ملک میں سونے کی قیمت میں اچانک سیکڑوں روپے کا اضافہ

کراچی: (ویب ڈیسک) ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور آج بھی قیمت 900 روپے بڑھی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کےمطابق ملک میں فی تولہ سونے کا بھاؤ 900 روپے اضافے کے بعد ایک لاکھ 88 ہزار 600 روپے ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ 10 گرام سونےکا بھاؤ 772 روپے اضافے سے ایک لاکھ 61 ہزار 694 روپے ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی بازار میں سونے کا بھاؤ 29 ڈالر اضافے سے 1862 ڈالرفی اونس ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروبار کا منفی دن رہا۔
100 انڈیکس 91 پوائنٹس کم ہو کر 40 ہزار 539 پر بند ہوا۔ کاروباری دن میں 100 انڈیکس 397 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔
بازار میں آج 14 کروڑ 28 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 4 ارب 33 کروڑ روپے رہی۔
مارکیٹ کیپٹلائزیشن 18 ارب روپے کم ہوکر 6 ہزار 489 ارب روپے ہے۔

پاکستان میں امریکی ڈالر مزید مہنگا ہوگیا

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
آج انٹربینک میں ڈالر کا بھاؤ ایک پیسہ بڑھا ہے۔ انٹربینک میں کاروبار کے اختتام پر ایک امریکی ڈالر کا بھاؤ 226 روپے 95 پیسے ہے۔
انٹربینک میں گذشتہ روز ڈالر کا بھاؤ 226 روپے 94 پیسے تھا۔ علاوہ ازیں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ 236 روپے برقرار ہے۔

تنیوں فارمیٹ میں ایک کپتان برقرار رکھا جائے، انضمام الحق نے بھی آواز بلند کردی

لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے ملکی کوچز اور تینوں فارمیٹ میں ایک کپتان کو برقرار رکھنے کے حق میں آواز بلند کردی۔
سابق چیف سلیکٹر اور کپتان انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم کی پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ثقلین مشتاق اور محمد یوسف اچھے کوچز نہیں، ٹیسٹ سیریز کے لیے تیار کردہ ڈیڈ پچز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کپتان، کوچ یا جس کسی نے ایسے پچز بنانے کا بولا ہے اس سے ضرور پوچھ گچھ ہونی چاہیے۔
انضمام الحق نے بابراعظم کو تینوں فارمیٹ میں کپتان برقرار رکھنے پر کہا کہ انکی بیٹنگ لاجواب ہے، وہ اپنے بیٹ سے ہر تنقید کا جواب دے رہے ہیں، ان پر کپتانی کا کوئی پریشر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی وقت گزرنے کے ساتھ آتی ہے، بابراعظم بھی اسی مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ اس وقت انہیں ہھرپور سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، میرے نزدیک تو بابراعظم کو تبدیل کرنے کی باتیں اس وقت مناسب نہیں۔
سابق چیف سلیکٹر نے مستقبل میں چئیرمین سلیکشن کمیٹی بننے کی اطلاعات پر واضح کیا کہ مجھے ابھی تک کوئی آفر ہوئی ہے اور نہ ہی میں فی الحال اس بارے میں سوچ رہا ہوں، جب کوئی بات کرے گا تو پھر اس کے حوالے سے کچھ بتانے کی پوزیشن میں ہوں گا۔
انضمام الحق نے فاسٹ بولر محمد عامر کی متوقع واپسی پر کہا کہ اگر وہ مکمل فٹ اور کھیلنے کے لیے تیار ہے تو اس کی واپس میں کوئی حرج نہیں۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے سے پہلے دھاندلی ہو چکی: خالد مقبول صدیقی

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے مسئلے پر ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں حلقہ بندیوں کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے بعد ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کا موقع دینے پر جماعت اسلامی کی قیادت کا شکر گزار ہوں، ہم بڑے سنجیدہ مسئلے پر یہاں آئے ہیں، دونوں جماعتیں سمجھتی ہیں بنیادی جمہوریت کے بغیر جمہوریت ادھوری ہے۔
ایم کیو ایم کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جو ووٹر لسٹ بنی اس میں ابہام ہے، سب سے بڑا ہاتھ حلقہ بندیوں کے معاملے پر دکھایا گیا، اعدادو شمار ثابت کرتے ہیں کہ بلدیاتی الیکشن میں پہلے ہی دھاندلی ہوچکی۔
انہوں نے کہا کراچی میں ایسی یوسیز بھی ہیں جو 20،20 ہزار لوگوں پر ہیں، عدالتی احکامات پر بلدیاتی انتخابات ہونے ہیں، پاکستان کی موروثی سیاست بنیادی جمہوریت کو اپنے لیے خطرہ سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا نقطہ نظر ہے کراچی شہر اپنا میئر اور کونسلر چاہتا ہے، بلدیاتی انتخابات کے حوالےسے ہمارا نقطہ نظر واضح ہے، 2018 میں غیر منظور شدہ مردم شماری پر انتخاب ہو گیا، مردم شماری میں بھی کراچی سے ہمیشہ زیادتی ہوتی ہے۔
جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا ہر بار ہمارا فوکس ہوتا ہے کہ انتخابات ضرور ہونے چاہئیں، ایوب خان زمانے میں مارشل لاء کیخلاف بھرپور جدوجہد کی تھی، خواہش ہوتی ہے جمہوری عمل جماعتوں، ملک میں ہو، جماعت اسلامی میں ہر سطح پر انتخاب ہوتا ہے، جہاں دولت اور طاقت کا استعمال ہوتا ہو وہاں یہ ممکن نہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو لیول پلیئنگ فیلڈ حاصل نہیں ہے، 2013 میں بلدیاتی ایکٹ آیا ایم کیوایم 2015 تک ان کے ساتھ رہی، اس وقت پیپلز پارٹی کی وفاق اور صوبے میں حکومت بنی تھی، ہمار تجربہ ہے کہ 2009 سے 2015 تک بلدیاتی انتخاب نہیں ہوا۔

ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں معیشت کو آگے لے کر جا رہے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وفاقی وزیر کا وزارت منصوبہ بندی و ترقی کے بہتر کارکردگی والے ملازمین کو تقسیم اسناد دینے کی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہمیں توانائی بچت پالیسی پر عمل کرتے ہوئے غیر ضروری اخراجات کو روکنا ہو گا، 2013ء میں حکومت سنبھالی تو بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا، 2013 میں بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر تھی۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نےفنڈز جاری کرنے سےانکار کر دیا تھا جس کی وجہ سے منصوبے مکمل نہیں ہوئے اور لاگت میں اضافہ ہوا، ملازمین کو بہتر کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا مقصد ان کی کارکردگی کو تسلیم کرنا ہے، کسی بھی کامیاب نظام کو چلانے کے لئے سزا اور جزا ضروری ہے، بہتر کارکردگی والے ملازمین کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملازمین کو بہتر کارکردگی پر ایوارڈ دینے کا مقصد ان کی کارکردگی کو تسلیم کرنا ہے، کسی بھی کامیاب نظام کو چلانے کے لئے سزا اور جزا ضروری ہے، 18-2017 میں سوچتے تھے کون سا نیا منصوبہ شروع کیا جائے، آج سوچتے ہیں کون سے منصوبے کے فنڈ کاٹیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ 4 سال بعد ہمیں بحران کا شکار معیشت ورثے ملی، 75 سال میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ آخری سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کو پیسے نہ ہوں، 2018ء کے مقابلے میں ترقیاتی بجٹ ڈبل ہونے کے بجائے آدھا رہ گیا ہے، سب کو محنت کر کے پاکستان کو آگے لے جانا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی قوم میں بہت صلاحیت ہے، محنت کی جائے تو دو سال میں پاکستان کو ٹرن اراؤنڈ کرسکتے ہیں، اس وقت کوئی دشمن بھی پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی بات نہیں کر رہا لیکن اندر سے یہ باتیں ہو رہی ہیں، مالی بحران میں وسائل کے ضیاع کو بھی روکنا ہے، توانائی کی بچت کے حوالے سے بجلی کے غیر ضروری استعمال اور پٹرول کی کھپت پر قابو پانا ہوگا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تمام کیڈرز کے کل 21 افسروں کو شاندار کارکردگی پر تعریفی اسناد سے نوازا گیا جس میں کیش انعام بھی شامل ہیں، انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کریں اور اپنے کام کو ایک مشن کے طور پر لیکر چلیں جبکہ اپنے اوقات کار کو بوجھ کے طور پر نہ دیکھیں۔

بلاشبہ ملک میں مہنگائی عروج پر ہے، وزیراعظم

کوئٹہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے شہر صحبت پور میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی مخدوش حالات میں ہم نے حکومت سنبھالی، آئی ایم ایف سے معاہدہ ٹوٹ چکا تھا، مہنگائی عروج پر ہے اس میں کوئی شک نہیں، پاکستان کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہمیں خود ہمت پیدا کرنی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وفاق نے سیلاب متاثرین کے لیے 100 ارب روپے خرچ کیے اور اب بھی ان کے لیے کئی سو ارب روپے درکار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 جنوری کو سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ساتھ جنیوا میں ڈونرز کانفرنس کروں گا، اسی سلسلے میں برادر ممالک کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اس لیے وجود میں آیا تھا کہ سب کو برابر کے حقوق ملیں گے، سب اپنی محنت کے بل بوتے پر معاشرے میں اپنا مقام حاصل کریں گے لیکن آج ایسا نہیں ہے، آج جس کی لاٹھی اس کی بھینس ہے۔

لوگ مرغی کھانا چھوڑ دیں، اس کی فیڈ مضر صحت ہے: وزیر تحفظ خوراک طارق بشیر چیمہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ لوگ مرغی کھانا چھوڑ دیں، اس کی فیڈ مضر صحت ہے۔
وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ آٹے اور گندم کی قیمتوں کا تعین صوبائی حکومتیں کرتی ہیں، صوبوں میں مہنگائی کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، فلور ملز مصنوعی طور پر قیمتوں میں اضافی کرتی ہیں، فلور ملز اپنی صلاحیت کے مطابق آٹا نہیں بناتی۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ سندھ نے گندم کی سپورٹ پرائس چار ہزار مقرر کی ۔سپورٹ پرائس مقرر کرنے سے پہلے کسان کی لاگت کو دیکھا جاتا ہے۔چار ہزار سپورٹ پرائس پر مزدور آٹا کیسے خریدے گا۔بلاول بھٹو اور وزیر اعظم کی جس دن ملاقات ہو جائے گی اس دن گندم کی قیمت پر مسئلہ حل ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کی اجازت دی ،ابھی تک ایک کلو چینی برآمد نہیں کر سکے۔عالمی منڈی میں چینی سستی ہو چکی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد مہنگائی ہمارا مسئلہ نہیں ہے، مہنگائی کنٹرول مسئلہ صوبائی حکومتوں کا ہے۔
طارق بشیرچیمہ کا کہنا تھا کہ اسٹریٹیجک گندم کے ذخائر کو ہاتھ نہیں لگا سکتے۔روزانہ کی بیناد پر فوڈ سیکورٹی کے ذخائر کو دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ایم او سویابین زہریلی بیماری ہے ، کینسر ہے ، مرغی کھانا چھوڑ دو،میں مرغی نہیں کھاتا ، گوشت بھی نہیں کھاتا، جی ایم او سویابین کا پولٹری میں استعمال بیماری پھیلا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2015ء سے پہلے جی ایم او سویابین پولٹری فیڈ میں شامل نہیں تھی، اس کے بعد پولٹری مافیا نے چکر چلا کر مقامی سویا بین پر ٹیکسز لگوادیے جس سے امپورٹڈ سویابین سستی اور مقامی سویابین مہنگی ہوگئی، پھر انہوں نے جی ایم او سویابین درآمد کرنا شروع کردی، ایک ارب کی درآمد کرکے 2 ارب روپے کماتے ہیں، امپورٹڈ سویابین مضرصحت ہے جو بیماری پھیلارہی ہے، میری سختی کا یہ فائدہ ہوا کہ اب نان جی ایم او سویابین منگوائی جارہی ہے جو مضر صحت نہیں۔

کراچی : کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ برآمد

کراچی: (ویب ڈیسک) کسٹمز انٹیلی جنس کی کارروائیاں ، ساڑھے 5کروڑ روپے مالیت کی اسمگل شدہ چھالیہ اوردیگر سامان برآمد کرلیا ۔
ترجمان کسٹمز کے مطابق کراچی ناردرن بائی پاس پر کسٹمز انٹیلی جنس نے اسمگل شدہ چھالیہ کا ڈمپر ضبط کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔
ترجمان کسٹمز کا بتانا ہے کہ اسمگل شدہ چھالیہ کو ڈمپر میں پتھروں کے نیچے چھپایا گیا تھا، کارروائی کے دوران کسٹمز کے عملہ کو سخت مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔
ترجمان کے مطابق کسٹمز نے دوسری کارروائی میں ڈھائی کروڑ روپے مالیت کی4نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ضبط کرلیں ۔

کراچی ٹیسٹ؛ پاکستان نے 9 وکٹوں پر 407 رنز بنالیے

کراچی: (ویب ڈیسک) سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے 449 رنز کے جواب میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنالیے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 پر دوبارہ اننگز کا آغاز کیا تو 29 رنز کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق جلد وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 83 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق 19، شان مسعود 20، کپتان بابراعظم 24، آغا سلمان 41، حسن علی 4، نسیم شاہ بھی 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ میر حمزہ پہلی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
سرفراز احمد اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 150 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، سرفراز 78 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی، میٹ ہینری اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔