بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی: ذلفی بخاری

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی، ٹیلی گراف ایکٹ 1985 اور سیکرٹ ایکٹ کے تحت آڈیو لیکس پر کیس کروں گا۔
نیب راولپنڈی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ القادر یونیورسٹی بنی ہوئی ہے وہاں 200 طالبعلم بھی زیر تعلیم ہیں، نیب نے عزت دی اور پیشہ وارانہ انداز سے بات کی، ڈونیشن آپ نیک نیتی سے دیتے ہیں، این سی اے اور یونیورسٹی کا کوئی لنک نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ مجھےسوالنامہ دیاگیاہےاس کا کل پرسوں تک جواب دے دوں گا، مجھے بطور گواہ بلایا گیا ہے بطور ملزم نہیں، اگر قانون توڑا گیا ہے تو بتائیں کہ کہاں قانون توڑا گیا۔
آڈیو لیک کے حوالے سے ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ وزیراعظم کی محفوظ لائن کو کون ریکارڈ کررہا ہے؟ ٹیلی گراف ایکٹ 1985 اور سیکرٹ ایکٹ کے تحت آڈیو لیکس پر کیس کروں گا، یہ آڈیوز ایڈیٹ کرکے بنائی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی مجھے بیٹا کہتی تھی وہ آڈیو تو نہیں نکلی، دو تین ادارے ہی ہوتے ہیں،جن کے پاس آڈیوز ہوتی ہیں، ٹیم کام کررہی ہے کہ وہ آڈیو لیک کس نے نکالی ہے جس نے سب سے پہلےآڈیو نکالی پتہ چل جائے گا کہ وہ ٹاؤٹ ہے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی ذلفی بخاری کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے زمین القادر یونیورسٹی کو منتقل کرنے کے الزام میں پوچھ گچھ کیلئے طلب کیاتھا۔

سندھ حکومت کا آٹے کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کراچی: (ویب ڈیسک) حکومت سندھ نے صوبے میں آٹے کی قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے لئے سستے آٹے کے اسٹال بڑھانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
یہ فیصلہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگریجو، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، سیکریٹری خوراک راجا خرم شہزاد عمر، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنہ، سمیت تمام ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے کہا حکومت سندھ نے سستے آٹے کے لئے 33 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، آٹے کی قیمتوں پر ہر صورت کنٹرول کیا جائے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تمام ڈویژنل کمشنر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کے وہ صوبے میں حکومت کے جانب سے قائم کئے گئے سستا آٹا اسٹال کا دورہ کریں، سستا آٹا پوائنٹ پر سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے ، اس حوالے سے پولیس اور رینجرز سیکیورٹی فراہم کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والی فلور ملز کے خلاف صوبے بھر میں کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے جاری کردہ گندم کی 100 فیصد گریڈنگ کو یقینی بنایا جائے۔
صوبائی وزیر خوراک مکیش کمار چاولہ نے بتایا سستے آٹے کے اسٹال بڑھائے گئے ہیں، کراچی ڈویژن میں اب 27 کے بجائے 64 سستا آٹا پوائنٹس بنائے گئے ہیں ہر پوائنٹ پر 5 گاڑیوں کے ذریعے عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی اجلاس؛ وزیراعلیٰ کا اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر شورشرابا

لاہور: (ویب ڈیسک) پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کا اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر شورشرابا ہوا اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے اعتماد کا ووٹ نہ لیے جانے پر اپوزیشن کے شور شرابہ کے دوران وقفہ سوالات کا آغاز ہوا جس میں وفاقی وزیر رانا ثنا اللہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا اللہ تارڑ بھی اپوزیشن گیلری میں موجود تھے۔
حکومتی اراکین کی جانب سے رانا ثنا اللہ اور عطا اللہ تارڑ کے خلاف نعرے بازی ہوئی اور اپوزیشن اراکین نے اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا۔ اپوزیشن نے کارروائی کے کاغذات کے جہاز بناکر حکومتی ارکان کی طرف پھینکتے رہے فیاض الحسن چوہان پر بھی جہاز بناکر اڑایا تو وہ خاموش ہو گئے۔
بعدازاں رانا مشہود احمد خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جو کئی برس سے عمرانی کھیل رہا تھا، عمران خان نے معیشت کی تباہی ، نوجوان نسل کو بدتمیز کرنے اور کرپشن کا سونامی لے کر آیا۔
انہوں نے کہا کہ قندیل بلوچ کا قتل کیا گیا، مومنہ وحید نے بھی کہہ دیا جنسی درندہ پاکستان پر مسلط کیا گیا، عمران خان اقتدار کا اتنا بھوکا جب ہارتا تو کہتا دوبارہ الیکشن کرواؤ، سی پیک عمران خان دھرنے کی وجہ سے لیٹ ہوا۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ جب پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی وزیر اعظم کو آئینی و طریقے سے گھر بھیجا گیا تو کہا نیا الیکشن کراؤ، پہلے سائفر اور ایبسلوٹلی ناٹ کا ڈرامہ کیاگیا، پرویز الہی سے آئینی وقانونی طریقے سے اعتماد کا ووٹ مانگا تو عدالت میں چلے گئے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہی عدالتی وزیر اعلی ہے اعتماد کا ووٹ نہ لینے پر وہ وزیر اعلی نہیں رہے، پولٹری آٹے و چینی گھی کا بحران پیدا کرکے جیبیں بھر رہے ہیں ، پنجاب کے لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس اور مونس الہی پیسے اکٹھے کرکے عیاشی کررہا ہے۔

بدبو دار پھول کو سونگھنے کیلئے ہزاروں افراد کا باغ کا رخ

ایڈیلیڈ (ویب ڈیسک) ویسے کو کسی بھی قسم کی بدبو کو برداست کرنا ممکن نہیں لیکن آسٹریلیا میں ایک ایسا پھول کھلتا ہے جس کی بو سونگھنے کیلئے لوگ جمع ہوتے ہیں۔
آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ کے نباتاتی باغ میں ٹائٹن اروم نامی پھول کھلا ہے جو ایسی خوفناک بو خارج کرتا ہے جو متعدد کلومیٹر دور تک جا کر مکھیوں اور دیگر کیڑوں کو اپنی جانب کھینچتی ہے، یہ پھول 7 سے 10 سال میں ایک بار کھلتا ہے اور کھلنے کے 48 گھنٹے بعد مر جاتا ہے۔
یاد رہے کہ یہ دنیا کا ایک تنے والا سب سے لمبا پودا ہے جس پر ایک پھول کھلتا ہے اور اس کی کوئی اور شاخ نہیں ہوتی، اسے مردہ پودا بھی کہا جاتا ہے جس میں سے ایسی بو خارج ہوتی ہے جیسے متعدد چوہے مرے ہوئے ہوں جبکہ کچھ افراد اسے پیروں کی بو سے بھی تشبیہ دیتے ہیں۔
ایڈیلیڈ میں کھلنے والے پھول کو دیکھنے کے لیے ہزاروں افراد نے نباتاتی باغ کا رخ کیا اور گھنٹوں تک قطار میں لگ کر اس کی بو کو سونگھا، یہ پودا بنیادی طور پر انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا سے تعلق رکھتا ہے جو بظاہر ایک پھول نظر آتا ہے مگر یہ حقیقت میں پھولوں کا ایک گچھا ہے۔
اس پھول کا وزن 150 کلوگرام تک ہوسکتا ہے، انڈونیشیا نے اس پودے کو بچانے کے لئے بیجوں کو مختلف ممالک کے نباتاتی باغات میں بھیجا۔
نباتاتی باغ کے منتظم کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں لگے ایسے پھولوں میں سے سب سے بڑے پھول کا وزن 75 کلوگرام ہو چکا ہے اور اس کی لمبائی 2.6 میٹر ہے، کھلنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر یہ پودا گر جاتا ہے جس کے بعد زیر زمین جڑیں ایک سال تک خوابیدہ رہتی ہیں اور پھر ایک پتے کی شکل میں ابھرنا شروع ہوتی ہیں، چند سال بعد یہ جڑیں ایک بار پھر مردہ پھول کی شکل اختیار کرلیتی ہیں۔

سائیکل چلاتے ہوئے حیران کن کرتب کرنے والی لڑکی انٹرنیٹ پر وائرل

ممبئی : (ویب ڈیسک) انٹرنیٹ ایسی متعدد ویڈیوز سے بھرا ہوا ہے جس میں لوگوں کو مختلف کرتب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور صارفین ان پر اپنے تعریفی یا تنقیدی تبصرے کر کے رد عمل کا اظہار کرتے رہتے ہیں، بلکل ایسے ہی ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو انٹرنیٹ پر زیر گردش ہے جس نے صارفین کی توجہ حاصل کی ہوئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام پر ایک بھارتی لڑکی کی جانب سے ویڈیو شیئر کی گئی جس میں اسے سائیکل چلاتے دیکھا جا سکتا ہے، لڑکیوں کا سائیکل چلانا کوئی حیران کن نہیں رہا مگر ویڈیو میں لڑکی کو سائیکل چلاتے ہوئے ایک حیران کن کرتب کر تے دیکھ کر صارفین کی جانب سے کافی حیرانگی کا اظہار کیا گیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی سائیکل چلانے کے دوران ساتھ ساتھ رسی بھی کو د رہی ہے، جو عموماً سکولز یا کالجز کی طالبات کا پسندیدہ کھیل سمجھا جا سکتا ہے۔
اس دوران لڑکی کے گلے میں ایک پمفلٹ لٹکا بھی دیکھا جا سکتا ہے جس میں 2023 تحریر کیا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ لڑکی نے یہ حیران کن سٹنٹ نئے سال کے موقع پر لوگوں کو منفرد انداز میں مبارکباد دینے کیلئے کیا ہے۔
دوسری جانب صارفین نے نے ویڈیو پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تبصرے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ ’’ محفوظ رہنا یقینی بنائیں کیونکہ یہ خطرناک ہے‘‘ ، ایک اور صارف نے لکھا کہ ’’ بہت مشکل لیکن شاندار کارکردگی،‘‘ ، دوسرے نے اظہار کیا، ’’ بہت غیر محفوظ، ‘‘ ایک تیسرے نے تبصرہ کیا۔ ’’ تم عظیم ہو‘‘ چوتھے نے تعریف کی۔

آتش فشاں پہاڑ پر 6 گھنٹے میں بجلی کڑکنے کے 4 لاکھ واقعات ریکارڈ

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) جنوری 2022 میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جب مشہور ہونگا ٹونگا آتش فشاں پہاڑ کی سرگرمی سے پانچ منٹ میں 25500 اور چھ گھنٹے میں کل چار لاکھ مرتبہ بجلی کڑکنے کے واقعات ریکارڈ ہوئے۔ یعنی دنیا بھر میں اس وقت میں آسمانی بجلی کے جتنے واقعات ہوتے ہیں اس کا نصف صرف اس پہاڑ پر دیکھا گیا تھا!
جنوبی بحرالکاہل میں واقع ٹونگا جزائر کے سلسلے میں موجود ایک زیرِآب سرگرم آتش فشاں موجود ہے جس کا پورا نام ’ہونگا تونگا ہونگا ہاپائی‘ ہے۔
جنوری 2022 میں اس سے گرم راکھ خارج ہوئی جس نے بلندی کا نیا ریکارڈ بنایا تاہم اب ایک سال تک ڈیٹا پر غور کرنے سے انکشاف ہوا ہے کہ اس دوران بجلی کی کڑک کےایسے نئے ریکارڈ بنے جنہیں دیکھ کر ماہرین انگشت بدنداں ہیں۔ اس عمل سے قریب کا پانی گرم ہوکر بخارات میں ڈھلا اور زمین کی اہم پرت اسٹریٹوسفیئر تک پہنچا۔ دوسری جانب آتش فشاں کی دل دہلا دینے والی سرگرمی سے صدماتی امواج دور دراز تک محسوس کی گئی تھیں۔
اس طرح بجلی کڑکنے کے جو واقعات رونما ہوئے اس نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ دنیا بھر میں بجلی کڑکنے کے واقعات شمار کرنے والی عالمی تنظیم ’ویسالا‘ کے مطابق دنیا میں بجلی کڑکنے کے جتنے واقعات ہوتے ہیں اس کا نصف اس آتش فشاں کے پاس نوٹ کیا گیا۔ ماہرین نے اسے تباہ کن قرار دیا ہے۔
ویسالا کے ماہر ڈاکٹر کرس ویگاسی کہتے ہیں کہ وہ 40 برس سے آسمانی بجلی کڑکنے کے واقعات نوٹ کرر رہے ہیں لیکن یہ غیرمعمولی شدید واقعہ تھا۔ 15 جنوری 2022 کو پورا پہاڑ بجلی کی آڑھی ترچھی لکیروں میں گھرا تھا۔
ویسالا کے مطابق 2022 میں دنیا بھر میں بجلی کڑکنے کےواقعات بڑھے اور صرف امریکہ میں ہی 19 کروڑ 80 لاکھ سے زائد مرتبہ بجلی کڑکی جو گزشتہ برس کے مطابق 40 لاکھ زیادہ تھی۔ واضح رہے کہ بجلی کڑکنے کے عمل سے اطراف کی فضا شدید گرم ہوجاتی ہے اور یوں اس سے گرمی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
اب آتش فشانی سرگرمی میں بجلی کے اخراج کے اس سلسلے کو آب و ہوا میں تبدیلی قرار دینے والے ماہرین دو حصوں میں بٹ چکے ہیں۔ تاہم دونوں اطراف کے سائنسدانوں کا خیال ہے کہ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

ٹیبلٹ اور فون کو چھونے سے بجلی بنانے کا تجربہ کامیاب

بوسٹن: (ویب ڈیسک) سائنسداں ایک عرصے سے اسکرین چھونے کے عمل سے بجلی بنانے کی تگ و دو میں ہیں لیکن کچھ مشکلات حائل رہیں۔ اب یونیورسٹی آف میساچیوسٹس ایمرسٹ کے ماہرین نے انسان کے چھونے کے عمل سے اتنی بجلی ضرور بنالی ہے جس سے چھوٹے برقی پہناووں (ویئرایبلز) کو چلایا جا سکتا ہے۔
اس میں انسانی جسم ہی اینٹینا بن جاتا ہے جس میں وزیبل (مرئی) لائٹ کمیونکیشن ( وی ایل سی) کے عمل میں ضائع ہونے والی توانائی استعمال کی جاتی ہے۔ وی ایل سی کو ہم روشنی کا وائرلیس کہہ سکتے ہیں جو عین فائبر آپٹکس کی طرح ہی کام کرتا ہے لیکن اس میں تار کی بجائے روشنی کے جھماکوں سے ڈیٹا کو بھیجا اور وصول کیا جاتا ہے۔
انفارمیشن اور کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر جائی شیاؤنگ کے مطابق یہ بہت سادہ اور دلچسپ طریقہ ہے۔ ’اس میں وائرلیس عمل میں ریڈیائی سگنل بھیجنے کی بجائے ایل ای ڈی کے جھپکنے کے عمل کو استعمال کیا جاتا ہے جو ایک سیکنڈ میں دس لاکھ مرتبہ جلتی اور بجھتی ہے۔
سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وی ایل سی کا سامان ہر گھر، گاڑی، دفتر اور سڑکوں پر روشنی کی صورت موجود ہے۔ روشن ایل ای ڈی بلب بھی ڈیٹا بھیج سکتے۔ اس سے بڑے پیمانے پر اشیا کو بجلی دینے کا عمل شروع ہوسکتا ہے۔ ان میں اسمارٹ فون، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ بھی شامل ہیں۔
اس ٹیم نے بتایا کہ ایل ای ڈی سے روشنی کے علاوہ ایک اور شے خارج ہوتی ہے جسے ’سائیڈ چینل آرایف سگنل‘ کہا جاتا ہے، عام فہم انداز میں اسے ریڈیو امواج سمجھا جاسکتا ہے۔ اب اگر اسی آر ایف توانائی کو استعمال کیا جائے تو بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔
اس کے تحت سائنسدانوں نے ایک کوائل بنائی جسے پلاسٹک، کارڈبورڈ اور فولاد پر آزمایا۔ اس کے بعد مختلف دیواروں، فون اور لیپ ٹاپ بھی آزمائش کی گئی۔ اس کے بعد ایک اور محقق طالبعلم کو انسانی لمس کا خیال آیا۔
حیرت انگیز طور پر انسانی جسم بہہ نکلنے والی آر ایف توانائی جمع کرنے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوا جو کوائل سے دس گنا زائد تھا۔ اسی کے بعد سائنسدانوں نے ایک بریسلٹ بنائی جس میں تانبے کی کوائل لگی تھی۔ اسے اوپری بازو پر باندھا گیا تو بجلی بننے لگی اور ویئریبل بھی کام کرنے لگا۔
اس ڈیزائن پر صرف 50 امریکی سینٹ کی لاگت آئی ہے جو مائیکروواٹ بجلی بناتا ہے۔ اس بجلی سے چھوٹے سینسر چلائے جاسکتے ہیں۔ کامیابی کے بعد ماہرین وی ایل سی کے مزید آلات ڈیزائن کریں گے۔

جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین اڑنے والی الیکٹرک کشتی تیار

لاہور: (ویب ڈیسک) سوئیڈن میں انجینئرز نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے مزین اڑنے والی الیکٹرک کشتی تیار کر لی۔
سی ایٹ (C8) نامی کشتی 20 ناٹس کی رفتار سے تقریباً اڑھائی گھنٹے تک سفر کر سکتی ہے، 16 ناٹس کی رفتار پر پہنچتے ہی کشتی کے ہائیڈرو فوائلز فعال ہو جاتے ہیں اور یہ پانی سے اوپر اُٹھ جاتی ہے اور کشتی 30 ناٹس کی رفتار تک سفر کر سکتی ہے۔
کشتی تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ کشتی اور پانی کی رگڑ کم ہونے سے ناصرف توانائی کی بچت ہوتی ہے بلکہ یہ سمندر میں طبیعت خراب ہونے (seasickness) سے بھی نجات دلاتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 فٹ لمبی الیکٹرک کشتی 100 فیصد کاربن فائبر سے تیار کی گئی ہے، دو سال کی محنت سے تیار کردہ کشتی میں انجینئرز نے ایسا جدید کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کیا ہے جو سینسر کی مدد سے پانی کی لہروں اور ہوا کو کنٹرول کر کے کشتی کے توازن کو برقرار رکھتا ہے۔
اس کے علاوہ کشتی میں اپنی 55 کلو واٹ کی سی پوڈ الیکٹرک موٹر بھی موجود ہے جو اسے پانی میں چلنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔
جدید ترین الیکٹرک کشتی میں 8 افراد کے بیٹھے کی گنجائش ہے اور کشتی کے اگلے کیبن میں بڑے افراد اور بچوں کے لئے دو دو بستر بھی لگائے گئے ہیں۔

نسیم شاہ نے ون ڈے انٹرنیشنل میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی گیند باز نسیم شاہ نے نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں 5 وکٹیں حاصل کرکے انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
پاکستانی گیند باز نسیم شاہ نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پاک نیوزی لینڈ ون ڈے انٹرنیشنل میں کیویز کے خلاف پہلے میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرلیں۔
نوجوان پاکستانی بولر کیریئر کے ابتدائی چار ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے، 19 سالہ نسیم شاہ نے یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں پانچ کیویز کو پویلین بھیجنے کے بعد حاصل کیا۔
نسیم شاہ نے ابتدائی چار ون ڈے میچز میں 15 وکٹیں حاصل کیں، اس فہرست میں آسٹریلیا کے ریان ہیرس اور گیری گلمور بھی شامل ہیں جنہوں نے چار ون ڈے میچز میں 14، 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جب کہ پاکستان کے عثمان شنواری نے ابتدائی چار ون ڈے میچز میں 12 شکار کیے تھے۔

شاہین نے بولنگ میں ردھم حاصل کرنے کیلئے وقار یونس سے ٹِپس مانگ لیں

کراچی: (ویب ڈیسک) فٹنس مسائل سے دوچار شاہین شاہ آفریدی کی لیجنڈ فاسٹ بولر وقار یونس سے ملاقات ہوئی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے بولنگ میں ردھم حاصل کرنے کیلئے وقار یونس سے ٹِپس مانگ لیں۔ کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے ون ڈے میچ کے موقع پر وقار یونس اور شاہین شاہ آفریدی کی مختصر ملاقات ہوئی۔
دونوں بالرز تقریباً 15 منٹ تک محو گفتگو رہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وقاریونس نے شاہین شاہ آفریدی کو ری رہیب بہتر کرنے کی ٹپس دیں۔
قبل ازیں شاہین شاہ آفریدی ری ہیب کے دوران بولنگ کوچ شان ٹیٹ کے ساتھ بولنگ پریکٹس کرتے رہے، شاہین شاہ آفریدی فل ردھم سے بولنگ کرتے رہے مگر ٹارگٹ اچیو نہیں کرپائے، شاہین آفریدی نے وکٹ پر موجود ٹارگٹ پر بال مارنے کیلئے 22 سے 24 بالز کرائیں۔
ری ہیب کے دوران بولنگ کوچ شان ٹیٹ اسسٹنٹ کوچ عمر رشید کے ہمراہ بولنگ کرتے رہے، شاہین شاہ آفریدی نے میچ سے قبل اسٹیڈیم میں پریکٹس بھی کی۔