افغانستان کیخلاف سیریز نہ کھیلنے پر نوین الحق نے بگ بیش لیگ چھوڑ دی

سڈنی: (ویب ڈیسک) افغانستان کرکٹ ٹیم کے پیسر نوین الحق نے کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے افغانستان کے ساتھ کھیلنے کے انکار پر بگ بیش لیگ چھوڑی دی۔
بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسز کی نمائندگی کرنے والے افغان فاسٹ بولر نوین الحق سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ لیگ کے میچز میں مزید شرکت نہ کی جائے جب تک کرکٹ آسٹریلیا ایسے بچگانہ فیصلے کو نہیں روکے گا۔
انہوں نے لکھا کہ پہلے ٹیسٹ اور اب ون ڈے سیریز سے دستبرداری کیسے کی جاسکتی ہے۔
قبل ازیں کرکٹ آسٹریلیا نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں شیڈول 3 میچوں پر مشتمل افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
بورڈ نے موقف اپنایا تھا کہ افغانستان کے خلاف میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ طالبان کی جانب سے خواتین اور لڑکیوں کی ملازمت اور تعلیم پر پابندی کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

راکھی ساونت نے اسلام قبول کر کے اپنا نام بھی تبدیل کر لیا

ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے اپنے دوست عادل خان سے شادی کرکے اسلام قبول کر لیا۔
گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر بھارتی ڈانسر اور اداکارہ راکھی ساونت کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں ان میں سے ایک ویڈیو میں راکھی کو اسلام قبول کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
راکھی نکاح سے قبل کلمہ پڑھ کر مسلمان ہوئیں جس کے بعد انہوں نے اپنا مسلمان نام بھی رکھ لیا، سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکارہ نے اپنا نیا نام فاطمہ رکھ لیا ہے۔
اداکارہ کے نکاح نامے پر بھی ان کا نام فاطمہ راکھی ساونت لکھا ہوا ہے جبکہ اداکارہ نے دستخط میں بھی یہی نام درج کیا ہے۔
راکھی ساونت نے عادل خان سے شادی دھوم دھام سے کرنے کے بجائے سادگی سے گھر والوں اور چند دوستوں کی موجودگی میں کرنے کا فیصلہ کیا اداکارہ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی وائرل ہونے والی شادی کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنی شادی کی تصدیق کر دی ہے۔

صرف تین سیکنڈ میں آپ کی آواز کی ہوبہو نقل کرنے والا سافٹ ویئر

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) مائیکرو سافٹ نے مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک اے آئی سافٹ ویئر بنایا ہے جو صرف تین سیکنڈ تک کسی کی بھی آواز سن کر اس کی ہوبہو نقل بناتا ہے۔ یہ سافٹ ویئر آواز کی کھرج، جذباتی لہجے اور اتار چڑھاؤ کی بھی نقل کرتا ہے۔
انسانی آواز چرانے والے اس سافٹ ویئر کا نام وال ای، اے آئی رکھا گیا ہے۔ اس سے قبل مائیکرو سافٹ مشہور مصوروں کی پینٹنگ کی نقل کرنے والا ایک اور پروگرام ڈیل ای بنا چکا ہے۔ اب یہ ماڈل ٹیکسٹ ٹو اسپیچ ہے یعنی لکھے الفاظ کو آواز میں بدلتا ہے۔ یہ دنیا میں کسی بھی شخص کی آواز کی نقل کرسکتا ہے جس کے لیے اسے تین سیکنڈ کی آڈیو فائل درکار ہوگی۔ تاہم مزید بہتری کے لیے قدرے طویل آڈیو فائل کی ضرورت ہوسکتی ہے۔ سافٹ ویئر اس حد تک مؤثر ہے کہ یہ آواز کے زیروبم اور آواز کے جذباتی اتارچڑھاؤ کی بھی نقالی کرسکتا ہے۔
اس طرح آپ وال ای سے کسی بھی شخصیت سے وہ الفاظ ادا کرواسکتے ہیں جو اس نے کبھی نہیں کہے۔ اس سے جعلی آڈیوز اور فیک ریکارڈنگ کا ایک نیا سیلاب بھی آسکتا ہے اور طرح طرح کےمسائل جنم لےسکتے ہیں۔ مائیکروسافٹ کےمطابق مصنوعی ذہانت پر مبنی اس کے الگورتھم کو انگریزی زبان کی 60 ہزار گھنٹوں کی آواز پر تربیت فراہم کی گئ ہے۔ ان میں کہانی سنانے والے اور کتاب پڑھنے والوں کی آواز بھی شامل ہیں۔
تاہم ریکارڈ کی گئی آواز کے نمونے یا واٹس ایپ پیغامات پر اس کا معیار کچھ گرسکتا ہے تاہم اگر کوئی وال ای پر براہِ راست اچھے مائیک سے آواز ریکارڈ کرتا ہے تو سافٹ ویئر کےنتائج حقیقت سے قریب تر ہوتے ہیں۔ تاہم آزاد تجزیہ نگاروں نے کہا ہے کہ مائیکروسافٹ کےدعووں کے برعکس سافٹ ویئر نے بہت واجبی صلاحیت دکھائی۔
تاہم مائیکروسافٹ نےکہا ہےکہ اس کے کچھ فوائد بھی ہوسکتے ہیں۔ اگر کوئی فنکار فلم کی ڈبنگ درمیان میں چھوڑ کر کہیں اور مصروف ہوجاتا ہے تو اس کی ڈبنگ سافٹ ویئر سے کی جاسکتی ہے۔ اس طرح کےچھوٹے امور وال ای اے آئی اچھی طرح نبھا سکتا ہے۔

ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں بڑا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں آج بھی بڑا اضافہ ہوا ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 1100 روپے اضافے کے بعد ملک میں ایک تولہ سونے کا بھاؤ ایک لاکھ 81 ہزار 100 روپے ہوگیا ہے۔
10 گرام سونے کا بھاؤ 943 روپے اضافے سے ایک لاکھ 55 ہزار 264 روپے ہے۔
عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ ایک ڈالر اضافے سے 1877 ڈالر فی اونس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا ملا جلا رجحان

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا ملا جلا رجحان رہا۔
100 انڈیکس 45 پوائنٹس اضافے سے 40803 پر بند ہوا، کاروباری دن میں 100 انڈیکس 548 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا، 17 کروڑ 54 لاکھ شیئرز کے سودے 5.89 ارب روپے میں طے ہوئے۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 14 ارب روپے اضافے سے 6506 ارب روپے ہے۔

ملک میں ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 228 روپے 14 پیسے رہا، انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ 21 پیسے بڑھا ہے۔ گذشتہ روز انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھاؤ 227 روپے 93 پیسے تھا۔
اس کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 50 پیسے اضافے سے 238 روپے 50 پیسے پر بند ہوا ہے۔

پاکستان ریلوے سٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت ریلوے نے مالی خسارے سے بچنے کے لیے ریلوے سٹیشنز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع وزارت ریلوے کے مطابق معاشی خسارے کو کم کرنے کیلئے سکریپ کی فروخت سمیت اہم اقدامات پہلے ہی زیر غور ہیں، پہلے مرحلے میں لاہور اور کراچی کے ریلوے جنکشنز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔
وزارت ریلوے کے مطابق لاہور اور کراچی کے علاوہ باقی جنکشنز کو بھی مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا، واضح رہے کہ وزارت ریلوے کو روزانہ کی بنیاد پر ساڑھے چار کروڑ خسارے کا سامنا ہے۔

پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے: سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان

لاہور: (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے۔
سبطین خان نے مزید کہا کہ چودھری پرویز الہٰی نے تمام اختیارات چیئرمین پی ٹی آئی کو دے دئیے، میں نے وعدہ کیا تھا 11 جنوری کو اعتماد کا ووٹ نہیں لیں گے، اپنے وعدے کے مطابق 11 کو نہیں بلکہ 12 جنوری کو ووٹنگ کروائی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے 3 دن 186 ارکان کی رٹ لگائی رکھی، جب ہم نے 186 ارکان پورے کر لیے تو کہنے لگے ووٹنگ نہ کروائیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ لٹک گیا، اپوزیشن رکاوٹ بن گئی

پشاور: (ویب ڈیسک) پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ کی تحریک کامیاب ہونے کے بعد خیبرپختونخوا میں اسمبلی کی تحلیل کا معاملہ لٹک گیا، اپوزیشن نے رکاوٹ کھڑی کر دی۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل اپوزیشن کی جانب سے ریکوزیشن جمع ہونے پر فوری ممکن نہیں، ریکوزیشن پر 42 ارکان اسمبلی کے دستخط موجود ہیں، ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد سپیکر 14 دن کے اندر اسمبلی اجلاس بلانے کے پابند ہے۔
سیکرٹری اسمبلی نے بتایا کہ فوت شدہ ممبر کے دستخط سے ریکوزیشن متاثر نہیں ہوگی،ریکوزیشن پر دیگر ممبران کے دستخط میچ نہ کرنے سے بھی مسئلہ نہیں بنے گا۔
سیکرٹری اسمبلی نے مزید کہا کہ آئندہ ہفتے میں اسمبلی اجلاس طلب کیا جانا متوقع ہے، آئینی ماہرین کا بھی کہنا ہے کہ ریکوزیشن جمع ہونے کے بعد اسمبلی تحلیل نہیں کی جاسکتی۔

لیپ ٹاپ گم ہونے پر گاہک بے قابو، اپنی گاڑی ہوٹل کے اندر گھسا دی

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں ایک گاہک نے غصے میں اپنی گاڑی ہوٹل کے شیشے پر دے ماری اور گاڑی لے کر ہوٹل کی لابی تک آگیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے شہر شنگھائی میں واقع ایک ہوٹل میں 28 سالہ گاہک نے الزام عائد کیا کہ ہوٹل والوں نے اس کا لیپ ٹاپ گما دیا جس میں انتہائی اہم معلومات تھیں۔
گاڑی ہوٹل سے ٹکرانے کے بعد ہوٹل ملازمین سے گاہک کی تکرار ہوئی جس میں ہوٹل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے لیپ ٹاپ گم نہیں کیا، ساتھ ہی انتظامیہ نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہوسکتا ہے لیپ ٹاپ کسی نے چوری کیا ہو۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہاں موجود لوگ چیخ و پکار کر رہے ہیں جب کہ گاہک کو گاڑی ٹکرانے پر برا بھلا بھی رہے ہیں، اس کے علاوہ کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ’کیا آپ کو احساس ہے کہ آپ نے ابھی کیا کیا‘؟۔
کچھ افراد کو گاڑی سے ڈرائیور کو باہر نکالتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق ہوٹل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ مذکورہ شخص کا لیپ ٹاپ ہوٹل کے باہر سے مل گیا ہے جب کہ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا تاہم گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔