عمران خان کی درخواست پر سماعت میں ایف آئی اے کا انتظار

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کیمرہ ٹرائل کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت میں وقفہ کردیا۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے ایف آئی اے کے آنے تک وقفے کی استدعا کی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کیمرہ ٹرائل کے خلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ سائفرکیس میں سپریم کورٹ میں آج ضمانت لگی ہوئی ہے، ایف آئی اے والے سپریم کورٹ سے فری ہو جائیں تو آجاتے ہیں۔

اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ عدالت سماعت میں وقفہ رکھ لیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سماعت میں 11 بجے تک وقفہ کردیا۔

شاہین کی فارم! سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ پریشان

پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی ناقص فارم سے پریشان ہوگئے۔

فاسٹ بولر کی مسلسل کرکٹ کھیلنے کی وجہ سے تھکاوٹ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کو نئی مشکل میں ڈال دیا ہے، میلبرن ٹیسٹ میچ سے قبل خرم شہزاد انجری کا شکار ہوکر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے ہیں جس کے بعد شاہین کے پرفارمنس دینے پر مزید بوجھ بڑھ گیا ہے۔

نئے سال کے آغاز پر قومی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف سڈنی کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں مدمقابل آنا ہے تاہم ٹی20 میں قیادت کی ذمہ داریوں کے باعث شاہین کو آرام کروایا جاسکتا ہے۔

شاہین آفریدی نے پرتھ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 27 اوورز میں 96 رنز اور دوسری اننگز میں 18.2 اوورز میں 76 رنز دیئے تھے تاہم انکے ہاتھ محض دونوں اننگز میں ایک ایک وکٹ آئی تھی۔

دوسری جانب میلبرن ٹیسٹ کا آغاز 26 دسمبر سے ہوگا جبکہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم سڈنی روانہ ہوگی۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ میں پہلا ٹی20 انٹرنیشنل 12جنوری کو کھیلا جائے گا۔

سابق چیف جسٹس کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ درج

لاہور: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں سابق چیف جسٹس کے گھر پر گرینیڈ سے حملہ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے حملے کی ایف آئی آر کانسٹیبل سجاد حسین کی مدعیت میں درج کرلی ، جس میں دہشت گردی کی دفعات سیون اے ٹی اے ۔353.427.186.1سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق حملے کے نتیجے میں 3 افراد کانسٹیبل عامر علی ، خرم شہزاد اور سجاد حسین زخمی ہوگئے تھے ۔ حملے سے 2 گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تھے ۔ گرینیڈ گیراج اور صحن کے درمیان کھڑی گاڑی پر پھینکا گیا،جس کے نتیجے میں گھر میں گاڑی اے ایف ٹی 567اور ہنڈائی اے ڈبل ایل 079کو بھی نقصان پہنچا۔
پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی ۔ دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر دستی بم پھینک کر فرارہوئے ۔ حملہ آوروں کی عمریں 25 سے 30 سال کے درمیان ہیں ۔ مبینہ حملہ آور حملے کے بعد مرکزی شاہراہ کی جانب روانہ ہوئے۔ نادرا کی مدد سے دونوں حملہ آوروں کے چہروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے جب کہ موٹر سائیکل کے نمبر سے بھی دہشتگردوں کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ سی ٹی ڈی پولیس اس واقعے کی تفتیش بھی کر رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ شواہد کی روشنی میں ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

لاہور: تجاوزات کیخلاف آپریشن میں 631 افراد گرفتار، 140 مقدمات درج

لاہور پولیس کا تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ گرینڈ آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔

پولیس کے مطابق آپریشن کے دوران مجموعی طور پر اب تک 140 مقدمات درج کرکے 631 ملزمان کو گرفتار کیا چکا ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ سٹی ڈویژن میں 16 مقدمات، کینٹ میں 12، سول لائنز میں 10، صدر میں 17، اقبال ٹاؤن میں 71 اور ماڈل ٹاؤن میں 14مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق سٹی ڈویژن میں 110 ملزمان، کینٹ میں 127، سول لائنز میں 73 ملزمان کو تجاوزات کے خلاف آپریشن میں گرفتارکیا گیا ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کو معاونت فراہم کیا جا رہا ہے، شہر کے 23 ہاٹ اسپاٹس پوائنٹس پر ایک ساتھ انسداد تجاوزات آپریشن جاری ہے، متعلقہ ڈویژنل افسران کو ہدایت ہے کہ تجاوزات آپریشن کےدوران موجود رہیں۔

ڈالر مسلسل سستا، روپیہ مزید تگڑا ہوگیا

انٹر بینک میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز کی ابتداء میں ملکی تبادلہ منڈیوں میں 53 پیسے کمی کے بعد ڈالر کی قیمت 282 روپے 52 پیسے پر آگئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 282 روپے 79 پیسے ریکارڈ کی گئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں آج کاروبار کے دوران منفی رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 102 پوائنٹس کمی کے بعد 62 ہزار 590 پر آگیا جو گزشتہ روز 62 ہزار 693 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

سائفر کیس: سپریم کورٹ میں عمران خان ،شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت جاری

سپریم کورٹ میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت جاری ہے، جسٹس سردارطارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ نئی فرد جرم پرپرانی کارروائی کاکوئی اثرنہیں ہوگا۔

سپریم کورٹ میں سائفر کیس میں بانی پی ٹی آئی ،شاہ محمود کی درخواست ضمانت پر سماعت جاری ہے۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے مؤقف پیش کیا کہ شاہ محمودقریشی کی درخواست ضمانت پرنوٹس نہیں ہوا۔ جس پر قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ ابھی نوٹس کر دیتے ہیں آپ کو کیا جلدی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان صفدر نے مؤقف پیش کیا کہ ٹرائل کورٹ نے جلد بازی میں13 گواہان کے بیانات ریکارڈ کر لئے ہیں۔ جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسپیڈی ٹرائل ہر ملزم کا حق ہوتا ہے، آپ کیوں چاہتے ہیں ٹرائل جلدی مکمل نہ ہو۔

وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ ان کیمرہ ٹرائل کے خلاف آج ہائیکورٹ میں بھی سماعت ہے۔

وکیل حامد خان نے کہا کہ دوسری درخواست فرد جرم کے خلاف ہے۔ جس پر جسٹس طارق مسعود نے ریمارکس دیے کہ جو فرد جرم چیلنج کی تھی وہ ہائیکورٹ ختم کرچکی ہے، نئی فرد جرم پر پرانی کارروائی کا کوئی اثر نہیں ہوگا۔

وکیل حامد خان نے کہا کہ ٹرائل اب بھی اسی چارج شیٹ پر ہو رہا ہے جو پہلے تھی۔

الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کیلئے 2 روز کی توسیع کردی

الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی درخواست پر کاغذات نامزدگی کیلئے 2 روزکی توسیع کردی ہے۔

عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ تھی، تاہم اب الیکشن کمیشن نے اس میں دو روز کی توسیع کردی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام، مسلم لیگ ن، ایم کیو ایم پاکستان، جی ڈی اے اور بی اے پی نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کیا تھا۔

عثمان خواجہ سیاہ پٹی باندھ کر بھی مشکل میں پڑگئے

کراچی: عثمان خواجہ سیاہ پٹی باندھ کر بھی مشکل میں پڑگئے جب کہ آئی سی سی نے پرتھ ٹیسٹ میں ’احتجاج‘ پر آسٹریلوی اوپنر کی سرزنش کردی۔

آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پرتھ ٹیسٹ میں بازو پر سیاہ پٹی پہن کر شرکت کی تھی، جس پر آئی سی سی نے سرزنش کردی، اس مقابلے سے قبل ٹریننگ کے دوران عثمان نے جو جوتے پہنے ان پر آزادی انسان کا حق ہے اور تمام انسان برابر ہیں کے پیغامات ہاتھ سے لکھے ہوئے تھے، جس پر آئی سی سی کی جانب سے اوپنر کو خبردار کیا گیا تھا کہ وہ ایسے جملے جوتوں پر لکھ کر ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکتے، انھوں نے ان پیغامات پر تو ٹیپ لگا دیا مگر سیاہ پٹی بازو پر باندھ کر فلسطینی عوام پر اسرائیلی حملوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

واضح رہے کہ سیاہ پٹی پہننے سے قبل کسی بھی کھلاڑی کو متعلقہ بورڈ اور آئی سی سی سے اجازت لینا پڑتی ہے، کونسل کے ترجمان نے کہا کہ عثمان خواجہ کو کپڑوں اور سامان سے متعلق قوانین کی شق ایف کی خلاف ورزی پر تنبیہ کا سامنا کرنا پڑا، انھوں نے پاکستان سے پہلے ٹیسٹ میں سیاہ پٹی کی صورت میں اپنا ذاتی پیغام دیا مگر اس کیلیے کرکٹ آسٹریلیا اور آئی سی سی دونوں سے اجازت نہیں لی جوکہ قوانین کی خلاف ورزی ہے، اس لیے انھیں مستقبل میں محتاط رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

آئی سی سی کی سرزنش کے بعد اگر عثمان خواجہ نے میلبورن میں دوبارہ ایسا کیا تو انھیں سخت سزا کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

آسٹریلوی اوپنر پہلے ہی کونسل پر دہرے معیار کا الزام عائد کرچکے، ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کچھ کھلاڑیوں نے سیاسی یا نسلی ایشوز پر سیاہ پٹیاں پہنیں مگر ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

خاتون پرستار نے بابر اعظم سے ہیٹ مانگ لیا

لاہور: خاتون پرستار نے بابر اعظم سے ہیٹ مانگ لیا۔

میلبورن میں قومی ٹیسٹ ٹیم کی پریکٹس کے دوران سابق کپتان شائقین کو آٹو گراف دے رہے تھے کہ ایک خاتون نے کہا کہ بھائی مجھے آپ کا ہیٹ چاہیے، جواب میں مسکراتے ہوئے بابر نے کہا کہ میرے پاس بھی ایک ہی ہے۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے کیلیے میلبورن میں موجود ہے۔

پاکستان میں آئندہ ماہ نمائشی ٹی10 میچز متوقع

کراچی: پاکستان میں آئندہ ماہ نمائشی ٹی10 میچز متوقع ہیں، اس حوالے سے انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کی ٹیم کو مدعو کرنے پر غور ہونے لگا۔

دنیا بھر میں ٹی 10 کرکٹ تیزی سے مقبولیت حاصل کر رہی ہے، یو اے ای سمیت کئی ممالک میں لیگز بھی ہونے لگیں، ان میں پاکستانی کھلاڑی بھی حصہ لیتے ہیں۔

گزشتہ دنوں سامنے آنے والی ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی بورڈ بھی ٹی 10 لیگ کرانے پر غور کر رہا ہے، اس منصوبے میں اسے سعودی سرمایہ کاروں کا تعاون حاصل ہوگا، پاکستان بھی ٹی10 لیگ کے انعقاد میں سنجیدہ ہے، پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف نے کچھ عرصے قبل ایک انٹرویو میں اس پروجیکٹ میں دلچسپی ظاہر کی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ اب کام آگے بڑھنے لگا ہے، بورڈ آئندہ ماہ انگلش کاؤنٹی مڈل سیکس کے ساتھ راولپنڈی میں6 ٹی 10 میچز کرانا چاہتا ہے، اس میں مینز اور ویمنز دونوں مقابلے شامل ہوں گے،قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ سے واپسی کے بعد ان میچز کے انعقاد کا ارادہ ہے تاکہ اسٹار کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آ سکیں۔

حکام مذکورہ مقابلوں سے ملک میں ٹی 10 کرکٹ میں شائقین کی دلچسپی کا جائزہ لینا چاہتے ہیں، رسپانس دیکھنے کے بعد مزید فیصلے ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ نمائشی میچز سمیت کئی تجاویز ان دنوں زیرغور ہیں، ذکا اشرف چاہتے ہیں کہ اپنے دور میں ٹی10 لیگ کرا دیں تاکہ اس کا کریڈٹ انہی کو ملے، اپنے سابقہ دور میں انھوں نے پی ایس ایل کا منصوبہ بنایا، لوگو تک کی رونمائی ہو گئی مگر پھر اس منصوبے پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تھا، بعد میں نجم سیٹھی نے آ کر لیگ کا انعقاد کیا تھا۔