“پاکستان میں کھلم کھلا بےحیائی”، زرنش خان ‘سندھ مورت مارچ’ پر برس پڑیں

  کراچی: شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ زرنش خان نے خواجہ سرا کمیونٹی کی جانب سے منعقد کیے جانے والے ‘سندھ مورت مارچ’ پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ ماہ شہرِ قائد میں خواجہ سراؤں کے عالمی دن کے موقع پر سندھ مورت مارچ کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں مختلف شہروں سے بڑی تعداد میں خواجہ سراوْں نے شرکت کی تھی۔

اس مارچ میں ذوالفقار بھٹو جونیئر، خواجہ سرا رہنما بندیا رانا اور رہنما پیپلز پارٹی شہلا رضا سمیت سیاسی اور سماجی رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔

‘سندھ مورت مارچ’ میں خواجہ سراؤں نے اپنے حقوق کے لیے مختلف پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ اس مارچ میں موسیقی اور رقص کا مظاہرہ بھی کیا گیا تھا۔

اب سوشل میڈیا پر ‘سندھ مورت مارچ’ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں بولڈ لباس میں موجود گلوکارہ کو اسٹیج پر پرفارم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی خواجہ سرا رقص بھی کررہے ہیں۔

اس ویڈیو پر جہاں سوشل میڈیا صارفین نے غصے سے بھرے تبصرے کیے تو وہیں شوبز اںڈسٹری کی معروف اداکارہ زرنش خان نے بھی ‘سندھ مورت مارچ’ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

زرنش خان نے کہا کہ “اس ملک میں مزید تباہی کی کیا ضرورت تھی؟، اب یہاں کھلم کھلا بے غیرتی ہورہی ہے”۔

آرمی چیف کی اقوام متحدہ سربراہ سے ملاقات، عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کرائے، جنرل عاصم

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی دورہ امریکا کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انتونیو گوتریس نے نیو یارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر آمد پر آرمی چیف کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کی خدمات کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے اقوام متحدہ کی تمام کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا وار سیکرٹری جنرل سے گفتگو میں مسئلہ کشمیر کو اجاگرکیا۔

انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق آرمی چیف نے غزہ کی صورتحال اور جنگ بندی پر بھی زور دیا جب کہ یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات میں جنرل عاصم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ناگزیر ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے سیکیورٹی کونسل پر فوری جنگ بندی اور غذہ میں مظالم بند کرنے کے لئے عالمی کوششوں پر زور دیا۔

پایک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق جنرل عاصم منیر نے فلسطین کے مسئلہ کے دو ریاستی حل پر زور دیا اور وحشیانہ ہدف کے شکار معصوم شہریوں کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر موذوں انسانی بنیادوں پر مدد پر بھی زور دیا ہے۔

پرتھ ٹیسٹ؛ آسٹریلیا کیخلاف پاکستان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار

پرتھ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جب کہ قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔

تیسرا روز

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کی آسٹریلیا کے خلاف بیٹنگ جاری ہے جب کہ 241 رنز پر قومی ٹیم کے 8 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ تیسرے روز پاکستان نے 132 رنز اور 2 وکٹوں کے نقصان پر اننگز کا آغاز کیا تاہم 126 رنز کے اضافے کے بعد قومی ٹیم کے 7 بیٹرز پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عبداللہ شفیق نے 42، کپتان شان مسعود 30، خرم شہزاد 7، بابر اعظم 21، سعود شکیل 28، سرفراز احمد 3، فہیم اشرف 9 اور عامر جمال 10 رنز بنا سکے، جب کہ آغا سلمان اور شاہین شاہ آفریدی وکٹ پر موجود ہیں۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن لیون نے 3، مچل اسٹارک 2، پیٹ کمنز 2، جوش ہیزل ووڈ اور مچل مارش 1، 1 لے سکے۔

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر کا آئی پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ

سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر نے استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق آئی پی پی قیادت کے ہمایوں اختر سے معاملات طے پا گئے جس کے بعد سابق وفاقی وزیر نے آئی پی پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہمایوں اخترآج پریس کانفرنس میں آئی پی پی میں شامل ہونے کا باضابطہ طور پر اعلان کریں گے۔

گزشتہ روز جہانگیرترین، اسحاق خاکوانی اور عون چوہدری نے ہمایوں اختر سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔

بھارتی بیوروکریٹ کے بیٹے نے جھگڑے کے بعد گرل فرینڈ پر گاڑی چڑھا دی

بھارت میں بیورو کریٹ کے بیٹے نے گرل فرینڈ کو کار سے کچلنے کی کوشش کی جس سے اُس کے پورے جسم پر چوٹیں آئی ہیں۔

یہ واقعہ 11 دسمبر کو پیش آیا تھا اور ایسا کرنے والا اشواجیت گائیکواڑ مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر انیل گائیکواڑ کا بیٹا ہے۔

پریا سنگھ نامی خاتون نے انسٹاگرام پر پوسٹ میں بتایا کہ وہ 11 دسمبر کو صبح 4 بجے ایک فیملی تقریب میں اشوجیت کی کال آنے کے بعد اس سے ملنے گئی تھی۔ اشوجیت کے رویے کو ’عجیب سا‘ قرار دینے والی پریا کے مطابق اُس نے مجھ سے نجی طور پر بات کرنے کے لئے کہا.

پریا نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ ایک دوست بھی تھا جس نے میری توہین کرنا شروع کردی، اور میری حمایت کا کہنے پر اشواجیت نے مجھے مارنا شروع کردیا۔

پریا کے مطابق ، ’میرے بوائے فرینڈ نے مجھے تھپڑ مارا، میرا گلا گھونٹنے کی کوشش کی، میں نے اسے دور دھکیلنے کی کوشش کی تو۔میرے ہاتھ پر کاٹا اور مجھے مارا، میرے بال کھینچے اور اس کے دوست نے مجھے زمین پر دھکیل دیا۔‘

لڑکی نے مزید لکھا کہ وہ اپنا فون اور اپنا بیگ لینے کے لیے اشوجیت کی کار کی طرف بھاگی اور اسی وقت اُس نے اپنے ڈرائیورسے گاڑی چلانے کے لئے کہا۔ میری ٹانگوں پر گاڑی چڑھانے کے بعد وہ وہاں سے بھا گئے۔

پریا نے بتایا کہ اس کی دائیں ٹانگ ٹوٹنے کے باعث سرجری کروانا پڑی۔ اس کے پورے جسم پر زخم کے نشانات ہیں، بازو، کمر اور میرے پیٹ کانچلا حصہ بھی بُری طرح سے زخمی ہے۔

اشوجیت اور پریا ایک دوسرے کو 4 سال سے ڈیٹ کر رہے تھے۔

انسٹا پوسٹ میں پریا نے یہ بھی بتایا کہ واقعہ کے بعد تھانے کے کاسر واڑہولی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرانے کی کوشش کی، لیکن وہاں کے اہلکاروں نے اعلیٰ حکام کے دباؤ کی وجہ سے ایسا کرنے سے انکار کر دیا۔

سوشل میڈیا پرپوسٹ کرنے کے بعد اس کہانی نے زور پکڑا اور اسی پولیس اسٹیشن میں اشواجیت گائیکواڑ اور ڈرائیور سمیت دیگر 2 افراد کے خلاف دفعہ 323 (جان بوجھ کر چوٹ پہنچانا)، 279 (تیز رفتاری سے گاڑی چلانا)، 504 (امن کو خراب کرنے کے ارادے سے جان بوجھ کر توہین کرنا) اور دیگر کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ایک نجی اسپتال میں زیر علاج پریا نے الزام عائد کیا کہ شوجیت کے دوست اسے اور اس کی بہن کو ایف آئی آر درج پر دھمکیاں دے رہے ہیں۔

پی ٹی آئی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایک سینئر پولیس افسر نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس نے خاتون کے بیان کے مطابق معاملہ درج نہیں کیا۔واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں اور فی الحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

امریکی مذہبی آزادی پینل نے اقلیتیوں کو نشانہ بنانے پر بھارت کو ’تشویشناک ملک‘ قرار دے دیا

امریکی مذہبی آزادی پینل نے ایک بار پھر بائیڈن انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بیرون ملک مقیم مذہبی اقلیتوں کو مبینہ طور پر نشانہ بنانے پر امریکی مذہبی آزادی ایکٹ کے تحت بھارت کو “ تشویشناک ملک“ قرار دے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یو ایس کمیشن آن انٹرنیشنل ریلیجیئس فریڈم (یو ایس سی آئی آر ایف) جو ایک آزاد وفاقی حکومت کا کمیشن ہے، اس نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بیرون ملک سرگرم کارکنوں، صحافیوں اور وکلاء کو خاموش کرنے کی حالیہ کوششوں سے مذہبی آزادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ “یو ایس سی آئی آر ایف امریکی محکمہ خارجہ سے درخواست کرتا ہے کہ بھارت کی جانب سے منظم طور پر مذہبی آزادی کی سنگین خلاف ورزیوں کی وجہ سے بھارت کو ایک خاص تشویش کا ملک قرار دیا جائے۔

یو ایس سی آئی آر ایف کے کمشنر اسٹیفن شنیک نے کینیڈا میں سکھ کارکن ہردیپ سنگھ نجار کے قتل میں بھارتی حکومت کے مبینہ ملوث ہونے اور امریکا میں ایک اور سکھ برادری کے رکن گروپتونت سنگھ کو قتل کرنے کی سازش کو ”شدید پریشان کن“ قرار دیا۔

 

 

مین ہٹن میں وفاقی استغاثہ نے رواں ماہ کہا کہ ایک بھارتی شہری نے ایک نامعلوم بھارتی سرکاری ملازم کے ساتھ مل کر نیو یارک شہر کے ایک رہائشی کو قتل کرنے کی سازش پر کام کیا تھا، جو بھارت میں ایک خودمختار سکھ ریاست کی وکالت کرتا تھا لیکن بھارتی حکومت نے اس سازش میں ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

خیال رہے کہ واشنگٹن میں بھارتی سفارت خانے نے فوری طور پر تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا جبکہ بھارتی حکومت معمول کے مطابق ملک میں کسی بھی امتیازی سلوک کی تردید کرتی ہے۔

جسٹس سردار طارق نے بطور قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھالیا

سپریم کورٹ کے جسٹس سردار طارق مسعود نے بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھالیا۔

سینئر جج جسٹس اعجازالاحسن نے قائم مقام چیف جسٹس سے حلف لیا، تقریب حلف برداری میں سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے ججز شریک ہوئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس سردار طارق مسعود کی بطور قائم مقام چیف جسٹس آف پاکستان تقرری کی منظوری دے دی۔

وزارت قانون نے جسٹس سردار طارق مسعود کا قائم مقام چیف جسٹس پاکستان کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

 

 

صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 180 کے تحت جسٹس سردار طارق مسعود کی بطور قائم مقام چیف جسٹس تقرری کی منظوری دی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آئندہ ہفتے سے موسم سرما کی تعطیلات میں بیرون ملک جائیں گے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا دورہ 14 روز پر مشتمل ہوگا، ان کی جگہ جسٹس سردارطارق مسعود دو ہفتوں تک ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم کا آغاز کروں گا، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) شیخ رشید نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

ڈسڑکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ قلم دوات پر الیکشن لڑوں گا، ہم صرف دو سیٹوں اور پنڈی کی سیاست کرتے ہیں، الیکشن کوئی بھی ہو مشکل تو ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تین حلقوں میں کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، دو حلقوں میں الیکشن میں حصہ لیں گے جب کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے بعد انتخابی مہم کا آغاز کروں گا۔

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ چوہدری محمود نے شیخ رشید کے خلاف توڑ پھوڑ اور احتجاج سے متعلق مقدمہ کی سمعت کی۔

اس موقع پر شیخ رشید اپنے وکیل سردار شہباز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، عدالت نے حاضری لگانے کے بعد شیخ رشیدکوجانےکی اجازت دے دی۔

چیمپئینز ٹرافی 2025 کیلئے آئی سی سی اور پی سی بی کے درمیان معاہدہ

چیمپئینز ٹرافی 2025 کی میزبانی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے درمیان معاہدہ ہوگیا۔

پی سی بی اور آئی سی سی کے درمیان ”ہوسٹنگ رائٹس ایگریگیمنٹ“ پر دستخط دبئی میں ہوئے، معاہدے پر پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف اور آئی سی سی کے جوناتھن نے دستخط کیے۔

اس موقع پر ذکاء اشرف نے آئی سی سی حکام کو ٹرافی کے انتظامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیئرمین پی سی بی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی چیمپئینز ٹرافی کی بہترین میزبانی کرنے کے بارے میں ہدایات اور ٹرافی کی شرکاء ٹیموں کو فوول پروف اسکیورٹی فراہم کرنے بارے آگاہ کیا۔

آئی سی سی حکام کا ذکاء اشرف کی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا، جس کے بعد معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی۔

دوسری جانب ذکاء اشرف نے یو اے ای کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذونونی سے بھی ملاقات کی اور کرکٹ کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور اسے دونوں بورڈز کےلئے فائدے مند قرار دیا۔

ذکاء اشرف نے ذونونی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی اور پاکستان کو اپنا دوسرا گھر قرار دیا۔

نیسلے کا پاکستان میں قابل تجدید توانائی میں 2بلین روپے کی سرمایہ کاری کا عزم

پاکستان میں سویٹزر لینڈ کے سفیرگیورگ اسٹائنر نے کبیروالا میں نیسلے پاکستان کے 2.5میگا واٹ کے سولر پلانٹ کا افتتاح کیا
یہ پلانٹ 4.8ایکٹر پر پھیلا ہوا ہے اور 480ملین روپے کی سرمایہ کاری سے مکمل کیا گیا

لاہور:13دسمبر، 2023

نیسلے پاکستان نے قابل تجدیدتوانائی اور پائیدار اقدامات کے تحت 2بلین روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے وژن کیلئے اپنے عزم کااعادہ کیا ہے۔

پہلے مرحلے میں نیسلے پاکستان نے 2.5میگا واٹ کے سولر پاور پلانٹ کا افتتاح کیا ۔ یہ پلانٹ کبیر والا فیکٹری میں 480ملین روپے کی سرمایہ کاری سے مکمل کیا گیاہے جس کا مقصد سالانہ 1800 ٹن گرین ہائوس گیس (tCO2e)کے اخراج میں کمی کرنا ہے۔

نیسلے پاکستان کی 2بلین روپے کی سرمایہ کاری میں پاکستان میں دیگر پلانٹس پر دو بائیوماس بوائلرز اوراضافی سولر پاور پلانٹ شامل ہیں۔یہ اقدام گرین ہائوس گیس کے اخراج کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جس کے تحت 2050تک کاربن کے اخراج کو صفر(Net Zero) پر لانے کے ساتھ ساتھ حکومت پاکستان کی اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے عہد کے مطابق قابل تجدید توانائی پر خصوصی توجہ دینا ہے۔

 

 

 

پاور پلانٹ کا افتتاح کرتے ہوئے پاکستان میں سویٹزر لینڈ کے سفیرگیورگ اسٹائنر نے کہا’’نیسلے پاکستان کی گزشتہ 35برسوں سے پاکستان میں مسلسل سرمایہ کاری اور موجودگی ملک پر اس کے اعتماد کا اظہار ہے۔یہ سولر پاور پلانٹ نیسلے پاکستان کے صاف ماحول کیلئے پاکستان کے لوگوں کیلئے کرئٹنگ شیئرڈ ویلیو کیلئے اس کے عزم کاثبوت ہے۔یہ سولر پلانٹ 2030 تک 60فیصد تک قابل تجدید توانائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان نیشنلی ڈیٹرمنڈ کنٹری بیوشن (NDC) کے عزم کو حاصل کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔

اس موقع پرجیسن آوانسینا ، چیف ایگزیکٹو آفیسر، نیسلے پاکستان نے کہا’’ جیسا کہ ہم پاکستان میں ہماری موجودگی کا 35سالہ جشن منارہے ہیں، ہم قابل تجدید توانائی اور پائیدار اقدامات میں سرمایہ کاری بڑھا کر ملک کے مستقبل کیلئے ہماری ویلیو چین کے ذریعے مثبت اثرات مرتب کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔‘‘

انہوں نے مزید کہا’’ہم قابل تجدید توانائی کے استعمال میں تیزی لارہے ہیں اور سولر پاورپلانٹ کاافتتاح قابل تجدید توانائی کی طویل المدت حکمت عملی اور شیخوپورہ فیکٹری اور دیگر فیکٹریوں میں بہت جلد بائیو ماس بوائلرز اور اسی طرح کے سولر پلانٹ کے افتتاح کیلئے مستقبل کے منصوبوں کا حصہ ہے۔

نیسلے نے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف ایس ڈی جیز 13اور 15کے مطابق 2025 تک کاربن کے اخراج میں 20فیصد کمی(2018کی بیس لائن کے مقابل)، 2030تک نصف جبکہ 2050تک زیرو پر لانے کے عزم کا اعلان کیا۔

 

 

پاکستان میں اپنے کاروبار کے 35سال مکمل ہونے پر نیسلے غیر ملکی آمدن کے حصول کیلئے 20ممالک میں برآمدات کو بڑھا کر 18ملین امریکی ڈالر تک لاکر معاشی ترقی کیلئے بھی عزم کا اظہار کرتا ہے۔نیسلے پاکستان نے مقامی سطح پر مصنوعات کی تیاری کو تقویت دی ہے ، نیسلے نے مقامی انڈسٹری کو مضبوط بناتے ہوئے 2023میں 90فیصد خام اور پیکیجنگ ضروریات مقامی سطح سے پوری کیں۔

نیسلے پاکستان ملک میں اپنی چار مینوفیکچرنگ سائٹس اور مشروبات اور خوراک کی وسیع رینج کے ساتھ لاکھوں پاکستانیوں کو ذائقہ سے بھرپور اور متوازن خوراک فراہم کرنے میں مدد کررہا ہے۔کمپنی نے صرف گزشتہ سال تمام عمر کے افراد کو ویلیو ایڈڈ غذائیت کے 2.49بلین صحت بخش اور غذائیت سے بھرپور سرونگز فراہم کی ہیں۔