شاہ محمود اڈیالہ جیل سے رہائی ملتے ہی دوبارہ گرفتار

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہائی ملتے ہی دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔

شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہائی ملتے ہی پنجاب پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا اور بکتربند گاڑی میں نامعلوم مقام کی طرف روانہ ہوگئی۔

گرفتاری کے موقع پر شاہ محمود کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کا مذاق آرایا جکا رہا ہے، مجھے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کیا گیا۔

سابق وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ میں بے قوم کی ترجمانی کی ہے اور میں گناہ ہوں لیکن مجھے بلاوجہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز آفیشل سیکریٹ ایکٹ عدالت نے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی رہائی کی روبکار جاری کیے تاہم انہیں اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا تھا۔

بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک تاریخ ساز شخصیت تھیں، بینظیر بھٹو ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں، میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانا چاہتی تھیں، بینظیر بھٹو تمام صوبوں کی ہم آہنگی کی زنجیر تھیں، بینظیر کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی، بینظیر کے قتل کے ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔

اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم اور عالمی لیڈر شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بینظر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں، بینظیر بھٹو کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ میری والدہ ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے عظیم مقصد کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے ہم آہنگی کی زنجیر تھیں، بینظیر بھٹو کا بہیمانہ قتل ایک مذموم سازش تھی، بینظیر کے قتل ذریعے پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قتل کے ذریعے روشن خیال، اعتدال پسندی و جمہوری معاشرے کے قیام کی حکمت عملی کو نشانہ بنایا گیا، بینظیر بھٹو نے فکر بھٹو اور پارٹی کو اپنے فلسفے اور بے مثال جدوجہد کے ذریعے نئی بلندیوں تک پہنچایا، انہوں نے ہمیشہ ملک کے عام آدمی اور پسماندہ طبقات کی آواز بن کر حقیقی عوام کی نمائندگی کی۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بطور وزیر اعظم قوم کو بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تحفہ دے کر ملکی دفاع کو مزید مضبوط کیا، بینظیر بھٹو نے ملک کے تنخواہ دار طبقے، کسانوں، مزدوروں، اقلیتوں، خواتین، بچوں اور بزرگوں کے حقوق کا تحفظ کیا، بینظیر نے ملک کے غریب شہریوں اور پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کے لیے دور رس اقدامات کیے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بصیرت افروز امنگوں اور مشن کا عکس ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی اپنی شہید قیادت کے فلسفے پر سختی سے کاربند رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے، یہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خواب تھا کہ پاکستان دنیا کے لیے خوشحال، ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور مضبوط جمہوری وفاقی ریاست کے طور پر ایک اعلیٰ مثال ہو۔

یاسر عرفات پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہائی پرفارمنس کوچ مقرر

 لاہور: سابق ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہائی پرفارمنس کوچ مقرر کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق یاسر عرفات نیوزی لینڈ کے خلاف 12 سے 21 جنوری 2024 تک شیڈول پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم مینجمنٹ کا حصہ ہوں گے۔

یاسر عرفات قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کی تیاری کے لیے 29 دسمبر سے 2 جنوری تک لاہور میں پانچ روزہ کیمپ میں بطور کیمپ کمانڈنٹ خدمات سرانجام دیں گے۔

واضح رہے کہ 41 سالہ یاسر عرفات تین ٹیسٹ، 11 ون ڈے اور 13 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ انہوں نے اپنا انٹرنیشنل ڈیبیو 2000 میں سری لنکا کیخلاف ون ڈے میچ میں کیا تھا۔

یاسر عرفات Loughborough یونیورسٹی سے لیول 4 کوچنگ کورس کرنے والے پہلے پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر ہیں جبکہ وہ سسیکس اور سرے جیسی کاؤنٹی ٹیموں کے علاوہ آسٹریلوی بگ بیش لیگ کی فرنچائز پرتھ اسکارچرز کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ہانگ کانگ کی قومی ٹیم کے ساتھ باؤلنگ کوچ کے طور پر کام کیا ہے۔ کوچنگ کے علاوہ یاسر عرفات نے دنیا بھر کی لیگ کرکٹ میں مختلف ٹی 20 ٹیموں کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔

عمر ایوب کو 15 جنوری تک گرفتار نہ کرنے کا حکم

 پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری عمر ایوب کی پشاور ہائیکورٹ نے راہداری ضمانت مںظور کرتے ہوئے انہیں 15 جنوری تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

عمر ایوب کی جانب سے دائر راہداری ضمانت کی درخواست پر پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس کامران حیانت نے سماعت کی اور ابتدائیل دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کرلی۔

عدالت نے عمر ایوب کو 15 جنوری تک راہداری کی ضمانت دی اور انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عمر ایوب  کے خلاف پنجاب، خیبرپختونخوا میں 21 مقدمات درج کئے گئے ہیں، درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں، لہذا راہداری ضمانت منظور کی جائے۔

واضح رہے کہ نو مئی کے بعد سے عمر ایوب روپوش ہیں تاہم وہ اپنے والد کے جنازے پر ضرور نظر آئے تھے۔

شوٹنگ کے دوران عائزہ خان آگ میں گھر گئی، بمشکل جان بچی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ عائزہ خان ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران خطرناک حادثے سے بچ گئیں۔

عائزہ خان نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر مداحوں کے لیے اس منظر کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اداکارہ نے کیپشن میں بتایا کہ ’ایک اداکار ہونا آسان نہیں ہے، جب ڈائریکٹر ’ایکشن‘ کہتے ہیں تو ہم بھول جاتے ہیں کہ آگے کیا ہونے والا ہے اور ہم صرف اپنی بہترین کارکردگی پیش کرتے ہیں‘۔

عائزہ خان کے مطابق ’کبھی کبھی سیٹ پر غیر متوقع چیزیں ہوتی ہیں جو آن اسکرین ناظرین کو دیکھنے کو نہیں ملتی ہیں۔ لیکن اللہ ہماری حفاظت کررہا ہے اور میں اللہ کا شکرادا نہیں کرسکتی کہ وہ ہر روزمیری حفاظت کر رہا ہے‘۔

انہوں نے مداحوں کے سراہنے سے متعلق کہا کہ ’اور یقیناً آپ لوگوں کی طرف سے ہماری کارکردگی کے لئے ہمیں جو تعریف ملتی ہے وہ بھی بے مثال ہے۔ ہمیشہ ہماری (اداکاروں) کی غیر مشروط حمایت اور محبت کرنے کے لئے آپ سب کا شکریہ۔ یہی وہ چیز ہے جو ہمیں اپنے کیریئر میں سخت محنت کرنے پر مجبور کرتی ہے اور ممکنہ طور پر بہترین دینے کے لئے آگے بڑھتی ہے‘۔

عائزہ خان اداکار حمزہ علی عباسی کے ساتھ ایک نئے ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اسی ڈرامے کی شوٹ کے دوران اداکارہ آگ کا ایک سین ریکارڈ کروارہی تھیں جس دوران وہ حادثے سے بال بال بچی تھیں۔

کراچی میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی ضبطی شروع

  کراچی: ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ نے کراچی میں آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف مہم کا آغاز کردیا۔ 

مہم کے تحت گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی مقدار کی پیمائش کی گئی اور ان فٹ گاڑیوں کو ضبط کر لیا گیا.

دھواں چھوڑتی اور شور مچاتی گاڑیاں ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کا اہم سبب بن رہی ہیں، آلودگی کی روک تھام اور عوامی سطح پر آگہی کے فروغ کے لیے ادارہ تحفظ ماحولیات نے مہم کا آغاز کردیا ہے۔

اس مہم کے تحت کراچی کے تین مقامات پر گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں کی مقدار کو جانچا گیا اس مقصد کے لیے جدید آلات اور اسموگ اینالائزرز کا استعمال کیا گیا۔

کے پی ٹی پل، صفورا اور قیوم آباد پر تعینات ٹیموں نے پبلک اور کمرشل ٹرانسپورٹ پر چلنے والی گاڑیوں کا موقع پر ہی معائنہ کیا۔ دھویں کی مقررہ مقدار سے زائد دھواں خارج کرنے والی گاڑیوں پر سفید اور حد سے کم اخراج کرنے والی گاڑیوں پر سبز اسٹیکرز لگائے گئے۔

دھوئیں کی انتہائی بلند مقدار خارج کرنے والی گاڑیوں کو قانونی کارروائی کے لیے ٹریفک پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

کے پی ٹی پل پر گاڑیوں کی جانچ کرنے والے ادارہ تحفظ ماحولیات کے انسپکٹر نعیم شیخ نے بتایا کہ گاڑیوں کے دھوئیں کے ساتھ گاڑیوں کے چلنے سے پیدا ہونے والے شور کی بھی پیمائش کی جارہی ہے جو گاڑیاں مقررہ حد سے زائد دھواں چھوڑ رہی ہیں انہیں 15 روز کی مہلت اور انجن سمیت سائلنسر درست کرانے کی مہلت دی جارہی ہے۔

ڈرائیورز کی صحت کا ڈیٹا بھی مرتب کیا جارہا ہے کیونکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں شہریوں اور مسافروں کے ساتھ خود ڈرائیورز کی صحت کے لیے بھی خطرہ ہے۔

شہریوں نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو ماحول کے ساتھ صحت عامہ کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے مستقل تدارک پر زور دیا۔

پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کا سامنا کرنے والے سرفہرست ملکوں میں شامل ہے جبکہ کراچی کا شمار دنیا کے تین آلودہ ترین شہروں میں کیا جاتا ہے۔ گاڑیوں کا دھواں شور، نظام تنفس، اعصاب اور جلد کی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔

سمندرمیں زندگی گزارنے کیلیے شوقین جوڑے نے ساری جائیداد فروخت کردی

فلوریڈا: امریکا کے ایک شادی شدہ جوڑے نے دنیا بھر میں پھرنے والے کروز میں زندگی گزارنے کے لیے اپنی تمام جائیداد فروخت کردی۔

امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے جان (76 سالہ) اور میلوڈی ہینیسی (64 سالہ) نے کروز میں زندگی گزارنے کے منصوبے کے تحت اپنی تمام جائیداد فروخت کردی۔ جوڑے کا خیال ہے اس طرح زندگی گزارنا زمین پر زندگی گزارنے سے بہت سستا ہے۔

امریکی جوڑے نے اپنے کاروبار اور گھر سمیت اپنی ملکیت میں شامل تقریباً ہر چیز فروخت کرنے کے بعد پورے امریکا میں گھومنے کے لیے موٹر ہوم (ٹرک پر بنا چلتا پھرتا گھر) خریدا۔

بعد ازاں جان موٹر ہوم چلا کر جب تھکنے لگے تو جوڑے نے فیس بک پر 274 روزہ کروز کا اشتہار دیکھا اور تب ان کا سمندر پر مستقل زندگی گزارنے کے سفر کا آغاز ہوا۔

جوڑا فی الحال ڈومنیکن ری پبلک کے اطراف کروز کر رہا ہے جو ان کے طویل مدتی سفر کا ایک حصہ ہے۔ اس سفر میں وہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی بحر الکاہل جا چکے ہیں۔

جوڑے کے مطابق جہاں ان کی نئی زندگی زیادہ دلچسپ ہے وہیں زیادہ سستی بھی ہے۔

رونالڈو نیا ریکارڈ قائم کرنے میں صرف 2 گولز کی دوری پر

سعودی پرو لیگ میں آج النصر اور التحاد کلب آمنے سامنے ہوں گے۔

پرتگال سے تعلق رکھنے والے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نیا ریکارڈ قائم کرنے میں صرف 2 گولز دور ہیں۔

رونالڈو 2 گولز کرنے کے ساتھ سال کے سب سے زیادہ گولز کرنے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔

مداحوں کو رونالڈو کے گول کرنے کا بے صبری سے انتظار ہے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 11 بجے شروع ہو گا۔

خواجہ آصف کی سب کو ساتھ مل بیٹھنے کی تجویز

سیالکوٹ: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایک بار پھر سب کو مل بیٹھنے کی تجویز پیش کردی۔

خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سیاسی افرا تفری بڑھنے سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، میری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے البتہ ہم ایک دوسرے کے سیاسی مخالف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی سیاسی افرا تفری سے ملک کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، وقت آگیا ہے کہ سب مل کر بیٹھیں اور زخموں کو بھرنے کیلیے اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں دو تہائی اکثریت کی بات نہیں کررہا البتہ عام انتخابات میں ن لیگ قومی اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کرے گی۔ خواجہ آصف نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ انتخابات کے بعد ایسی حکومت بنے جس میں قومی اتفاق رائے ہو تاکہ زخموں پر مرہم رکھا جاسکے۔

آڈیو لیکس کیس میں وزارت دفاع نے جواب عدالت میں جمع کروا دیا

 اسلام آباد: سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور سابق چیف ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیکس کیس میں وزرات دفاع نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کروا دیا۔

وزارت دفاع نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ اسمارٹ فونز سے آڈیو ریکارڈنگ کے متعدد سستے ٹولز دستیاب ہیں جو کوئی بھی خرید سکتا ہے، کچھ پلیٹ فارمز بھی معاوضے کے بدلے یہ سروسز دیتے ہیں۔

وزارت دفاع نے جواب میں یہ چیز بھی واضح کی کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹولز کے ذریعے کسی بھی آواز کے کنٹنٹ کو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ ریکارڈنگ کے سورس کی معلومات صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہی دے سکتا ہے۔

اپنے جواب میں وزرات دفاع نے یہ بھی بتایا کہ پیکا 2016کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے معلومات حاصل کرنے کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ مجاز اتھارٹی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ اس معاملے پر مزید تحقیقات کے لیے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو ہدایت جاری کی جائیں۔

تحریری جواب میں یہ چیز بھی سامنے لائی گئی کہ کالز کرنے والے خود بھی ریکارڈ کر کے بعد میں لیک کر سکتے ہیں یا فون ہیک ہو سکتا ہے۔

وزارت دفاع کے ایک صفحے پر مشتمل تحریری جواب اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت میں جمع کروایا گیا ہے۔ عدالت نے 19 فروری تک کیس کی سماعت ملتوی کر رکھی ہے۔