چیف آف ایئر سٹاف گالف چیمپئن شپ کا آغاز کل سے ہوگا

کراچی: (ویب ڈیسک) 42 ویں چیف آف ایئر اوپن سٹاف گالف چپمئن شپ کا آغاز کل 12 جنوری سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کرنل زاہد نے کہا کہ چیف آف ایئر سٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کے مقابلے پاکستان ایئر فورس بیس کورنگی میں ہونگے۔
کرنل زاہد نے بتایا کہ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کرلئے، ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ دس لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔

روپے کے مقابلے ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے تیسرے روز ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر معمولی کم ہوئی۔
انٹر بینک میں ڈالر 5 پیسے اضافے کے ساتھ 227 روپے 93 پیسے پر بند ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر ایک روپے اضافے کے ساتھ 238 روپے پر فروخت ہوا۔

سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان، 100 انڈیکس میں 43 پوائنٹس کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کا رحجان دیکھنے میں آیا، کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مارکیٹ میں 100 انڈیکس 43 پوائنٹس کمی کے ساتھ 40 ہزار 758 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔

فرانس : ریلوے اسٹیشن پر چاقو کے حملے میں 6 افراد زخمی

فرانس : (ویب ڈیسک) پیرس کے ‘گار ڈو نورڈ’ ریلوے اسٹیشن پر چاقو سے مسلح شخص کے حملے میں ایک پولیس اہلکار سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس کے گار ڈو نورڈ ریلوے اسٹیشن پرانتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا ، ہاٹس ڈی فرانس علاقائی ایکسپریس رسل و رس نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ گار ڈو نورڈ ریلوے اسٹیشن پر ایک، چاقو سے مسلح، حملہ آور نے بہت سے افراد کو زخمی کر دیا ہے۔
صحت کے عملے نے زخمیوں کو فوری طبّی امداد فراہم کی اور حملہ آور کو حراست میں لے کر جائے وقوعہ سے دُور ہٹا دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق حملے کے باعث ریلوے اسٹیشن کچھ دیر تک بند رہنے کے بعد دوبارہ بحال کردیا گیا ہے ۔

پارٹی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ

لاہور: (ویب ڈیسک) پارٹی فنڈنگ کیس کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی کی اپیل پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کر لیا، تین رکنی لارجر بینچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔
جسٹس میاں گل حسن نے ریمارکس دئیے کہ اگر پی ٹی آئی الیکشن کمیشن کو مطمئن کر دے فنڈز ممنوعہ نہیں تو کیا ہو گا؟ جس پر وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہمارے پاس اپنے فیصلے پر نظرثانی کا اختیار نہیں ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ تو پھر پی ٹی آئی کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا مقصد کیا ہوا؟ آپ کے پاس فیصلہ بدلنے کا اختیار نہیں مگر نئے حقائق سامنے آجائیں تو؟ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو پتہ چل جائے فنڈز ممنوعہ نہیں تو فیصلہ تو بدلنا ہو گا۔
عدالتی کارروائی کے دوران جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ آج لگتا ہے الیکشن کمیشن کے وکیل نئی ہدایت لے کر آئے، آج انہیں بتایا گیا کہ عدالت کو کہیں ہم نے جو فیصلہ کر لیا اسی پر رہنا ہے، کیا مائی لارڈ جو کہہ رہے ہیں الیکشن کمیشن کا وہی فیصلہ ہے؟ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ جی ہم اپنے فیصلے پر نظرثانی نہیں کر سکتے ، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ پھر شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فائدہ کیا ہوا؟ پھر توالیکشن کمیشن کیخلاف پی ٹی آئی کو ہم یہاں ہی سن لیتے ہیں۔
تین رکنی لارجر بینچ نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

صدر مملکت نے سینیٹ اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس 13 جنوری کو طلب کر لیا ہے۔
اجلاس جمعہ صبح 10:30 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا، صدر مملکت نے اجلاس آئین کے آرٹیکل 54 ایک کے تحت طلب کیا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عرب دنیا کے بااثر ترین لیڈر بن گئے

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان عرب دنیا کے بااثر ترین لیڈر قرار پائے ہیں۔
سعودی عرب کی معروف نیوز ویب سائٹ کے مطابق آر ٹی ٹی وی چینل کی جانب سے عرب کے اہم لیڈران کے حوالے سے سروے کروایا گیا جس میں 70 لاکھ سے زائد افراد نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ووٹ دیا۔
ٹی وی چینل کی جانب سے یہ سروے 15 دسمبر 2022 سے 9 جنوری 2023 تک کیا گیا ہے جس میں 11 ملین افراد نے شرکت کی، سروے میں شامل 62.3 فیصد افراد نے شہزادہ محمد بن سلمان کو بااثر ترین لیڈر قرار دیا ہے۔
امارات کے صدر شیخ محمد زاید دوسرے بااثر ترین لیڈر قرار پائے ہیں، انہیں 29 لاکھ افراد نے ووٹ دیا ہے جبکہ مصری صدر عبد الفتاح السیسی کو بااثر عرب لیڈروں کی فہرست میں تیسرا نمبر ملا ہے، گزشتہ سال بھی سروے میں شہزادہ محمد بن سلمان پہلے لیڈر قرار پائے تھے۔

مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی و قانونی حیثیت برقرار رہنی چاہیے، پوپ فرانسس

روم: (ویب ڈیسک) کیتھولک چرچ کے سربراہ اور مسیحوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے مقبوضہ بیت المقدس کی تاریخی اور قانونی حیثیت کو برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق پوپ فرانسس نے ویٹی کن سٹی میں سفارت کاروں سے سالانہ ملاقات میں مقبوضہ بیت المقدس میں بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس کو تنازعات کا تھیٹر ہونے کی بجائے امن کا فورم ہونا چاہیے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلسطین اور اسرائیل بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق براہ راست مذاکرات کو بحال کریں گے۔
ویٹی کن سٹی کے لیے فلسطین کے سفیر عیسٰی قسیسیہ نے پوپ فرانسس کو صدر محمد عباس کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور زور دیا کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں انصاف، امن اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے لیے دعا کریں۔

نیتن یاہو کے عہدہ سنبھالتے ہی فلسطینیوں کے خلاف امتیازی قانون سازی کا آغاز

تل ابيب: (ویب ڈیسک) نیتن یاہو کے دوبارہ وزیراعظم بنتے ہی اسرائیلی پارلیمنٹ نے مغربی کنارے کے یہودی آبادکاروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے فلسطینیوں کے خلاف امتیازی قانون سازی کا آغاز کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی پارلیمنٹ نے راتوں رات ایک ایسے قانون کو بحال کرنے پر ووٹنگ شروع کر دی جس سے مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کو شہری قوانین کے ماتحت کردیا جائے گا جب کہ ان کے فلسطینی پڑوسیوں کو فوجی عدالتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کالے قانون کے حق میں 58 ارکان نے ووٹ دیا جب کہ مخالفت میں 13 ووٹ پڑے۔ آئین کے تحت اس قانون کو مزید دو بار اسمبلی میں حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اگر یہ قانون نافذ ہوجاتا ہے تو مغربی کنارے پر غیر قانونی طریقے سے قابض 4 لاکھ 75 ہزار یہودی آبادکاروں کو اسرائیل کے باضابطہ شہریوں کے برابر حقوق مل جائیں گے اور فلسطینی شہریوں کی حالت قابض یہودیوں کے سامنے غلاموں جیسی ہوجائے گی۔
نیتن یاہو حکومت کے کٹر یہودی وزیر انصاف یاریو لیون نے یہودی آبادکاروں کی بستیوں کو تقویت دینے کے اپنے مذموم عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مغربی کنارے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی پوری سرزمین پر اپنا حق دوبارہ حاصل کرنا شروع کر دیا ہے۔
فلسطین کی وزارت خارجہ نے اس کالے قانون کو نسل پرستانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا مقصد مقبوضہ مغربی کنارے پر یہودی آبادکاروں کو مزید طاقتور اور مستحکم کرکے فلسطینیوں کو ان کے آبائی گھروں سے بیدخل کرنا ہے جو عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

گورنر سندھ سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبدالرحمٰن الشیبی کی ملاقات 

کراچی: (ویب ڈیسک) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے خانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد الرحمٰن بن صالح ذین العابدین الشیبی نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ خانہ کعبہ کے کلید بردار کی گورنر ہاﺅس آمد اعزاز کی بات ہے۔
شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین الشیبی نے گورنر ہاؤس کی مسجد میں ظہر کی نماز کی امامت بھی کی اور گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور گورنر ہاؤس کے افسران اور ملازمین نے ان کی اقتدا میں نماز ادا کی، اس موقع پر ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ اس وقت پورے ملک میں توانائی بحران ہے اس ضمن میں گورنرہاﺅس کی آج سے 50 فیصد لائٹس بند رکھی جائیں گی، میں شہریوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ 25 فیصد بجلی کم استعمال کریں، اس طرح بجلی بچا کر ہم بہت سے مسائل کو حل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شادی ہال مالکان بلا وجہ لائٹیں مت جلائیں جتنا ممکن ہو سکے بجلی کی بچت کو یقینی بنائیں۔