ہائیکورٹ فیصلے کے بعد انتخابات کیلئے ڈی آر اوز، آر اوز کی ٹریننگ روک دی گئی

لاہور ہائی کورٹ کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 2024 کے لیے ڈی آر او، آر اوز اور اے آر اوز کی ٹریننگ روک دی۔

الیکشن کمیشن نے 13 دسمبر سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز) اور ریٹرننگ افسران ( آر اوز) کی ٹریننگ کا آغازکیا تھا۔

142 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو 16 دسمبرکو ایک روزہ ٹریننگ جب کہ ریٹرننگ آفیسرز کو 13 سے 15 دسمبر تک ٹریننگ دی جانی تھی۔

عدالت عالیہ کے فیصلے بعد الیکشن کمیشن نے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو مراسلے ارسال کرکے ڈی آراوز، آراوز کی ٹریننگ روکنے کے احکامات دے دیئے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے ڈپٹی کمشنرز کے بطور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز)، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

لاہورہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے 11 دسمبر کے نوٹیفکیشن کو معطل کردیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ موجود صورتحال میں جنرل الیکشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے جس سے جمہوریت کا مستقبل کمزور ہوسکتا ہے۔

عدالتی حکم میں کہا گیا کہ درخواست میں قومی ایشو سے متعلق نشاندہی کی گئی ہے لہٰذا درخواست پر لارجر بینچ کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوائی جاتی ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے بیورورکریسی سے خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔

سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا

سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے راولپنڈی عدالت میں سررینڈر کردیا اور کہا کہ جس سیاست میں عمران خان نہیں وہ سیاست کرنے کا فائدہ بھی نہیں۔

9 مئی کے واقعات کے بعد روپوش ہونے والے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے عمر تنویر بٹ نے آج راولپنڈی کی عدالت میں خود کو سرینڈر کردیا ہے۔

عمر تنویر بٹ انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی میں پیش ہوئے، وہ 9 مئی واقعات کے مقدمات میں بھی مطلوب تھے۔

عدالت پیشی کے موقع پر بات کرتے ہوئے عمر تنویر بٹ کا کہنا تھا کہ آج میں نے کورٹ میں سرینڈر کیا ہے اور اپنے اداروں، عدلیہ اور افواج پر پورا یقین ہے، کہ انصاف ملے گا اور ہماری بے گناہی ثابت بھی ہوگی۔

سابق ایم پی اے نے کہا کہ پوری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے، بانی پی ٹی آئی بھی اس کی مذمت کرچکے ہیں، ہمارا اس میں کوئی کردار نہیں، واقعی یہ ایک سیاہ ترین دن تھا۔

عمر تنویر بٹ کا کہنا تھا کہ جس سیاست میں بانی پی ٹی آئی نہیں تو وہ سیاست کرنے کا کوئی فائدہ بھی نہیں۔

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ روک دی

لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن مورخہ 11 دسمبر 2023 ، کی معطلی کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی جاری ٹریننگ کو روک دیا ھے ۔

لاہور ہائیکورٹ نے عام انتخابات بیورو کریسی سے کروانے کا نوٹی فکیشن معطل کردیا

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات ایگزیکٹیو سے کروانے کے نوٹی فکیشن کو معطل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر پنجاب میں انتخابات ایگزیکٹیو سے کروانے کے خلاف دائر درخواستوں پر جسٹس باقر نجفی نے پانچ صفحات پر مشتمل محفوظ تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

فیصلے میں جسٹس باقر نجفی نے عام انتخابات ایگزیکٹو سے کروانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا اور درخواستوں پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کردی۔

اسی کے ساتھ جسٹس علی باقر نجفی نے فائل چیف جسٹس کو ارسال کردی۔

اپنے تحریری فیصلے میں جسٹس علی باقر نجفی نے لکھا کہ انتخابات پر قوم کے اربوں روپے خرچ ہوتے ہیں، اگر بڑی سیاسی جماعتیں الیکشن نتائج تسلیم نہ کریں تو غریب قوم کے اربوں روپے ضائع ہوں گے۔

عبوری حکم میں لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانا ہے، شفاف انتخابات کو حقیقت  میں بدلنے کےلیے امیدواروں اور ووٹرز کو یکساں مواقع فراہم کرنے ہیں۔ موجود صورتحال میں جنرل الیکشن سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکتے، جس سے جمہوریت کا مستقبل کمزور ہوسکتا ہے۔

تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ درخواست میں قومی معاملے سے متعلق نشاندہی کی گئی ہے۔ جس پر لارجر بینچ کی تشکیل ضروری ہے اور اس لیے اب یہ فائل چیف جسٹس کو بھیجی جارہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے تحریری حکم نامے میں واضح لکھا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بیورورکریسی سے خدمات لینے کا نوٹیفکیشن معطل کیا جاتا ہے۔

روسی شہری بنا پاسپورٹ ویزا کے جہاز میں سوار ہو کر امریکہ پہنچ گیا

روس کا ایک شہری بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے بزریعہ طیارہ امریکہ جا پہنچا جس پر امریکی تحقیقاتی ایجنسی ”ایف بی آئی“ کے افسران حیران رہ گئے۔

امریکی خبر رساں ادارے ”اے بی سی“ نیوز کے مطابق ایک روسی شہری مبینہ طور پر ڈنمارک سے لاس اینجلس جانے والے طیارے میں چپکے سے سوار ہوگیا۔

سرگئی ولادیمیروچ اوچیگاوا نامی اس شخص نے مبینہ طور پر 4 نومبر کو کوپن ہیگن سے لاس اینجلس کے لیے بنا کسی سفری دستاویز کے سفر کیا۔

امریکہ پہنچنے پر جب حکام نے دستاویزات طلب کیے تو اوچیگاوا امریکہ میں داخل ہونے کے لیے پاسپورٹ یا ویزا پیش کرنے سے قاصر رہا۔

جب حکام کی طرف سے پوچھ گچھ کی گئی تو اوچیگاوا نے ’امریکہ میں اپنے سفر کے بارے میں غلط اور گمراہ کن معلومات دیں اور یہ بھی کہا کہ وہ اپنا امریکی پاسپورٹ ہوائی جہاز میں بھول گیا ہے۔

اوچیگاوا کے خلاف درج کی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ پرواز کے دوران اسے نشستیں بدلتے ہوئے، ہر کھانے کی خدمت کے دوران دو وقت کا کھانا کھاتے ہوئے دیکھا گیا، اور ایک موقع پر اس نے چاکلیٹ کھانے کی کوشش کی جو کیبن کریو کے ارکان کی تھی۔

شکایت میں مزید کہا گیا کہ روسی شہریوں کے پاس امریکہ میں داخلے کے لیے ایک درست ویزا اور پاسپورٹ ہونا ضروری ہے، جب حکام نے اس کے بیگ کی تلاشی لی تو اوچیگاوا کے پاس مبینہ طور پر پاسپورٹ کے کچھ حصے اور اسرائیلی شناختی کارڈ موجود تھا لیکن مطلوبہ دستاویزات مکمل نہیں تھیں۔

شکایت کے مطابق، جب افسران نے مبینہ طور پر اس کا نام ریکارڈ میں تلاش کرنے کی کوشش کی تو کچھ سامنے نہیں آیا۔

ایف بی آئی کے ساتھ انٹرویو میں اوچیگاوا نے مبینہ طور پر کہا کہ اس نے ایک روسی یونیورسٹی سے معاشیات اور مارکیٹنگ میں پی ایچ ڈی کی ہے۔

شکایت کے مطابق ’اوچیگاوا نے دعویٰ کیا کہ وہ تین دن سے سویا نہیں اور سمجھ نہیں پا رہا کہ کیا ہو رہا ہے‘ اور کہا کہ ’شاید اس کے پاس امریکہ آنے کے لیے ہوائی جہاز کا ٹکٹ تھا‘۔

شکایت میں مزید کہا گیا کہ روسی شہری نے کہا اسے یاد نہیں کہ وہ جہاز پر کیسے چڑھا اور وہ یہ نہیں بتائے گا کہ وہ کوپن ہیگن کیسے اور کب پہنچا یا وہ وہاں کیا کر رہا تھا۔ اس نے مبینہ طور پر کہا کہ اسے یاد نہیں ہے کہ وہ جہاز میں کیسے سوار ہوا۔

عمران خان توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتار

 راولپنڈی: احتساب عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا، نیب ٹیم کل عمران خان کا ریمانڈ حاصل کرے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ہوئی جو کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج نے عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سنادیا گیا۔ جج محمد بشیر نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت خارج کرتے ہوئے انہیں گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ بادی النظر میں توشہ خانہ تحائف وصولی میں بے قاعدگیاں ہوئیں۔

حکم کے بعد نیب نے سابق وزیر اعظم کی توشہ خانہ کیس میں بھی گرفتاری ظاہر کردی ہے۔ نیب کے پراسیکیوٹر سردار مظفر نے کہا ہے کہ کل ہم سابق وزیر اعظم کا توشہ خانہ کیس میں جسمانی ریمانڈ حاصل کریں گے۔

عمران خان کے وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ نے کہا ہے کہ رات 8 بجے عبوری ضمانت خارج کرنا عجب تماشہ ہے تاہم  ریمانڈ کے باوجود عمران خان اڈیالہ جیل میں ہی رہیں گے تاہم نیب ان سے تفتیش یہیں کرسکے گی۔

دریں اثنا القادر یونیورسٹی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیراعظم کی درخواست ضمانت سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی گئی۔

پی ایس ایل کی تمام ٹیموں نے ڈرافٹنگ میں اپنے اپنے کھلاڑی چن لیئے ، ناموں کا اعلان ہو گیا

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کیلئے ہونے والی ڈرافٹنگ میں تمام ٹیموں نے اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیاہے ، کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے سب سے پہلے باری ملتان سلطانز کو دی گئی تھی ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں  فخرزمان اور راسی وان ڈیر کو منتخب کر لیاہے جبکہ پلاٹینم کیٹیگری میں شاہین شاہ آفریدی کو ریٹن کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا ۔ڈرافٹنگ کے دوران لاہور قلندرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں صاحبزادہ فرحان کا انتخاب کیا ہے ۔

لاہور قلندرز نے جن کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں  ڈائمنڈ کیٹگری میں حارث روف ، ڈیوڈ ویزے، گولڈ میں سکندر رضا، عبداللہ شفیق ، زمان خان ، سلور کیٹگری میں مرزا طاہر بیگ اور راشد خان شامل ہیں۔

سلور کیٹیگر میں لاہور قلندرز نے محمد عمران جونیئر، احسان بھٹی، ڈین لارنس کو ٹیم میں شامل کیا ۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے جہانداد خان، سید فریدون محمود کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے ۔

پشاور زلمی :

پشاور زلمی نے ڈرافٹنگ کے دوران پلاٹینم کیٹیگری میں افغانستان کے نور احمد کا انتخاب کر لیا ہے جس کے بعد پلاٹینم کے تین کھلاڑی مکمل ہو گئے ہیں ، پشاور زلمی نے بابراعظم اور روومان پول کو ریٹن کیا تھا ۔ڈرافٹنگ کے دوران فرنچائز کی جانب سے ڈائمنڈ کیٹیگری میں آصف علی اور گولڈ میں نوین الحق کا انتخاب کیا گیاہے ۔

پشاور زلمی کی جانب سے پلاٹینم میں دیگر جن کھلاڑیوں کو ریٹین کیا گیا تھا ان میں ڈائمنڈ میں صائم ایوب، ٹام کوہلر ، گولڈ میں محمد حارث، عامر جمال، سلور میں خرم شہزاد، ایمرجنگ میں حسیب اللہ خان کوریٹین کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ۔

سلور کیٹیگری میں پشاور زلمی نے عارف یعقوب ، عمیر آفریدی، ڈان موسلے کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے ۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں پشاور زلمی نے محمد ذیشان کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز:

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈرافٹنگ کے دورا شرفین اور محمد عامر کو حاصل کر لیا ہے جس کے بعد پلاٹینم کیٹیگری میں انتخاب کا عمل مکمل ہو گیا ہے ، ٹیم کی جانب سے جنوبی افریقہ کے ریلی روسوو کو ریٹین کیا گیا تھا ۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ میں محمد وسیم جونیئر ، جیسن روئے ، ہرسانگا، گولڈ کیٹگری سے محمد حسین، ابرااحمد، سرفراز احمد، اور سلور کیٹگری میں ول سمید کو ریٹین کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔

سلور کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سعود شکیل، سجاد علی جونیئر ، عثمان قادرکو منتخب کیا ہے ۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے عادل ناز، خواجہ نافع کو منتخب کیا ۔

ملتان سلطانز :

ملتان سلطانز نے پلاٹینم کیٹیگر ی میں انگلینڈ کے ڈیوڈ یلی کا انتخاب کیا ہے اور جس کے بعد ان کے پلاٹینم کیٹیگری میں تین کھلاڑی مکمل ہو گئے ہیں جبکہ محمد رضوان اور افتخار احمد کو ریٹین کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ ٹیم نے ڈائمنڈ کیٹگری میں ڈیوڈ ملان کو منتخب کیا ہے اور اس طرح گولڈ کیٹیگری میں ریز ہنڈرکس اور ریس ٹوپلے کا نتخاب کیا ہے ۔

ملتان سلطانز کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو رٹین کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا  ان میں پلاٹینم کیٹگری میں محمد رضوان ، افتخار احمد ، ڈائمنڈ میں خوشدل شاہ ، اسامہ میر ، گولڈ کیٹگری میں عباس آفریدی، سلور کیٹگر ی میں احسان اللہ اور ایمرجنگ میں فیصل اکرم شامل ہیں ۔

سلور کیٹیگری میں ملتان سلطانز نے طیب طاہر، شاہنواز دھانی ، محمد علی  اور عثمان خان کو پک کیا ۔

ایمرجنگ کیٹیگر ی میں ملتان سلطانز نے یاسر خان کا انتخاب کیا ہے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ:

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈرافٹنگ کے دوران جس کھلاڑی کا نتخاب کیا ہے وہ انگلینڈ کے جورڈن کوکس ہیں جس کے بعد ٹیم کے تین کھلاڑیوں کاانتخاب مکمل ہو گیا ہے کیونکہ شادب خان اور نسیم شاہ کو ریٹین کیا گیا تھا ۔

گولڈ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے انگلینڈ کے ٹیمل ملز کا نتخاب کیا گیا ہے اور اس کیٹیگری میں بھی انتخاب مکمل ہو گیاہے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے جن کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے کا فیصلہ کیا تھا ان میں پلاٹینم کیٹگری میں شاداب خان ، نسیم شاہ، ڈائمنڈ کیٹگری میں اعظم خان ، عماد وسیم ، گولڈ کیٹگری میں فہیم اشرف، الیکس  ہیلز، کولن منرو، سلور کیٹگری میں رومان رئیس شامل ہیں ۔

سلور کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے میتھیو فورڈ ، سلمان علی آغا،  قاسم اکرم، شہاب خان کے انتخاب کو فائنل کر لیا ۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے حنین شاہ ، عبید شاہ  کو ٹیم میں شامل کر لیاہے ۔

کراچی کنگز :

کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں ڈرافٹنگ کے دوران ویسٹ انڈیز کے کیرن پولارڈ ، نیوزی لینڈ کے ڈینیئل سیمزاور پاکستان کے محمد نواز کا نتخاب کیا ہے ، یاد رہے کہ کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں کسی بھی کھلاڑی کو ریٹین نہیں کیا تھا ۔

ٹیم کی جانب سے گولڈ کیٹیگری میں نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ کا انتخاب کیا گیاہے جس کے بعد فرنچائز کے تین ڈائمنڈ کھلاڑی بھی مکمل ہو گئے ہیں ۔

کراچی کنگز کی جانب سے جن کھلاڑیوں کو ریٹین کیا گیا تھا ان میں ڈائمنڈ جیمز ونس، حسن علی، گولڈ میں شان مسعود، شعیب ملک ، تبریز شمسی ، سلور میں میر حمزہ ، محمد اخلاق اور ایمرجنگ کیٹگری میں محمد عرفان خان  شامل ہیں۔

سلور کیٹیگری میں کراچی کنگز نے محمد عامر خان ،انور علی ، عرفات منہاس کو منتخب کیا ۔

ایمرجنگ کیٹیگری میں کراچی کنگز کے سراج الدین کو اپنے ساتھ لے جانے کا فیصلہ کیا ۔

پی ایس ایل 9: سرفراز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور شان مسعود کراچی کنگز کے کپتان مقرر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 9 ویں سیزن میں بھی سرفراز احمد کو کپتان برقرار رکھا ہے جبکہ کراچی کنگز نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز کو اپنی ٹیم کا کپتان برقرار رکھے جانے کا اعلان ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کیا۔

 

 

واضح رہے کہ سرفراز احمد پی ایس ایل کے پہلے سیزن سے ہی ٹیم کے کپتان ہیں، سرفراز کی قیادت میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں پہلی مرتبہ ٹائٹل جیتا تھا جبکہ ان ہی کی کپتانی میں کوئٹہ کی ٹیم ابتدائی 2 سیزن کی فائنلسٹ بھی رہی۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے نویں سیزن کے لیے کراچی کنگز نے شان مسعود کو ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔

کراچی کنگز کی ٹیم نے شان کو اس سال ملتان سے ٹریڈ پر حاصل کیا تھا۔ اس حوالے سے کراچی کنگز نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر ٹوئٹ کی اور بتایا کہ آئندہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سیزن کے لیے ٹیم کی قیادت شان مسعود کریں گے۔

 

 

اپنے ٹوئٹ میں کراچی کنگز نے لکھا ’کنگز اسکواڈ کا شان دار کپتان‘۔

یاد رہے کہ پچھلے ایڈیشن میں کراچی کی قیادت کرنے والےعماد وسیم اب اسلام آباد کا حصہ ہیں۔

پارلیمنٹ سے پوچھے بغیر دہشت گردوں کو جیل سے نکالا گیا، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک مشکل میں ہے، دہشت گردی ایک بار پھر سر اٹھارہی ہے، ہمیں سیاسی اختلافات کو بھلا کر ایک ہوکر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیئے، پتہ نہیں کیوں دہشت گرد تنظیموں سے بات چیت ہوئی، پارلیمنٹ سے پوچھے بغیر دہشت گردوں کو جیل سے نکالا گیا۔

پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، خیبر پختونخوا کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں کی قربانیاں سب سے زیادہ ہیں، ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کیا تھا اور دنیا تسلیم کررہی تھی کہ پاکستان نے دہشت گردی کے پر قابو پالیا ہے لیکن پھر پارلیمنٹ سے پوچھے بغیر سنگین دہشت گردی میں ملوث افراد کو جیل سے نکالا گیا، جب افغانستان میں حکومت تبدیل ہوئی تو پھر ان لوگوں کو بغیر کسی رکاوٹ کے یہاں آنے دیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کل کا واقعہ اس کی ایک مثال ہے، اس ایک فیصلے نے پاکستان کو 10 سال پیچھے دھکیل دیا ہے، اس ایک فیصلے کی وجہ سے پولیس،فوج اور عوام متاثر ہورہے ہیں۔۔ اے پی ایس کے شہدا کو بتانا چاہیئے کہ ان کے خون کا سودا کس نے کیا اور کیسے کیا؟ گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ہونےو الی سماعت سے متعلق بات کرتے ہوئے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کل ذوالفقار علی بھٹو کے ریفرنس کے لیے سپریم کورٹ گیا، چیف جسٹس فائز عیسیٰ کا شکریہ کہ انہوں نے اس کیس پر ہمیں موقع دیا، ہم چاہتے ہیں کہ تاریخ کو درست کیا جائے، جو لوگ اس جرم میں ملوث ہوں ان سب کو بے نقاب ہونا چاہیئے، یہ ایک موقع ہے کہ ہم پاکستان کو اس بحران سے نکال سکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس کی کسی جج نے مثال نہیں دی، ایک آمر نے اپنی مرضی کا فیصلہ کیا، ایک آمر نے اس وزیراعظم کے خلاف فیصلہ دیا، جس نے آئین پاکستان دیا،ایٹم بم بنایا، جب فلسطین کے خلاف اس وقت ظلم ہورہا تھا تو ذوالفقار علی بھٹو نے عرب ممالک کو سمجھایا کہ تیل آپ کی طاقت ہے، اس وقت امریکا پاکستان کے وزیراعظم کو کہتا ہے کہ ہم آپ کو مثال بنائیں گے۔

بلاول بھٹو کا یہ بھی کہنا تھا کہ ضیاء الحق سے خانہ کعبہ میں یاسر عرفات اور شاہ فیصل نے حلف لیا کہ ذوالفقار علی بھٹو کو ماریں گے نہیں لیکن اس شخص نے ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کیا، پی ٹی آئی والے بھٹو کے نعرے لگانے پر ہنستے تھے، ہم چاہتے ہیں کہ اس دروازے کو ہمیشہ کے لیے بند کیا جائے کہ کسی جج کو استعمال کرکے کسی کےخلاف فیصلہ لیا جائے، ریفرنس میں ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلانے کے لیے کوشش کرتے رہیں گے۔

سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میرے وکلا سے کچھ سوال ہیں، کیا عدالت کسی کا قتل کرسکتی ہے؟۔قتل تو قتل ہے اور اس کا انصاف مانگنا ہر کسی کا آئینی اور قانونی حق ہے، جب جج کہتا ہے کہ میں نے ڈیم بنانا ہے تو اس وقت سوال اٹھانے والا کون تھا؟ کیا کسی چیف جسٹس کا یہ حق ہے کہ وہ جس شہر سے ہوں اور کہیں کہ میں اس شہر کو دوبارہ کھڑا کروں گا؟ جب کراچی میں غریبوں کے گھر اجاڑے جارہے تھے تو اس وقت قانونی سوال کیا تھا۔ ۔جب چیف جسٹس ٹماٹر کی قیمت مقرر کریں گے تو اس وقت قانونی سوال کیا تھا۔

پیپلزپارٹی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے جدوجہد کی، بلاول بھٹو

دوسری جانب پشاور میں خواتین ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے ورکرز کنونشن کا سلسلہ جاری ہے، پیپلزپارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کرے گی، خواتین اسی طرح کام کرتی رہی تو جیت پیپلزپارٹی کی ہوگی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پارٹی کی خواتین نے پارٹی اور ملک کی ترقی میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے، پارٹی کی خواتین نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے، ڈکٹیٹروں اور ظالم حکومتوں کا مقابلہ کیا ہے، اسی وجہ سے شہید ینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں، پیپلزپارٹی نے خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے جدوجہد کی، خواتین کا ملکی سیاست میں اہم کردار ہے، پیپلزپارٹی تمام طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے، پیپلزپارٹی ہر شعبے میں خواتین کو نمائندگی دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم خواتین کو بلاسود قرض فراہم کریں گے، پاکستان بھر میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق پر گھر دیں گے، لیڈی ہیلتھ ورکرز کے حقوق کا تحفظ کریں گے، جب وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے صدارتی ریفرنس کی سماعت میں شریک ہونے کے لئے سپریم کورٹ گئے تو انہوں نے ایک خاتون جج کو جج کی کرسی پر بیٹھے ہوئے دیکھا اور یہ بھی پیپلزپارٹی کی خواتین کی جدوجہد کا نتیجہ تھا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ہمارا نظریہ یہ ہے کہ خواتین کو معیشت، سیاست اور ہر شعبہ ہائے زندگی میں برابر کے مواقع ملیں، خواتین اس ملک کی آبادی کا نصف حصہ ہیں اور جب تک یہ ملک کی معیشت میں حصہ نہیں لیتی یہ معاشرہ اور ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔

پیپلزپارٹی کو وفاق میں حکومت ملی تو سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے، بلاول بھٹو

بعدازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے لکھا کہ الیکشن کی تاریخ پتھر پر لکیر ہے، ہمیں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی بات پر اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 20 حلقوں کے انتخابات کو نہیں سنبھالا جاسکا تو پورے ملک میں کیسے دھاندلی کو مینیج کیا جائے گا، خیبرپختونخوا میں پیپلز پارٹی اپنی جگہ واپس چھینے گی، افغانستان کا مسئلہ انتہائی گھمبیر ہے۔

بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جسے وفاق میں حکومت ملی تو سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو مشکل سے نکالنا ہوگا، کمزورحکومت ہوئی تو وہ ملک کو درپیش مسائل سے نہیں نکال سکے گی۔

بلاول بھٹو سے خیبرپختونخوا کے تاجر رہنماؤں کی ملاقات

ادھر پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے خیبرپختونخوا کے تاجر رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، جس میں تاجر برادری کو پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ منصوبوں کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا گیا۔

پشاور میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، پشاور چیمبر آف ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹریز، تنظیم تاجران، باجوڑ چیمبر، آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹر ایسوسی ایشن، پیپلزٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدور اور عہدیداروں کی ملاقاتیں ہوئیں۔

اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے پیپلز پارٹی چئیرمین کو خیبرپختونخوا کے کاروباری طبقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔

جس پر بلاول بھٹوں زرداری نے کاروباری طبقے کے مسائل حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔

دہشت گرد ہاری اور ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں، نگراں وزیراعظم

نگراں وزیراعظم پاکستان انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ دہشت گرد ہمیں کبھی خوفزدہ نہیں کرسکتے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، دہشت گرد ہاری ہوئی اور ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہے اور ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دے گی۔

نگراں وزیر اعظم انورالحق کاکڑ نے آج ڈیرہ اسماعیل خان میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال کا دورہ کیا اور گزشتہ روز بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔

نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی اور نگراں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حیسن شاہ بھی نگراں وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔

زخمی سیکیورٹی اہلکاروں اور پاک فوج کے جوانوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ایسی قوم کی جیت یقینی ہے جس کے ایسے بہادر افسران و فوجی جوان ہوں جو اپنی وطن کی حفاظت کیلئے اپنے لہو کا نظرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کی عفریت کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور اللہ رب العزت کی مدد اور عوام کی طاقت سے اس کو ہر شکل و روپ میں شکستِ فاش دے گی۔

انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ایک بہادر و مضبوط قوم ہے اور ہماری افواج دشمنوں کے ناپاک عزام کو ناکام بنا کر انہیں منہ توڑ جواب دے گی۔

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے جوانوں کے جذبے جوان ہیں، جن کے حوصلے کے لیے میں گیا انہوں نے مجھے حوصلہ دیا، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ جیت چکا ہے، حملہ آوروں کو بتا دینا چاہتا ہوں وہ یہ جنگ ہار چکے ہیں، اب صرف اعلان باقی ہے۔

انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف یہ جنگ ریاست پاکستان نے جیتی، اب یہ ایک حملہ کریں گے تو ہم 10 قدم آگے بڑھیں گے، یہ لوگ کس سے لڑ رہے ہیں، کیا ہمیں یہ موت سے ڈرانا چاہتے ہیں، یاد رکھیں ہم جیتی ہوئی جنگ لڑ رہے ہیں، اس جیتی ہوئی جنگ میں جنہوں نے قربانیاں دیں وہ جنت میں راحت میں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ علمائے حق ریاست اور امن کے ساتھ ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے کئی ہزار نوجوان شہید ہو چکے اور کئی ہزار تیار ہیں۔

نگراں وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں شہید ہونے والوں کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

واضح رہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب ڈی آئی خان میں مشتبہ سرگرمیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 27 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، تاہم درابن کے علاقے میں سیکیورٹی پوسٹ پر خود کش حملے میں 23 اہلکار بھی شہید ہوگئے تھے۔

نگراں وزیراعظم کل آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کل صبح ساڑھے 10 بجے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرلیا۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

ایجنڈے کے مطابق نگراں وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔