الیکشن سے بھاگیں گے تو غیر جمہوری طاقتیں فائدہ اٹھائیں گی، علی محمد خان

بھلوال: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمینٹری افیئر اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ الیکشن سے بھاگیں گے تو غیر جمہوری طاقتیں فائدہ اٹھائیں گی، سیاستدان اپنے مسائل خود حل کریں کسی اور طرف اشارے نہ کریں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر مملکت برائے پارلیمینٹری افیئر نے کہا کہ سب سے غلطیاں ہوئی ہیں سب ایک قدم پیچھے ہٹ کر پاکستان کے مسائل کا حل نکالیں، پوری قوم ون پوائنٹ ایجنڈے پر عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، کل تک ایک دوسرے کو پتھر مارنے والے اچانک گلے مل رہے ہیں کوئی بات تو ہے۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کا شکار ہیں لیکن قومی سلامتی کے اجلاس میں ان صوبوں کے وزراء اعلیٰ کو نہیں بلایا گیا۔

میرٹ پر بھرتیاں، کارکردگی پر ترقی ہی سرکاری اداروں کو تباہی سے بچا سکتی ہے، محسن لغاری

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر خزانہ پنجاب سردار محسن خان لغاری نے کہا ہے کہ ملکی نظام میں خرابی کا آغاز میرٹ کی قربانی سے ہوا، اس وقت میرٹ پر بھرتیاں، کارکردگی کی بنیاد پر ترقی ہی سرکاری اداروں کو تباہی سے بچا سکتی ہے۔
صوبائی وزیر خزانہ سردار محسن خان لغاری نے پنجاب مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈویلپمنٹ کے زیر اہتمام سرکاری افسروں کے پروموشنل کورس میں بطور گیسٹ سپیکر شرکت کی اور کورس کے شرکاء سے پاکستان کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی گفتگو کی۔
سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ فیڈریشن کی مضبوطی یونٹس کے استحکام سے مشروط ہے، این ایف سی وفاق مخالف ایجنڈا ہے، پارلیمنٹ کو این ایف سی کے معاملہ پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، اگر جمہوریت مسائل کا حل نہیں تو فیڈریشن بھی مسائل کا حل نہیں، ملک میں سیاسی استحکام کے لیے سیاسی جماعتوں خود اپنے اندر جمہوریت کو یقینی بنانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہماری تمام بڑی جماعتیں شخصیت پرستی کو فروغ دے رہی ہیں، گورننس کی خرابی صرف سیاسی جماعتوں کے سبب نہیں اس میں بیوروکریسی بھی شراکت دار ہے، ملکی نظام میں خرابی کا آغاز میرٹ کی قربانی سے ہوا، اختیارات کے غلط استعمال اور قوانین سے انحراف نے اداروں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہم آگے تو بڑھے لیکن ہماری سمت درست نہیں رہی۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ 1960ء کی دہائی میں دنیا نہری نظام کے لیے پنجاب کی طرف دیکھ رہی تھی، سرکاری سکولوں میں ٹاٹ پر بیٹھ کے پڑھنے والے کامیاب اداروں کے سربراہ تھے، آج سرکاری سکولوں کے اساتذہ خود وہاں اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے کے روادار نہیں۔
محسن خان لغاری نے کہا کہ اس وقت میرٹ پر بھرتیاں، کارکردگی کی بنیاد پر ترقی ہی سرکاری اداروں کو تباہی سے بچا سکتی ہے، رولز آف بزنس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عوامی اعتماد کی بحالی کو یقینی بنائے گی، قرضوں کی فراہمی کے لیے آئی ایم ایف کی شرائط خود ہماری ترجیح ہونی چاہئیں تھیں۔
صوبائی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ٹیکس وصولیوں میں اضافہ اور سبسڈی پر نظر ثانی آئی ایم ایف کے نہیں ہمارے مفاد میں ہے، ٹیکسوں کی شرح میں اضافہ ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کے سبب ہوتا ہے، ایگری کلچر ٹیکس کے نفاذ سے صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافہ ممکن ہے، بدقسمتی سے 12 ایکڑ سے زائد اراضی کے بہت سے مالکان اسمبلیوں کا حصہ ہیں۔
سردار محسن خان لغاری نے کہا کہ جب تک سرکاری ملازمین اور سیاست دان کارکردگی پر سوال کو انتقامی کارروائی قرار دیتے رہیں گے ملکی مسائل ممکن نہیں، بیوروکریسی اپنے حصے کا کردار ادا کرے، گورننس از خود درست سمت اختیار کرے گی۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر کو نوٹس جاری

اسلام آباد:(ویب ڈیسک) الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وفاقی وزیر کامرس سید نوید قمر کو نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر کو خود یا زریعہ وکیل ڈی ایم او آفس پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے نوٹس میں کہا ہے کہ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ترقیاتی سکیموں کا اعلان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے وفاقی وزیر سید نوید قمر نے 7 جنوری کو سندھ کے علاقے ٹنڈو محمد خان کے دورے پر ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔

اعتماد کے ووٹ پر سماعت کل ہوگی، (ن) لیگی اراکین کو لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کی ہدایت

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے اعتماد کے ووٹ کے حوالے سے سماعت کل لاہور ہائی کورٹ میں ہوگی۔
سماعت کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اراکین اسمبلی کو لاہور ہائی کورٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی گئی، متحدہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ میں اکھٹے ہوں گے۔
سماعت ختم ہونے تک تمام اراکین اسمبلی عدالت موجود رہیں گے، اس کے علاوہ اراکین اسمبلی کو لاہور میں ہی مقیم رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، اراکین اسمبلی سماعت کے بعد اسمبلی پہنچیں گے۔

کونسی پارٹی مقبول ہے، اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں پتا چل جائے گا: طارق فضل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن کرائے جائیں، بارہ چودہ گھنٹے کے اندر الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا تھا، انتظامی بنیادوں پر الیکشن کرانا ممکن نہیں تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن 31 دسمبر کو ہونا تھے، 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن کو ملتوی کر دیا تھا، اسلام آباد کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اسلام آباد کی یونین کونسل کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے یونین کونسل کی تعداد بڑھانے کی دستاویز مانگی ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا اسلام آباد کے میئر کو مکمل بااختیار بنائیں گے، اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے بعد میونسپل کارپوریشن ایک ماڈل ہو گی، الیکشن ہوگا تو پتا چل جائے گا کونسی جماعت مقبول جماعت ہے، مسلم لیگ (ن) کے پاس امیدوار پورے نہ ہونے کا جھوٹا پروپگنڈا کیا جا رہا ہے، ہمارے پاس امیدوار پورے ہیں، عدلیہ کے خلاف شرمناک ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جو بھی عدالت کا فیصلہ ہو گا من و عن قبول کیا جائے گا، پی ٹی آئی عدالتوں سے مرضی کے فیصلے لینا چاہتی ہے، کوئی بھی ادارہ پی ٹی آئی کے مذموم ہتھکنڈوں سے محفوظ نہیں، سول بنچ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن انٹرا کورٹ اپیل میں گئے، اس وقت اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے۔
طارق فضل چودھری نے کہا تحریک انصاف عدالتی کارروائی پر اثر انداز ہو رہی ہے، ابھی تو فیصلہ آیا نہیں لیکن اسے متنازع بنایا جا رہا ہے، جھوٹے پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہیں، پہلے یہ سوشل میڈیا پر افواج پاکستان پر حملہ آور ہوئے تھے، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے تحریک انصاف کو ریلیف ملا۔

وزیراعلیٰ کا فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی کے واقعہ کا نوٹس

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا فیصل آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے مبینہ زیادتی کے وا قعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آرپی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ملزمان کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان قانون کے مطابق قرار واقعی سزا کے حقدار ہیں، کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں اور متاثرہ خواتین ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
چند روز قبل فیصل آباد کے نواحی گاؤں 242 رب میں ایک مقامی زمیندار کے ڈیرے پر رہائش پذیر مزارعے اور اس کے اہل خانہ کے ساتھ پیش آیا، ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں نے 2 خواتین کو بھی مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق متاثرہ خواتین کا میڈیکل بھی کروایا گیا لیکن میڈیکل رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئیں، متاثرہ خاندان کے شبہ پر ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی تفتیش کے لئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

 

امریکی صدر جوبائیڈن کے سابق دفتر سےخفیہ دستاویزات برآمد

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن کے سابق نجی دفتر سے خفیہ دستاویز ات ملی ہیں جس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق بائیڈن کی قانونی ٹیم کوگزشتہ سال نومبر میں واشنگٹن کے پین بائیڈن سینٹر سے تقریباً 10 فائلیں ملی تھیں، جنہیں نیشنل آرکائیوز کے حوالےکر دیا گیا ہے۔
پین بائیڈن سینٹر وائٹ ہاؤس سے ایک میل دور واقع ایک تھنک ٹینک ہے جہاں 2017 سے 2020 کے دوران بائیڈن کا آفس تھا۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہےکہ امریکی محکمہ انصاف صدر بائیڈن کے سابق دفتر سے ملنے والی ممکنہ طور پر خفیہ دستاویزات کا جائزہ لے رہا ہے۔
خیال رہےکہ امریکی صدر بائیڈن کے پیشرو ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی عہدہ صدارت سے ہٹنے کے بعد خفیہ دستاویزات اپنے ساتھ لے جانےکے الزامات میں تحقیقات کا سامنا ہے۔
ٹرمپ کےگھر سے حساس دستاویزات برآمد ہونےکے بعد اپنے ردعمل میں بائیڈن نےکہا تھا کہ ‘کیا کوئی اتنا غیرذمہ دار بھی ہوسکتا ہے؟’
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی تحقیقاتی ایجنسی ایف بی آئی بھی پین بائیڈن سینٹر سے ملنے والی خفیہ دستاویزات کی تحقیقات میں شامل ہے، اس سلسلے میں امریکی اٹارنی جنرل کو کاغذات کا جائزہ لینےکے لیے بھی کہا گیا ہے۔
صدر بائیڈن کے وکیل کا کہنا ہےکہ یہ دستاویزات اس وقت کی ہیں جب بائیڈن نائب صدر تھے، تاہم یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ یہ کس قسم کی دستاویزات ہیں،کتنی حساس ہیں اور بائیڈن کے سابق آفس میں کیا کر رہی تھیں؟
ذرائع نے امریکی ٹی وی کو بتایا ہےکہ دستاویزات میں جوہری معلومات نہیں اور یہ پین بائیڈن سینٹر میں ایک ڈبے میں دیگر عام کاغذوں کے ساتھ پڑی ہوئی تھیں۔
امریکی صدر کے نمائندہ خصوصی نے اس حوالے سےکہا ہےکہ دستاویزات ملنے کے بعد سے امریکی صدرکے وکیل نیشنل آرکائیوز اور محکمہ انصاف سے مکمل تعاون کر رہے ہیں، تاہم انہوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کہ دستاویزات ملنےکے واقعےکو تقریباً 2 ماہ بعد کیوں سامنے لایا جا رہا ہے اور وہ بھی ایسے وقت جب مڈٹرم الیکشن بھی سر پر ہیں۔
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا سائٹ ٹرتھ سوشل پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہےکہ ‘ایف بی آئی کب جوبائیڈن کےگھر پر اور وائٹ ہاؤس پر چھاپہ مار رہی ہے؟’

4.5 کلومیٹر طویل بریڈ کی قطار بنانے کا گینیز ورلڈ ریکارڈ

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو کی ایک جامعہ نے 14 ہزار 360 تازہ روایتی بریڈ کو ترتیب دے کر 4.5 کلو میٹر طویل قطار بنا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
میکسیکو کی ریاست باہا کیلیفورنیا میں قائم وزکایا میکسیکلی یونیورسٹی کے طلبا اور فکلٹی ممبران نے ایک روایتی بریڈ کو ترتیب دے کر 4.5 کلومیٹر کی لمبائی قطار بنائی۔
موقع پر گینیز ورلڈ ریکارڈ کا ایک نمائندہ کوشش کی تصدیق کے لیے موجود تھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 9 ہزار 874 فٹ اور 2.15 انچ لمبی قطار کا تھا، جو میکسیکن شہر ٹِزِیمن میں 2020 میں بنایا گیا تھا۔
یونیورسٹی کے مطابق ریکارڈ کے لیے 440 افراد نے 90 گھنٹوں سے زیادہ وقت تک کام کیا۔

سونے کی قیمت میں 3 ہزار 300 روپے کی کمی

کراچی: (ویب ڈیسک) کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 3 ہزار 300 روپے کی کمی ہوئی ہے۔
سندھ صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی نئی قیمت ایک لاکھ 81 ہزار800 روپے ہوگئی ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی نئی قیمت میں 2 ہزار 829 روپے کی کمی کے ساتھ ایک لاکھ 55 ہزار 864 روپے ہوگئی ہے۔

ہمارے 5 ایم پی ایز کو 1 ارب 20 کروڑ روپے کی آفر کی گئی: فواد چودھری

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہمارے 5 ایم پی ایز کو ایک ارب 20 کروڑ کی آفر کی گئی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہماری ایک ایم پی اے مومنہ وحید کو پانچ کروڑ دیئے گئے ہیں، مظفرگڑھ کے ایم پی اے کو نامعلوم نمبروں سے کال اور رشوت کی آفر کی گئی، پی ڈی ایم کی طرف سے پانچ ایم پی ایز کو پیسوں کی آفر کی جا رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ نامعلوم نمبروں سے کال، پی ڈی ایم کی طرف سے رشوت کی آفرز کی انکوائری ہونا ضروری ہے، نئے آرمی چیف سے درخواست کرتے ہیں سیاست میں مداخلت کو انشور کیا جائے، ادارے پرالزامات لگ رہے ہیں، ہم اداروں سے جھگڑا نہیں ورکنگ ریلیشن چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا الیکشن کمیشن کے وارنٹ کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کیلئے عدالت جائیں گے، الیکشن کمیشن انتخابات کرانے کےعلاوہ ہر کام کر رہا ہے، الیکشن کمیشن آئین و قانون کے مطابق چلے، پنجاب، خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کو تحلیل کر کے ہم آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت نیم مارشل لا کی کیفیت ہے، پنجاب اسمبلی میں آج ہمارے نمبرز188 سے زائد ہیں، مومنہ وحید لوٹی کےعلاوہ تعداد 188 ہے، انتخابات سے ہی پاکستان میں سیاسی استحکام لایا جا سکتا ہے، بدقسمتی سے الیکشن کی کوششوں کو روکا جا رہا ہے۔