تحریک انصاف کے منحرف رہنماؤں کی نئی جماعت بنانے کی تیاری، رابطے شروع

لاہور: (ویب ڈیسک) تحریک انصاف سے منحرف ہونے والے سابق رہنماؤں نے نئی سیاسی جماعت بنانے کی تیاری کرلی اور اس حوالے سے رابطے بھی شروع کردیے۔
اطلاعات کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب کے اہم سیاستدانوں کی نئی پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔ جہانگیرترین، علیم خان اور چوہدری سرور گروپ کے لوگوں سے رابطے کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی جماعت نئے انتخابی نشان سے الیکشن لڑے گی، نئی جماعت کے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے امکانات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف ارکان پر مبنی نئی پارٹی پنجاب اسمبلی کی 40 سے 45 سیٹیں حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔
تحریک انصاف کے منحرف ارکان پر مشتمل نئی جماعت لانچ کرنے کی تیاری شروع کردی گئی ہے، پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں کی قیادت میں نئی پارٹی کے قیام پرمشاورت جاری ہے اور نئی جماعت کی تشکیل کیلئے رابطوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف ارکان سمیت دوسری سیاسی پارٹیوں کے ارکان کو بھی ساتھ ملایا جائے گا، جہانگیرترین کے علاوہ علیم خاں اور چوہدری سرورگروپ کے لوگوں سے رابطہ کیا جائے گا۔
نئی جماعت کی قیادت پی ٹی آئی پنجاب کی سابق اہم شخصیت کرےگی، نئی جماعت عام انتخابات میں اپنےعلیحدہ انتخابی نشان کےساتھ میدان میں اترےگی، نئی جماعت پنجاب میں پی ٹی آئی کےمضبوط حلقوں میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی جماعت قومی اسمبلی کی کم ازکم 15 سے20 نشستوں پر جیتنے کی کوشش کرےگی۔

عمران نے نواز شریف کا ترقی کا درخت کاٹ کر معیشت اور اداروں کی تباہی کا پودا لگایا، امیر مقام

تھاکوٹ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم کےمشیر برائے سیاسی و عوامی امورانجینئر امیر مقام نے کہا کہ موٹروے ہزارہ عوام کے لئے قائد نواز شریف کا تحفہ ہے، عمران خان نے نواز شریف کا ترقی کا درخت کاٹ کر معیشت اور اداروں کی تباہی کا پودا لگایا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج تھاکوٹ گرڈ کی 3300 KVA سے 132000KV اپ گریڈیشن اور الائی خوڑ پاور ہاؤس سے تھاکوٹ گرڈ تک ٹرانسمیشن لائن کا باقاعدہ افتتاح ہوا اور عوام کا دیرینہ مطالبہ منظور ہوا۔
انجینئر امیر مقام نے کہا کہ سب کو مبارک ہو کہ مسلم لیگ (ن) زبانی نہیں بلکہ عملی کام پر یقین رکھتی ہے، بٹگرام کے عوام کو بھی اب نواز شریف اور شیر کا ساتھ دینا چاہیے، چاہے زلزلے، سیلاب یا دہشتگردی کے واقعات ہوں، مسلم لیگ ن نے پورے صوبے اور بٹگرام کے عوام کا مشکل گھڑی میں ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے سیاست کا آغاز جھوٹ سے کیا اور آج تک جھوٹ پر جھوٹ بول رہا ہے، بٹگرام کے عوام بھی جھوٹے عمران کی حمایت چھوڑ کر مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں۔
جلسے سے سابق ممبران اسمبلی نوابزادہ ولی محمد، محمد ارشاد خان، نیاز محمد خان، تحصیل چیئرمین چکیسر بخت عالم خان، ضلعی صدر مہاجرین خان، طاہر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

سندھ فتح کرنا پی ٹی آئی کا خواب، عام انتخابات وقت پر ہونگے، نوید قمر

ٹنڈو محمد خان: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری سید نوید قمر نے کہا کہ تحریک انصاف کا سندھ فتح کرنا ایک خواب ہے، ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے۔
ٹنڈو محمد خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت و سرمایہ کاری نے کہا کہ قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کرنے والے بخوبی جانتے ہیں کہ قبل از وقت انتخابات کسی صورت ممکن نہیں ہیں، ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ملک میں مہنگائی و کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کی ذمہ دار سابق حکومت ہے۔
سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ مخالفین ہر روز نیا شوشہ چھوڑ رہے ہیں، عمران خان ملک میں انتشار پھیلانے اور خون خرابے کی سیاست کر رہا ہے، سابق حکومت نے آئی ایم ایف سے سخت معاہدے کئے، موجودہ حکومت کا آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے۔ اس وقت قومی اسمبلی میں تاریخ کا بدترین ماحول ہے، تحریک انصاف اگر استعفے دے بھی دے تو الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہی ممکن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے عوام کے دلوں میں بستی ہے اور سندھ کے عوام ہرگز عمران خان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے، ایم کیو ایم ہماری اتحادی جماعت ہے، ان کے خدشات دور کرنا موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔
اس موقع پر ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری و دیگر بھی موجود تھے، بعد ازاں انہوں نے پیپلزپارٹی کے ایم پی اے سید اعجاز شاہ بخاری سے ان کی کزن کے انتقال پر تعزیت کی۔

اسحاق ڈار معیشت بحال کرنے آئے لیکن اپنے اثاثے بحال کروا لئے: فرخ حبیب

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری فرخ حبیب نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کو بحال کرنے آئے تھے لیکن انہوں نے اپنے اثاثے بحال کروا لئے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا آج پاکستان کی صنعتیں بند ہو چکیں، معیشت کو کوئی سہارا دینے والا نہیں، اس حکومت کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے، آج صنعتکار ایل سی نہیں کھول سکتا، غیر ملکی کرنسی کے ذخائر 5 ارب ڈالر سے نیچے آگئے، عمران خان کے دور میں ٹیکسٹائل صنعت کو ہنر مند لیبر ملنا مشکل ہو گیا تھا، پاکستان کی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار پاکستانی معیشت کو بحال کرنے آئے تھے لیکن اپنے اثاثے بحال کروا لئے، شہباز شریف نے بھی اپنے سارے کیس ختم کروا لیے، ان پر انٹرنیشنل ٹھک کا ٹیگ لگ چکا ہے، ان کے آنے سے ملک اندھیرے میں آگیا، خواجہ آصف کہتا ہے کہ ہمارے پاس ایندھن لینے کے پیسے نہیں ہیں، سارا ملک اندھیرے میں ڈبو دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ ملک کے مقبول ترین لیڈر کو راستے سے نہیں ہٹا سکتے، عوام سب جان چکے ہیں کہ قاتلانہ حملہ کس نے کروایا، جب سے عمران خان پر حملہ ہوا تب سے کسی بڑے کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان پاکستان کی جان ہے، وہ حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا آٹا دالیں چینی گھی پر 35 فیصد سے زائد مہنگائی پہنچ گئی، آپ پاکستان کی جمہوریت کو گدلا کرنا چاہتے ہیں، آپ کی غلطیوں سے ملک پیچھے جا رہا ہے، ہم کچھ نہیں مانگتے ہم صرف الیکشن مانگ رہے ہیں، ملک بھر میں الیکشن کراؤ ملک بچاؤ ریلیاں نکل رہی ہیں، پاکستان کی عوام کو اپنا فیصلہ لینے دیں،عمران خان کی کرپشن کے کوئی کیسز نہیں لیکن ان سب کے ہیں۔
فرخ حبیب نے مزید کہا کہ پاپولر لوٹے ناکام ہو چکے ہیں، لوٹے جن جماعتوں میں گئے وہ جماعتیں انہیں لینے کو تیار نہیں، ہماری کسی سے ذاتی دشمنی نہیں ہے صرف ملک کے مفاد کیلئے لڑ رہے ہیں، ہماری حکومت میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کی میٹنگز ہوتی تھیں، آج حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے، مہنگائی ختم کرنے کیلئے کوئی اجلاس نہیں کیا جا رہا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کویتی ہم منصب کو فون، جنیوا کانفرنس میں شرکت کی دعوت

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف اور کویتی وزیراعظم کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شہباز شریف نے کویتی ہم منصب کو 9 جنوری کو جنیوا میں پاکستان پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کویتی وزیر اعظم نے پاکستان کی موسمیاتی عزم کو مضبوط بنانے کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے ساتھ اپنے تعلقات میں اہمیت کا اعادہ کیا، اس کے علاوہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، محنت اور دیگر اہم شعبوں میں روابط قائم کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے صحت، سکیورٹی اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں پاکستانی افرادی قوت کی بھرتی کے لیے کویت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا جبکہ کویتی وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
کویت کے وزیر اعظم نے رابطے برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا، کویت 100,000 سے زیادہ پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جو ہماری ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

عمران نے کہا ایم پی ایز کو فنڈز نہیں دینگے، اب سارا پیسہ گجرات پر خرچ ہو رہا، چودھری سرور

لاہور: (ویب ڈیسک) سابق گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ عمران خان نے کہا تھا کہ ممبران اسمبلی کو فنڈز نہیں دیں گے، اب سارا پیسہ گجرات، وزیر آباد پر خرچ ہو رہا ہے۔
چودھری سرور نے کہا کہ گورنرہاؤس میں رہا لیکن کوئی گروپ نہیں رہا، حکومتوں کو گرانا، توڑ پھوڑ کرنا میری نیچر نہیں، سیاست میں چیزیں تبدیل ہوتے دیر نہیں لگتی، ایک وقت تھا (ن) لیگ الیکشن جیت رہی تھی، عدم اعتماد کے بعد 70 فیصد ضمنی الیکشن کی سیٹیں عمران خان نے جیتیں۔
سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں ایک چیز منفی ہے، ایک حلقے میں 4 سے 5 امیدوار سامنے آ جاتے ہیں، ٹکٹ ایک امیدوار کو ملنا ہوتا ہے باقی پھر مخالفت شروع کر دیتے ہیں، لاہور میں گورنرہاؤس کو گرانے کے حق میں نہیں تھا۔
چودھری سرور نے کہا کہ ملک میں بہت ساری باتیں پھیلا دی جاتی ہیں، یقین سے کہتا ہوں کسی ایم پی اے کو نہیں مل رہا تاکہ کل کوئی عدم اعتماد کے مسئلے پر مجھ پر آواز نہ اٹھائے، میری ابھی تک جہانگیر ترین سے کوئی میٹنگ نہیں ہوئی، عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوتی رہتی ہے، عبدالعلیم خان نے کہا آپ جو کریں گے ہم ساتھ دیں گے، نواز شریف سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
سابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ سےعوام کے برے حالات ہیں، اب ملک میں سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے، مشکل فیصلے کر کے ملک کو بحران سے نکالنا ہو گا۔

درسی کتب بھی غریب کی پہنچ سے باہر، قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ

لاہور: (ویب ڈیسک) بڑھتی ہوئی مہنگائی میں عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئیں، پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے درسی کتب کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ کر دیا، قیمتیں بڑھنے سے درسی کتب غریب کی پہنچ سے باہر ہوگئیں۔
پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے تعلیمی سال 2023-24ء کے لئے اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے والی کتابوں کا ریٹ جاری کیا، پی سی ٹی بی کی سنگل درسی کتب کی ایلوکیشن کر کے نئی قیمتوں کا تعین بھی کر دیا گیا۔
پی سی ٹی بی کی کتب کا دو برسوں میں مجموعی اضافہ 130 فیصد سے زائد بنتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کا فائدہ پی سی ٹی بی کو من مانے نرخوں پر کاغذ فروخت کرنے والی ملوں، سنگل بکس کی اشاعت کرنے والے پبلشرز اور پرنٹرز کو فائدہ ہو رہا ہے۔
پی سی ٹی بی کی درسی کتب بھی نجی سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی پہنچ سے باہر ہوگئیں، پنجاب کے طلبہ سستی اور معیاری کتب کے حصول کے حق سے محروم ہو نے لگے۔
بورڈ کے افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر پیپر ملز مالکان کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے کاغذ کی طلب، رسد اور قیمت پر بورڈ سے ملی بھگت کر کے 6 مخصوص پیپر ملوں کی اجارہ داری قائم کر دی گئی۔
ملوں نے بورڈ کو گزشتہ سال 150 روپے فی کلو دیا جانے والا کاغذ رواں سال 235 روپے فی کلو میں فروخت کیا ہے، .پبلشروں اور پرنٹروں کی خواہش پر پرنٹنگ کے نرخ 120 روپے سے بڑھا کر 250 روپے تک کر دئیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان بھر کے بورڈز کی درسی کتب کی اشاعت کا 70 فیصد کام پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کرتا ہے۔

کسی فضائی اڈے کی نجکاری نہیں ہو رہی، خواجہ سعد رفیق

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی فضائی اڈے کی نجکاری نہیں ہو رہی۔
وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے ریلوے کا انفرا اسٹرکچر متاثر ہوا ہے اور ریلوے کی بہتری کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے ملازمین نے سیلاب سروس کو بحال کیا اور صورتحال مشکل ضرور ہے مگر ٹھیک کرنے کا عزم کر چکے ہیں۔
ایئرپورٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت نے 3 ایئر پورٹ کے آپریشنز آوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کسی بھی ایئرپورٹ کی نجکاری نہیں ہو رہی۔ ایئر پورٹس نجکاری کے حوالے سے منفی پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے ماڈلز کو پاکستان لانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ قومی ایئر لائن (پی آئی اے) پر بیرونی دباؤ ہے اور پی آئی اے مدتوں سے بیمار ادارہ ہے۔ روٹس کھل جائیں گے تو ٹکٹوں کی قیمتیں بھی نیچے آئیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی روٹس کھلوانے کی کوشش کر رہے ہیں اور کراچی ایئر پورٹ کی گنجائش کو بہتر کرنے کی کوشش جاری ہے۔ ملک میں بہترین آپریٹرز لانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ قطر اور عرب امارات کو بھی بہترین آپریٹرز سے متعلق بتایا ہے۔

فواد چوہدری کے نیک تمناؤں کے اظہار پر مریم نواز کا ردعمل آگیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کا جینیوا میں گزشتہ روز آپریشن ہوا۔
ٹوئٹرپر جاری کیے گئے بیان میں مریم اورنگزیب نے لکھا کہ مریم نواز شریف جینیوا میں گلے کےآپریشن کے بعد خیریت سے ہیں، ان کا آپریشن 3 گھنٹے جاری رہا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے دعا اور نیک تمناؤں کے پیغامات بھیجنے والے عوام اور کارکنان کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں فواد چوہدری نے مریم نواز کو مینشن کرتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ آپ جلد صحتیاب ہوجائیں۔
اب فواد چوہدری کی ٹوئٹ پر مریم نواز کا ردعمل آیا ہے۔ مریم نواز نے فواد چوہدری کی ٹوئٹ کے جواب میں انہیں ’تھینک یو‘ لکھا اور ساتھ ہاتھ جوڑنے کا ایموجی بھی بنایا۔

ملک میں مہنگائی اور معاشی مشکلات آئی ایم ایف کی وجہ سے ہیں، رانا ثنااللہ

فیصل آباد: (ویب ڈیسک) وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور معاشی مشکلات آئی ایم ایف کی وجہ سے ہیں جس نے بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمت بڑھانے اور سبسڈیز واپس لینے کے مطالبے کر رکھے ہیں۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملک معاشی بحران کا شکار ہے جس میں سب سے زیادہ عمل دخل آئی ایم ایف کا ہے، آئی ایم ایف نے بجلی، گیس اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے اور عوام کو دی گئی سبسڈیز واپس لینے کے مطالبے کیے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کی وجہ سے ملک میں مہنگائی ہے اور مشکلات کا سامنا ہے لیکن ہم ایسے فیصلے کررہے ہیں کہ لوگوں پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
انہوں ںے کہا کہ حکومت کوشش میں ہے کہ ملک دیوالیہ نہ ہو جبکہ ایک فتنہ و بے شرم انسان اس کوشش میں ہے کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے، عمران خان ایک منصوبے کے تحت دو ماہ سے پروپیگنڈا کررہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کررہا ہے، یہ پروپیگنڈا عالمی و ملکی سطح پر معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، ملک کی بدقسمتی ہے کہ ایک ایسے انسان کو مسلط کیا گیا جو اپنی ذات کے سوا کچھ اور نہیں دیکھتا۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان پاگل پن کا شکار ہے اور کہتا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے فیصل آباد میں بے شمار قتل کرائے، عمران خان ساڑھے تین سال وزیراعظم رہے تو میرے خلاف ہیروئن کا جھوٹا مقدمہ بنوانے کی کیا ضرورت تھی؟
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر آباد حملے کا ملزم موقع پر پکڑا نہ جاتا تو عمران خان کہانیاں گھڑ لیتے کہ سائفر کی طرح امریکا یا کسی اور نے انہیں مروادیا، ملزم کو بھی ان کے اپنے بندے نے پکڑا کسی ایجنسی نے نہیں، ملزم نوید سے اب تک کی گئی تفتیش کے مطابق وہ مذہبی جنونی شخص ہے اس کے پیچھے کوئی نہیں ہے بعض لوگ کسی سے ناراض ہوکر ایسا فیصلہ کرلیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ تین ملزمان تھے، وجہ یہ ہے کہ بقیہ دو ملزمان ملے ہی نہیں اور معاملہ کبھی حل نہ ہو اور وہ اس کا الزام بھی رانا ثنا اللہ یا فوج کے کسی اعلیٰ افسر کر ڈال دیتے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آڈیو لیکس پر یہ مجھے ان کے فرانزک کا چیلنج کریں میں تیار ہوں، عمران خان تم ایسی بے ہودہ گفتگو کرتے ہو کہ جسے کوئی تنہائی میں بھی نہیں سن سکتا، اگر آڈیو لیکس سچ ثابت ہوگئیں تو کیسے تمہیں یہ حق حاصل ہوگا کہ تم خود کو قوم کا لیڈر کہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ عمران خان کی حکومت نے کیا اور اسے توڑ دیا، اب آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ ہمیں اس سے غرض نہیں کہ اس وقت پاکستان کا وزیراعظم کون تھا، ہمیں یہ پتا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نے ہمارے ساتھ پیٹرول کی قیمت بڑھانے کا معاہدہ کیا اور اس پر عمل نہیں کیا، اب آئی ایم ایف کہتا ہے کہ پہلے آپ ہمارا مطالبہ پورا کریں پھر ہم آپ کی مدد کریں گے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ دوست ممالک بھی کہتے ہیں کہ پہلے آپ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کریں پھر ہم آپ کی مدد کریں گے اور آئی ایم ایف سے بات کریں تو گیس اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھانے کی بات کرتا ہے جس سے مہنگائی مزید بڑھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ملک نواز شریف کی حکومت میں ترقی کررہا تھا تو اس بدبخت عمران خان کو لانے اور یہ تجربہ کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ کن لوگوں نے یہ تجربہ کیا؟ اور نواز شریف پر ایسے کیسز بنائے جو آج تک ثابت ہی نہیں ہوسکے، عمران خان نے ساڑھے تین سال میں مخالفین پر کیسز بنانے اور انہیں گالیاں دینے کے سوا کیا کیا؟ اسی وجہ سے ملک ترقی نہ کرسکا