کنگنا رناوت کا بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان

ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت نے ہندو انتہا پسند پی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

اداکارہ کنگنا رناوت کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کنگنا رناوت 2024 میں بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لیں گی۔ اداکارہ اس سلسلے میں بی جے پی کے مختلف رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کرچکی ہیں۔

کنگنا رناوت ہندوانتہاپسند بی جے پی اور بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی مسلمان دشمن پالیسیوں اور اقدامات کی کھل کر حمایت کرتی ہیں اور اکثر بیانات میں مسلمانوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتی ہیں۔

ٹی20 ورلڈکپ؛ عارضی وینیوز کی تعمیر، بجٹ قابو سے باہر

ہور: عارضی وینیوز کی تعمیر کے سبب ٹی20 ورلڈکپ کا بجٹ قابو سے باہر ہونے لگا جب کہ آئی سی سی کی فنانس اور کمرشل افیئرز کمیٹی کے بھاری اخراجات پر شدید تحفظات سامنے آگئے۔

آئندہ سال ٹی20 ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی امریکا اور ویسٹ انڈیز کو سونپی گئی ہے،امریکا میں کرکٹ کا بنیادی انفرا اسٹرکچر نہ ہونے کے برابر ہے،فی الحال 3مجوزہ وینیوز کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔

ان میں ڈیلاس میں گرینڈ پریری،فلوریڈا میں برووارڈ کاؤنٹی اور نیویارک میں ناساؤ کاؤنٹی شامل ہیں،ڈیلاس اور فلوریڈا میں بڑے پیمانے پر توسیع کا کام کرنے کی ضرورت ہے،نیویارک میں عارضی وینیو کے قیام کا منصوبہ بنایا گیا ہے، ان پر بھاری اخراجات متوقع ہیں۔

ایک غیرملکی ویب سائٹ کے مطابق جے شاہ کی زیرسربراہی کام کرنے والی آئی سی سی کی فنانس اور کمرشل افیئرز کمیٹی کو میگا ایونٹ کے بجٹ پر شدید تحفظات ہیں، کئی ارکان خاص طور پر امریکا میں عارضی سہولیات کی فراہمی کے سبب اخراجات میں بھاری اضافے پر خوش نہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فنانس کمیٹی نیویارک میں ایسے وینیو کی تعمیر کیلیے ڈالرز لٹانے کو بہتر نہیں سمجھتی جو میگا ایونٹ کے ایک ہفتے بعد ختم کردیا جائے گا،آئی سی سی کے ہیڈ آف ایونٹس کرس ٹیٹلی تنقید کی زد میں ہیں، اخراجات کے حساب کتاب کا کوئی واضح سسٹم نہ ہونے پر سوالات اٹھائے جانے لگے۔

یاد رہے کہ فنانس کمیٹی میں جے شاہ کے ساتھ راس میکولم، اندرا نوئی،مائیل بیئرڈ اور ٹوینگووا مکھلانی شامل ہیں۔

دوسری جانب رپورٹ میں یہ سوال بھی اٹھایا گیا کہ کسی بھی آئی سی سی میگا ایونٹ کا میزبان فل ممبر ملک انفرا اسٹرکچر کی تیاری کا خود ذمہ دار ہوتا ہے،امریکا میں تو مقامی آرگنائزنگ کمیٹی تک قائم نہیں کی جاسکی،اس صورتحال میں آئی سی سی وینیوز کیلیے فنڈز کس مد میں دے گی،یہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکا۔

بلّا چھن جانے پر پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں پر بھاری نقصان

الیکشن کمیشن کی جانب سے بلے کا نشان چھن جانے اور انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیے جانے کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اب پشاور ہائیکورٹ سے آس لگالی ہے۔ لیکن اگر وہاں سے بھی کوئی ریلیف نہیں مل پایا تو پی ٹی آئی کو سینیٹ اور قومی اسمبلی کی کئی نشستوں پر بھاری نقصان اٹھا پڑ سکتا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگر پی ٹی آئی اپنا بلے کا نشان واپس لینے میں ناکام رہتی ہے تو اسے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں خواتین اور اقلیتوں کی 227 مخصوص نشستوں پر کافی نقصان کا خدشہ ہے۔

اگر پی ٹی آئی عام انتخابات میں اپنی نمائندگی نہیں دکھا پائی تو اسے سینیٹ میں بھی کوئی نشست نہیں ملے گی۔ کیونکہ آئین کہتا ہے کہ مخصوص نشستیں صرف رجسٹرڈ پارٹیوں اور ایک انتخابی نشان پر لڑنے والی جماعتوں کو الاٹ کی جاتی ہیں۔

اس وقت قومی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی کی تعداد 266 ہے، جن میں سے پنجاب کی 141، سندھ کی 61، خیبر پختونخوا کی 45 ، بلوچستان کی 16 اور اسلام آباد کی 3 نشستیں ہیں۔

اسی طرح صوبائی اسمبلی کی 593 جنرل نشستوں میں سے پنجاب کی 297 ، سندھ کی 130، خیبر پختونخوا کی 115 اور بلوچستان کی 51 نشستیں ہیں۔

پی ٹی آئی کے پاس اب حل کیا ہے؟
ماہر قانون حافظ احسان کھوکھر ایڈووکیٹ اور پارلیمانجی امور کے ماہر احمد بلال محبوب کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو اب الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے تحت ہائیکورٹ میں چیلنج کرنا ہوگا۔

احسان کھوکھر نے نجی ویب سائٹ کو بتایا کہ اگر مقررہ وقت میں ریلیف نہیں ملتا تو پی ٹی آئی کو آزاد امیدوار کھڑے کرنے پڑیں گے، اس صورت میں ضروری نہیں کہ ہر حلقے میں انہیں ایک جیسا انتخابی نشان ملے، نتیجتاً ان کے ووٹرز تذبذب کا شکار ہو سکتے ہیں۔

احمد بلال محبوب نے کہا کہ اگر ہائیکورٹ سے بھی پی ٹی آئی کو ریلیف نہیں ملتا تو ان کے پاس ایک اور آپشن موجود ہے، پی ٹی آئی بلے کے علاوہ کسی اور انتخابی نشان پر الیکشن لڑ سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ تحریک انصاف کسی غیر معروف سیاسی جماعت کے ساتھ اتحاد کرے اور ان کا انتخابی نشان اپناتے ہوئے انتخابی میدان میں اترے۔‘

احمد بلال نے کہا کہ ’اس طرح اگرچہ ان کے پاس بلے کا انتخابی نشان نہیں ہوگا، تاہم پورے ملک میں وہ اپنے ووٹرز کو ایک ہی انتخابی نشان پر مہر لگانے کا کہہ سکتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’13 جنوری تک انتخابی نشان الاٹ ہونے ہیں اس لیے پی ٹی آئی کے پاس ابھی کافی وقت ہے کہ وہ ہائیکورٹ جا کر ریلیف حاصل کرے اور قوی امکان ہے کہ انہیں وہاں سے ریلیف مل بھی جائے۔‘

ڈیوس کپ میچز پر بھارتی اپیل مسترد، آئی ٹی ایف نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیدیا

انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) نے پاکستان میں نہ کھیلنے کی بھارتی اپیل مسترد کر دی۔

پاک بھارت ٹینس ٹیموں کے درمیان ورلڈکپ گروپ ون ٹائی تین اور چار فروری کو اسلام آباد میں شیڈول ہے۔

بھارتی ٹینس فیڈریشن نے گزشتہ دنوں سکیورٹی کو جواز بنا کر مقابلے پاکستان سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا جس پر پاکستان نے اپنا بھرپور کیس پیش کیا۔

بعد ازاں آئی ٹی ایف نے بھارتی اپیل مسترد کردی اور ڈیوس کپ کرانے والی کمیٹی نے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔ کمیٹی نے بھارتی اپیل پر مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان میں حالات ایسے نہیں کہ میچز نہ ہوسکیں۔

اس سے قبل بھی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے بھارت ٹائی پاکستان میں کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹائی نیوٹرل وینیو کرانے کا بھارتی مطالبہ مسترد کر دیا تھا۔

حکومتی پابندیوں سے چینی آن لائن گیمنگ انڈسٹری کے شیئرز کی قیمتیں گرگئیں

چین میں چند نئے حکومتی اقدامات سے آن لائن گیمنگ انڈسٹری کو شدید دھچکا لگا ہے۔ چینی حکومت نے وڈیو گیمز پر خرچ کی جانے والی رقوم کے حوالے سے چند پابندیاں عائد کی ہیں جن کے نتیجے میں آن لائن گیمنگ بزنس کرنے والی کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتیں گری ہیں۔

آن لائن گیمنگ کمپنیاں روزانہ لاگ اِن ہونے والے صارفین یا پھر پہلی بار لاگ اِن ہوکر کچھ خرچ کرنے والے صارفین کی حوصلہ افزائی کے لیے انہیں کچھ انعام دیتی ہیں۔ تازہ ترین حکومتی اقدامات سے آن لائن گیمنگ کے شوقین افراد کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

آن لائن گیمنگ سے وابستہ بڑے چینی اداروں نے حکومت سے کہا ہے کہ نئے قواعد و ضوابط اور پابندیوں پر نظرثانی کی جائے تاکہ بزنس خراب نہ ہو۔

آن لائن گیمنگ بزنس سے وابستہ ادارے ٹینسینٹ ہولڈنگز کے شیئرز کی قدر میں ایک مرحلے پر 16 فیصد تک کمی واقع ہوئی۔ اس کی حریف کمپنی نیٹ ایز کے شیئرز کی قیمتیں 25 فیصد سے بھی زیادہ گری ہیں۔ آن لائن گیمنگ کے دیگر اداروں کے شیئرز کی مجموعی قدر میں بھی کمی دکھائی دی ہے جس کے نتیجے میں تحفظات بڑھے ہیں۔

چینی ماہرین کے تیار کردہ وڈیو گیم اور سوشل میڈیا ایپس کو دنیا بھر میں غیر معمولی مقبولیت حاصل ہے۔ بہت سے ممالک چینی سوشل میڈیا ایپس اور پلیٹ فارمز سے مستفید تو ہوتے ہیں تاہم ان کے بڑھتے ہوئے اثرات سے پریشان بھی ہیں۔

دنیا بھر کے بڑے کاروباری ادارے اپنے برانڈز کی تشہیر اور فروخت کے لیے چینی ایپس اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مدد لینے پر مجبور ہیں۔ جدید ترین ٹیکنالوجیز سے مزین یہ ایپس چینی معیشت کے لیے غیر معمولی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان ایپس سے حاصل ہونے والے رقوم سے چین میں زرمبادلہ کے ذخائر قابلِ رشک حد تک مستحکم ہو پائے ہیں۔

گوگل میپ نے 2023 میں 13 ارب ڈالر کا منافع کیسے کمایا

بظاہر مفت سروسز فراہم کرنے والے گوگل میپس نے رواں سال 13 ارب ڈالرز کمائے ہیں، لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ گوگل میپس نے اتنا پیسہ کیسے کمایا؟

صارف کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو گوگل میپس اور اس کی تمام سہولیات، چاہے وہ سیٹلائٹ ویو ہو، اسٹریٹ ویو، یا ریئل ٹائم ٹریفک۔ سب استعمال کرنے کے لیے مکمل طور پر بلا معاوضہ یعنی فری ہیں۔

لیکن، اس کے باوجود گوگل میپس اربوں ڈالرز کماتا ہے۔

صرف یہی نہیں، گوگل میپس کو توقع ہے کہ 2023 کے آخر تک اس کی آمدنی 11 ارب ڈالرز تک ہوگی، اس طرح دیکھیں تو گوگل میپس کی قدر تقریباً 62 بلین ڈالر ہے۔

آپ کو لگے گا کہ شاید گوگل میپس ڈیٹا اکٹھا کرنے یا پرائیویسی پر حملے جیسے غلط طریقوں سے اپنا سارا پیسہ کماتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ گوگل میپس کی مونیٹائزیشن دراصل بہت سیدھی اور اخلاقی ہے۔

گوگل میپس بنیادی طور پر کاروباروں کو اپنی مرضی کے مطابق برانڈنگ اور میپس پر زیادہ مرئیت حاصل کرنے کے لیے ایک پریمیم قیمت ادا کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

مزید برآں، بزنسز آٹو فِل میں اپنی موجودگی کے لیے براہ راست نقشہ کے انضمام سے لے کر مختلف طریقوں کے ذریعے گوگل میپس کو لائسنس بھی دیتے ہیں۔

سُروں کی ملکہ ’نورجہاں‘ کی 23 ویں برسی

ملکہ ترنم نورجہاں کو مداحوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے، گلوکارہ آج بھی اپنی سُریلی آواز کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں بستی ہیں۔

نور جہاں نے تقریباً 22 ہزار سے زائد گیتوں کو اپنی آواز سے یادگار بنایا جبکہ گلوکارہ نے تقریباً 40 فلموں میں اداکاری کے جوہر بھی دکھائے۔

21 ستمبر سن 1926 کو قصور میں پیدا ہونے والی اللہ وسائی نے نورجہاں کے نام سے شہرت پائی، جنہیں ان کی آواز پر ملکہ ترنم کے خطاب سے نوازا گیا۔

نورجہاں نے فلم ’پنڈ دی کڑی‘ سے اپنے کرئیر کا آغاز کیا اور اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی بے پناہ شہرت حاصل کی۔ مشہور زمانہ گانوں میں ’مجھ سے پہلی سی محبت‘، ’گائے گی دنیا گیت میرے‘، ’چاندنی راتیں‘ اور دیگر شامل ہیں۔

سُروں کی ملکہ نورجہاں نے سن 1965 میں پاک بھارت جنگ کے دوران لہوگرما دینے والے ملی نغمے گائے، جن کی تازگی آج بھی برقرار ہے۔

نورجہاں کو شاندار پرفارمنس پر صدارتی ایوارڈ، تمغہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت متعدد ایوارڈز سے نوازا گیا ہے۔

گلوکارہ 23 دسمبر 2000 کو 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں۔

قومی ٹیم کا ایک اور اہم کھلاڑی آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

آسٹریلیا کیساتھ دوسرے ٹیسٹ سے پہلے قومی ٹیم کو ایک اور جھٹکا لگ گیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے لیفٹ آرم لیگ اسپنر نعمان علی اپینڈکس کا شکار ہونے کے باعث آسٹریلیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔ ٓ نعمان علی کا اپینڈکس کا آپریشن کردیا گیا اور میلبرن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں، اسپن گیند باز کو آج شام تک اسپتال سے ڈسچارج بھی ہو جائیں گے۔

گزشتہ دنوں پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر خرم شہزاد بھی انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے تھے۔

فاسٹ باؤلر پسلی میں فریکچر کے باعث ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوئے، انہوں نے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

اس کے علاوہ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاؤں کی انجری کے شکار لیگ اسپئینر ابرار احمد بھی تین ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوگئے تھے اور ان کی جگہ سلکشن کمیٹی نے ساجد علی کو ٹیم مٰن شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا پانچ روزہ میچ 26 دسمبر سے ایم سی جی میں شروع ہوگا۔

امریکا کا 2030 تک چاند پر ایک بار پھر انسانی مشن بھیجنے کا منصوبہ

واشنگٹن: امریکا نے 2030 تک چاند پر ایک اور انسانی مشن بھیجنے کے منصوبے کا اعلان کردیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکا 2030 تک ایک بین الاقوامی خلاباز کو چاند کی سطح پر دوبارہ بھیجنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

امریکی نائب صدر کمالا ہیرس اسپیس کونسل کے اجلاس میں مذکورہ بالا مشن کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ وائٹ ہاؤس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اجلاس میں بین الاقوامی سطح پر شراکت داری کی وسعت اور اسے مزید مضبوط کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
صدر جو بائیڈن نے اس منصوبے سے متعلق خلائی آپریشنز میں اتحادیوں کے ساتھ انضمام کی منظوری دے دی ہے جس کا مقصد باہمی مفاد کے لیے معلومات کے تبادلے، انسدادِ خلائی خطرات اور خلا کے مخالفانہ استعمال کو روکنا ہے۔

اتحادیوں میں اٹلی، جاپان اور ناروے کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا، کینیڈا، فرانس، جرمنی، نیوزی لینڈ اور برطانیہ شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دکھ ہوا، ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے، بیرسٹر گوہر

پشاور: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے دکھ ہوا، ہمارے پاس پلان بی موجود ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق فیصلے کے خلاف تحریک انصاف نے پشاور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: انٹراپارٹی انتخابات کالعدم قرار، پی ٹی آئی بلے کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئی
ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ بہت کمزور ہے۔ یہ ارجنٹ میٹر ہے، جس کے لیے ہم عدالت جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے ہمیں دکھ ہوا ہے۔ ہمارے پاس پلان بی بھی موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے امیدواروں کو عام انتخابات میں حصہ لینے کےلیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرنے کی ہدایات کی ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے محفوظ کیا گیا فیصلہ گزشتہ روز سنادیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابات پارٹی آئین کے مطابق نہیں کروائے، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان واپس لے لیا گیا ہے۔ فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی اور پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا۔