جڑانوالہ واقعے کے ذمہ داران کو سزا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، محسن نقوی

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جڑانوالہ واقعے کے ذمہ داران کو سزا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، قومی پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں کیلئے تو سفید رنگ اقلیتی برادری کیلئے ہے۔

قائداعظم کے یوم ولادت پر تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعلی آفس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی اور پنجاب کابینہ نے بابائے قوم کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا، اور صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر نے خصوصی دعا کرائی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قائد کا احسان ہے آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں، آنے والی نسلیں بھی ان کا یہ احسان اتار نہیں سکتیں، قائد اعظم جیسا مدبر صدیوں بعد پیدا ہوتا ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح ؒ نے کام کام اور کام کا ویژن دیا، ہم اس ویژن کو اپنا کر اپنی کھوئی ہوئی منزل حاصل کر سکتے ہیں، انہوں نے گورننس کا بہترین ماڈل پیش کیا، قائد کے افکار پر چل کر پاکستان کو فلاحی مملکت بنایا جا سکتا ہے۔

بعد ازاں نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے مسیحی برادری کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، لاہور کے بشپ کا ہمیشہ امن وامان کےلیے کردار رہا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ واقعے کے ذمہ داران کو سزا ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، حکومت نے ان گرجا گھروں کی جلدازجلد تعمیر نو کی، قومی پرچم میں سبز رنگ مسلمانوں کیلئے ہے تو سفید رنگ آپ لوگوں کیلئے ہے۔

کرسمس پر سجاوٹ کیلئے لائے گئے درخت سے اُلو برآمد

کینٹکی: امریکا میں ایک فیملی جب کرسمس کے موقع پر سجاوٹ کیلئے مخصوص آرائشی درخت خرید کر گھر لائی تو اس میں ایک اُلو کا بچہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

دنیا بھر میں کرسمس کا تہوار زوروشور سے منایا جارہا ہے جس میں خصوصی آرائشی درخت گھروں میں لازمی سجایا جاتا ہے۔ تاہم امریکی ریاست کینٹکی  میں ایک فیملی جو ہر سال ہی کرسمس درخت پسند کرکے لاتی ہے، اس بار اس میں ایک ننھا سا ’مہمان‘ بھی ساتھ آگیا۔

مشیل وائٹ نے مقامی ٹی وی کو بتایا کہ جس کمرے میں درخت کو سجایا گیا تھا وہ کمرہ مسلسل استعمال میں رہتا ہے جہاں ہم اور ہمارے تین کتے ٹی وی دیکھتے ہیں جبکہ ساتھ ہی کچن بھی بنا ہوا ہے۔ اس دوران ہمیں اُلو کے بارے میں پتہ ہی نہیں چلا۔

اُلو کا پتہ بوبی ہیز نے لگایا جو قالین صاف کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک آلہ آن کرنے کیلئے جب انہوں نے درخت کے ساتھ پلگ میں تار لگایا تو درخت تھوڑا سا ہلا۔ غور سے دیکھا تو اُلو درخت کے نچلے حصے پر بیٹھا تھا۔

ہیز نے بتایا کہ مجھے دیکھتے ہی اُلو درخت پر مزید چڑھ گیا۔ جسے پکڑنے میں کئی منٹ لگے۔ تاہم پکڑ میں آنے کے بعد اُلّو کو گھر کے پیچھے بنے باغ میں بحفاظت چھوڑ دیا گیا۔

“اللہ آپ کو ہدایت دے”، کرسمس کی مبارکباد دینے پر ماورا حسین تنقید کا شکار

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف ماورا حسین کرسمس کی مبارکباد دینے اور کرسمس کے لیے گھر میں درخت سجانے پر سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کی زد میں آگئیں۔

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں عیسائی برادری اپنی عید منارہی ہے، ایسے میں معروف اداکارہ ماورا حسین نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں وہ اپنے گھر میں کرسمس کے لیے درخت سجا رہی ہیں۔

یہ ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے ماورا حسین نے دنیا بھر کی عیسائی برادری کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ماورا حسین کی ویڈیو پوسٹ ہوتے ہی صارفین نے کمنٹ باکس میں اداکارہ پر تنقید کے پہاڑ توڑ دیے اور اُنہیں اسلامی تعلیمات کا غور سے مطالعہ کرنے کا مشورہ دینے لگے۔

ایک صارف نے کہا کہ “آپ نے عمرہ بھی ادا کیا ہے، فلسطین تباہی، ظلم و ستم کا شکار ہے اور آپ یہاں انہیں کرسمس کی مبارکباد دے رہی ہیں، یہ ٹھیک نہیں ہے کچھ تو خیال کریں، اللہ ہم سب کو ہدایت عطا فرمائے”۔

m4

نور العین نامی صارف نے کہا کہ “بحیثیت مسلمان، آپ 2 عیدوں کے علاوہ کوئی تیسرا تہوار نہیں منا سکتیں”۔

m5

ایک اور صارف نے کہا کہ “اسلام کا صحیح طریقے سے مطالعہ کریں، آپ کو علم کی ضرورت ہے تاکہ آپ اسلام کی قائم کردہ حدود کو توڑ نہ سکیں”۔

m3

ایک صارف نے کہا کہ “غزہ میں لوگ مر رہے ہیں اور آپ عیسائیوں کا درخت لگا رہی ہیں، کہاں گیا اسلام اور انسانیت؟ مجھے لگا تھا کہ آپ ایک سمجھدار اداکارہ ہیں اور آپ اس سب کا بائیکاٹ کریں گی”۔

m2

ایک صارف نے کہا کہ “ماورا آپ بھی مسلمان ہیں، ایک دن آپ نے بھی اس دنیا سے چلے جانا ہے اور یہ شہرت یہاں ہی رہ جائے گی”۔

حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، بلاول بھٹو

نواب شاہ: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمیں ملک میں موجود تاریخی بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، حکومت ملی تو 17 وزارتیں ختم کرکے پیسہ عوام پر خرچ کریں گے۔

نواب شاہ میں کیڈٹ کالج بختاور برائے خواتین میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ پرانے سیاست دان پاکستان کا ماضی ہیں اور آپ پاکستان کا مستقبل ہیں، نفرت گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کریں تو ہم ضرور ترقی کریں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ تاریخی بے روزگاری، غربت، مہنگائی کا مقابلہ کرنا ہے، جس خاندان کے دو فرد کام کر رہے ہیں اور ان کی تنخواہ دس سال قبل دس ہزار تھی تو ان کا گزارہ ہوجاتا تھا، آج کے معاشی صورتحال میں اس خاندان کا گزارہ کرنا مشکل ہے، ان حالات میں عام آدمی اپنا بجلی کا بل دے یا بچوں کو تعلیم دے؟

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے باوجود 17 وزارتیں صوبوں کو منتقل نہیں ہوئیں، ہم ان شاء اللہ یہ وزارتیں ختم کریں گے، ان پر خرچ ہونے والے 300 سو ارب روپے عوام پر خرچ کریں گے۔

عام انتخابات،ملک بھر سے کل 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع

عام انتخابات، ملک بھرمیں 28ہزار 626کاغذات نامزدگی جمع

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے ملک بھر انتخابات کیلیے جمع ہونے والے کاغذات نامزدگی کے اعدادوشمار جاری کردیے۔

الیکشن کمیشن کاکہنا ہے کہ ملک بھرمیں 28ہزار 626کاغذات نامزدگی جمع ہوئے ، قومی اسمبلی کے 266حلقوں کیلیے کل 7ہزار 713کاغذات نامزدگی جمع ہوئے،جنرل نشستوں پر 7ہزار 242مرد جبکہ 471خواتین نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی کیلیے 13ہزار 823امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،خیبرپختونخوا اسمبلی کیلیے 3ہزار 464امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،سندھ اسمبلی کیلئے 4ہزار 265امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے،بلوچستان اسمبلی کیلئے ایک ہزار 788امیدواروں نےکاغذات جمع کرائے۔

ملک بھر سے کتنے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے؟ تفصیلات جاری

ترجمان الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق تفصیلات جاری کردیں۔

عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا کل آخری روز تھا، آج 25 دسمبر سے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل شروع ہوگیا جو 31 دسمبر تک جاری رہے گا۔

الیکشن کمیشن نے قومی اورصوبائی اسمبلیوں انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے کل 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے، جن میں سے قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 7 ہزار 913 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جب کہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے کل 18 ہزار 546 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔

بھارت اپنی ٹیمیں پاکستان نہ بھیج کر بڑی غلطی کرے گا، اعصام الحق

ٹینس اسٹار اعصام الحق نے مودی سرکار کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈیوس کپ کے ساتھ ساتھ کرکٹ ٹیم بھی پاکستان بھیجے۔

اپنے بیان میں ٹینس اسٹار نے کہا ہے کہ انڈیا کو آٸی سی سی چیمینز ٹرافی کھیلنے پاکستان آنا چاہیے، سیکیورٹی فورسز کی وجہ سے ملک میں امن ہے، پاکستان کرکٹ اور دیگر ٹیمیں بھارت بھیج سکتا ہے تو بھارتی ٹیموں کو بھی پاکستان آنا چاہیے۔

انہوں ںے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ڈیوس کپ کے بارے میں میرٹ پرفیصلہ کیا، ڈیوس کپ کھیلنے کیلٸے انڈیا کے پاس پاکستان نہ آنے کی کوٸی وجہ نہیں، بھارتی حکومت کا انڈین ٹینس ٹیم پر کوٸی دباؤ ہوگا۔
اعصام الحق نے مزید کہا کہ انڈین ٹیم کو ڈیوس کپ ٹاٸی کھیلنے پاکستان ضرور آنا چاہیے، پاکستان میں کھیلوں سے پیار کرنے والے لوگ رہتے ہیں بھارتی حکومت اپنی ٹیمیں پاکستان نہ بھیج کر بڑی غلطی کرے گا۔

لکی مروت میں تھانے پر دہشت گردوں کا حملہ جوابی کارروائی سے فرار

لکی مروت: تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں نے رات گئے حملہ کیا جو کامیاب نہ ہوسکا، پولیس نے جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کردیا۔

 لکی مروت میں واقع تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تاہم پولیس نے بروقت رسپانس دے کر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کے کوئیک رسپانس کے ذریعے دہشت گرد کامیاب نہ ہوسکے اور رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے، پولیس جوان پہلے سے الرٹ تھے اور بروقت کاروائی سے دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
ڈی پی او طارق حبیب کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے کوئی نقصان نہیں ہوا، حملہ ناکام بنانے پر ڈی پی او کی جانب سے جوانوں کا شاباش دی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق دو دن میں یہ تیسرا حملہ ناکام بنایا گیا ہے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے مقبول اداکار نثار قادری خالقِ حقیقی سے جاملے

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف اداکار نثار قادری 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

مقبول ٹیلی ویژن اداکار کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

سینئر اداکار نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 1966 میں ریڈیو پاکستان سے کیا۔ نثار قادری پی ٹی وی کے بے شمار کامیاب ڈرامہ سیریلز میں جلوہ گر ہوئے ہیں

وہ مشہور ڈرامہ سیریل ’ایک حقیقت ایک افسانہ‘ میں اپنے زبان زدعام مکالمے ’ماچس ہوگی آپ کے پاس؟‘ کے ذریعے مقبول ہوئے۔

 

 

نثار قادری کے مشہور ڈراموں میں ’خواہشیں‘، ’آتش‘، ’پورے چاند کی رات‘، ’آدھی دھوپ‘، ’اضطراب‘، ’انگر وادی‘، ’نجات‘، ’بہادر علی‘، ’کاروان‘ اور ’سمندر‘ شامل ہیں۔

ڈراموں میں منفی کردار ادا کرنے والے نثار قادری نے مزاحیہ شوز میں بھی نام کمایا۔

انہیں 2016 میں ٹی وی، ریڈیو اور اسٹیج کے لیے خدمات کے سبب صدارتی ایوارڈ آف ایکسیلینس سے نوازا گیا تھا۔

 

 

پی ٹی آئی کا ’بلے‘ کا نشان واپس لینے کے فیصلے کیخلاف پشاور ہائیکورٹ جانے کا اعلان

پشاور: تحریک انصاف نے انتخابی نشان کیس پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سےرجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان معظم بٹ نے جیونیوز سے گفتگو میں کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان واپس لینے کے خلاف کل پشاور ہائیکورٹ جائیں گے،کیس سے متعلق پٹیشن تیارکرلی ہے۔

معظم بٹ نے کہا کہ کوشش ہوگی کہ پٹیشن کل ہی سماعت کے لیے مقرر ہو، پٹیشن میں الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کرنے کی استدعاکی گئی ہے اور پٹیشن میں مؤقف ہےکہ الیکشن کمیشن نے غیر قانونی فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان کا کہنا تھا کہ غیر متعلقہ شخص کی درخواست پر انتخابی نشان واپس لینا غیرقانونی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انٹرا پارٹی انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہ کرانے پر پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا نشان واپس لے لیا۔

گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کی رجسٹریشن ختم کردی تھی اور انتخابی نشان عقاب بھی واپس لے لیا تھا۔