آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ کیلئے کپتان بابراعظم بھی نامزد

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلئیر آف دی منتھ (دسمبر 2022) کیلئے تین ناموں کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پلئیر آف دی منتھ کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور انگلینڈ کے ہیری بروکس شامل ہیں۔
سال 2022 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنے والے بابراعظم نے دسمبر میں 4 ٹیسٹ میچز کے دوران 65.37 پر 523 رنز بنائے۔
اس سے قبل بھی بابراعظم دو بار آئی سی سی پلئیر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کرچکے ہیں۔
ویمنز پلئیر آف دی منتھ کے لیے آئی سی سی نے سوزی بیٹس، چارلین ڈین اور ایشلے گارڈنر کو نامزد کیا ہے۔

ایشیا کپ: روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل

لاہور: (ویب ڈیسک) ستمبر میں شیڈول ون ڈے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی گروپ میں رکھ دیا گیا، تیسری ٹیم کوالیفائر ون ہو گی جبکہ دوسرے گروپ میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل نے سالانہ کلینڈر اور پاتھ وے سٹرکچر کا اعلان کرتے ہوئے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے سپرد ہی رکھی ہے جبکہ کیلنڈر آف ایونٹس میں میزبان ملک کا ذکر نہیں، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کو ایک بار پھر ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب اے سی سی کے صدر جے شاہ اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیاکپ میں بھارتی ٹیم وہاں نہیں جائے گی۔
جون میں ویمنز ٹی20 ایمرجنگ ایشیا کپ بھی شیڈول ہے جس میں انڈیا اے، پاکستان اے، تھائی لینڈ، ہانگ کانگ، بنگلہ دیش اے، سری لنکا اے، یوے ای اور ملائیشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
اس کے ساتھ مینز ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ 50 اوورز فارمیٹ کو جگہ دی گئی ہے جس میں بھارت اے، پاکستان اے، سری لنکا اے ، کوالیفائر ون ایک گروپ میں ہیں، دوسرے گروپ میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے اور دو کوالیفائر ٹیمیں ہوں گی۔
دسمبر میں مینز انڈر 19 ایشیا کپ بھی پروگرام کا حصہ ہے جس میں پاکستان، دو کوالیفائر ٹیمیں ایک گروپ میں ہوں گی جبکہ دوسرے گروپ میں بنگلہ دیش، افغانستان سری لنکا اور ایک کوالیفائر ٹیم کو حصہ بنایا گیا ہے۔

اسلام آباد موٹروے ٹول پلازہ پر کار سے بھاری مقدارمیں ہیروئن برآمد، 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد : (ویب ڈیسک) اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف) نے اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ پر کار سے 10 کلو 500 گرام ہیروئن برآمدکرکے 2 ملزمان گرفتار کرلیے ۔
اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی سے جاری بیان کے مطابق اے این ایف کا منشیات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ، اسلام آباد موٹر وے ٹول پلازہ پر برآمد کی گئی ہیروئن کار کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی تھی ۔
دریں اثناء جہلم جی ٹی روڈ کے قریب جہلم کے رہائشی ملزم سے 39 کلو پوست برآمد کی گئی ۔ انٹرنیشنل کوریئر آفس کامرہ میں لندن بھیجے جانیوالے پارسل سے مجموعی طور پر 438 گرام ہیروئین برآمدکی گئی ۔
برآمدشدہ ہیروئن مہارت سے خواتین کے کپڑوں میں چھپائی گئی تھی ، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔

لاہورسمیت پنجا ب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کا آپریشن ، 12 مشتبہ افرادگرفتار

لاہور : (ویب ڈیسک) موجودہ حالات کے پیش نظر آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سی ٹی ڈی نے کومبنگ آپریشن تیز کردیے ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق پنجاب کے اضلاع لیہ ، فیصل آباد ، لاہور،اوکاڑہ سے 12 مشتبہ افراد گرفتارکر کے ان کیخلاف مقدمات درج کر لیے گئے ۔
حکام کے مطابق 39 کومبنگ آپریشنز کے دوران 677 افراد کی بائیو میٹرک تصدیق کی گئی جبکہ 2417 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ میں 12 افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
اس حوالے سے سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ کومبنگ آپریشن دہشت گردی کی نئی لہر کے تناظر میں جاری رہیں گے ، شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں۔
اپنے ایک بیان میں لیگی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا معیشت کو دوبارہ مستحکم کرنا ہے، ہمارا ایجنڈا ملک میں امن بحال کرنا ہے، کوئی اس بحالی کے اور ترقی کے سفرمیں حصہ ڈالنا چاہتا ہے تو خیرمقدم کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تصادم نہیں اتحاد کی ضرورت ہے، عمران خان اسمبلی آکر الیکشن کے حوالے سے اتفاق رائے پیدا کریں، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی قیادت صبح و شام ڈیفالٹ کی باتیں کر رہی ہے، یہ پانی پھینکنے کی بجائے پٹرول پھینک رہے ہیں، تحریک انصاف والے اپنی زبان بند رکھیں گے تو بہتر ہوگا، عالمی کمیونٹی پاکستان سے یکجہتی کا اظہارکر رہی ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان اپنے آخری سال میں مصنوعی طور پر پٹرول کی قیمتوں کو کم کر گئے تھے، اگر ہم آئی ایم ایف معاہدے پرعمل نہ کرتے تو ملک کے ڈیفالٹ کا خطرہ تھا، ملک میں مہنگائی کی ذمہ دار تحریک انصاف ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں 76 سال سے بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے، شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) رہنما پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ‏گزشتہ 76 سالوں سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور ظلم جاری ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ‏دنیا بھر میں کشمیری عالمی دنیا کی توجہ مبذول کروانے کے لئے ہر سال 5 جنوری کے دن یومِ حق خودارادیت مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی 5 جنوری 1949ء کی قرارداد کے مطابق بھارت پر لازم ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کے باری میں فیصلہ کرنے کا حق دے، لیکن 74 سالوں سے اس قرارداد پر عمل نہیں ہوا
ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہر روز رپورٹ ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی دنیا نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر عالمی دنیا کی خاموشی اور بے بسی قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔

آزاد ایم پی اے بلال وڑائچ کا چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کا اعلان

لاہور: (ویب ڈیسک) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے پنجاب اسمبلی کے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے ایم پی اے بلال وڑائچ نے ملاقات کی، اس موقع پر ایم پی اے نے تحریک انصاف کے وژن کی تائید کرتے ہوئے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کو ووٹ دینے کا اعلان کر دیا۔
ملاقات کے موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چودھری، میاں اسلم اقبال سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ فواد چودھری نے بلال وڑائچ کی جانب سے چودھری پرویز الہٰی کو اعتماد کا ووٹ دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آزاد ایم پی اے حمزہ شہباز کے کیمپ میں موجود تھے اور اس سے قبل انکو ووٹ دیا تھا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ بلال وڑائچ نے عمران خان سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے وژن پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور وڑائچ فیملی بہت جلد تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر رہی ہے ان کے آنے سے پنجاب اسمبلی میں ہمارا مزید 1 ووٹ بڑھ گیا ہے۔
ملاقات کے دوران ایم پی اے بلال وڑائچ نے تحریک انصاف کے نظریے پر عمل پیرا ہونے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے خوش آئند بات ہے کہ پی ٹی آئی میں شامل ہو رہا ہوں، انشااللہ عمران خان کے وژن کے مطابق سیاست کریں گے، تحریک انصاف کی تمام قیادت کا خوش آمدید کہنے پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔

عمران خان کو فائر نہیں لگا، ڈیڑھ ماہ سے ڈرامہ کر رہا ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان دو نمبر آدمی ہیں، فائر اسے نہیں لگا، اگر صیح فائر لگا ہو تو دو ہفتے تک بندہ ہل نہیں سکتا، پچھلے ڈیڑھ ماہ سے عمران خان ڈرامہ کر رہا ہے.
اسلام آباد میں وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کو ٹانگ پر فائر لگا ہوتا تو پھر فریکچر نہیں ہوا یہ عجیب بات ہے اگر فائر بھی لگتا تو دو ہفتوں میں وہ بہتر ہو چکا ہوتا مگر وہ آج بھی کہتا ہے ڈیڑھ ماہ مزید وقت چاہیئے، ایک جے آئی ٹی بنائی ہے جس کی سربراہی غلام محمد ڈوگر کر رہے ہیں کسی کو علم نہیں ہوا نہ رپورٹ عدالت میں پیش ہوئی اور فواد چودھری کو مل گئی۔
انہوں نے کہا ملزم نوید بشیر کے سوا اس میں کوئی اور ملوث نہیں ہے، اس نے جو بیان دیا وہ 100 فیصد درست ہے اس میں وہ کوئی دوسرا یا تیسرا ملزم نہیں ڈال سکتے کیونکہ وہ مذہبی طور پر متاثر تھا، توشہ خانہ پورا بیچ دیا اور دوسری طرف چور چور کا شور مچا رہا تھا، حدیث ہے کہ جس کام سے دوسروں کو منع کرو اور خود کرو وہ بد بخت ہے، القادر ٹرسٹ کے نام جو پراپرٹی لگی ہے اس کی چھ ارب مالیت ہے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہر مسلک کا اپنا نکتہ نظر ہے اس کا احترام کرتے ہیں، علمی اختلاف حدیث کی رو سے باعث رحمت ہے ہر وہ پاکستانی جو کسی بھی وجہ سے ماورائے آئین شکار ہوا وہ قانونی عمل سے گزرے وہ ریاست کو یقین دہانی کرائے وہ قانون اور آئین کو تسلیم کرے کسی بھی ایسی تنظیم سے جو عوام کے خلاف یا ریاست کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال ہو وہ ناقابل قبول ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کردیا ہے کہ کسی دہشت گرد تنظیم سے مذاکرات نہیں ہوں گے، افغانستان میں ایک عبوری حکومت ہے اس سے بھی اس معاملے پر بات کی جائے گی، طالبان نے پاکستان سمیت پوری دنیا سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنی سر زمین کو دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے وہ اس پر عمل کریں اگر اس معاہدے پر افغانستان عمل کرے تو پاکستان سمیت دنیا میں امن قائم ہو جائے گا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ قرآن پاک کا مستند نسخہ ہر سطح پر حوالہ کے طور پر استعمال کیا جائےگا، وزارت مذہبی امورعربی اورترجمے کےساتھ مستند نسخہ کی اشاعت کرے گی، قرآن پاک کی حفاظت اللہ تعالیٰ نے اپنے ذمہ لی ہے، وزیر مذہبی امور مفتی عبد الشکور نے کہا کہ عدالتی فیصلے کو عملی جامہ پہنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، قرآن پاک کی اشاعت بہت ہی حساس معاملہ ہے، قرآن پاک کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ بھی ہے۔

کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے اننگز ڈکلیئر کردی، پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دے دیا

کراچی: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 277 رنز بنا کر اننگر ڈکلیئر کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے 319 رنز کا ہدف دے دیا۔
319 رنز کے تعاقب میں دوسری اننگز کا آغاز کرتے ہی پاکستانی بلے باز امیر حمزہ اِش سودھی جبکہ عبداللہ شفیق ٹم ساؤتھی کی گیند پر بغیر کوئی سکور بنائے آوٹ ہوگئے۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز قومی ٹیم گزشتہ روز کے اسکور میں محض ایک رنز کا اضافہ کرسکی، ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے وکٹ گنوا بیٹھے۔
قومی ٹیم کے ہیرو مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 125 رنز بناکر ناقابلِ شکست رہے، انکی اننگز میں 17 چوکے شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے آج پاکستان کی آخری وکٹ اِش سودھی کے حصے میں آئی۔
نیوزی لینڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ڈیون کانوے صفر کے انفرادی اسکور پر وکٹ جلد گنوا بیٹھے تاہم کین ولیمسن اور ٹام لیتھم نے ذمہ دارنہ اننگز کھیلتے ہوئے 109 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی لیکن لیتھم 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، کین ولیمسن 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ٹام بلنڈل اور مچل پریسویل نے 127 رنز کی شراکت داری قائم کی، بلنڈل 74 رنز بناکر آغا سلمان کا شکار ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ، آغا سلمان، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے پاک نیوزی لینڈ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے،انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی
دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل اور اش سودھی نے 2،2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے اوپنر عبداللہ شفیق 19 رنز اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم 24 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔
نیوزی لینڈ نے میچ کے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر واپس پویلین چلتے بنے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔
پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ باؤلرز کو آزمایہ تھا تاہم کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔

دھند کا راج برقرار، اہم شاہراہیں بند کردی گئیں

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور اور اسکے گردونواح میں دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہوگئی جس کے باعث موٹرویز کو ٹریفک کےلئے بند کردیا گیا۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11 کو شدید دُھند کے باعث مکمل بند کردیا گیا جبکہ لاہور اسلام آباد موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ سرور تک بند کی گئی ہے۔
ترجمان موٹروے نے مسافرین کو ہدایات کیں کہ غیر ضروری سفر سے گریزاور آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کر یں جبکہ تیز رفتاری سے پرہیز اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ موٹر وے پر سفر کرنے والے حضرات معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر یں جبکہ موٹروے پولیس ہمسفر ایپ سے بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے۔