پرویز الہیٰ آئینی نہیں عدالتی وزیر اعلیٰ ہیں، وزیر قانون

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر قانون اعظم نزیر تارڑ نے کہا ہے کہ آئین اور قانون گورنر کو مکمل اختیار دیتا ہے کہ وہ اعتماد کے ووٹ کا کہے، صدر اور گورنر اس معاملے میں کسی ایڈوائس کے پابند نہیں ہیں، پرویز الہیٰ آئینی نہیں عدالتی وزیر اعلیٰ ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ یہ اختیار مکمل طور ہر قومی اسمبلی میں صدر اور صوبائی اسمبلی میں گورنر کے پاس ہے، گورنر نے اپنا آئینی اختیار استعمال کیا، یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم اکثریت مین میں پھر بھاگ کیوں گیے، ووٹ کے ڈر سے بھاگ کر عدالت چلے گیے۔
اعظم نزیر تارڑ نے کہا کہ ’آپ اعتماد کا ووٹ لے کر پھر اسمبلی رکھنی ہے یا توڑنی ہے کر لیں، اگر 186 ووٹ پرویز الہی لیتے ہیں تو وہ آئینی وزیر اعلیٰ ہوں گے،  لیکن ابھی وہ عدالتی وزیر اعلیٰ ہیں، عدالت نے غیر ضروری بات کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عدالتوں سے استدعا ہے کہ ایسے معاملات میں آئینی ہوتے ہیں انکے دور رس نتائج ہوتے ہیں، عدالتیں اس وقت مداخلت کرتی ہیں جب آئین کو توڑنے کی کوشش کی جائے۔

آصف زرداری نے کراچی ائیر پورٹ واقعہ کا نوٹس لے لیا

کراچی: (ویب ڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے کراچی ائیرپورٹ پر ہونے والے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ خاتون سکیورٹی انچارج کو فرائض کی ادائیگی سے روکنے کیلئے ان پر توہین مذہب کا الزام لگانے کی دھمکی شرمناک ہے، خاتون سکیورٹی انچارج پر توہین مذہب کے الزام کی تحقیقات کرائی جائیں۔
سابق صدر کا کہنا تھا کہ توہین مذہب کا الزام انتہائی خطرناک عمل ہے، وفاقی اور صوبائی حکومت خاتون سکیورٹی آفیسر کی حفاظت کے لیے اقدامات اٹھائے، کچھ عناصر مذہب کی آڑ میں پاکستان کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ حکومت اور عوام کو ایسی سوچ کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی، خاتون سکیورٹی آفیسر پر الزام غلط ثابت ہونے پر الزام لگانے والے کو سخت سزا دی جائے۔
واضح رہے کہ کراچی ائیرپورٹ کارگو کے ممنوعہ علاقے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے شعبہ ویجیلینس کی انچارج ثمینہ مشتاق نے بغیر سٹیکر گاڑی کو پارکنگ سے روکا تو سی اے اے ملازم سلیم نے خاتون سکیورٹی انچارج کو دھمکیاں دیں اور جھگڑے کو مذہبی منافرت کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
مذکورہ واقعہ جمعرات کو پیش آیا جہاں سی اے اے ملازم سلیم دوست کی بغیر پاس والی گاڑی پارک کرانا چاہتا تھا جس پر جھگڑا ہوا۔

نیب ریکوری متنازعہ، لکی علی نے پلی بارگین میں دی رقم منافع سمیت واپس مانگ لی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ہاؤسنگ فراڈ میں نیب راولپنڈی کی سب سے بڑی ریکوری متنازعہ ہو گئی، فلمساز لکی علی نے پلی بارگین میں دی گئی رقم سے ایک ارب 40 کروڑ منافع سمیت واپس مانگ لیے۔
فلمساز لکی علی کا کہنا تھا کہ میرے ذمے کل واجبات 50 کروڑ کے تھے، نیب نے بلیک میلنگ، دباؤ سے ایک ارب 95 کروڑ لیے، میاں وسیم عرف لکی علی نے ڈی جی نیب راولپنڈی ، چئیرمین نیب کو رقم کی واپسی کے لیے درخواست دے دی، ساتھ ہی عدالت سے بھی رجوع کر لیا۔
واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے لکی علی سے 2020ء میں ایک ارب 95 کروڑ روپے پلی بارگین میں وصول کیے تھے۔
لکی علی کا کہنا ہے کہ نیب نے ایک ارب 95 کروڑ میں سے صرف 45 کروڑ متاثرین کو دیئے، نیب کے پاس باقی ایک ارب 40 کروڑ کی رقم اپنے پاس رکھنے کا کوئی جواز نہیں، نیب تفتیشی نے 8517 متاثرین کی من گھڑت فہرست تیار کر کے واجبات کا تعین کیا تھا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق نیب نے لکی علی کو رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ دیگر متاثرین کو رقوم دی جائیں گی۔

اب ناپسندیدہ واٹس ایپ سٹیٹس کو ‘رپورٹ’ کرنا ممکن ہوگا

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) انتظامیہ صارفین کے لئے ایک نئے فیچر کا اضافہ کرنے جا رہی ہے جس کے تحت ناپسندیدہ واٹس ایپ سٹیٹس کو رپورٹ کیا جا سکے گا۔
واٹس ایپ صارفین کو اب سٹیٹس لگانے میں احتیاط برتنی ہوگی کیونکہ اگر کوئی سٹیٹس دیکھنے والوں کو ناگوار گزرے گا تو آپ کی شکایت واٹس ایپ کمپنی کو ہوسکتی ہے۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اگر کسی صارف نے قابلِ اعتراض مواد سٹیٹس پر لگایا تو اسے رپورٹ کیا جاسکے گا، رپورٹ ہونے والا مواد اگر واٹس ایپ قوانین کے خلاف ہوگا تو کمپنی اس پر ایکشن لے گی اور کارروائی کرے گی۔
واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اب تک واٹس ایپ میں اس نئے فیچر کے اضافے کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم امید ہے کہ آنے والے کچھ دنوں میں صارفین اسے استعمال کر سکیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل واٹس ایپ صارفین کو صرف کانٹیکٹس اور پیغامات کو رپورٹ کرنے کا فیچر میسر تھا، تاہم نئے فیچر کے اضافے کے ساتھ ہی سٹیٹس کو رپورٹ کرنا بھی ممکن ہوگا۔

پرویز الہٰی کی بچاؤ مہم چودھری شجاعت کے راستے پی ڈی ایم میں ہے: حافظ حمد اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) تر جمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کی ہدایات کے مطابق چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ لینا ضروری ہے۔
اپنے ایک بیان میں حافظ حمد اللہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کی بچاؤ مہم چودھری شجاعت کے راستے پی ڈی ایم میں ہے، ورنہ ہر صورت میں پرویز الہٰی کو جانا ہوگا، عنقریب ایک دن عمران خان قوم کو بے وقوف بنانے کیلئے کہیں گے پرویز الہٰی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ بنانا میری غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے پی کے اسمبلی کیوں تحلیل نہیں کرتے؟، وہاں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں، وہ نہ پارلیمنٹ جاتے ہیں نہ اسمبلی تحلیل کرتے ہیں نہ مستعفی ہوتے ہیں نہ مراعات چھوڑتے ہیں، ڈیمو کریٹ نہیں ہیپو کریٹ ہے، جھوٹ اور منافقت ان کی سیاست ہے۔
تر جمان پی ڈی ایم نے مزید کہا کہ عجیب ریاست مدینہ ہے جس میں پلے بوائے کو صادق و امین قرار دیا گیا، ریاست مدینہ کی قانون کے تحت عمران خان کو سزا ملنا چاہئیے تھی لیکن پاکستان میں اپنے پیاروں کیلئے ایک قانون اور غیروں کیلئے دوسرا قانون ہے۔
حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران خان وہ وقت گیا جب تم ڈنڈے ہتھوڑے اور ہتھکڑی کے سہارے ملک پر مسلط تھے، آپ کی حکومت تو ختم اب سیاست کے خاتمے کی باری ہے۔

پیپلز پارٹی سندھ کو دیمک کی طرح کھا رہی ہے: خرم شیر زمان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے خرم شیر زمان نے ملاقات کی جس میں پی ٹی آئی رہنما نے بلدیاتی انتخابات اور کراچی کی صورتحال سے آگاہ کیا، عمران خان نے انہیں بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کی ہدایت کر دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی دیمک کی طرح سندھ کو کھا رہی ہے، صوبے میں عمران خان ہر گھر جائیں گے، پی ٹی آئی کو سندھ میں مضبوط بنانے کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، گورنر ہائوس کو 90 میں تبدیل کر دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ الطاف حسین والا کردار کامران ٹیسوری کر رہے ہیں، پی ڈی ایم والے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو نقصان نہیں پہنچا سکتے، عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جا سکتا، الیکشن میں ہمیں کسی دو نمبر سیاسی جماعت کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہم جیتیں گے اور میئر ہمارا ہو گا، پی ٹی ائی کے خوف سے ایم کیو ایم، پی پی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ہم نے شہر کے حوالےسے اپنا منشور ہر آدمی تک پہنچایا، بلدیاتی الیکشن اہم ہیں، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی سےعوام کو فائدہ ہو گا۔

شہرہ آفاق ’گلیڈی ایٹر‘ کا پہلوان ایک مرتبہ پھر میدان میں اترنے کو تیار

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) شہرہ آفاق امریکی بلاک بسٹر فلم ’گلیڈی ایٹر‘ کے سیکوئیل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بلاک بسٹر فلم کا دوسرا پارٹ 23 برس کے بعد بنایا جارہا ہے جبکہ اس میں مرکزی کردار ایک نئے اداکار سے کرایا جائے گا۔
امریکی میگزین ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق فلم ڈائریکٹر رڈلے اسکاٹ ’گلیڈی ایٹر‘ کے مداحوں کیلئے ایک نیا ماسٹر پیس لانے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔
قدم رومی سلطنت کے تاریخی واقعات پر مبنی فلم 2000 کو ریلیز ہوتے ہیں ایک بلاک بسٹر بن گئی اور اس نے آسکر سے پانچ ایوارڈ اپنے نام کیے۔
فلم کے مرکزی اداکار رسل کرو نے اپنی شاندار پرفارمنس پر آسکر اکیڈمی سے بہترین اداکار کا ایوارڈ جیتا تھا۔
’گلیڈی ایٹر 2‘ میں رسل کرو کی جگہ آئرش اداکار پال میسکل کو شامل کیا گیا ہے اور یہ فلم ان کے کیریئر کی اب تک کی سب سے بڑی فلم ہے۔
سیکوئیل کی کہانی کے متعلق ابھی زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں لیکن بعض خبروں کے مطابق میسکل، فینکس کومودس کے بھانجے لوشس کا کردار ادا کریں گے۔

میکسیکو میں منشیات اسمگلر کا بیٹا گرفتار؛3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 29 ہلاک

میکسیکو سٹی: (ویب ڈیسک) میکسیکو میں پولیس نے بدنام زمانہ منشیات کے عالمی اسمگلر ایل چاپو کے جانشین بیٹے اوویڈیو گوزمین لوپیز کو گرفتار کر لیا جس پر گینگ کے ارکان نے ہنگامہ آرائی کے دوران 3 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 29 افراد کو قتل کردیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق میکسیکو میں منشیات اسمگلنگ کی دنیا کے بدنام زمانہ ڈیلر اور گینگ سربراہ ایل چاپو المعروف ’’گاڈ فادر‘‘ کو جیل سے تین بار فرار ہونے کے بعد 2016 میں گرفتار کرکے امریکا بھیج دیا گیا تھا۔
باپ کی گرفتاری کے بعد ان کے بیٹے 32 سالہ اوویڈیو گوزمین جو جرائم کی دنیا میں ’دی ماؤس‘ کے نام سے جانا جاتا ہے نے باپ کا کام سنبھالا تاہم 2019 میں گرفتار ہوگیا لیکن گرفتاری پر ہونے والی ہنگامہ آرائی اور معصوم لوگوں کی ہلاکت کے باعث اسے رہا کردیا گیا تھا۔
اوویڈیو گوزمین پر مخبروں، مخالف گینگ کے کارندوں اور ایک معروف گلوکار کے قتل کا الزام بھی ہے جس نے اس کی شادی میں گانا گانے سے منع کردیا تھا۔ ان کے علاوہ وہ منشیات اسمگلنگ کے کئی کیسز میں مطلوب ہے۔
2019 میں رہائی کے بعد بھی اوویڈیو گوزمین کی سرگرمیان نہ رکیں تو ایک بار پھر پولیس نے گھیرا تنگ کیا اور 6 مہینے کی انٹیلی جنس آپریشن کے بعد اس کے ٹھکانے تک پہنچ گئی جہاں گھمسان کی لڑائی ہوئی۔
پولیس اور گینگسٹر کے درمیان اس جھڑپ میں ایک اہلکار ہلاک اور 21 زخمی ہوئے۔ کامیاب کارروائی میں اوویڈیو گوزمین کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ کئی کارندے بھی مارے گئے۔
اوویڈیو گوزمین کی گرفتاری کی خبر جیسے ہی  سینالوا صوبے میں گینگسٹرز تک پہنچی، انھوں نے تشدد کا بازار گرم کردیا، ایک ہوائی اڈے پر بھی حملہ کیا گیا اور رن وے پر پرواز بھرنے اور اترنے والے طیاروں کے مسافروں پر گولیاں برسائی گئیں۔
ان پرتشدد ہنگاموں میں اب تک 3 سیکیورٹی اہلکار سمیت 29 شہری مارے گئے جبکہ درجنوں گاڑیاں بھی نذر آتش کردی گئیں۔

بھارت میں ’’بے نظیر اسکوائر‘‘ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا

کوچی: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھرواننت پورم کی ایک معروف شاہراہ کو پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کی تصاویر سے سجا کر اس جگہ کو بے نظیر اسکوائر کا نام دیدیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کیرالہ میں کمیونسٹ پارٹی کے خواتین ونگ ’’آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن‘‘ کے زیراہتمام نیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں دارالحکومت کی تمام اہم شاہراہوں اور مقامات پر بینرز لگائے گئے ہیں۔
ان بینرز میں شہید بے نظیر بھٹو کی تصویر بھی آویزاں ہے۔ جس پر لکھا ہے کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جنہیں ہارورڈ سمیت دنیا کی 9 بہترین یونیورسٹیوں سے ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں دی گئیں۔
بینرز پر پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم کی تصویر کے ساتھ ساتھ بینظیر اسکوائر کے الفاظ بھی لکھے گئے ہیں۔ عوام کی اکثریت نے کمیونسٹ پارٹی کے اس اقدام کو سراہا ہے۔
تاہم مودی کی جماعت بی جے پی کے کارکنوں نے شہر بھر میں ہنگامہ برپا کردیا۔ بی جے پی رہنما سندیپ واشاپتی کا کہنا تھا کہ دشمن ملک کی سابق وزیراعظم کی تصاویر لگانا ملک سے غداری ہے۔

امریکا میں 6 سالہ بچے کی کلاس روم میں فائرنگ، خاتون ٹیچر شدید زخمی

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکا میں 6 سال کے بچے نے فائرنگ کرکے ٹیچر کوشدید زخمی کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریاست ورجینیا کے ایک الیمنٹری اسکول میں پیش آیا۔ اسکول کے 6 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی خاتون ٹیچر کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کی جانب سے فائرنگ حادثاتی طور پرنہیں کی گئی۔ بچے کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔فائرنگ سے کوئی طالب علم زخمی نہیں ہوا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔امریکا میں اسکولوں میں فائرنگ کے واقعات عام ہیں اور اب تک طلبا سمیت درجنوں افراد ان واقعات میں ہلاک ہوچکے ہیں۔