دھند کے باعث ملک بھر کی اہم شاہراہیں بند، پروازیں متاثر

لاہور: (ویب ڈیسک) دھند کے باعث ملک بھر میں موٹر ویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
تفصیل کے مطابق ترجمان موٹر وے پولیس نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون اور موٹروے ایم ٹو کو لاہور سے ہرن مینار تک بند کر دیا گیا، لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے، موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبد الحکیم تک دھند کے باعث بند ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث لاہور ملتان موٹروے بھی فیض پور سے جڑانوالہ تک بند کر دی گئی ہے، موٹر وے پولیس نے مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی دی۔
سید عمران احمد نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرائیور حضرات تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، روڈ یوزرز معلومات اور مدد کیلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کریں۔

کراچی کا مینڈیٹ چھیننے نہیں دیں گے: خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال

کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ انتخابات جیتنا سب کا حق ہے لیکن انتخابات چھیننے نہیں دیں گے، ہم مل کر کراچی کے مینڈیٹ کو چھیننے نہیں دیں گے۔
پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات آ رہے ہیں، کراچی میں بلدیاتی انتخابات کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، شہر کی بقا کیلئے متحد ہونا ضروری ہے، مشترکہ جدوجہد کیلئے متحد ہونے کا وقت آ گیا ہے، اگر جعلی مردم شماری، حلقہ بندیوں کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کرائیں گے پھر نتائج کوئی نہیں مانے گا۔
سربراہ ایم کیوایم پاکستان نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے کے سب سیاسی ضروریات اور شناخت سے نکل کر مشترکہ جدوجہد کریں، کراچی کی معیشت سے ملک کی معیشت جڑی ہے، سب چاہتے ہیں پورے پاکستان میں ترڈ ٹئیر میں قانون سازی کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خالد مقبول صدیقی کو خوش آمدید کہتا ہوں، کراچی کوئی مقبوضہ شہر نہیں ہے، شہر کے معاملے پر ہم سب ایک ہیں، اجتماعی طور پر کراچی کے فائدے کی بات کریں گے، پہلے بھی ذاتی مفاد نہیں دیکھا آئندہ بھی نہیں دیکھیں گے، شہر کے ایشوز پر کوئی بھی آواز اٹھائے سپورٹ کریں گے، اجتماعی طور پر جو بھی فائدے کی بات ہو گی کریں گے،
انہوں نے کہا کہ قومی مفادات کیلئے مشکل فیصلے بھی کرنے پڑے تو کریں گے، پہلے بھی دعوت دی آج ورکرز اجلاس میں بھی ایم کیو ایم پاکستان کو دعوت دی ہے، کارکنوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے، کوئی دو رائے نہیں ہے ملکی مسائل کو کوئی ایک پارٹی حل نہیں کر سکتی، معاشی بدحالی سے آئی ایم ایف نہیں کراچی نکال سکتا ہے، جعلی ڈومیسائل بنا کر شہر کے لوگوں کو نوکریاں نہیں دی جاتیں، کراچی، حیدرآباد کے لوگوں کو نوکریاں کا حق نہیں ملتا۔

آرمی چیف نے کہا ہے دہشتگردوں سے متعلق بیانیے میں وضاحت ہونی چاہیے: وزیر داخلہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں سے متعلق بیانیے میں وضاحت ہونی چاہیے، آرمی چیف نے اجلاس میں یہ بات دوٹوک انداز میں ثبوتوں کے ساتھ کی، وہ وضاحت اس بات کا تقاضہ کرتی ہےکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) یا دیگردہشت گرد تنظیموں سے مذاکرات نہیں کرنے چاہیے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہمیں دہشت گردوں سے مذاکرات کے معاملے پر ملے جلے پیغامات نہیں دینے چاہئیں، قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دہشت گرد تنظیموں سے مذاکرات نہیں ہوں گے، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ٹی ٹی پی یا کسی اور دہشت گرد تنظیم سے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کوئی حملہ آور ہو تو بین الاقوامی قوانین اجازت دیتے ہیں کہ اپنے دفاع میں اس کو روک سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، پاکستان کا کوئی علاقہ دہشت گردوں کے قبضے میں نہیں، دہشت گرد افغانستان سے آتے ہیں اورکارروائی کرکے چلے جاتے ہیں، دہشت گردوں سے متعلق افغان حکومت کے سامنے ثبوت رکھے جائیں گے۔
وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ افغانستان نے پاکستان اور دنیا سے وعدہ کر رکھا ہے کہ اس کی سر زمین کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی، افغان حکومت کو کہا جائے گا کہ پاکستان اور دنیا سے کیا گیا اپنا وعدہ نبھائیں۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے مزید ڈھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر مزید اڑھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی جبکہ پی ایس او کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے سبسڈی کی مد میں مختص دس ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ چینی برآمد کرنے کی اجازت کے تحت برآمدی چینی کی کل مقدار صوبوں کے درمیان ان کی نصب شدہ کرشنگ صلاحیت کی بنیاد پر تقسیم کی جائے گی جس کا تعین پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کرے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایل سی کھلنے کے ساٹھ دن کے اندر برآمدات سے حاصل ہونے والی رقم ڈالر میں وصول کی جائے گی۔ علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے بجٹ میں پٹرولیم ڈویڑن کیلئے پٹرولیم سبسڈی کی مد میں مختص کردہ دس ارب روپے پاکستان اسٹیٹ آئل کو جاری کرنے، پی ایس او کو پچاس ارب روپے تک کی بینک فنانسنگ کیلئے حکومتی گارنٹی کی منظوری دیدی۔
کمیٹی نے شوگر ایڈوائزری بورڈ کی سفارش پر مزید اڑھائی لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دیدی جبکہ درآمدی یوریا کی قیمت متعین کرنے کی سمری موخر کرتے ہوئے 31 جنوری 2023 تک آر ایل این جی کی فراہمی روک دی۔
کمیٹی نے افغانستان میں قائم تین پاکستانی اسپتالوں کے اخراجات کیلئے کابینہ کی منظور کردہ ایک ارب روپے سے زائد کی رقم چار قسطوں میں فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا یو اے ای کے صدر شیخ بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ بن زید النہیان میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر کو پاکستان کی سربراہی میں 9 جنوری کو جنیوا میں ہونے والی انٹرنیشنل کانفرنس آن ریسیلینٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

نصاب میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ نصاب میں اصلاحات کی بہت ضرورت ہے کیونکہ تعلیم میں ترقی اور جدت ترقی کا باعث بنتی ہے جبکہ تعلیم پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر لانے کا بنیادی ایجنڈا ہے۔
قومی نصاب پر گول میز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے وزارت تعلیم سے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت میں جدید ترین ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام کے لئے اپنا پی سی ون جمع کرائے تاکہ اسلام آباد میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ کا قیام عمل میں لایا جا سکے۔
گول میز کانفرنس میں تعلیم کے شعبے سے منسلک مختلف ماہرین نے شرکت کی جنہوں نے وفاقی وزیر کو اپنی تجاویز بھی پیش کیں، اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی وزارت تعلیم کو اسلام آباد میں ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے لئے بجٹ دے گی اور اس سلسلے میں وزارت تعلیم کو چاہئے کہ وہ جلد اپنا پی سی ون جمع کرائیں تاکہ اس پر جلد کام شروع ہو سکے۔
احسن اقبال نے کہا کہ وژن 2025 کے تحت قومی نصابی اصلاحات کا آغاز انہوں نے کیا تھا اور اس سلسلے میں قومی نصاب کونسل بھی قائم کی گئی تاہم گزشتہ حکومت نے قومی نصاب میں اصلاحات کو متنازعہ بنا دیا جس کا نقصان پوری قوم کو ہوا، احسن اقبال نے کہا کہ چار اہم چیزوں پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے جو انہوں نے 2014 میں بھی وزارت تعلیم کو بھیجی تھی جن میں نصابی اصلاحات، اساتذہ کی تربیت، امتحانات اور مدرسہ اصلاحات شامل ہیں، 2014 میں مذکورہ منصوبے وژن 2025 کے تحت شروع کئے گئے تھے، بدقسمتی سے پچھلی حکومت نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جس سے ملک کے طالب علموں کا نقصان ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت تعلیم کی منتقلی کے بعد مختلف تعلیمی بورڈز میں عدم توازن کو دور کرنے کے لیے ایک بین الصوبائی تعلیمی فورم اور ایک قومی نصاب کونسل کی تشکیل کی کوششیں کی گئی تھیں، انہوں نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی ایک ایسا نصاب تشکیل دینے میں بھرپور مدد کرے گی جس میں اصلاحات کی جائیں بالخصوص استاد، طالب علم اور امتحانی نظام میں۔
احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ بچوں کو خود تشخیص کرنے کے قابل ہونا چاہئے تاکہ وہ اپ ڈیٹ شدہ نصاب کے نتیجے میں صحیح انتخاب کر سکیں، پاکستان کو درپیش مسئلہ یہ ہے کہ نصاب میں اصلاحات کی کوششیں پالیسیوں میں عدم استحکام کی وجہ سے متاثر ہوئیں۔

پولیو ورکرز نے مشکل وقت میں ڈیوٹی سے بڑھ کر پاکستان کی خدمت کی، عبدالقادر پٹیل

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشن اینڈ کوآرڈی نیشن عبد القادر پٹیل نے کہا ہے کہ پولیو ورکرز نے مشکل وقت میں اپنی ڈیوٹی سے بڑھ کر پاکستان کی خدمت کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ میں اپنے پولیو ورکرز کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں اپنی ڈیوٹی سے بڑھ کر پاکستان کی خدمت کی اور سیلاب سے متاثرین کی بحالی میں بھی پولیو ورکرز کا کردار اہم ہے۔

وفاق نے ‘توانائی بچت مہم’ پر خیبرپختونخوا حکومت سے مشاورت نہیں کی: بیرسٹر سیف

پشاور: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ‘توانائی بچت مہم’ وفاقی حکومت کی پالیسی ہے اس پر کے پی حکومت سے کوئی باضابط مشاورت نہیں کی گئی۔
صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے وفاق کی جانب سے مارکیٹیں رات ساڑھے 8 بجے جبکہ شادی ہالز رات 10 بجے بند کرنے کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ دکانیں اور مارکیٹس بند کرنے کے اوقات پر بھی کوئی مشورہ نہیں کیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی اس پالیسی پر عملدرآمد کا تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔ خیبرپختونخوا حکومت توانائی بچت کے کئی اقدامات پہلے سے اٹھا رہی ہے۔ صوبے میں سولرائزیشن، ایل ای ڈی بلب کے استعمال پر پہلے سے کام کر رہے ہیں۔

کوئٹہ سے اسلام آباد آنیوالی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، تابڑ توڑ حملے

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) کوئٹہ سے اسلام آباد آنے والی پرواز میں مسافر لڑ پڑے، دوران پرواز مسافروں نے تکرار کے بعد ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملے شروع کر دئیے۔
بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے 326 کوئٹہ سے اسلام آباد آرہی تھی، مسافروں کے جھگڑے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی، جھگڑے کے دوان دیگر مسافروں کو خود کو اور بچوں کو محفوظ رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔
پرواز میں جھگڑا کرنے والے دونوں مسافر افغان باشندے بتائے جاتے ہیں، پائلٹ کی جانب سے شکایت پر اے ایس ایف اہلکاروں نے دونوں افغان مسافروں کو تحویل میں لے لیا۔
ذرائع نے بتایا کہ دونوں مسافروں کو طیارے سے اتار کر دریافت کے لیے کنٹرول روم منتقل کر دیا گیا، ائیر لائن حکام کا وقوعہ بارے کہنا تھا کہ مسافروں نے طیارے میں جھگڑا کیا جنہیں سکیورٹی حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

عمران خان سیاسی استحکام چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ آئیں ورنہ ان کا علاج موجود ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جلد الیکشن کی ہر کوشش اور ہر لانگ مارچ ناکام ہوچکا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاسی استحکام چاہتے ہیں تو پارلیمنٹ آئیں ورنہ ان کا علاج موجود ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران استعفوں کی بات کرتے ہیں مگر وقت آنے پر شاہ محمود اور پرویز خٹک تک غائب ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی طے کر چکی ہے کہ طالبان کو رعایت دینے کی پالیسی نہیں چلے گی، ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کے مطابق چلنا چاہتے ہیں، بلدیاتی الیکشن میں تاخیر پر تحفظات ہیں جس پر ایم کیو ایم سے بات کریں گے۔