ڈی کیو) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد حسن السویدی اور انٹرنیشنل ہولڈنگز کمپنی (آئی ایچ سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید بصر شعیب اور دیگر شامل تھے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری دو دن بعد گورنر کو بھیجیں گے: بیرسٹر سیف

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان دو دن بعد اسمبلی کی تحلیل کی سمری گورنر کو بھیجیں گے۔
ترجمان صوبائی حکومت بیرسٹر علی سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کیلئے ایڈوائز آج گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کو نہیں بھیجی جائے گی۔
واضح رہے خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل فوری طور پر ممکن نہیں وہاں اپوزیشن کی جانب سے ریکوزیشن جمع کی گئی ہے، ریکوزیشن پر 42 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔
سیکرٹری اسمبلی نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جانا متوقع ہے، آئینی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل نہیں کی جاسکتی۔

گورنرپنجاب نے 2 دن میں اسمبلی نہ توڑی تو خود بخود تحلیل ہوجائے گی،فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دئیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر 48 گھنٹے کے اندر دستخط نہیں کرتے تو اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، عمران خان نےاپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کر کےعوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو نگران سیٹ اپ کے لیے خط لکھ رہے ہیں، لیڈر آف دی اپوزیشن کے اندر نگران سیٹ اپ تشکیل دی جائے گی، پنجاب، خیبرپختونخوا میں انتخابات ہونے جا رہےہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں استحکام صرف الیکشن سے آسکتا ہے، دو صوبوں میں انتخابات کا مطلب 60 فیصد الیکشن ہو گا، ملک کوقومی انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے وعدے پرعملدرآمد کر رہی ہے، وفاقی حکومت کو اپنے بل سے باہر آکر الیکشن میں جانا چاہیے۔

پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی توڑنےکی سمری پر دستخط کردیے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دئیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر گورنر 48 گھنٹے کے اندر دستخط نہیں کرتے تو اسمبلی تحلیل ہو جائے گی، عمران خان نےاپنا وعدہ پورا کر دیا ہے، ہم نے اپنی حکومتیں ختم کر کےعوام میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایم کیو ایم شاہراہ فیصل پر دھرنا دے یا سرکس کرے الیکشن تو ہوں گے، خرم شیر زمان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم شاہراہ فیصل پر دھرنا دے یا سرکس کرے الیکشن تو ہوں گے، کراچی کے عوام متحدہ کی چکنی چپڑی باتوں میں نہیں آنے والے۔
ایم کیو ایم کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ زیادتی کے شکوے، حقوق کی باتیں، ان ڈرامے بازوں کو آسکر ملنا چاہیئے، رونے دھونے کے بجائے ایم کیو ایم پیپلز پارٹی سے اپنا اتحاد ختم کرے، مایوس کن پریس کانفرنس نے ظاہر کر دیا یہ اپنی شکست تسلیم کر چکے۔
خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ 40 برسوں سے کراچی کے عوام کی پیٹھ میں یہ چھرا گھونپتے رہے، بلدیاتی الیکشن میں رکاوٹیں ڈالنا توہین عدالت کے مترادف ہے، مصطفیٰ کمال جنہیں را کا ایجنٹ کہتے تھے آج یوٹرن لے کر بھی شرمندہ نہیں، ایم کیو ایم کی یہ عجب پریم کی غضب کہانی زیادہ دن نہیں چلے گی۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں ایم کیو ایم کو منہ کی کھانا پڑے گی، بلدیاتی الیکشن میں تمام کراچی دشمن جماعتوں کی چھٹی ہوجائیگی، پی ٹی آئی کراچی میں ہر صورت اپنا مئیر لے کر آئے گی۔

آزاد جموں و کشمیر میں مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری

مظفرآباد: (ویب ڈیسک) آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات 2022ء کے بعد مخصوص نشستوں پر انتخاب کیلئے شیڈول جاری کر دیا۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان نے بتایا ہے کہ مختلف کونسلز میں خواتین، یوتھ اور کسانوں کی نشستوں پر انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی 18سے 19 جنوری 2023ء دن 3 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
شیڈول کے مطابق 20 جنوری کو ان کاغذات کی جانچ پڑتال اور سکروٹنی کی جائے گی، 21سے 23 جنوری تک کاغذات نامزدگی کی مستردگی کے خلاف ٹریبونل کے پاس اپیلیں دائر کی جا سکیں گی۔
محمد غضنفر خان نے بتایا کہ 24 اور 26 جنوری کو ان اپیلوں پر فیصلے دیئے جائیں گے، 27 جنوری کو دن 2 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے، 27 جنوری دن 2 بجے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کے مطابق مخصوص نشستوں پر یکم فروری 2023 کو دن 10 بجے سے سہ پہر 2 بجے تک پولنگ ہو گی۔