ڈی آئی خان خودکش حملہ آور کا تعلق افغان طالبان سے ہونے کا انکشاف

ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے خودکش بمبار کا تعلق افغان طالبان سے ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

خودکش حملے سے  متعلق سی ٹی ڈی دستاویز کے مطابق ڈی آئی خان  حملے میں استعمال ہونے والےگاڑی و انجن نمبر 1812461 کا پتا چلا لیاگیا ہے۔ گاڑی کے انجن پارٹس  وہیکل ٹیمپرنگ چیک کے لیے لیبارٹری بھجوا  دیے گئے ہیں، جس کے بعد گاڑی جس کے نام رجسٹرڈ ہے، اس کا  جلد پتا چل جائے گا۔

دستاویز کے مطابق حملے میں مرنے والا دہشت گرد صفت اللہ مروت 3 مارچ کو طورخم بارڈر سے افغانستان گیاتھا۔ صفت اللہ کی موبائل لوکیشن 7 مارچ کو بنارس آباد پشاور،8 مارچ کو جمرود ضلع خیبر تھی۔ دہشت گرد صفت اللہ کی موبائل لوکیشن 25 اپریل کو ڈانڈے درپہ خیل میرانشاہ تھی۔ صفت کے نام 3 مختلف موبائل کمپنیوں کی سمز رجسٹرڈ تھیں۔

حملے میں مرنے والے صفت اللہ کا شناختی کارڈ، ڈومیسائل و دیگر دستاویزات موصول ہوگئی ہیں، جن کے مطابق صفت اللہ کا تعلق امارت اسلامی افغانستان سے ہے۔ خودکش حملہ آور صفت کے والد نے بیٹے کی امارت اسلامی سے تعلق کی تصدیق کردی۔ دہشت گرد حملے میں 2 خودکش سمیت کل 4 دہشت گرد ہلاک ہوچکے ۔ حملے میں ملوث 6 دہشت گردوں کا تعلق افغانستان سےہے۔

سی  ٹی ڈی دستاویز کے مطابق 5 دہشت گرد کالعدم ٹی ٹی پی گنڈاپور گروپ سے بھی حملے میں ملوث تھے۔ خودکش حملہ آور حسن افغانی عرف شاکر نے حملے سے قبل ویڈیو جاری کی تھی، حملے میں دہشت گردوں کے ساتھ امریکی ساختہ اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

پاکستانی سینما کو چلانے کیلیے بالی ووڈ فلمیں لگانا ہوں گی، فیصل قریشی

  کراچی: اداکار فیصل قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سینما کو چلانے کے لیے بالی ووڈ کی فلمیں چلانا ہوں گی۔

برطانوی میڈیا کو انٹرویو اداکار فیصل قریشی نے کہا کہ لوگ بالی ووڈ کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ ملک میں سینما کو چلانا ہے تو بالی ووڈ کی فلمیں لگانا ہوں گی۔ بھارت سے 60 سے 70 ارب روپے آرہے تھے۔ جہاں سے پیسہ آتا ہے ہم نہ جانے کیوں وہ راستہ بند کردیتے ہیں۔

فلمی صنعت کے مسائل اور ان کے حل کے لیے اداکار کا کہنا تھا کہ فیصلہ قریشی نے کہا کہ پاکستان میں سینما کی تعداد میں اضافہ کرنا ہوگا اور ٹکٹ سستا کرنا ہوگا کیونکہ عام آدمی مہنگا ٹکٹ نہیں خرید سکتا۔

فیصل قریشی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں مختلف موضوعات پر ڈرامے بنے مگر وہ زیادہ نہیں چلے۔ آخرکار یہ کاروبار ہے اور چینل کو ریٹنگ پر اشتہارات ملتے ہیں۔ حال ہی میں ایک مختلف ڈرامہ رضیہ آیا تھا جس میں ماہرہ خان تھیں۔ اس میں خواتین کی خود مختاری پر بات کی گئی تھی اور اچھا کام ہوا تھا تاہم یہ ڈرامہ زیادہ دیکھا ہی نہیں گیا اور نہ ہی اس پر بات ہوئی۔

پی ٹی آئی کے سابقہ ایم پی اے نعیم ابراہیم ائرپورٹ سے گرفتار

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ ایم پی اے نعیم ابراہیم کو ائرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے عارف والا سے سابق رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نعیم ابراہیم کو ملتان ائرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا ۔

پارٹی ذرائع کے مطابق حلقہ پی پی 196  عارف والا سے گزشتہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے  نعیم ابراہیم 27 دسمبر تک حفاظتی ضمانت پر تھے اور وہ پاکپتن سے ایم پی اے  اور ایم این اے کے امیدوار ہیں۔

چوہدری نعیم ابراہیم انتخابی مہم کے لیے شارجہ سے واپس پاکستان آ رہے تھے  کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا۔

بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، صارفین پر 36 ارب کا اضافی بوجھ پڑے گا

 اسلام آباد: بجلی کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہونے کا امکان ہے، جس سے صارفین پر 36 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 66 پیسے فی یونٹ اضافے کے لیے درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی میں جمع کروائی گئی ہے، جس پر نیپرا کی سماعت کل ہوگی۔

بجلی کی قیمت میں 4.66 روپے فی یونٹ کا اضافہ ماہ نومبر کے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ اور بقایا جات کی مد میں مانگا گیا ہے، جس کے منظور ہونے کی صورت میں بجلی صارفین پر 36ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

سی پی پی اے کی جانب سے قیمت میں اضافے کے لیے دی گئی درخواست میں  کہا گیا ہے کہ ماہ نومبر کے دوران پانی سے بجلی کی پیداوار 36.5 فیصد رہی۔ نیوکلیئر سے بجلی سے کی پیداوار 20 فیصد سے زائد رہی۔ ایک ماہ کے دوران مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 13 فیصد رہی۔ نومبر میں درآمدی کوئلے سے بجلی کی پیداوار 6 فیصد سے زائد رہی۔ ایک ماہ کے دوران ایل این جی کے زریعے بجلی کی پیداوار 10.6 فیصد رہی جب کہ مقامی گیس سے بجلی کی پیداوار کا حصہ 9.2 فیصد رہا۔

کراچی میں صدر موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی، درجنوں دکانیں جل گئیں

  کراچی: صدر موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی سے درجنوں دکانیں اور ان میں رکھا سامان جل کر خاکستر ہوگیا جس کے نتیجے میں شدید مالی نقصان ہوا۔

رات گئے شاہ جہاں موبائل مارکیٹ کی ایک دکان میں آگ لگی جو پھیلتی گئی اور بہت تیزی سے کئی دکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ اتنی تیز تھی کہ فرسٹ اور سیکنڈ فلور کی دکانوں تک پہنچ گئی۔

اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچیں۔ اہلکاروں نے دکانوں کے تالے اور شٹر توڑ کر آگ بجھائی۔ 5 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

آتشزدگی کے باعث درجنوں دکانیں متاثر ہوئیں۔ فائر بریگیڈ حکام نے شبہہ ظاہر کیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے، تاہم کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد واضح ہوگا کہ آگ کس وجہ سے لگی۔

فائر بریگیڈ ہیڈکوارٹرز کی بجلی کئی گھنٹوں سے بند ہونے کے باعث فائر بریگیڈ ٹیم کو پانی کی سپلائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن رضوان عرفان نے کہا ہے کہ آتشزدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں متاثر ہوئیں۔ مارکیٹ کے گراؤنڈ فلور پر 8 سو سے زائد دکانیں موجود ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق 80 سے100 دکانیں اور ان میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل گیا۔

عثمان خواجہ نے نئی سوشل میڈیا پوسٹ میں آئی سی سی کا دہرا معیار واضح کردیا

  کراچی: آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے نئی سوشل میڈیا پوسٹ سے آئی سی سی کے دہرے معیار کو واضح کردیا۔

ورلڈ باڈی نے آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو امن کی فاختہ کا لوگو سے انکار کردیا تھا، عثمان نے آئی سی سی کے اقدام کو دہرا معیار گردانا، وہ تاحال غزہ میں جاری انسانی المیے پر رنجیدہ ہیں۔

انھوں نے لکھا کہ میں انسٹاگرام پر معصوم بچوں کی ویڈیوز دیکھتا ہوں تو یہ میرے دل پر سخت گزرتی ہیں۔

پاکستان ٹیم کا جذبہ خیرسگالی، آسٹریلیوی کھلاڑیوں اوراہلخانہ کو تحفائف پیش کیے

میلبرن: پاکستان کرکٹ ٹیم کی جانب سے آسٹریلیوی ٹیم کے کھلاڑیوں اور ان کی فیمیلیز کو کرسمس پرتحائف پیش کیے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کردی جس میں پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو آسٹریلیوی کھلاڑیوں اور ان کی فیملیز کو کرسمس کی مبارکباد اور تحفے پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

آسٹریلیوی کھلاڑیوں کو میلبرن ٹیسٹ سے قبل نیٹ پریکٹس کے دوران پاکستان ٹیم کی طرف سے تحفے پیش کیے گئے۔ آسٹریلیوی کھلاڑیوں اور ان کے اہلخانہ نے تحفائف پر پاکستانی پلئیر اور ٹیم مینجمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان بھاشا ڈیم کیلیے ایک ارب ڈالر کا فوری انتظام کرنے کیلیے کوشاں

اسلام آباد: پاکستان دیامر بھاشا ڈیم کیلیے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر ایک ارب ڈالر کا انتظام کرنے کیلیے کوشاں ہے۔

ذرائع نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ بھاشا ڈیم کی تکمیل کیلیے تقریباً ساڑھے 3 ارب ڈالر درکار ہیں جن میں سے ایک ارب ڈالر کی مستقبل قریب میں ضرورت ہے۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کے حالیہ دورہ کویت کے دوران اس پراجیکٹ کیلیے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے کویتی حکومت کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق کویت کے ساتھ سرمایہ کاری میں تعاون کے معاہدے سے غازی بروتھا ہائیڈرو پراجیکٹ میں ایکویٹی شمولیت کے ذریعے بھاشا ڈیم کیلیے سرمائے کے حصول میں مدد ملے گی۔ پاکستان بھاشا ڈیم کیلیے فنڈز کے حصول کیلیے ایک عرصہ سے کوشاں ہے تاہم بھارت کی لابنگ کہ منصوبہ متنازع علاقے میں بن رہا ہے کی وجہ سے ملٹی لیٹرل ڈونرز اس منصوبے کیلئے سرمایہ فراہم کرنے سے انکار کر چکے ہیں۔

تاہم حالیہ برسوں میں پاکستان نے اس منصوبے کیلئے کوششیں تیز کی ہیں اور اور اس کیلئے سرمائے کے حصول کے قریب پہنچ چکا ہے۔ بھاشا ڈیم پر کام جاری رکھنے کیلئے پاکستان کو مستقبل قریب میں ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم کے حالیہ دورہ کویت کے دوران سرمایہ کاری کے حوالے سے متعدد معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔ وزیر آبی وسائل نے کابینہ کو بتایا کہ کویت کی سرمایہ کاری سے پاکستان مختلف شعبوں بالخصوص ہائیڈر پاور سیکٹر میں فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

یکم جنوری سے پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کا امکان

 اسلام آباد: یکم جنوری کو اگلے 15روز کیلیے پٹرول کی قیمت میں معمولی کمی کا امکان ہے۔

یکم جنوری سے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1.72روپے کمی متوقع ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً ایک روپے لیٹر اضافے کا امکان ہے۔

پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان 31دسمبرکو کیا جائے گا۔

نواز شریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور

 لاہور: مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے لاہور سے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے۔

لاہور کے حلقہ این اے 130سے محمد نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔ ان کے کاغذات پر کسی نے کوئی اعتراض دائر نہیں کیا۔

ریٹرننگ آفسر این اے 130 اصغر جوئیہ نے سابق وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

بعدازاں لیگی رہنما بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 8 فروری کے الیکشن میں نواز شریف اس حلقے سے کامیاب ہونگے اور چوتھی مرتبہ پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہونگے۔

وکیل امجد پرویز نے کہا کہ قانون میں دی گئی تمام شرائط پر نواز شریف کا کیس پورا اترتا ہے،  الیکشن کمیشن نے بتایا کہ کاغذات کی اسکروٹنی کے لیے پورٹل بنارکھا ہے، الیکشن کمیشن کے پورٹل پر جو بھی چیزیں درکار ہیں نواز شریف اس پر پورا اترتے ہیں، ریٹرننگ افسر نے کہا آپ کی طرف سےتمام چیزیں مکمل ہیں۔