جونیئر ہاکی ورلڈکپ؛ آسٹریلیا سے شکست! ٹیم پانچویں، چھٹی پوزیشن سے بھی محروم

جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5-7 سے شکست دیکر پانچویں اور چھٹی پوزیشن سے محروم کردیا۔

ملائشیا کے شہر کوالمپور میں کھیلے جانے والے جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں پانچویں سے آٹھویں پوزیشن کے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 5 کے مقابلے میں 7 گول سے شکست دی۔

پاکستان کی جانب سے 14ویں اور 57ویں منٹ میں عبدالقیوم نے فیلڈ گول اسکور کیے جبکہ 34 ویں منٹ میں عمر مصطفی اور 48ویں منٹ میں احتشام اسلم نے گول بناکر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں محمد سفیان خان نے پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کیا۔
مزید پڑھیں: جونیئرہاکی ورلڈکپ؛ کوارٹر فائنل میں اسپین نے پاکستان کو ہرادیا

آسٹریلیا کی جانب سے کیمبیل نے 3 گول کرکے ہیٹرک مکمل کیجبکہ ناتھن اور بروڈی 2،2 گول داغ کر آسٹریلیا کو 5-7 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سیمی فائنل کے بعد پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم ہانچویں اور چھٹی پوزیشن سے بھی محروم ہوگئی ہے۔

قومی ٹیم ایونٹ میں ساتویں اور آٹھویں پوزیشن کیلئے 16 دسمبر کو ارجنٹائن کے خلاف میدان میں اُترے گی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی اور ریمارکس دیئے کہ جج ٹرائل کیلئے جیل کا انتخاب کر سکتا ہے، مگر وہ اوپن کورٹ ہونی چاہیے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل ٹرائل کے لئے قانونی پراسس پورا نہ ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی۔

جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ کچھ سمجھ نہیں آرہی یہ آرڈر میں کیا کہہ رہے ہیں ، وفاقی حکومت کا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن کدھر ہے۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سکندر ذوالقرنین سلیم نے نفی میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ چار دسمبرکے ٹرائل کورٹ کے آرڈر کو چیلنج کیا گیا ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو کیوں نہیں پتہ جیل ٹرائل ہو رہا ہے۔

وکیل سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کون طے کرے گا عدالت کہاں لگے گی۔ عدالت نہیں بلکہ حکومت طے کرے گی۔ جس پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ عدالت طےکرے گی، جج ٹرائل کے لیے جیل کا انتخاب کر سکتا ہے مگر وہ اوپن کورٹ ہونی چاہیے۔

وکیل نے کہا کہ جج کے پاس جیل ٹرائل کی منظوری کا نوٹیفکیشن ہی نہیں تھا جب چار دسمبر کو آرڈر پاس کیا، جج نے آرڈر میں لکھا کہ نوٹیفکیشن جمع کرا دیا جائے، ہم نے چیلنج کیا کہ جیل ٹرائل پراسس کا نوٹیفکیشن نہیں ہے تو ٹرائل کیسے آگے بڑھ سکتا تھا ۔

وکیل نے آئندہ سماعت تک ٹرائل روکنے کی استدعا کی تو عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سائفر ٹرائل فوری روکنے کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ کہ رپورٹ آ جائے پھر دیکھتے ہیں۔

عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی حکم امتناع کی درخواست پر بھی 20 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردیا۔

پرتھ ٹیسٹ؛ پاکستانی بالرز کیلئے وکٹ لینا مشکل ہوگیا، وارنر کی جارحانہ بیٹنگ

پرتھ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز چائے کے وقفے تک آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف 2 وکٹوں کے نقصان 50 اوورز میں 210 رنز بنالیے۔

پہلا روز

پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز اوپنر ڈیوڈ وارنر نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور عثمان خواجہ کے ہمراہ پہلی وکٹ کی شراکت میں 126 رنز بنائے تاہم خواجہ 41 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ مارنوس لبوشین 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر 111 اور اسٹیو اسمتھ 21 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ اگر ٹاس جیتا تو پہلے بیٹنگ کرنے کا ہی فیصلہ کرتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور خرم شہزاد ڈیبیو کریں گے، دونوں نوجوان کرکٹرز کو شاہین آفریدی اور حسن علی نے ٹیسٹ کیپ پیش کی۔

پاکستان کا اسکواڈ

کپتان شان مسعود، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، بابراعظم، سعود شکیل، سرفراز احمد، سلمان علی آغا، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، عامر جمال اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

آسٹریلیا کا اسکواڈ

کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

پنجاب میں عام انتخابات ڈپٹی کمشنرز سے کرانے کا نوٹیفکیشن معطل

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں عام انتخابات ایگزیکٹو سے کرانے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کے پنجاب میں عام انتخابات ایگزیکٹو سے کرانے کے خلاف پی ٹی آئی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا۔ ایک رکنی بینچ نے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

جسٹس علی باقر نجفی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیا اور لارجر بینچ تشکیل دینے کے لیے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔

لاہور ہائی کورٹ نے عام انتخابات کےلیے بیورورکریسی کی خدمات لینے کے خلاف عمیر نیازی کی درخواست پر پانچ صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کرانے پر غریب قوم کے اربوں روپے لگتے ہیں، اگر بڑی سیاسی جماعتیں الیکشن نتائج تسلیم نہ کریں تو قوم کا پیسہ ضائع ہوگا، الیکشن کمیشن کو فری اینڈ فئیر الیکشن کرانے ہیں، شفاف انتخابات کو حقیقت میں بدلنے کے لیے امیدواروں اور ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے ہیں۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ موجود صورتحال میں جنرل الیکشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے جس سے جمہوریت کا مستقبل کمزور ہوسکتا ہے، درخواست میں قومی ایشو سے متعلق نشاندہی کی گئی ہے لہٰذا درخواست پر لارجر بینچ کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوائی جاتی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے بیورورکریسی سے خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل درخواست گزار کے وکیل ابوزر سلیمان خان نیازی نے موقف اختیار تھا کہ الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو عام انتخابات کا اعلان کیا، کمیشن نے ریٹرننگ افسران کے لیے حکومت سے رابط کیا ہے۔

درخواستگزار کے وکیل کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت سے غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کی امید نہیں کی جا سکتی، عدالت الیکشن کمیشن کا آر اوز اور ڈی آر اوز کے لیے بیورو کریسی کی تعیناتی کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے۔

دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے کی استدعا کی اور موقف اختیار کیا کہ عدلیہ کو خطوط لکھے مگر کیسز کے باعث انہوں نے جوڈیشل افسران دینے سے انکار کیا، صاف شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر محفوظ فیصلہ جاری کردیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

پنجاب کے 41 اضلاع میں سے 40 کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ڈی آر اوز تعینات کیا گیا تھا جب کہ ڈائریکٹر جنرل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد خالد منظور کو ڈی آر او تونسہ تعینات کیا گیا۔

آرمی چیف کی پینٹاگون میں امریکی وزیر دفاع سے ملاقات

امریکا کے دورے پر موجود پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن سے ملاقات کی ہے۔

واشنگٹن میں پینٹاگان کے دورہ کے موقع پر کی جانے والی اس ملاقات میں آرمی چیف اور لائیڈ آسٹن نے علاقائی سلامتی اور دیگر امور سے متعلق تازہ پیشرفت پر گفتگو کی۔

ملاقات کے بعد ترجمان پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر دفاع لائیڈ جے آسٹن سوم نے آج پینٹاگون میں پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی میزبانی کی، جہاں دونوں عہدیداروں نے حالیہ علاقائی سلامتی کی پیش رفت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا۔

منگل 12 دسمبر کو پینٹاگون کی بریفنگ میں آرمی چیف کے دورے پربھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا جہاں ایک صحافی نے پریس سیکریٹری میجر جنرل پیٹرک رائیڈر سے پوچھا کہ وزیردفاع لائیڈ آسٹن کی یہ پاکستان کے نئے آرمی چیف کے پہلی ملاقات ہوگی،امریکی وزیر دفاع اس ملاقات میں کیا دیکھتے ہیں۔

صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ پاکستان سے افغانیوں کو ملک بدرکرنے کے بارے میں بات کریں گے؟

جواب میں جنرل رائیڈرکا کہنا تھا کہ میرے پاس پوڈیم سے پڑھنے کے لئے کوئی میٹنگ نہیں ہے۔ جب وزیرخارجہ غیر ملکی ہم منصبوں اور رہنماؤں سے ملاقات کرتے ہیں، تو ہمیں ایک ریڈ آؤٹ فراہم کرتے ہیں. لہٰذا اگر ہمارے پاس کوئی ریڈ آؤٹ ہوا تو ہم یقینی طورپر بتائیں گے۔

ایک اور صحافی نے سوال کیا تھا کہ آپ پاک امریکا فوجی تعلقات کا جائزہ کیسے لیں گے؟

جواب میں جنرل رائیڈر کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ اس لیے ظاہر ہے کہ سینٹ کام کے ذریعے ہم ان کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے، خاص طور پر جب بات انسداد دہشت گردی جیسے معاملات کی ہو۔

پاک فوج کےسربراہ امریکی وزیر دفاع کے علاوہ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اور قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیون سے بھی ملاقات کریں گے۔

امکان ہے کہ وہ امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے سینئر ارکان سے بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔

اتوار10 دسمبر کو اسلام آباد سے روانہ ہونے والے جنرل منیر برطانیہ میں دو دن گزارنے کے بعد منگل کی سہ پہر واشنگٹن پہنچے تھے۔ برطانیہ میں ان کی مصروفیات کی تفصیلات عام نہیں کی گئیں کیونکہ یہ بظاہرایک نجی دورہ تھا۔ واضح رہے کہ پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد سے یہ جنرل عاصم منیر کا پہلا دورہ امریکا ہے۔

جنرل سید عاصم منیر نے 29 نومبر 2022 کو پاکستان کے 17ویں آرمی چیف کا منصب سنبھالا تھا۔

افسران سمیت مزید 15صہیونی فوجی ہلاک، اسرائیل نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی

غزہ میں اسرائیلی افسران سمیت مزید 15 صہیونی فوجی ہلاک ہوگئے، جس کی اسرائیل نے تصدیق کردی ہے۔

اسرائیل نے حماس کے عسکری ونگ قسام بریگیڈ کے ہاتھوں مارے گئے اپنے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔ قسام بریگیڈ نے کہا گزشتہ روز شجائیہ میں گولانی بریگیڈ کا کمانڈر، تین میجر اور ایک کیپٹن مارے گئے، جس کی ویڈیو جاری کردی ہے۔

ترجمان قسام بریگیڈ کے مطابق غزہ کے علاقے شجائیہ اور خان یونس میں اسرائیلی فوجیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے، شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں بھی اسرائیلی فوجیوں پر حملے کیے گئے۔

زیتون کی عمارتوں میں مورچہ بند اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ویڈیو میں اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کو قریب سے نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

حملے کے بعد علاقے میں تباہ شدہ اسرائیلی ٹینکوں اور گاڑیوں کی باقیات بکھری پڑی ہیں، القسام بریگیڈز کے مطابق زیتوں کے علاقے سے اسرائیلی فوج اپنا سامان اور اسلحہ چھوڑ کر پسپا ہوگئی۔

غزہ کے مستقبل کی بات چیت میں حماس کو شامل کیے جانے کا مطالبہ
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے مستقبل کی بات چیت میں حماس کو شامل کیا جانا چاہیے، حماس غزہ اور مغربی کنارے میں سیاسی تقسیم کو ختم کرنے کے لیے تیار ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ جنگ کے بعد حماس کے بغیر کوئی بھی انتظام فریب ہوگا، حماس اسرائیل جارحیت ختم کرنے کے لیے کسی بھی بات چیت کے لیے تیار ہے، جنگجو ثابت قدم ہیں اور اسرائیلی فوجیوں کو بھاری نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر حماس امداد کو تیز کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نتین یاہو کہتے ہیں دنیا ساتھ نہ بھی دے تب بھی جنگ کریں گے۔

امریکا کو غزہ میں شہریوں کی اموات پر تشویش ہے، جان کربی
امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کو غزہ کے حالات پر صحافیوں نے گھیرلیا اور سوالات کی بوچھاڑ کردی ہے۔

جان کربی نے کہا امریکا کو غزہ میں شہریوں کی اموات پر تشویش ہے، اسرائیل کو فوجی کارروائی کے خلاف قانونی کارروائی سے آگاہ کردیا ہے، غزہ جنگ اور بمباری پر تحفظات تھے، اپنے خدشات کا اظہار کردیا۔

پی ایس ایل میں تاریخ رقم، 3 بھائی ایک ہی ٹیم میں شامل

پاکستان سپرلیگ کی تاریخ میں پہلی بار کرکٹ شائقین 3 بھائیوں کو ایک ہی ٹیم کی جانب سے کھیلتا دیکھیں گے۔ تینوں میں سے ایک قومی کرکٹ ٹیم کے ہردلعزیز فاسٹ بالر نسیم شاہ ہیں ۔

گزشتہ روز لاہور میں پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن کی کیلئے پلئیرز ڈرافٹنگ کی تقریب میں فرنچائزز نے اپنے اپنے اسکواڈز کو حتمی شکل دی۔

اس ڈرافٹنگ کے دوران جہاں تمام فرنچائززنے بڑے نام چُنے وہیں نسیم شاہ کو پہلے ہی منتخب کرلینے والی اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

دو بار پی ایس ایل کی چیمپئن رہنے والی اسلام یونائیٹڈ نے فاسٹ بولر کے دو بھائیوں حنین شاہ اورعبید شاہ کو بھی اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔

نسیم شاہ کے بھائی حنین نے نیشنل ٹی20 کپ میں بہترین کارکردگی دکھائی تھی جبکہ عبید شاہ انڈر 19 کی جانب سے دبئی میں ایشیاکپ کا حصہ ہیں

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دونوں کھلاڑی ایمرجنگ کیٹیگری میں منتخب کیے گئے ہیں۔

پاکستان کے علاوہ مجموعی طور پر 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے 485 غیر ملکی کرکٹرز بھی پی ایس ایل ڈرافٹ کے لیے دستیاب ہیں جن میں سے 46 پلاٹینم اور 76 ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔

آئی پی پی کا کونسا رہنما کہاں سے الیکشن لڑے گا، تفصیلات سامنے آگئیں

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما کن حلقوں سے عام انتخابات میں حصہ لیں گے، اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

ن لیگ اور آئی آئی پی کی کمیٹیوں کا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملے پر مشترکہ اجلاس ایاز صادق کی رہائشگاہ پر ہوا جس میں ن لیگ کی طرف سے ایاز صادق، سعد رفیق، عطا تارڑ، ملک احمدخان جب کہ آئی پی پی کے اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال شریک ہوئے۔

کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس میں قومی اسمبلی کے حلقوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے مشاورت کی گئی جب کہ آئی پی پی نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے لیے فہرست ن لیگ کمیٹی کے حوالے کردی۔

آئی پی پی اور لیگی رہنماؤں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے مختلف آپشنز پر غور کیا اوردونوں کمیٹیوں نے اس معاملے پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ذرائع نے کہا کہ کچھ روز میں ن لیگ اور آئی پی پی کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دے دی جائے گی جب کہ کل دونوں کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس دوبارہ ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پی پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین لودھراں، پارٹی صدر علیم خان اور عون چوہدری لاہور جب کہ غلام سرور خان ٹیکسلا، عامر کیانی اور علی نواز اسلام آباد سے الیکشن لڑیں گے۔

ذرائع کے مطابق فرخ حبیب فیصل آباد سے الیکشن لڑیں گے اور انہیں عابد شیر علی والے حلقے کی بجائے کسی دوسرے حلقے سے ایڈجسٹ کیا جائے گا۔

اس کےعلاوہ اسحاق خاكوانی وہاڑی، فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ، گل اصغر، احسان ٹوانہ خوشاب سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں گے۔

ذوالفقار چکوال، کرنل ریٹائرد محمد انور اٹک، اوکاڑہ سے صمصام بخاری، چوہدری نوریز شکور ساہیوال، کرنل ریٹائر ڈ ہاشم ڈوگر، سردار طالب نکئئ اور آصف نکئی قصور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر مراد راس لاہور، خالد محمود شیخوپورہ، سردار ایاز خان نیاز ی خانیوال، نعمان لنگڑیال ساہیوال، عمران اسماعیل اور محمود مولوی کراچی سے الیکشن لڑنے کے خواہشمند ہیں۔

فیاض الحسن چوہان راولپنڈی، اجمل چیمہ فیصل آباد اور پارٹی رہنما چوہدری اختر اپنی بجائے بیٹے کو فیصل آباد سے الیکشن لڑائیں گے جب کہ مامون جعفر تارڑ حافظ آباد سے اور رانا نذیر کامونکی سے الیکشن لڑیں گے۔

امریکی صدر کے مواخذے کی تحقیقات کیلئے باضابطہ منظوری دے دی گئی

امریکی ایوان نمائندگان نے ووٹنگ سے صدرجوبائیڈن کے مواخذے کی تحقیقات سے متعلق باضابطہ منظوری دے دی۔ بائیڈن نے اس اقدام کو بے بنیاد اورسیاسی شعبدہ بازی قراردیا جبکہ ریپبلکنز ایسے شواہد پیش کرنے میں ناکام رہے جن سے ظاہر ہو کہ صدر خاندانی کاروبار میں لین دین سے مالی طور پرمستفید ہوئے۔

جو بائیڈن کے مواخذے کیلئے ایوان میں ووٹنگ ہوئی ، قرارداد کے حق میں 221 جبکہ مخالفت میں 212 ووٹ آئے۔

امریکی صدر پر الزام ہے کہ ان کے بیٹے ہنٹربائیڈن نے یوکرین اورچین میں کاروبارکیا اورغیرملکی کاروباری شخصیات کواس وقت کے امریکی نائب صدرجوبائیڈن تک رسائی کی یقین دہانیاں کروائیں۔ تاہم ری پبلکنز کی جانب سے اس بات کے شواہد پیش نہیں کیے گئے کہ آیا بائیڈن نے فائدہ اٹھایا یا نہیں۔

بائیڈن نے ریپبلکن پارٹی کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’بے بنیاد مواخذے کا اسٹنٹ‘ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ریپبلکن امریکی عوام کو درپیش مسائل سے گریز کر رہے ہیں۔ امریکیوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے لیے کچھ کرنے کے بجائے وہ مجھ پر جھوٹ سے حملہ کرنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

جو بائیڈن نے کہا کہ وہ اپنا کام کرنے کے بجائے اس بے بنیاد سیاسی اسٹنٹ پر وقت ضائع کرنے کا انتخاب کر رہے ہیں جسے کانگریس میں ریپبلکن بھی تسلیم کرتے ہیں کہ یہ حقائق کی تائید نہیں کرتا۔ امریکی عوام بہتر کے مستحق ہیں۔

امریکی صدر کے مواخذے کیلئے رائے شماری صدر کے بیٹے ہنٹربائیڈن کی جانب سے ایوان نمائندگان کے ارکان کے سامنے بند کمرے میں پیش ہونے کی مخالفت کے چند گھنٹوں بعد ہوئی۔

کیپیٹل ہل میں پریس کانفرنس کرنے کے بجائے ہنٹر بائیڈن نے عوامی طور پر گواہی دینے پر آمادگی کا اعادہ کیا تھا، اس پیشکش کو ایوان نمائندگان کے ریپبلکنز نے مسترد کر دیا تھا۔ہنٹر بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’میں آج ایک عوامی سماعت میں گواہی دینے آیا ہوں تاکہ کمیٹیوں کے جائزسوالات کا جواب دے سکوں‘۔

مواخذے کی تحقیقات سے ریپبلکنز کو مزید اختیارات ملیں گے کہ وہ عدالت میں اپنی تحقیقات کا دفاع کر سکیں۔ وائٹ ہاؤس نے دلیل دی ہے کہ ایوان نمائندگان کے ریپبلکن ارکان غیر قانونی ہیں کیونکہ پورے ایوان نے کبھی بھی انکوائری کی منظوری کے حق میں ووٹ نہیں دیا، لیکن بدھ کو کامیاب ووٹنگ کے ساتھ اس دلیل کو کالعدم قرار دیا جا سکتا ہے۔ امرئیک واضح رہے کہ ایوان کی جانب سے امریکی صدر کے مواخذے کی منظوری کے باوجود معاملہ سینیٹ میں جائے گا جہاں ڈیموکریٹس کو 49 کے مقابلے میں 51 ووٹوں کی اکثریت حاصل ہے۔

معزول جج شوکت صدیقی کی برطرفی سے متعلق براہ راست سماعت شروع

سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزول جج شوکت صدیقی کی برطرفی سے متعلق سماعت شروع ہوگئی ہے، سماعت براہ راست دکھائی جاری ہے۔

سپریم کورٹ میں معزول جج اسلام آبادہائیکورٹ شوکت صدیقی کی برطرفی کے خلاف درخواست پر سماعت شروع ہوگئی ہے، چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ سماعت کررہا ہے۔

جسٹس امین الدین، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت خان بینچ کا حصہ ہیں۔

شوکت صدیقی کی برطرفی سے متعلق سماعت براہ راست دکھائی جارہی ہے، سماعت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ، یوٹیوب پر براہ راست نشر کی جارہی ہے۔

شوکت عزیز صدیقی کی برطرفی کا معاملہ
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج شوکت عزیز صدیقی کو 11 اکتوبر 2018 کو خفیہ اداروں کے خلاف تقریر کرنے پر عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے اُس وقت کے سینیئر جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 21 جولائی 2018 کو راولپنڈی بار میں خطاب کے دوران حساس اداروں پر عدالتی کام میں مداخلت کا الزام عائد کیا تھا۔

سابق جج شوکت عزیز صدیقی کے بیان پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے بھی رد عمل سامنے آیا تھا جس میں ریاستی اداروں پر لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

شوکت عزیز صدیقی نے عہدے سے ہٹانے کے سپریم جوڈیشل کونسل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل بھی دائر کر رکھی تھی۔