وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان بزنس کونسل کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان بزنس کونسل کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔
ملاقات کے دوران وفد کی طرف سے حکومت کو توانائی کی بچت کے مختلف اقدامات پر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی، پاکستان کی معاشی اور کاروباری صورت حال کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفد کی سربراہی پاکستان بزنس کونسل کے چئیرمین محمد اورنگزیب نے کی، ملاقات کے دوران ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے معاشی سرگرمیوں کیلئے نقصان قرار دیا گیا۔

کوئٹہ بھی پی ایس ایل 8 کے میزبان شہروں میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کے گورننگ کونسل اجلاس میں ایک میچ کی میزبانی کوئٹہ کو دینے پر اتفاق اور پی ایس ایل کا حتمی شیڈول اگلے ہفتے جاری کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔
پی سی بی کرکٹ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کی صدارت میں اجلاس ہوا، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کے نمائندوں اجلاس میں موجود تھے ، جبکہ کراچی کنگز، کوئٹہ اور پشاور زلمی کے حکام نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔
فرنچائز نے چیئرمین نجم سیٹھی کا پرتپاک استقبال کیا، اجلاس میں پی ایس ایل کے مالی اور انتظامی معاملات پر مشاورت کی گئی، نجم سیٹھی نے فرنچائز مالکان کے مسائل کو مشاورت سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔
اجلاس میں پی ایس ایل ایٹ کا کم از کم ایک میچ کوئٹہ میں کروانے پر اتفاق کیاگیا،فرنچائز نے نجم سیٹھی کی قیادت میں لیگ کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانے کا عزم کیا۔

جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 11 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرکے 11 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورسز نے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنادی ، ہلاک دہشت گردوں میں دہشت گرد کمانڈر حفیظ اللہ عرف تور حافظ بھی شامل ہے، مارے گئے دہشت گردوں میں دو خود کش بمبار بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے بڑی تعدادمیں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے، ہلاک دہشت گرد پولیس کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔

نواز شریف اور مریم نواز لندن سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ گئے

جنیوا: (ویب ڈیسک) سربراہ ن لیگ نواز شریف اور سینیئر نائب صدر ن لیگ مریم نواز لندن سے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا پہنچ گئے۔
وزیر اعظم شہباز شریف بھی اتوار کو جنیوا پہنچ رہے ہیں، نواز شریف کی وزیر اعظم شہباز شریف سے جنیوا میں ملاقات متوقع ہے۔
علاوہ ازیں مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر نے مستقل طور پر پاکستان میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنید صفدر اپنی والدہ کی سیاست میں مدد کرنا چاہتے ہیں اور وہ جمعے کو پاکستان پہنچيں گے۔

ہندو انتہا پسندوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے پوسٹر پھاڑ دیئے

احمد آباد: (ویب ڈیسک) ہندو انتہا پسند تنظیم کے کارکنوں نے بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ کے پوسٹر پھاڑ دیئے۔
فلم ’پٹھان‘ کے پہلے گانے کی ریلیز سے اٹھنے والے تنازعے کی شدت میں کمی نہیں اور اب بات زبانی مذمت سے بڑھ کر ہنگامہ آرائی تک پہنچ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں ہندو انتہاپسند تنظیم بجرنگ دل کے متعدد کارکنان نے ایلفا ون مال میں موجود ملٹی پلیکس سینما جاکر احتجاج کرتے ہوئے شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے فلمی پوسٹر پھاڑ ڈالے۔
فلم ’پٹھان‘ کے خلاف یہ پہلا احتجاج نہیں ہے، انتہاپسند گروپ اس سے قبل بھی متعدد احتجاجی جلوس نکال چکے ہیں اور فلم کو ریلیز نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
احتجاجی لہر سے متاثر ہوکر بھارتی سینسر بورڈ نے بھی فلم میکرز کو ہدایت دی تھیں کہ وہ ریلیز سے قبل بورڈ کی طرف سے دی گئی مجوزہ تبدیلیاں کریں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فلم میں 10 تبدیلیوں کے بعد اسے سینسر بورڈ کی طرف سے گرین سگنل مل چکا ہے۔

بیٹیوں کی محبت میں باپ نے جنس تبدیل کروالی

کیوٹو: (ویب ڈیسک) ایکواڈور کا شہری اہلیہ سے علیحدگی کے بعد بیٹیوں کی تحویل کیلئے اپنی جنس تبدیل کروا کے عورت بن گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بچوں کی خاطر مرد سے عورت بننے کا حیران کن واقعہ جنوبی امریکی ملک ایکواڈور میں پیش آیا جہاں رینی سلیناس راموس نامی شخص نے اپنی بیٹیوں کی تحویل کیلئے اپنی جنس تبدیل کروا لی۔
شہری کی سابقہ اہلیہ سے دو بیٹیاں ہیں جن کی تحویل کیلئے وہ عدالتوں کے چکر لگا رہا ہے، مگر ایکواڈور کا قانون بچوں کی تحویل کے معاملے پر باپ کے مقابلے میں ماں کو ترجیح دیتا ہے، اسی لیے رینی سلیناس نے اپنی مرد سے عورت بننے کا مشکل فیصلہ کیا۔
اس حوالے سے ایکواڈور کے شہری رینی سلیناس کا کہنا ہے کہ یہ صرف اپنی بیٹیوں سے محبت کا امتحان ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن حالات سے میں گزر رہا ہوں انہیں حالات سے دیگر کئی باپ بھی گزر چکے ہوں گے یا گزر رہے ہوں گے، میں ان میں بھی اس حوالے شعور بیدار ہونے کی امید کرتا ہوں۔

جاپانی ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے فیشن ایبل لباس مقبول

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی ایک کمپنی کو خیال آیا کہ کیوں نہ جدید اسٹائل کے تحت مریضوں کے گاؤن اور یونیفارم ڈیزائن کئے ہیں جو تیزی سے مقبول ہورہے ہیں۔
اگرچہ ہسپتال اور فیشن کا باہمی جوڑ مشکل دکھائی دیتا ہے۔ لیکن جاپان کی لفٹے کمپنی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے مریضوں کے لیے جو آرام دہ لباس بنایا ہے وہ ان کےتناؤ میں کمی کرسکتا ہے۔ کمپنی کے مطابق اگرچہ خرابی صحت ایک مسئلہ ہے لیکن کوئی وجہ نہیں کہ اس میں بہتر لباس سےانکار کردیا جائے۔
لفٹے کےمطابق ایک جانب تو ان کے لباس دیکھنے میں بھلے لگتے ہیں اور وہ اتنے آرام دہ ہیں کہ مریض انہیں طویل عرصے تک پہن سکتے ہیں۔ ہسپتال کے لباس کے بارے میں عام تاثر ہوتا ہے کہ وہ ہرمریض کو درست نہیں آتے۔ اگرچہ لفٹے کا گاؤن فٹ نہ بھی ہو تب بھی وہ پہننے میں بری نہیں لگتی۔
اگرچہ ہسپتالوں میں مریضوں کے کپڑوں کو بار بار دھویا جاتا ہے اور اسی لیے لفٹے کے مریضوں کے لباس 80 مرتبہ دھلنے کے بعد بھی اپنا رنگ اور کپڑے کا معیار برقرار رکھتےہیں۔ اسی طرح نہانے اور عام پہننے کے دوطرح کے لباس ہیں جو ہلکے گلابی، مدھم نیلے، بھورے اور ہلکے سرخ رنگوں میں بنائے گئے ہیں۔
لیکن گاؤن کو ہر طرح سے فیشن کے لحاظ سے بنایا گیا ہے۔

دودہائیوں میں سمندروں میں مائیکروپلاسٹک تین گنا بڑھ گئے

بارسیلونا: (ویب ڈیسک) ایک تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں میں سمندروں کی تہہ میں مائیکرو پلاسٹک کی مقدار میں تین گُنا اضافہ ہوا ہے۔
ایک مطالعے میں محققین کی ایک ٹیم، جس میں اسپین کی آٹونومس یونیورسٹی آف بارسیلونا اور ڈنمارک کی آلبرگ یونیورسٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف بِلٹ انوائرنمنٹ کے محققین بھی شامل تھے، کے سامنے یہ بات آئی کہ سمندر کی 100 میٹر یا اس سے زیادہ کی گہرائی میں پلاسٹک کے کچرے کے باریک ٹکڑوں کا ذخیرہ جمع ہو رہا ہے۔
مائیکرو پلاسٹک، پلاسٹک کے اتنے باریک ٹکڑے ہوتے ہیں جن کو انسانی آنکھ سے نہیں دیکھا جاسکتا۔
سائنس دانوں کے مطابق یہ چیز معاشرے میں پیکجنگ اور دیگر معاملات میں پلاسٹک کی اشیاء کے بڑھتے استعمال کو ظاہر کرتی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ دنیا فی الحال کسی بھی پلاسٹک کی شے کے استعمال کو ترک کرنے سے کوسوں دور ہے۔
ٹیم نے اسپین کے مشرق اور فرانس کے جنوب میں واقع بحیرہ بیلیئرک کی تہہ سے نومبر 2019 میں نکالے گئے پانچ نمونوں کا جائزہ لیا۔
ہر نمونہ 14.5 انچ بڑا تھا اور اس قابل تھا کہ محققین یہ دیکھ سکیں کہ 1965(جب پلاسٹک کی خطیر مقدار میں پیداوار شروع ہوئی) کے بعد سے سمندر کی تہہ میں مائیکرو پلاسٹک کی مقدار میں کتنا اضافہ ہوا ہے۔
جرنل انوائرنمنٹل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں شائع ہونے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ سال 2000 کے بعد سے سمندر کی تہہ میں پلاسٹک کے باریک ذرات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے۔

کراچی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شان ٹیٹ نالاں

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر نالاں بولنگ کوچ شان ٹیٹ نے کہا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولرز کو ہر فارمیٹ میں کھلانا مناسب نہیں ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی سے نالاں آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے بولنگ کوچ شون ٹیٹ نے منعقدہ پریس کانفرنس میں نامناسب رویہ اپنایا اور انتہائی اکتاہٹ کے ساتھ مختصر انداز میں جوابات دیے۔
دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز کے کھیل کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی فاسٹ بولرز کو ہر فارمیٹ میں کھلانا مناسب نہیں۔
شان ٹیٹ کا کہنا تھا کہ میں اس بات سے متفق ہوں کہ فاسٹ بولرز کو آرام دینا چاہیے، فاسٹ بولر کے لیے ٹیسٹ میچ اتنا مناسب نہیں رہا، میں بطور بولنگ کوچ اپنی کارکردگی سے مطمئین ہوں۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ ابھی ایک دن کا کھیل باقی ہے، ہم میچ بھی جیت سکتے ہیں۔
انہوں نے نیوزی لینڈ کے چیف سلیکٹر کے انتقال کے حوالے سے سوال پر کہا کہ میں جمیز کیمرون کو نہیں جانتا۔

چین کا کورونا کے باعث ہانگ کانگ کیساتھ بند سرحد کھولنے کااعلان

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ہانگ کانگ کے ساتھ اپنی سرحد کو دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے جو گزشتہ تین سال سے بند تھی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چینی سرزمین کا سفر کرنے والے ہانگ کانگ کے رہائشیوں کو پہنچنے کے بعد قرنطینہ یا کوویڈ 19 ٹیسٹ کروانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
مسافروں کو روانگی سے قبل کوویڈ 19 کی منفی ٹیسٹ رپورٹ فراہم کرنا ہوگی جو 48 گھنٹوں سے پرانی نہ ہو جبکہ ہیلتھ ڈیکلریشن فارم بھی مکمل کرنا ہوگا،ہانگ کانگ جانے والے مسافروں کو چین کی جانب سے دوبارہ سفری اور کاروباری ویزے بھی فراہم کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ تین سال قبل وبائی مرض کورونا کے باعث سرحد کو بند کر دیا گیا تھا جسے اب اتوار 8 جنوری سے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔