عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی

لندن: (ویب ڈیسک) عالمی معیشت میں سست روی کے امکانات کے پیش نظر خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد تک کمی ہوگئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز اور عالمی معیشت میں سست روی کے خدشات کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔
بدھ کو برطانوی خام تیل برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 3.53 ڈالر فی بیرل کم ہوکر 78.57 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
اس کے علاوہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 3.37 ڈالر کم ہوکر 73.56 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔
خیال رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ 2023 میں عالمی معیشت کو مشکلات کا سامنا ہوگا کیوں کہ رواں برس عالمی نمو کیلئے اہم سمجھی جانے والی معیشتوں یعنی امریکا ، یورپ اور چین میں معاشی سرگرمیاں سست ہونے کا امکان ہے۔

مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے وطن واپس آئیں گی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا ہے کہ مریم نواز شریف جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس آئیں گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں مریم اورنگزیب نے مریم نواز کی واپسی کا وقت بتاتے ہوئے کہا کہ مریم نواز سرجری کے لئے لندن سے جنیوا روانہ ہوگئی ہیں، قائد مسلم لیگ ن نواز شریف بھی مریم نواز کے ساتھ ہیں، مریم نواز جنوری کے تیسرے ہفتے میں وطن واپس پہنچ کر پارٹی کی چیف آرگنائزر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کلائمیٹ کانفرنس کی سربراہی کے لئے 9 جنوری کو جنیوا روانہ ہوں گے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر ترین قیادت کی ملاقات جنیوا میں متوقع ہے۔

ایکنک نے نیشنل ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) نے نیشنل ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل (ایکنک) کا اجلاس ہوا، جس یں وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر برائے مواصلات اسد محمود، وزیر تجارت سید نوید قمر، معاون خصوصی وزیر اعظم طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز اور دیگر افسروں نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ خیبر پختونخوا تیمور سلیم خان جھگڑا، وزیر خزانہ حکومت پنجاب محمد محسن لغاری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
قومی اقتصادی کونسل نے نیشنل ڈویلپمنٹ انٹرن شپ پروگرام کی منظوری دے دی، پروگرام کے اخراجات پی ایس ڈی پی کے تحت لگائے جانے والے ترقیاتی منصوبوں سے پورے کیے جائیں گے۔

ملک کو مفلوج کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے ہیں؟: شیری رحمان

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ کرنے کے جرم میں جن کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے چاہیے تھے انہوں نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف نے موجودہ حکومت کی 8 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو 4 سال ملک پر مسلط رہنے کہ بعد کہتے ہیں ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں تھا، حکومت کوئی اور چلا رہا تھا، ملک کو مفلوج اور حکومت کو مقروض کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے؟
پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے مزید کہا کہ جس نہج پر پی ٹی آئی نے ملک کو پہنچایا تھا وہاں سے نکلنے میں 8 ماہ نہیں کئی سال لگیں گے، 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کس کو ملے؟، قرضہ نہیں لوں گا کہنے والوں نے ملکی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیوں کیا؟، کرپشن کا بیانیہ بنانے والے خود کرپشن میں نااہل کیوں ہوئے؟ انہوں نے ملکی معیشت کو توشہ خانہ سمجھ کر لوٹا، ان کا وائٹ پیپر’’چور مچائے شور‘‘ جیسا ہے۔

ٹوکیو چھوڑنے والے خاندان کو فی بچہ 17 لاکھ روپے ملیں گے

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی حکومت نے ٹوکیو سے ہجرت کرنے والے ہر خاندان کو فی بچہ 17 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت کی جانب سے ہر خاندان کو فی بچہ 10 لاکھ ین (17 لاکھ روپے) دینے کا مقصد ملک کے دیگر حصّوں کو آباد کرنا اور ساڑھے 3 کروڑ نفوس پر مشتمل ٹوکیو کی آبادی میں کمی لانا ہے۔
جاپانی حکومت کا خیال ہے کہ اس اقدام سے عوام کا معیار زندگی اور رویے تبدیل کرنے میں مدد ملے گی، سکیم کا حصہ بننے والے خاندانوں کو گریٹر ٹوکیو سے باہر جانا ہوگا اور اپنے نئے گھروں میں پانچ سال گزارنا ہوں گے۔
وفاقی حکومت کی کامیابی کیلئے جاپان کے 1300 بلدیاتی اداروں نے بھی سکیم میں شمولیت اختیار کی ہے جو سکیم میں استعمال ہونے والی رقم کا 50 فیصد ادا کریں گی جب کہ باقی پچاس فیصد مرکزی حکومت دے گی۔
حکومتی سکیم کا حصّہ بننے والے خاندان کے ملازمت پیشہ افراد کو نئی جگہ ملازمت کرنا ہوگی اور اگر خاندان کا کوئی فرد پرانی ملازمت کو ہی برقرار رکھنا چاہتا ہے تو گھر میں رہ کر ملازمت کو انجام دینا ہوں یا پھر نئے علاقے میں کوئی کاروبار کرنا ہوگا۔

ذوالفقار علی بھٹو شہید عوام کی طاقت کی علامت تھے، بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو عوام کی طاقت کی علامت تھے، ان کا نظریہ، جدوجہد اور قربانی لازوال ہیں۔
قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے 95 ویں یوم ولادت پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھٹو ایک نظریہ ہے، جسے مٹانے کی کوشش کرنے والے تاریخ میں بے نام و نشان خاک بن گئے جبکہ بھٹو کا نام آج بھی پاکستان کے گلی کوچوں سمیت دنیا کے کونے کونے میں گونجتا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ کے بعد قائد عوام قوم کے مقبول ترین لیڈر تھے، جنہوں نے اپنے خلوص، تدبر اور محنت کے ذریعے ملک کو سیاسی، معاشی اور معاشرتی لحاظ سے آگے بڑھایا، شہید بھٹو نے عوام کو سیاسی شعور دیا اور بااختیار بنایا، ملک کو پہلا متفقہ آئین اور جوہری پروگرام دیا، پاکستان کو اسلامی دنیا کا مرکز بنایا اور پاک چین تعلقات کی بنیاد رکھی۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو ایک اٹوٹ دوستی میں تبدیل کرنا بھی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کا طرہ امتیازہے، قائد عوام نے بطور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم پاکستان میں مزدوروں کو ٹریڈ یونینز تشکیل دینے کا حق دیا اور مزدور دشمن پالیسیوں کا خاتمہ کیا، زرعی اصلاحات کرکے بے زمین کسانوں کو زمینیں دیں اور غریبوں کو گھروں کا مالک بنایا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قائد عوام کے نظریے کو فروغ اور ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر جدوجہد کی اور اپنی جان تک کی پرواہ نہیں کی۔
بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی جماعت کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے اور مشن کی روشنی میں 1973ء کے آئین کی حفاظت، جمہوریت کو مضبوط، رواداری اور مساوات کو فروغ اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل ترقی یافتہ ملک بنانے کی جدوجہد کو منزل پر پہنچا کر ہی دم لیں گے۔

ناقابل تسخیر دفاع کیلئے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کریں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان، ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کو یقینی بنانے کے لیے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرے گی، اس مقصد کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ، سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، جس میں جیو سٹریٹیجک ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورت حال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
خواجہ آصف نے دورہ کے دوران پاک فضائیہ کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور پاک فضائیہ کی جانب سے ٹریننگ میں کی گئی اصلاحات کو سراہا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ان اصلاحات کی بدولت ایسی ہنر مند افرادی قوت تیار کی جاسکے گی، جو فضائی دفاع اور قومی سلامتی کے بدلتے چیلنجوں سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت سے لیس ہوگی، انہوں نے ملک میں حالیہ سیلاب کے دوران، سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں پاک فضائیہ کے غیر معمولی کردار کی تعریف کی۔
ائیر چیف نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے جدت طرازی کے عمل کے لیے جاری کوششوں اور مقامی صلاحیتوں کی ترقی کے لیے جاری مختلف منصوبوں اور وزیر دفاع کو پاک فضائیہ کے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ بارے آگاہ کیا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک پراجیکٹ کا مقصد ایوی ایشن، اسپیس، آئی ٹی، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق، ترقی اور اختراع کو فروغ دینا ہے، اس پراجیکٹ کے ذریعے پاکستان کے لیے سماجی، اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کو یقینی بنایا جاسکے گا۔

مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز جنیوا روانہ ہوگئے

لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور سینیئر نائب صدر مریم نواز جنیوا روانہ ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کاجنیوامیں ایک ہفتہ قیام متوقع ہے، جنیوا میں مقیم معالج سے نواز شریف کی ملاقات بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی جنیوا میں چند ذاتی ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

سعودی ائیر لائن کی پرواز منسوخ، درجنوں عمرہ زائرین جدہ ائیرپورٹ پر پھنس گئے

لاہور: (ویب ڈیسک) سعودی ائیر لائن کی پرواز کے منسوخ ہونے سے جدہ ائیرپورٹ پر درجنوں کی تعداد میں پاکستانی عمرہ زائرین پھنس گئے۔
ائیر لائن ایس وی 738 نے 350 عمرہ زائرین کو 3 جنوری کو پاکستان لیکر آنا تھا لیکن سعودی حکام کی جانب سے پاکستان میں خراب موسم کے باعث پرواز کو منسوخ کر دیا گیا۔
عمرہ زائرین نے بتایا کہ دو دن سے جدہ ائیر پورٹ پر پھنسے ہوئے ہیں، کوئی پوچھنے والا نہیں، بیشتر مسافروں کے پاس کھانے پینے کو بھی کچھ نہیں، حکام نے تاحال نہیں بتایا کہ پرواز کب روانہ ہوگی۔
مسافروں نے مزید بتایا کہ بچوں اور بوڑھوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انہوں نے پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری واپسی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ اپنے گھروں کو پہنچ سکیں۔

شان مسعود 21 جنوری کو رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر اور پی ایس ایل میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے شان مسعود 21 جنوری کو رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے۔
قومی کرکٹر کی پشاور سے تعلق رکھنے والی میشے خان سے پشاور 21 جنوری کو شادی طے پائی ہےجبکہ تقریب ولیمہ 27 جنوری کو کراچی میں ہوگی۔
واضح رہے کہ شان مسعود معروف بینکر منصور مسعود خان کے صاحبزادے ہیں۔