شاہ رخ خان کی 2024 کی پہلی فلم کی تفصیلات سامنے آگئیں

ممبئی: بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے سال 2024 کی اپنی پہلی فلم کے کردار اور شوٹنگ کی تفصیلات سے آگاہ کردیا۔

رواں سال 2023 میں تین بلاک بسٹر فلمیں ‘جوان’، ‘پٹھان’ اور ‘ڈنکی’ کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے اب اپنی اگلی فلم کے بارے میں بھی بتادیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے فلم ‘ڈنکی’ کی ریلیز کے بعد لبنانی خاتون صحافی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “وہ اگلے سال یعنی 2024 میں مارچ یا اپریل میں اپنی اگلی فلم کی شوٹنگ کا آغاز کریں گے”۔
شاہ رخ خان نے کہا کہ “وہ اب ایک ایسی فلم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کا مرکزی کردار اُن کی عمر کے لحاظ کے مطابق اور حقیقت پسندانہ ہو”۔

اداکار نے اپنی اگلی فلم کی کہانی، نام اور دیگر اداکاروں کے حوالے سے تفصیلات نہیں دیں تاہم اُنہوں نے تصدیق کردی ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم سائن کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ 21 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم ‘ڈنکی’ میں شاہ رخ خان نے ایک نوجوان لڑکے کے ساتھ ساتھ ایک زیادہ عمر والے شخص کا کردار بھی ادا کیا تھا۔

‘پٹھان’ اور ‘جوان’ کی بلاک بسٹر کامیابیوں کے بعد ‘ڈنکی’ شاہ رخ خان کی 2023 کی تیسری فلم ہے، راج کمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’ڈنکی‘ کو شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے پروڈیوس کیا ہے۔

اس فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ تاپسی پنو، وکی کوشل اور بومن ایرانی سمیت دیگر اداکاروں نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔

فلسطینی صحافی نے انسٹاگرام پر امریکی صدر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

غزہ: فلسطینی صحافی معتز عزیزہ کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 17.3 ملین ہوگئی جب کہ امریکی صدر جوبائیڈن کے فالورز کی تعداد 17.2 ملین ہے۔

غزہ میں اسرائیلی بمباری کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر صیہونی ریاست کے فلسطینیوں پر بہیمانہ مظالم سے دنیا کو آگاہ رکھنے والے صحافی معتز نے انسٹاگرام پر مقبولیت میں امریکی صدر کو پیچھے چھوڑ دیا۔

فلسطینی صحافی معتز عزیزہ نے انسٹاگرام اسٹوری پر امریکی صدر کے مقابلے میں اپنے فالوورز کی تعداد کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں صحافی کے فالوورز 17.3 ملین جب کہ بائیڈن کے 17.2 ملین فالوورز دیکھے جا سکتے ہیں۔
غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک 68 صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران جان کی بازی ہار گئے جن میں 61 فلسطینی، 4 اسرائیلی اور 3 لبنانی شامل ہیں۔

اسی طرح زخمی ہونے والے صحافیوں کی تعداد 15 ہے اور 20 اسرائیلی جیلوں میں قید ہیں جب کہ 3 لاپتا ہیں۔

غزہ اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 18 ہزار سے زائد ہوگئی جن میں سے نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہیں جب کہ چار بڑے اسپتالوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا اور زخمیوں کا علاج معالجہ نہ ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکہ اور چین کی افواج کے درمیان برف پگھلنے لگی، اعلیٰ ترین سطح کے رابطے بحال

امریکہ اور چین کی افواج میں اعلیٰ سطح کے رابطے بحال ہوئے ہیں۔ امریکہ کے چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل چارلس برائون نے چینی منصب سے بات کی ہے۔ جنرل لیو زینلی سے جنرل چارلس برائون کی گفتگو سے اعلیٰ سطح کے رابطے بہتر اور مضبوط بنانے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔

امریکہ اور چین کی افواج کے تعلقات میں خرابی 2022 میں اس وقت پیدا ہوئی تھی جب امریکی ایوانِ نمائندگان کی اس وقت کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ چین کی حکومت تائیوان کو اپنا منحرف صوبہ قرار دیتی ہے۔

گزشتہ ماہ امریکہ اور چین کے صدور نے ایک ملاقات میں دونوں افواج کے درمیان اعلیٰ ترین سطح کے رابطے بحال کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔ امریکہ اور چینی جرنیلوں کے درمیان بات چیت وڈیو کانفرنسنگ کال پر ہوئی۔ رابطہ امریکی جرنیل نے کیا۔

سی این این کے مطابق اس وڈیو کال کے دوران جنرل چارلس برائون نے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں اور مختلف بین الاقوامی معاملات میں اتفاق رائے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

جوائنٹس اسٹاف کے ترجمان کیپٹن جیریل ڈورسے کے مطابق جنرل چارلس برائون نے کہا کہ اہم اور حساس معاملات میں اعلٰی ترین سطح کے رابطے ناگزیر ہیں تاکہ غلط فہمی اور بدگمانی سے بچا جاسکے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ غلط فہمیوں کی راہ مسدود کرنے کے لیے چینی فوج کا اعلیٰ ترین سطح پر رابطے میں رہنا لازم ہے۔

گوگل اپنے صارفین کو ہرجانے کی مد میں 63 کروڑ ڈالر ادا کرنے پر رضامند

گوگل نے اپنے بعض یوزرز کو ہرجانے کی مد میں 63 کروڑ ڈالر دینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ایک اینٹی ٹرسٹ کیس میں گوگل مجموعی طور پر 70 کروڑ ڈالر ادا کرے گا۔ کم و بیش 10 کروڑ 20 لاکھ افراد ہرجانے کی اس رقم میں اپنا حصہ وصول کرنے کے اہل ہوسکتے ہیں۔

ہرجانے کی رقم گوگل ان کرم فرمائوں کو ادا کرے گا جنہیں اجارہ داری کے باعث مختلف خدمات کی زائد قیمت ادا کرنا پڑی ہو۔ ہرجانے کی رقم 70 فیصد مکمل اہل افراد کے لیے خود کار نظام کے تحت متعین ہوئی ہے۔

ہرجانہ وصول کرنے کی ایک بنیادی شرط یہ ہے کہ کسی بھی ایپ کی خریداری کے لیے گوگل کو ادائیگی کرتے وقت متعلقہ صارف کا امریکا میں قانونی ای میل ایڈریس موجود ہو۔ ہرجانے کی رقم کا نوٹیفکیشن اسی ای میل ایڈریس پر بھیجا جائے گا۔

”بزنس انسائڈر“ کی رپورٹ کے مطابق گوگل کو اینڈرائیڈ موبائل ایپ مارکیٹ میں گوگل پلے اسٹور کی واضح اجارہ دارانہ برتری پر اینٹی ٹرسٹ کیس کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گوگل پر الزام تھا کہ اس نے اجارہ داری قائم کرنے کے لیے اپنی پوزیشن کا غیر قانونی فائدہ اٹھایا۔ اس کے نتیجے میں صارفین کو زیادہ قیمت ادا کرنا پڑی۔

امریکی قوانین کے تحت صارفین اجارہ داری کے باعث کسی بھی چیز یا خدمات کی زائد قیمت ادا کرنے پر مجبور ہوں تو ہرجانے کے لیے عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔ جن لوگوں کے مقدمے کے دورانیے کے دوران گوگل کے صارف کی حیثیت سے ادائیگی کی ہو وہ ہرجانے کی رقم میں اپنے حصے کا دعویٰ کرسکتا ہے۔

پونچھ سیکٹر حملے پر بھارت نے پاکستان کے خلاف واویلا شروع کردیا

بھارتی میڈیا نے جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے پونچھ سیکٹر میں 5 بھارتی قابض فوجیوں کی ہلاکت کے حوالے سے پاکستان مخالف واویلا تیز کردیا ہے۔ نام نہاد پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ نے پونچھ سیکٹر میں سرچ آپریشن کے دوران گھات لگاکر کیے گئے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں فوجیوں اور خصوصی ریزرو فورس کے دستوں کی تعیناتی کے باوجود مقامی کشمیر حریت پسندوں کے حملے روکنے میں ناکامی پر ملبہ پاکستان پر گرانا بھارتی قیادت اور میڈیا کا پرانا وتیرا ہے۔

حملہ آوروں نے اس واقعے کی تصویریں بھی سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہیں۔ ان تصویروں میں وہ ہتھیار بھی دیکھے جاسکتے ہیں جن میں امریکی ساخت کی رائفلز شامل ہیں۔ 1980 کے عشرے میں تیار کی جانے والی یہ رائفلز امریکی فوج کی انفنڑی کا بنیادی ہتھیار ہے اور 80 سے زائد ممالک میں استعمال ہو رہا ہے۔

معروف جریدے انڈیا ٹوڈے کا دعویٰ ہے کہ (مقبوضہ) کشمیر میں بھارتی (قابض) فوج پر حملوں میں امریکی ایم فور رائفلز کے استعمال کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ 2016 سے سیکیورٹی فورسز کو مقابلوں میں مارے جانے والے جیش محمد کے جنگجوئوں کے قبضے سے یہ رائفلز ملتی رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا یہ واویلا بھی کر رہا ہے کہ پیپلز اینٹی فاشسٹ فرنٹ (پی اے ایف ایف) دراصل جیش محمد کا نیا نام بھی ہوسکتا ہے۔ حالیہ چند مہینوں میں پی اے ایف ایف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج پر ہر بڑے حملے کی ذمہ داری کا دعویٰ کیا ہے۔

اپنی روایات دہراتے ہوئے بھارتی میڈیا تواتر سے یہ دعویٰ بھی کر رہے ہیں کہ راجوری اور پونچھ سیکٹر کے دور افتادہ علاقوں سے تربیت یافتہ جنگجوئوں کو بھارتی فوج پر حملوں کے لیے داخل کیا جارہا ہے۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ ان حملوں کے لیے مقامی باشندوں میں موجود ایجنٹس کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں۔ سرکردہ بھارتی چینلز، ویب سائٹس اور اخبارات یہ واویلا بھی کر رہے ہیں کہ حملہ آور اپنے حملوں کو ریکارڈ کرکے بھارت کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کے لیے ہیلمٹ کیمرے بھی استعمال کر رہے ہیں۔

جمعرات کے خود کش حملے کے بعد بھارتی قابض فوجیوں نے علاقے میں سرچ آپریشن تیز کردیا ہے۔ فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

ن لیگ کے سابق ایم پی اے کا پنجاب میں نواز شریف کے خلاف اتحاد بنانے کا مطالبہ

مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے جلیل شرقپوری نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اور تحریک لبیک سمیت تمام جماعتیں نوازشریف کے خلاف اتحاد بنائیں، ان کے لئے حالات بنائے جارہے ہیں، جس سے ملک نقصان اٹھائے گا۔

شرقپور شریف میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے سابق ایم پی اے جلیل شرقپوری کا کہھنا تھا کہ خواہش ہے کہ تحریک لبیک، جماعت اسلامی سمیت اہل سنت کی تمام جماعتیں اتحاد کرکے الیکشن لڑیں نواز شریف کے لیے حالات بنائے جارہے ہیں جس سے ملک نقصان اٹھائے گا۔

میاں جلیل شرقپوری نے کہا کہ میں ایک قومی اور ایک صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر الیکشن لڑوں گا، تمام جماعتوں کو آزادی سے الیکشن میں حصہ لینے دیا جائے، تمام جماعتیں اور ادارے الیکشن کو پرسکون اور باوقار انداز میں منعقد کرائیں۔

سابق ایم پی اے کا کہنا تھا کہ غزہ کی حالت پر خاموش رہنے والے عالمی لیڈر فلسطین کی تباہی کے ذمہ دار ہیں، جب جب حکمرانوں نے آئین اور قانون سے تجاوز کیا تب تب ملک کی بقا کے لیے فوج کو مداخلت کرنا پڑی، فوج کی سیاست میں مداخلت کے ذمہ دار صرف اور صرف سیاستدان ہیں عدلیہ ، فوج یا کسی ادارے سے اختلاف ہو تو سڑکوں کی بجائے ٹیبل پر بیٹھ کر بات کرنی چاہیے۔

ادویات کی تیاری میں 40 فیصد تک کی بڑی کمی

بجلی، گیس اور ڈالر کی قیمت میں اضافے جبکہ خام مال کی کمی کے باعث ادویات کی تیاری میں 30 سے 40 فیصد تک کمی ہوگئی۔

ادویات کی قلت اور قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے کراچی میں قائم ہول سیل میڈیسن مارکیٹ میں دکاندار فارغ بیٹھے نظر آنے لگے۔ ہول سیلرز کے مطابق زیابیطس اور دماغی بیماریوں کی ادویات کی شدید قلت ہے۔

فارما سیکٹر کے ماہر حنیف اجاری کا کہنا ہے کہ ڈالر مہنگا ہے، لاگت پیداوار بڑھ چکی ہے جب کہ خام مال کےلئے ایل سیز کھولنا مشکل ہے اس لیے ادویات کی پیداوار کیسے برقرار رکھی جا سکتی ہے۔

پاکستان میں ادویہ سازی کی صنعت اہم ترین برآمدی صنعتوں میں سے ایک ہے جو ملکی طلب کا 90 فیصد پورا کرتی ہے اور اس سیکٹر کی برآمدات کا حجم 23 کروڑ اسی لاکھ ڈالر ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں دوا ساز کمپنیوں کی تنظیم ”پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن“ (پی پی ایم اے) نے نگراں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ فوری طور پر 262 ادویات کی قیمتوں میں معقول اضافے کی اجازت دی جائے، بصورت دیگر ضروری ادویات کی مارکیٹ میں قلت کا خدشہ ہے۔

لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے، پی ٹی آئی امیدواروں کو تنگ نہ کیا جائے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حکومت، پولیس کے تمام آئی جیز اور الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی کے انتخابی امیدواروں کو تنگ کرنے اور شکایات دور کرنے کا حکم دے دیا، عدالت نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے، پی ٹی آئی امیدواروں کو تنگ نہ کیا جائے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے دیے جائیں۔

پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت شروع ہوئی۔ ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کی کاغذات نامزدگی چھیننے کی کوئی درخوست نہیں ملی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اخبارات میں سب آ رہا ہے الیکشن کمیشن نے کیا کیا ہے؟ عثمان ڈار کی والدہ کے ساتھ جو ہوا نگران حکومت اور الیکشن کمیشن نے کچھ نہیں کیا، بظاہر لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملنے کا الزام درست ہے۔

پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری ہوچکا ہے اب بھی ایم پی او کے آرڈر جاری ہو رہے ہیں، پی ٹی آئی امیدواروں کو نہ کاغذات دیے جا رہے ہیں اور نہ جمع کرانے دیتے ہیں۔

قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایم پی او کے آرڈر کیوں نہیں رکوا رہا؟ ابھی حکم نامہ لکھ کر بھجواتے ہیں تمام شکایات کا جائزہ لے کر حل کریں۔ شعیب شاہین نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کاغذات وصول نہیں کرتے تو الیکشن کمیشن کو جمع کرانے کی اجازت دی جائے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن فوری طور پر سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے۔

سپریم کورٹ کا پی ٹی آئی انتخابی امیدواروں کو گرفتار نہ کرنے کا حکم

سپریم کورٹ کا پولیس اور الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی امیدواروں کے تحفظات دور کرنے کا حکم

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن کام نہیں کر رہا، ایک سیاسی جماعت کو کیوں الگ ڈیل کیا جا رہا ہے؟ سب کے ساتھ یکساں سلوک ہی لیول پلیئنگ فیلڈ ہے۔

عدالت نے تحریک انصاف رہنماؤں کو آج ہی الیکشن کمیشن سے ملاقات کی ہدایت کر دی اور کہا کہ الیکشن کمیشن تمام شکایات سن کر ازالہ کرے اس پر الیکشن کمیشن اور اٹارنی جنرل نے تعاون کی یقین دہانی کروادی۔

قائم قام چیف جسٹس نے کہا کہ تمام آئی جیز کو کہیں کہ تحریک انصاف کے امیدواروں کو تنگ نہ کیا جائے، وکلاء کو بھی ریٹرننگ افسران کے دفتر سے گرفتار کیا جا رہا ہے۔

بعدازاں سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اس وقت چھٹیوں پر ہیں۔

سائفر کیس: سپریم کورٹ سے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور

سپریم کورٹ نے سائفر کیس میں نانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔

سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کر رہا ہے، جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ بینچ کا حصہ ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ سائفرکے خفیہ کوڈز کبھی سابق وزیراعظم کے پاس تھے ہی نہیں، جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے کہا وزارت خارجہ سائفر کا حکومت کو بتاتی ہے تاکہ خارجہ پالیسی میں مدد مل سکے جبکہ جسٹس منصور نے کہا کہ آفیشل سیکریٹ ایکٹ کا مقصد ہی یہی ہےکہ حساس معلومات باہر کسی کو نہ جا سکیں، سفارتی معلومات بھی حساس ہوتی ہیں لیکن ان کی نوعیت مختلف ہوتی ہے۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ امریکا میں پاکستانی سفیر اسد مجید نے سائفر حساس ترین دستاویز کے طور پر بھیجا تھا، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا اس بات پر تو آپ متفق ہیں کہ حساس معلومات شیئر نہیں ہو سکتیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا دیکھنا یہی ہے کہ حساس معلومات شیئر ہوئی بھی ہیں یا نہیں، سابق وزیراعظم کے خلاف سزائے موت یا عمرقید کی دفعات عائد ہی نہیں ہوتیں۔

قائم مقام چیف جسٹس پاکستان نے کہا سائفر کسی سے شیئر نہیں کیا لیکن اسے آن ائیر تو کیا ہی گیا ہے۔

سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ وزارت خارجہ سے سائفر اعظم خان کو بطور پرنسپل سیکرٹری موصول ہوا تھا، جس میٹنگ میں سائفر سازش منصوبہ بندی کا الزام ہے وہ 28 مارچ 2022 کو ہوئی، چالان کے مطابق جس جلسے میں سائفر لہرانے کا الزام ہے وہ27 مارچ 2022 کو ہوا تھا۔

جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ اصل سائفر تو وزارت خارجہ میں ہے، وہ باہر گیا ہے تو یہ دفترخارجہ کا جرم ہے، سائفر کو عوام میں زیربحث نہیں لایا جا سکتا۔

وکیل سلمان صفدر نے بتایا شاہ محمود قریشی نے تقریرمیں کہا وزیراعظم کو سازش کا بتا دیا ہے، حلف کا پابند ہوں، اس بیان کے بعد شاہ محمود قریشی 125 دن سے جیل میں ہیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے سپریم کورٹ میں پریڈ گراونڈ میں 27 مارچ 2022 کے جلسے میں اس وقت کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر بھی پڑھ کر سنائی۔

قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہا وزیر خارجہ خود سمجھدار تھا، سمجھتا تھا کہ کیا بولنا ہے کیا نہیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ بتا نہیں سکتا اور بانی پی ٹی آئی کو پھنسا دیا، وزیر خارجہ نے بانی پی ٹی آئی کو پھنسا دیا کہ آپ جانیں اور وہ جانیں، شاہ محمود خود بچ گئے اور بانی پی ٹی آئی کوکہا کہ سائفر پڑھ دو۔

سلمان صفدر نے کہا بانی پی ٹی آئی نے بھی پبلک سے کچھ شئیر نہیں کیا تھا، اگر سائفر پبلک ہو ہی چکا ہے تو پھر سائفر ٹرائل ان کیمرا کیوں چاہیے پراسیکیوشن کو؟ جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کس بنیاد پر پراسیکیوشن سمجھتی ہے کہ ملزمان کو زیرحراست رکھنا ضروری ہے؟

آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے موت کی درست پیش گوئی ممکن؛ سائنس دانوں کا دعویٰ

 نیویارک: سائنس دانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا ایک ٹول کسی بھی شخص کی زندگی میں پیش آنے والے ترتیب وار واقعات کی درست پیش گوئی کرسکتا ہے جیسے حمل کی تاریخ، جسمانی شناخت کیسی ہوگی، آمدنی، پیشہ، مقام، چوٹیں بیماریاں اور یہاں تک کہ اس کی موت کی بھی پیش گوئی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایک حالیہ تحقیق میں سائنس دانوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ایک ٹول نئے ’’ڈیتھ کیلکولیٹر‘‘ سے متعلق حیران کن دعوے کیے ہیں۔ اس تحقیق کے مطابق اس ٹول کے الگورتھم Life2vec حیران کن طور پر 75 فیصد تک درست پیشن گوئیاں کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس ناقابل یقین کارنامے کے لیے یہ ٹول ڈیٹا کے صرف چار اہم ٹکڑوں پر انحصار کرتا ہے۔

نیویارک پوسٹ سے بات کرتے ہوئے تحقیقی مطالعے کے سربراہ سن لیہمن نے بتایا کہ انسان کی زندگی میں مستقبل میں پیش آنے والے واقعات  کی پیشن گوئی کرنے کے لیےانسانی زندگیوں کا تجزیہ چیٹ جی پی ٹی (جسے ٹرانسفارمر ماڈل کہا جاتا ہے) ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کیا۔

ڈنمارک اور امریکا کے ان سائنس دانوں نے اپنی ایجاد AI ڈیتھ کیلکولیٹر کو 2008 سے 2020 کے دوران 35 سے 65 سال کی عمر کے 60 ملین شہریوں کی معلومات پر مشتمل ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے تربیت دیا ان میں سے نصف کی اموات ریسرچ کے دوران ہوئی تھی۔

سائنس دانوں نے AI کو مطالعہ میں ہر فرد کے بارے میں مخصوص معلومات فراہم کیں اور ان معلومات کے ہر ٹکڑے کو مختلف کوڈ جیسے بازو کے فریکچر کے لیے S52 یا تمباکو کی دکان میں کام کرنے کے لیے IND4726 دیے۔

اس ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے Life2vec نے درست پیش گوئی کی اور 2020 تک جن افراد کی موت کی تصدیق کی تھی وہ 75 فیصد پوری ہوئیں۔

تحقیق سے پتا چلا کہ قبل از وقت موت کے عوامل میں مرد ہونا، دماغی صحت اور ہنر مندی کام کے کام شامل ہیں اور دوسری جانب زیادہ پیسہ کمانا یا قائدانہ کردار کا ہونا طویل زندگی سے منسلک تھا۔

تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ Life2vec کی دوسرے AI ماڈلز سے 11 فیصد زیادہ پیش گوئیاں درست ثابت ہوئیں۔