عمران خان کی جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ کا فُل بینچ تشکیل

لاہور ہائی کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر تین رکنی فل بینچ تشکیل دے دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں عمران خان کی درخواست پر تین رکنی فُل بنچ تشکیل دیا۔

فل بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس شہرام سرور اور جسٹس اسجد جاوید گھرال بھی شامل ہیں جب کہ لاہور ہائی کورٹ کا فُل بینچ 18 دسمبر کو درخواست پر سماعت کرے گا۔

قبل ازیں سنگل بینچ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی چیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر فل بینچ بنانے کی سفارش کی تھی۔

سابق پاکستانی وزیراعظم کی 1956 میں چینی دعوت کا مینیو 8 کروڑ میں نیلام

چین کے سابق صدرماؤزے تنگ کی جانب سے سابق پاکستانی وزیراعظم کے لیے دستخط شدہ ریاستی دعوت کا سرکاری مینو 2 لاکھ 75 ہزار ڈالر میں نیلام کر دیا گیا۔

بوسٹن میں واقع آر آر آکشن کے مطابق یہ مینو 19 اکتوبر 1956 کو بیجنگ میں منعقد ہونے والی دعوت کے لیے تھا۔

پاکستانی کرنسی میں نیلام کیے جانے والے اس مینیو کی قیمت تقریباً پونے آٹھ کروڑ روپے ہے۔

یہ دعوت پاکستان کے وزیر اعظم حسین شہید سہروردی کے چین کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پرکی گئی تھی۔

مینو پرفاؤنٹین پین سے ماؤ اوراُس وقت کے وزیراعظم چواین لائی سمیت6 بااثر چینی سیاستدانوں نے دستخط کیے تھے۔

 

 

 

 

دعوت میں دونوں ممالک کے کھانے پیش کیے گئے تھے جن مین ’کونسمی آف سوول نیسٹ اینڈ وائٹ ایگریک‘، ’براؤن سوس میں شارک کا فِن‘ اور ’روسٹ پیکنگ ڈک‘ جیسے پکوان شامل تھے۔

نیلام کی جانے والی دیگر اشیاء میں دوسری جنگِ عظیم کے دور میں مکمل طور پر فعال اینگما کوڈنگ مشین 206,253 ڈالر، تھامس ایڈیسن کی جانب سے لائٹ بلب پیٹنٹ کے لیے 22,154 ڈالر اور اسٹیو جابز کی جانب سے ریڈیو شیک پر دستخط شدہ چیک بھی 46,063 ڈالر میں فروخت کیا گیا۔

 

 

افغانستان سے پاکستان آنے والی گاڑی سے جدید امریکی ہتھیار برآمد افغان ڈرائیور گرفتار

پاکستانی حکام نے افغانستان سے آنے والی گاڑی سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کرکے افغان ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے، جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔

پاک افغان طورخم بارڈر پر کسٹم انفورسمنٹ حکام اور اور سیکیورٹی فورسز نے جدید امریکی اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور افغانستان سے پاکستان آنے والی گاڑی سے دوران چیکنگ ، پیاز سے بھری بوریوں سے جدید امریکی ہتھیار برآمد کر لیے ہیں۔

حکام کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحہ میں ایم فور، کلاشنکوف، میگزین، مختلف نوعیت کی ہزاروں گولیاں، امریکی رائفل گرنیڈ، نائٹ ویژن سائیٹس اور لیزر بیم بھی شامل ہے۔ جب کہ کارروائی کے دوران افغان ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا، جس سے دوران تفتیش اہم انکشافات متوقع ہیں۔

بھاری مقدار میں اسلحہ اسمگل کرنے کی کوشش افغان حکومت کا سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کے دعوؤں پرسوالیہ نشان ہے، بارہا دہشتگردی کے واقعات میں افغان نژاد دہشتگردوں اور غیر ملکی اسلحہ کے استعمال کے ثبوت منظرِ عام پر آچکے ہیں۔

پاکستان افغانستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ٹی ٹی پی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے اور غیرقانونی ہتھیاروں کی اسمگلنگ کو روکے۔

پاک آسٹریلیا پرتھ ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان، دو کھلاڑی ڈیبیو کرینگے

پرتھ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے والے پہلے 5 روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔

پہلے ٹیسٹ میچ میں فاسٹ بولر عامر جمال اور خرم شہزاد کا ٹیسٹ ڈیبیو ہوگا جب کہ شان مسعود بھی پہلی بار ٹیم کی قیادت کریں گے۔

کینگروز کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی پلیئنگ الیون میں امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم، وکٹ کیپر سرفراز احمد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سعود شکیل، سلمان علی آغا، فہیم اشرف اور شاہین آفریدی بھی قومی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ پر مشتمل بینو قادر ٹرافی کا پہلا میچ 16 دسمبر سے پرتھ کے واکا اسٹیڈیم میں شروع ہو گا۔

غیر شرعی نکاح: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بادی النظر میں جرم کا ارتکاب کیا، عدالتی حکمنامہ

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی، بشریٰ بی بی نے غیر شرعی نکاح کرکے بادی النظر میں جرم کا ارتکاب کیا، خاورمانیکا کی درخواست پر سماعت کا باقاعدہ آغاز 14 دسمبرکو کیا جائے گا، ملزمہ بشریٰ بی بی عدالت میں پیش ہوں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

سینئرسول جج قدرت اللہ نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا نے عدالت میں درخواست دائر کی، اور الزام لگایا کہ پیری مریدی کے چکر میں رابطہ استوار کیا گیا، اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے۔

حکم نامے میں ہے کہ خاورمانیکا کے مطابق اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کو نومبر 2017 میں طلاق دی، لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ نے عدت گزرنے سے پہلے ہی نکاح کرلیا، جب کہ گواہان مفتی سعید، عون چوہدری اورمحمد لطیف کے بیانات الزامات کو سپورٹ کرتے ہیں۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے بادی النظر میں جرم کا ارتکاب کیا ہے، عدالت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ ٹرائل کے آغاز کیلئے مناسب گراؤنڈز موجود ہیں، لہذاٰ خاورمانیکا کی کمپلینٹ سماعت کیلئے منظورکی جاتی ہے۔

اقوام متحدہ کا ہنگامی اجلاس، غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس میں غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی ہے۔

قرار داد کے حق میں 153 ممالک نے ووٹ دیا، امریکا اور اسرائیل سمیت 10 ممالک نے مخالفت کی جبکہ 23 ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

امریکی مندوب لنڈا تھامس نے قرارداد میں حماس کی مذمت شامل کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا یکطرفہ قرار داد کی حمایت نہیں کرسکتے۔

پاکستانی مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا پاکستان غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرارداد کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے کچھ دوستوں نے قرار داد میں یکطرفہ ترمیم کی تجویز دی ہے، الزام صرف حماس کو دینا اور اسرائیل کو بری الذمہ قرار دینا قابل مذمت ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ جنگ کا اصل ذمہ دار اسرائیل ہے، اسرائیل نے غزہ پر پچیس ہزار ٹن بارودی مواد گرایا ہے۔

مزید کہا کہ غزہ پر گرایا بارودی مواد ہیروشیما اور ناگا ساکی پر گرائے گئے جوہری بم کے برابر ہے۔ اسرائیل کا مقصد فلسطینیوں کی نسل کشی کرنا ہے۔

غزہ پر اسرائیلی کی بمباری جاری ہے، اسرائیل فوج نے شمالی غزہ کے علاقے بیت حنون میں اقوام متحدہ کے ایک اور اسکول کو دھماکے سے اڑا دیا، اسکول میں پناہ گزین مقیم تھے۔

رفح، جبالیہ اور خان یونس پر بھی بمباری جاری ہے، خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہادتیں ہوئیں اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیل کے ڈرون حملے میں 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔

سات اکتوبر سے اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 18 ہزار 412 ہوگئی، اسرائیلی فورسز نے مغربی کنارے کے علاقوں میں چھاپے مار کر پندرہ فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ مغربی کنارے سے اب تک 3 ہزار810 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پی ایس ایل9؛ ڈرافٹ کی تقریب آج لاہور میں سجے گی

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کیلیے ڈرافٹ کی تقریب آج لاہور میں سجائی جائے گی۔

آج ڈرافٹ کی تقریب میں فرنچائزز اسکواڈز مکمل کریں گی، لاہور قلندرز نے پلاٹینم پلیئر فخرزمان، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل محمد نواز کو ریلیز کردیا تھا، کراچی کنگز نے محمد عامر، حیدر علی، شرجیل خان اور قاسم اکرم کی خدمات دوبارہ حاصل نہیں کیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے آصف علی اور ملتان سلطانز نے شاہنواز دھانی کو ریلیز کردیا تھا،ان کے ساتھ دیگر ملکی کرکٹرز بھی ڈرافٹ میں فرنچائزز کی توجہ پانے کے منتظر ہوں گے، مجموعی طور پر 22 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 485 غیر ملکی کرکٹرز نے بھی رجسٹریشن کرائی ہے،ان میں 46 پلاٹینم، 76 ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل ہیں۔

نمایاں پلاٹینم پلیئرز میں ایشٹن اگار، ڈینیل سامس، مجیب الرحمان، نور احمد، رحمان اللہ گرباز، فضل الحق فاروقی، بین ڈکٹ، کرس جارڈن، ڈیوڈ ویلی، ڈیوڈ مالان، لیوک ووڈ، ریس ٹوپلے، ٹام کرن، ٹائمل ملز، سندیپ لامی چینے، جمی نیشم، راسی وین ڈر ڈوسین، عمران طاہر، مہیش تھیکشانا، بھانوکا راجا پکسا، ڈاسن شناکا،اینجیلو میتھیوز، ایون لوئس، کیرون پولارڈ، آندرے فلیچر،کارلوس بریتھ ویٹ، رومین پاول، روماریو شیفرڈ،برینڈن کنگ اور کائل میئرز کے نام موجود ہیں۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں ایڈم لیتھ، عظمت اللہ عمرزئی، چاڈ بویس، چیڈوک والٹن، کرس گرین، ڈین لارنس، چمیکا کرونارتنے، چارتھ اسالنکا، دلشان مدوشنکا، دشمانتھا چمیرا، سدیرا سمارا وکرما، جارڈن کاکس، فابین ایلن، لیام ڈاسن، لٹن داس، میکس اوڈوڈ، مہدی حسن میراز،محموداللہ، اولی پاپ، اوشین تھامس، روسٹن چیس، شائی ہوپ، شمارا بروکس، تمیم اقبال، وائن پارنیل اور ظاہر خان شامل ہیں۔

پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز؛ ٹرافی کی رونمائی کردی گئی

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کیلئے بینو قادر ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔

قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود اور آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹرافی کے ہمراہ پرتھ اسٹیڈیم میں تصاویر بنوائیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر (کل) سے پرتھ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا، جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ کیلئے الگ اسٹینڈ بھی بنایا گیا ہے

آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان بھی کردیا ہے۔

کینگروز کے اسکواڈ میں کپتان پیٹ کمنز، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور جوش ہیزل ووڈ شامل ہیں۔

نجکاری بورڈ نے مینر اینڈ پروسیجررولز 2023 کے مسودے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: نجکاری کمیشن بورڈ نے مینر اینڈ پروسیجر رولز 2023 کے مسودے کی منظوری دے دی۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے پرائیویٹائزیشن کمیشن گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ایگریمنٹ موڈ مینر اینڈ پروسیجر رولز 2023 کے مسودے کی منظوری دے دی۔

نگران وفاقی وزیر نجکاری فواد حسن فواد کی زیر صدارت اجلاس نے جولائی 2013ء تا جون 2022ء کا آڈٹ مکمل کرنے کیلیے آڈٹ فرم کے کنٹریکٹ میں بغیر اضافی فیس کے 6 ماہ کی توسیع کی منظوری بھی دی۔

بورڈ نے او جی ڈی سی ایل کے 10فیصد حصص کی پٹرولیم ڈویژن کے نام پر منتقلی کے فیصلے کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو بھیج دیا۔

2023 پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی ناموں کو ساتھ لے گیا

 لاہور:  سال 2023 پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی ناموں کو اپنے ساتھ لے گیا۔

سال 2023 پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے بہت مشکل رہا کیونکہ اس سال بہت سے تجربہ کار پاکستانی اداکار انتقال کر گئے۔

قوی خان، شکیل، ماجد جہانگیر، شعیب ہاشمی امجد اسلام امجد اور ضیا محی الدین، شکیل احمد، یعقوب عاطف جیسے تمام ممتاز اداکار اور ادب نگار انتقال کر گئے۔ یہ تمام شخصیات اداکاری کی اکیڈمی سمجھے جاتے تھے۔

امجد اسلام امجد، شعیب ہاشمی ،قوی خان اور ضیاء محی الدین اپنی ذات میں خود ایک ادارہ تھے جن کی دنیائے اداکاری اور ادب میں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

پاکستان کے مقبول اداکار اور کامیڈین ماجد جہانگیرنے 10 جنوری 2023 کو انتقال کیا۔10 فروری کو امجد اسلام امجد 78 سال کی عمر میں فوت ہوئے،،13 فروری کو ضیاء محی الدین اس دار فانی سے رخصت ہوئے۔

کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن اداکار قوی خان نے اسی سال کی عمر میں 6 مارچ کو کینیڈا میں انتقال کیا۔6 مئی 2023 کو پاکستانی اداکار، میزبان، مصنف اور استاد شعیب ہاشمی بھی منوں مٹی تلے دفن ہوئے۔

پانی دا بلبلا سے شہرت پانے والے یعقوب عاطف 12 مئی کو فوت ہوئے۔سینئیر اداکار شکیل احمد طویل علالت کے بعد 29 جون کو فوت ہوئے۔ نامور فلم ڈائریکٹر حسن عسکری بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہو کر 30 اکتوبر کو فوت ہوئے۔