عدالت نے ہدایت کی تواعتماد کا ووٹ لیں گے پھر فوری اسمبلی تحلیل کردیں گے، عمران خان

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ کے لیے اعتماد کے ووٹ سے متعلق ہونے والے اہم اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پنجاب صوبائی اسمبلی سے اعتماد کے ووٹ کو عدالتی حکم سے مشروط قرار دیا اور ووٹ لینے کے بعد فوری اسمبلی تحلیل کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت دیگر نے اہم رہنماؤں نے شرکت کی اور پنجاب میں رونما ہونے والی سیاسی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کی اندورنی کہانی سے متعلق ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اعتماد کا ووٹ عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دیا ہے اور فیصلہ کیا کہ عدالت نے ہدایت کی تو ہم اعتماد کا ووٹ لیں گے، ہمیں اعتماد کے ووٹ کیلیے تیاری کرنی ہے۔
علاوہ ازیں عمران خان نے وزرا کو اراکان صوبائی اسمبلی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی وزرا نے چیئرمین پی ٹی آئی کو یقین دلایا کہ اعتماد کا ووٹ ہمارے کے لیے مسئلہ نہیں ہے۔
زرائع کے مطابق دوران اجلاس عمران خان نے ہر وزیر کو متعلقہ ڈویژن کی ذمہ داری سونپ دی اور وزرا کو ڈویژنل سطح پر اراکین سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اعتماد کا ووٹ لیتے ہی فوری اسمبلی تحلیل کردیں گے، ہم اسمبلی تحلیل کریں گے اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے، اعتماد کے ووٹ کے بعد ہم عوام کے پاس جائیں گے، وزرا عام انتخابات کی تیاری کریں۔
انہوں نے اجلاس میں واضح کیا کہ امپورٹڈ ٹولے کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے، اسلام آباد کے بعد کراچی بلدیاتی انتخابات سے بھی بھاگنے کی کوشش کررہا ہے، یہ جانتے ہیں عوام نے انہیں مسترد کردیا۔
سابق وزیراعطم نے کہا کہ ملکی مسائل کا واحد حل عام انتخابات ہیں، عوامی مینڈیٹ والی حکومت مسائل کو حل کرسکتی ہے۔

امریکی خاتون نے 89 سال کی عمر میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کرلی

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) ایک امریکی خاتون نے پیرانہ سالی کے باوجود دوسالہ ڈگری حاصل کی ہے لیکن انہوں نے آن لائن رہتے ہوئے اس کےاکتسابی مراحل پورےکئے ہیں۔
89 سالہ جوآن ڈونووان نے تخلیقی مضمون نثرنگاری (کری ایٹوو رائٹنگ) میں آن لائن رہتے ہوئے سدرن نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا ہے۔ جب کرسمس کےموقع پرانہیں ڈگری دی گئی تو انہوں نے اسے دوہری خوشی قرار دیا ہے۔
جوآن فلوریڈا میں رہتی ہیں نے اس موقع پر گھر میں ایک تقریب رکھی اور گریجویشن تقریب لباس پہن کر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نےبتایا کہ 16 برس کی عمر میں وہ ہائی اسکول پاس کرچکی تھیں لیکن مزید تعلیم کے لیے ان کے اہلِ خانہ کے پاس رقم نہ تھی۔ انہوں نے ایک مقامی کالج میں داخلہ لیا لیکن شادی کی وجہ سے اسے بھی جاری نہ رکھ سکیں۔
تاہم جب ان کے بچے شادی کے بعد گھر چھوڑ گئے تو پہلے انہوں نے 84 برس کی عمر میں بیچلرز کیا جو چار سالہ کورس پر محیط تھا۔ وہ کری ایٹوو رائٹنگ میں ماسٹرز کرنا چاہتی تھیں لیکن کئی جامعات نے داخلہ دینے سے انکار کردیا اور اب انہوں نے نیو ہیمپشائر یونیورسٹی سے ماسٹرز کیا ہے جو آن لائن کورس تھا۔
اپنی خواہش پوری ہونے پر جوآن بہت مسرور ہیں اور انہوں نےنئی نسل کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی موقع پر ہمت نہ ہاریں۔

پرندے نے رُکے بغیر 13560 کلومیٹر کا سفر مکمل کرلیا

آسٹریلیا: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں کے زیرِ مشاہدہ ایک پرندے نےحیرت انگیز طور پر مختصر مدت میں لگ بھگ 13560 کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کرلیا ہے جس کی تصدیق گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے کی ہے۔
اگرچہ بارٹیلڈ گوڈوٹ نامی پرندے طویل فاصلوں تک نقل مکانی کرنے کے ماہر ہوتے ہیں اور زبردست رفتار سے ایک سے دوسرے برآعظم پہنچ جاتے ہیں۔ تاہم ماہرین نے بارٹیلڈ گوڈوٹ نسل کے ایک نوجوان پرندے پر سینسر لگا کر اس کی پرواز نوٹ کی تو معلوم ہوا کہ وہ الاسکا سے اڑا اور ہزاروں کلومیٹر کا سفر کرکے آسٹریلیا کی ریاست تسمانیہ جاپہنچا۔ اس دوران اس نے زمین پر قدم نہیں رکھا، غذا نہیں کھائی اور نہ ہی آرام کیا۔
اس پرندے پر نشانی کے لیے ایک ٹیگ لگایا گیا تھا جس کا نمبر 234684 ہے اور اس نے مجازی طور پر لندن سے نیویارک تک کے ڈھائی چکر لگائے ہوں گے جو سیارہ زمین کے پورے گھیر(سرکم فرینس) کے ایک تہائی کے برابر بھی ہے۔
پرندہ نمبر 234684 پر5 جی معیار کا سیٹلائٹ ٹیگ لگایا گیا تھا جس سے اس کی نشاندہی ہوتی رہی تھی۔ اس پرندے نے 13 اکتوبر 2022 کو اپنا سفر الاسکا سے شروع کیا اور مسلسل 11 دن اور ایک گھنٹہ تک پرواز کرنے کے بعد ہی تسمانیہ کی زمین کو چھوا تھا۔
سب سے دلچسپ بات یہ ہےکہ بارٹیلڈ گوڈوٹ نسل کے اس پرندے کی عمر صرف پانچ ماہ ہے جس نے اپنی ہی جنس کے ایک اور پرندے کا 2020 میں قائم ریکارڈ 350 کلومیٹر کے فرق سےتوڑدیا ہے۔ اسی طرح 2007 میں اسی قسم کے پرندے نے ایک ہی جست میں کل ساڑھے گیارہ ہزار کلومیٹر کا طویل فاصلہ طے کیا تھا۔ ماہرین ہرسال بارٹیلڈ گوڈوٹ پرندوں پر وائرلیس ریڈیو ٹیگ لگاکر ان کی آمدورفت نوٹ کرتے ہیں جو ان کی افزائشی تحقیق میں بھی کارآمد ہوتی ہے۔
پرواز کےدوران پرندے ہوا سے نمی لیتے ہیں بدن کی چربی سے توانائی حاصل کرتے ہیں۔ اس سفر میں ان کا وزن نصف رہ جاتا ہے اور زمین پر اترنے کے بعد کھاپی کر اس کمی کا ازالہ کرتے ہیں۔

اگلی صدی کے افتتاح تک 80 فی صد گلیشیئر ختم ہونے کا امکان

پینسلوینیا: (ویب ڈیسک) ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 2100 تک زمین پر موجود 80 فی صد گلیشیئر پگھل سکتے ہیں۔
امریکا کی کارنیگی میلن یونیورسٹی کے سائنس دانوں نے زمین کو درپیش مختلف گرین ہاؤس گیس کے اخراج کے سبب ہونے والے برف کے پگھلاؤکا اندازہ لگایا۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ زمین کا درجہ حرارت اگر 1.5 ڈگری سیلسیئس تک محدود بھی کر دیا جائے تو زمین پر موجود تقریباً نصف گلیشیئر پگھل سکتے ہیں۔
گلیشیئرز کا ختم ہونا مقامی آبی چکر پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے اور تودوں کے گرنے اور سیلابوں میں اضافے کا سبب ہوسکتا ہے۔
متعدد مطالعوں میں یہ بات بتائی جا چکی ہے کہ دنیا بھر میں گلیشیئرز گلوبل وارمنگ کے سبب تیزی سے پگھل رہے ہیں۔
گزشتہ برس ستمبر میں سائنس دانوں نے بتایا کہ اینٹارکٹیکا کا تھویٹس گلیشیئر گزشتہ 200 سالوں سے زیادہ عرصے میں جتنا پگھلا ہے اس سے دُگنی رفتار سے گزشتہ چند سالوں میں پگھلا ہے۔
تیزی سے پگھلتا یہ گلیشیئر اکیلا ہی سطح سمندر میں 10 فِٹ کا اضافہ کر سکتا ہے لیکن دیگر محققین نے پیش گوئی کی ہے کہ دوسرے بڑے گلیشیئرز بھی سطح سمندر میں بڑا اضافہ کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اینٹارکٹیکا کے پائن آئی لینڈ آئس شیلف 1.6 فِٹ جبکہ مشرقی اینٹارکٹیکا کی برف کی چادر 2500 تک 16 فِٹ تک کا اضافہ کرسکتے ہیں۔
سطح سمندر میں اضافے سے شینگھائی اور لندن جیسے کئی شہر کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔
جرنل سائنس میں شائع ہونے والی اس نئی تحقیق میں امریکی ریاست پینسلوینیا سے تعلق رکھنے والے ٹیم نے بتایا کہ اگر زمین کا درجہ حرارت اس ہی طرح بڑھتا رہا تو زمین پر موجود 2 لاکھ 15 ہزار گلیشیئرز میں سے کتنے باقی رہیں گے۔

آسٹریلیا سیریز، قومی ویمن کرکٹ ٹیم بریسبین پہنچ گئی

بریسبین : (ویب ڈیسک) آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کے لئے جانے والی قومی ویمن کرکٹ ٹیم بریسبین پہنچ گئی ہے۔
پاک ویمن کرکٹ ٹیم جمعہ کی شب آسٹریلیا روانہ ہوئی تھی، قومی ویمن کرکٹ ٹیم ایک دن آرام کے بعد ٹریننگ سیشن کا باقاعدہ آغاز کرے گی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم مہمان ٹیم کے ساتھ تین ایک روزہ میچز کی سیریز کھیلے گی، پاک آسٹریلیا ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا میچ 16 جنوری کو کھیلا جائے گا۔

رمیز راجہ نے پنشن کیلئے کرکٹ بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ پر سائن کر دیے

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین رمیز راجہ نے پنشن کے لئے کرکٹ بورڈ کے کوڈ آف کنڈکٹ پر سائن کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رمیز راجہ کو یکم جنوری سے 1 لاکھ 54 ہزار روپے پنشن ملا کرے گی، رمیز راجہ نے کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں پنشن دی جائے۔

چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کا پاکستانی اسکواڈ کیلئے بڑے کھانے کا اہتمام

کراچی: (ویب ڈیسک) معروف سابق آل راؤنڈر اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر شاہد آفریدی نے قومی کرکٹ ٹیم کے پورے سکواڈ کے لئے بڑی ضیافت کا اہتمام کیا ہے۔
پاکستانی ٹیسٹ اور ون ڈے سکواڈ کے تمام کھلاڑی و آفیشلز آج بروز ہفتہ سابق کپتان شاہد آفریدی کے گھر جائیں گے جہاں ان کے لئے پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیا ہے۔
چیف سلیکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے دی جانے والی دعوت میں شاہین شاہ آفریدی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

زرمبادلہ کے ذخائر میں خطرناک کمی، ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا ہے: اسد عمر

لاہور: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ زر مبادلہ کے ذخائر خطرناک حد تک گر چکے ہیں اور ملک دیوالیہ ہونے کے دہانے پر کھڑا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی، 2000 کے بعد سب سے کم درآمدی کور ہے، درآمدی حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی کی وجہ سے ذخائر کی موجودہ خطرناک حد تک کم سطح ہے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت ختم کرنے کے بعد سے آج تک ذخائر 16.4 بلین ڈالر سے کم ہو کر صرف 4.5 ڈالر رہ گئے ہیں، یہاں کالی ویگو ڈالے سیاسی مخالفین پر دباؤ ڈالنے کیلئے بندے اٹھا رہے ہیں، ملک چلانے والوں کا کوئی حال نہیں۔

پن بجلی کی پیداوار میں 90 فیصد کمی، لوڈشیڈنگ میں اضافہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پن بجلی کی پیداوار میں نوے فیصد کمی کے باعث بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا۔
ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم کے بجلی پیدا کرنے والے 15 یونٹ بند ہیں اور صرف 2 یونٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، تربیلا ڈیم سے اس وقت صرف 250 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے جبکہ تربیلا ڈیم میں بجلی کی پیداوار کی صلاحیت 4 ہزار 9 سو 28 میگا واٹ ہے۔
بتایا گیا ہے کہ تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ بھی بند ہے، تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے سے 1450 میگاواٹ بجلی پیدا نہیں ہو رہی، تربیلا ڈیم سے پانی کا اخراج پانچ ہزار کیوسک رہ گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ منگلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار 200 میگاواٹ ہےجبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1 ہزار میگا واٹ ہے، منگلا ڈیم میں صرف ایک یونٹ بجلی پیدا کر رہا ہے، منگلا ڈیم سے پانی کا اخراج 4 ہزار کیوسک ہے۔
پن بجلی کی کمی سے بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا، ملک بھر میں 6 گھنٹے تک بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔

کراچی: تیزاب پھینکنے والے 2 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد میں تیزاب پھینکنے کے واقعہ میں ملوث 2 ملزمان کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس مقابلہ ہوا جس میں تیزاب پھینکنے والے 2 ملزمان زخمی ہو گئے، پولیس نے دونوں ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی سیکٹر 6 ایف میں تیزاب گردی کے واقعہ میں 2 لڑکیاں زخمی ہوئی تھیں، پولیس نے لڑکیوں کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا تھا۔
واقعہ سے متعلق متاثرہ لڑکیوں کے والد نے بتایا تھا کہ عامر نامی لڑکے نے ایک بیٹی کا رشتہ مانگا تھا، انکار پر کارروائی کی، تیزاب سے دونوں بیٹیوں کے چہرے متاثر ہوئے ہیں۔