2023ء میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ کیا سرچ کیا؟ گوگل نے بتادیا

پاکستانیوں نے 2023ء میں جن موضوعات پر سب سے زیادہ سرچ کیا، اس حوالے سے گوگل کے دیے گئے اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ رواں برس پاکستانیوں کی دلچسپی کس موضوع میں زیادہ رہی۔

ایک طرف تو نئے سال 2024ء کی آمد ہے، وہیں  اگر اختتام پذیر ہوتے سال 2023ء پر نظر دوڑائی جائے تو اس دوران گوگل پر ٹاپ ٹرینڈ سرچز سے پاکستانی صارفین کی مختلف دلچسپیوں اور بدلتے ہوئے ذوق کا اظہار ہوتا ہے، جن میں تفریح اور کرکٹ کے شوق سے لے کر خبروں کی زینت بننے والی کہانیاں اور واقعات شامل ہیں۔

شخصیات میں پاکستانیوں نے کسے زیادہ سرچ کیا؟

عوام کی مختلف دلچسپیوں کے مجموعے کی عکاسی کرتی ہوئی 2023ء کے لیے پاکستان میں ”شخصیات“ کے لیے ٹاپ 10 ٹرینڈنگ سرچز  میں مختلف نام نظر آئے، جن میں حریم شاہ اور علیزہ سحر اس سال سرچ کی جانے والی شخصیات میں سرفہرست ہیں۔ تیسرے نمبر پر بالی ووڈ اداکار ٹائیگر شروف ہیں جنہیں اس سال ان کی خیریت کے حوالے سے افواہوں کے باعث سرچ کیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ فاطمہ طاہر اور عمران ریاض خان سے متعلق خبریں اور ہردم مقبولیت برقرار رکھنے والے اکشے کمار، کاجول اور محمد عامر سے متعلق خبریں بھی اس سا ل کی ٹرینڈنگ سرچز میں شامل تھیں۔

کرکٹ کے شائقین کو کس کی تلاش رہی؟

کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے پاکستانی شائقین  عبداللہ شفیق اور سعود شکیل جیسے ہونہار کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ حسیب اللہ خان  کو سرچ کرتے رہے۔ اس کے علاوہ گلین میکسویل اور شبمن گل نے بھی عالمی کپ کرکٹ میں اپنی متاثر کن کارکردگی کی بدولت فہرست میں اپنی جگہ بنائی جب کہ عثمان خان نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی شاندار اننگرز کی وجہ سے توجہ حاصل کی۔

کرکٹ کا بخار

کرکٹ کی دنیا میں پاکستان میں 2023ء میں سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے ٹاپ 3میچوں کی سرچ سے اس کھیل کے لیے قوم کے جوش و جذبے کی عکاسی ہوتی ہے۔  پاکستان بمقابلہ نیو زی لینڈ، پاکستان بمقابلہ افغانستان اور پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا انتہائی دلچسپ مقابلے تھے۔ عالمی کرکٹ کپ کے آخری مرحلے میں بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے میچ نے چوتھی پوزیش حاصل کی۔

ان کے علاوہ مزید تلاش میں پاکستان بمقابلہ نیدرلینڈز، پاکستان بمقابلہ بھارت، آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ، پاکستان بمقابلہ سری لنکااور پاکستان بمقابلہ انگلینڈ شامل تھے۔

نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ بھی سرچ کی فہرست میں شامل ہیں، جس سے سیاست میں پاکستانیوں کی دلچسپی کا اندازہ ہوتا ہے۔

حماس اسرائیل جنگ

حماس اور اسرائیل جنگ کی خبریں گوگل پر تلاش میں سرفہرست رہیں اور اس سال سب سے زیادہ ٹرینڈ نگ سرچ کے طور پر یہ خبر سامنے آتی رہی۔

احساس پروگرام

دوسری جانب  لوگوں نے احساس پروگرام کو بھی بہت زیادہ سرچ کیا، جو اس فہرست میں اگلی ٹرینڈنگ سرچ ہے اور  یہ حکومت کی مالی امداد کی اسکیموں میں عوام کی دلچسپی کی عکاسی کرتی ہے۔ اس سے یہ بھی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس امدادی پروگرام میں کتنے لوگوں کی دلچسپی رہی۔

پشاور دھماکا اور معاشی اتار چڑھاؤ

پشاور دھماکے کے ہولناک واقعات کی خبر نے امن اور سلامتی کے حوالے سے قوم کو اجتماعی تشویش میں مبتلا کیا، اس کے علاوہ پاکستانی عوام، روپے اور معاشی اشاریوں کو بھی سرگرمی سے تلاش کرتے رہے جو غیر ملکی زر مبادلہ کے اتار چڑھاؤ کی شرح سے خود کوباخبر رکھنا چاہتے تھے اور یہ ٹرینڈ مالی معاملات کے بارے میں ان کی آگہی کو ظاہر کرتا ہے۔

تہوار اور دیگر اہم مواقع

2023ء کے دوران پاکستانیوں نے مذہبی تہواروں، قومی دنوں، کھیلوں کے میگا ایونٹس اور سیاسی پروگرامز میں اپنی دلچسپی ظاہر کی۔  اس حوالے سے ٹاپ فائیو ٹرینڈنگ سرچز کرکٹ کے لیے جوش و خرش کو ظاہر کرتی ہیں، جن میں پاکستان سپر لیگ، ورلڈ کپ، ایشیا کپ، آئی پی ایل اور ایشز جیسے بڑے ٹورنامنٹ نمایاں رہے۔ اس کے علاوہ لنکا پریمیئر لیگ بھی نویں پوزیشن پر ہے۔

سرچ کے رجحانات میں مذہبی تعطیلات بھی نمایاں رہیں۔ مثال کے طور پر پاکستان میں لوگوں نے عید الفطر 2023ء، رمضان المبارک اور عید الاضحیٰ کی تلاش کے ساتھ خوشی کی تقریبات کے لیے بھی  گوگل سرچ کو استعمال کیا۔

 

 

سیاسی میدان میں گوگل پر پاکستان میں قومی انتخابات 2023ء کو فہرست میں 10 واں نمبر ملا ہے، جس سے جمہوری عمل میں پاکستانیوں کی دلچسپی اجاگر ہوتی ہے۔

سنیما

پاکستان میں سنیما کا منظرنامہ متنوع اور مسلسل ترقی پذیر ہے جو اس سال کی ٹاپ ٹرینڈنگ سرچز میں نظر آیا۔ نولن (Nolan) کی اوپن ہائیمر (Oppenheimer) کی عمدہ عکاسی نے ٹرینڈنگ سرچز کی فہرست میں اول مقام حاصل کیا، جس کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر فلمیں ’جوان ‘اور ’پٹھان‘ رہیں۔ اپنے مخصوص نکتہ نظر اور گرل پاور کی متاثر کن کہانی کے ساتھ عالمی رجحان باربی پاکستان میں خاص طور پر مقبول تھی، جس نے اسے ٹاپ 5 میں شامل کرایا۔

ان کے علاوہ ٹائیگر 3 (Tiger 3)، غدر2 (Gadar2)، جان وِک 4 (John Wick4) اور ایکسٹریکشن2 (Extraction2)کی کامیابی بھی گوگل سرچ سے ظاہر ہوتی ہے کیوں  کہ ناظرین 2023ء میں عالمی فلمی مارکیٹ سے مزید ایکشن اور تھرل سے  بھرپور فلموں کے لیے بھی بے چین رہے۔ اسی دوران دیسی اور ہلکے پھلکے مزاح کے خواہشمند پاکستانیوں نے اپنی توجہ کیری آن جٹا3 (Carry on Jatta  3) کی جانب مبذول کی اور ٹی وی سیریز فرضی(Farzi) نے بھی اس فہرست میں اپنی جگہ بنائی۔

پکوان کی تلاش:

2023ء میں کھانے پکانے کی ٹاپ 10 ٹرینڈنگ سرچز میں مختلف ذائقوں کی تراکیب،  تکنیکس اور روایات کی  تلاش نظر آئی۔ فہرست کے ابتدائی 3 درجات برصغیر کی مشہور سوغات سموسے، کلیجی اور تہواروں سے متعلق تمام میٹھے پکوانوں کے شہنشاہ شیر خرُما نے حاصل کیے۔ پاکستان میں گوشت کے شوقین افراد نے نمکین گوشت کو اس  فہرست میں جگہ دلانے میں مدد کی۔ علاوہ ازیں پیک شدہ ٹماٹر کیچپ کے گھریلو متبادل کی ترکیب بھی ان سرچز میں شامل تھی۔

لذیذ اور آسانی سے تیار ہونے والے اسنیکس  میں سے چکن رول کی ترکیب بھی سرچ کی جانے والی فہرست کا حصہ رہی، تاہم مشروبات میں تربوز کا جوس ایک خوش آئند اضافہ ہے جو اس سال پاکستان کے جھلستے ہوئے موسم گرما میں تلاش کیا گیا۔ تربوز ٹھنڈا ہونے کے ساتھ پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔

 

 

کلاسک اسٹیک(Steak)کی ترکیب اور مقبول عام تکہ بوٹی کی فہرست شمولیت بار بی کیو اور گوشت سے بنے پکوانوں کے شوقین پاکستانیوں کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

تخلیقی سرگرمیاں

بعض صارفین کی دلچسپی تخلیقی  سرگرمیوں اور گھریلو امور سے متعلق سرچز میں رہی۔ مثلاً پھولوں کو زیادہ تک تر وتازہ رکھنا یا ہاتھوں سے مہندی صاف کرنا وغیرہ۔

معلومات کی تلاش:

اگر کوئی معاملہ کھٹائی میں پڑجائے تو اس کے حل کی تلاش میں پاکستانی گوگل سے رجوع کرتے ہیں۔ پاکستان میں ٹاپ 10 ٹرینڈنگ’’How to‘‘ سرچز ان سوالات کی ایک جھلک پیش کرتی ہے جو لوگوں نے غیر معمولی حد تک تلاش کیے تھے۔اس سال واٹس ایپ کی جانب سے چینلز کا فیچر متعارف کروایا گیا، جس میں لوگوں نے بہت زیادہ دلچسپی لی۔

کینیڈا کا ویزا

اس سال پاکستانیوں نے کینیڈا کے ویزے کے لیےدرخواست دینے میں غیر معمولی دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور یہ بھی گوگل کی ٹرینڈنگ سرچ کی فہرست میں شامل ہوا ہے۔

تعلیم اور مصنوعی ذہانت

پاکستانی گوگل صارفین نے میٹرک کے نتائج چیک کرنے کے علاوہ دیگر امتحانی نتائج کو بڑے پیمانے پر تلاش کیا۔ اس کے علاوہ 2023ء مصنوعی ذہانت اور اس کے ارتقا کے حوالے سے بھی ایک اہم سال رہا ، جسے لوگ یقینی طور پر اپنی ویب سائٹس  اور ایپس  میں شامل کرنا چاہتے تھے۔ مثلاً اسنیپ چیٹ پر AI کے بارے میں سوالات اس سال کی ٹاپ ٹرینڈنگ سرچزمیں شامل رہے۔

گوگل سرچ کے یہ رجحانات نہ صرف ماضی کی عکاسی کررہے ہیں بلکہ ان بدلتے ہوئے ٹرینڈز کی جھلک بھی پیش کرتے ہیں جو آنے والے مہینوں میں پاکستانیوں کو نئے سال میں داخل ہونے پر نہ صرف محظوظ کریں گے بلکہ سیکھنے، ترقی کرنےاور تجسس کے ایک دور میں داخل کریں گے۔

خلائی اسٹیشن میں کھوجانے والا ’قیمتی‘ ٹماٹر 8 مہینے بعد مِل گیا

  واشنگٹن: خلا میں اگائے گئے ٹماٹروں میں سے ایک 8 ماہ قبل کھو گیا تھا تاہم طویل تلاش کے بعد اب وہ مِل گیا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے عملے کے ارکان نے اسٹیشن سے لائیو ویڈیو میں بتایا کہ خلاباز فرینک روبیو کو اب ان الزامات سے بری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں خلا میں کاشت کیے گئے پہلے ٹماٹروں میں سے ایک کھا لیا۔

ناسا کے خلاباز جاسمین موگبیلی نے خلائی اسٹیشن کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر لائیو اسٹریمنگ پروگرام کے دوران بتایا کہ فرینک روبیو ٹماٹر رکھ کر کہیں بھول گئے تھے جس کے 8 ماہ بعد اس ٹماٹر کی باقیات ملی ہیں۔

جاسمین نے مزید کہا کہ ہمارے اچھے دوست فرینک روبیو پر کافی عرصے سے ٹماٹر کھانے کا الزام  تھا لیکن  اب  ٹماٹر مل گیا ہے۔

واضح رہے کہ فرینک روبیو جو ستمبر میں زمین پر واپس آگئے تھے، کئی مہینوں تک مذاق کا نشانہ بنتے رہے کہ انہوں نے خلاء میں اگایا گیا  ٹماٹر کھا لیا۔

علاوہ ازیں خلابازوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ٹماٹر کہاں سے ملا اور اس کی حالت کی تفصیلات نہیں بتائیں۔ تاہم فرینک روبیو نے پہلے ہی پیش گوئی کی تھی کہ خلائی اسٹیشن پر موجود نمی کی وجہ سے ٹماٹر کی حالت بوسیدہ ہوچکی ہوگی۔

کم عمر ڈرائیونگ؛ بچوں کا مجرمانہ ریکارڈ نہ بنانے اور تھانے سے چھوڑنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ نے کم عمری میں ڈرائیونگ کے جرم میں گرفتار بچوں کو تھانے سے ہی چھوڑنے اور ان کا مجرمانہ ریکارڈ نہ بنانے کا حکم دیا ہے۔

ہائیکورٹ میں کم عمر ڈرائیورز کا کریمنل ریکارڈ بنانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور اور ایس پی سی آر او عدالت میں پیش ہوئے۔

درخواست گزار نے کہا کہ بچوں کو جیل میں نہ رکھا جائے۔

عدالت نے ہدایت کی کہ میں نے پچھلی بار بھی ہدایت کی تھی کہ ایس ایچ او ہی بچوں کی ضمانت لے کر چھوڑ دیں، آپ چھوٹے بچوں کا کریمنل ریکارڈ نہ بنائیں بلکہ پولیس اسٹیشن سے ہی چھوڑ دیں، اس بات کو یقینی بنائیں کہ بچوں کو حوالات میں نہ رکھا جائے، پیر کو ڈی آئی جی پیش ہوکر بچوں کے حوالے سے معلومات فراہم کریں۔

عدالت نے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

‘پاکستانی رہنماؤں کے انتخاب میں امریکا کا کوئی کردار نہیں’ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر

واشنگٹن : امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ پاکستانی رہنماؤں کےانتخاب میں امریکا کا کوئی کردار نہیں۔

تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملر نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی رہنماؤں کے انتخاب میں امریکا کا کوئی کردارنہیں۔

میتھیوملر کا کہنا تھا کہ ہم پاکستانی عوام کی منتخب قیادت کے ساتھ بات چیت کرتےہیں، تمام معاملات پرحکومت پاکستان کیساتھ بات چیت جاری رکھیں گے۔

پاک افغان تعلقات کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان کے درمیان مختلف مسائل کے سفارتی حل کی حمایت کرتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان پارلیمنٹ کے سابق ارکان کو کرپشن میں نامزد کرنے کیلئے کارروائی کررہےہیں، سابق ارکان پارلیمنٹ اور ان کے رشتے دار امریکا میں داخلے کیلئے نااہل قرار دیے گئے ہیں۔

امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکی محکمہ خزانہ نے بدعنوانی میں ملوث افراد سے منسلک 44 کمپنیوں کو بھی نامزد کیا ہے۔

ڈی آئی خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشت گرد ہلاک، 25 اہلکار شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں تین الگ الگ جھڑپوں میں 27 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جب کہ سیکورٹی فورسز کے 25 اہلکار شہید ہوئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دربان کے علاقے میں دہشت گردوں نے ایک سیکورٹی چیک پوسٹ میں گھسنے کی کوشش کی اور ناکامی پر بارود بھری گاڑی پوسٹ سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں عمارت گرنے سے 23 فوجی شہید ہوگئے۔ واقعے کے بعد جھڑپ میں 6 دہشت گرد مارے گئے۔

دیگر 21 دہشت گرد دو جھڑپوں میں ہلاک ہوئے جب کہ دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز نے د رہ زندہ میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کرکے دہشت گردوں کے ٹھاکے تبادہ کیے اور اس دوران 17دہشت گرد بھی مارے گئے۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کلاچی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جہاں دہشت گرد ٹھکانے تباہ اور4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا جب کہ اس آپریشن دو اہلکار بہادری سے لڑتے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 دہشت گردوں نے دربان کے علاقے میں سکیورٹی چیک پوسٹ سے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی، حملے کے بعد خودکش حملہ آور نے بھی خود کو اڑا دیا، دھماکوں میں عمارت گرنے سے 23 سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔

ذوالفقار بھٹو ریفرنس عدلیہ کا امتحان ہے، آج بھی کچھ قوتیں نہیں چاہتیں میرے نانا کو انصاف ملے: بلاول

سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو کا ریفرنس عدلیہ کا امتحان ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تمام جج صاحبان کے شکرگزار ہیں، آصف زرداری نے ریفرنس سپریم کورٹ بھیجا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کچھ قوتیں نہیں چاہتیں ذوالفقار بھٹو کو انصاف ملے لیکن ہم نے اس کیس کو آگے لیکر چلنا ہے، 2018 میں کیس فوراً سننے کی درخواست کی تھی، 12سال بعد ریفرنس سنا جا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی گاڑی نے مسلمان بزرگ کو کچل دیا

 سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں انڈین پیرا ملٹری فورس کے اہلکاروں نے بکتر بند گاڑی سے اسکوٹی سوار بزرگ شہری کو کچل کر قتل کردیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کی جارحیت کا یہ واقعہ جنت نظیر وادی کے ضلع کلگام میں پیش آیا جہاں بھارتی فوج کی گاڑی نے محمد یوسف نامی بزرگ شہری کو کچل دیا۔

بزرگ شہری محمد یوسف اپنی اسکوٹی پر گھر جا رہے تھے کہ عقب سے آتی ہوئی بھارتی فوج کی تیز رفتار بکتر بند گاڑی نے پہلے ٹکر ماری اور جب وہ زمین پر گرگئے تو بکتر بند گاڑی انھیں کچلتے ہوئے نکل گئی۔

بزرگ شہری کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شہادت کی تصدیق کردی گئی۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی گاڑی نے جان بوجھ کر بزرگ شہری کو ٹکر ماری۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے سیاہ قانون کو سپریم کورٹ نے بھی جائز قرار دیدیا اور اس موقع پر چپے چپے پر نفری تعینات ہے۔

اس وقت مقبوضہ کشمیر قید خانے کا منظر پیش کر رہا ہے۔ تمام کشمیری رہنماؤں کو یا تو گرفتار یا نظر بند کیا جا چکا ہے۔

ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل حفیظ اور کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او آمنے سامنے آگئے

قومی ٹیم کے ڈائریکٹر و بیٹنگ کوچ محمد حفیظ کے کینبرا پچ کے حوالے سے بیان پر کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے بھی میدان میں آگئے۔

گزشتہ روز پریس کانفرنس نے قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد حفیظ نے کینبرا میں کھیلے گئے پریکٹس میچ کی پچ پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے دورہ آسٹریلیا میں پاکستان کی کسی بھی ٹیم کو ملنے والی یہ سست ترین پچ قرار دیا تھا۔

محمد حفیظ نے پرتھ میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی کیونکہ وہ پچ بہت سلو تھی جس پر ابتک ہم آسٹریلیا میں کھیلے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

جواب میں کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلے نے حفیظ کی جانب سے اٹھائے گئے خدشات کو دور کرتے ہوئے کہا کہ پرائم منسٹر الیون کیخلاف میچ میں پاکستانی بلے بازوں کو آسٹریلوی کنڈیشنز میں تجربہ حاصل کرنے کا موقع دیا تھا، یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ کھیل کے آخری دن سے پہلے موسمی خرابی کی وجہ سے کھیل مکمل نہیں ہوسکا۔

حج درخواستوں کی وصولی کی مدت 10روز بڑھائی جا رہی ہے، وفاقی وزیر مذہبی امور

 اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج درخواستوں کی وصولی کی مدت 10روز بڑھائی جا رہی ہے، تاریخ میں توسیع کا اعلان آج کر دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر انیق احمد نے کہا کہ سرکاری ریگولر حج اسکیم اور اسپانسر شپ اسکیم کے تحت مزید 10 روز تک درخواستیں وصول کی جائیں گی۔

وفاق وزیر کا کہنا تھا کہ حج پیکج ایک لاکھ روپے کم کرنے کے باوجود درخواستوں کی کم وصولی باعث حیرت ہے، ملک کے معاشی حالات کے سبب حج درخواستیں کم جمع کروائی گئیں۔

پرتھ ٹیسٹ؛ آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کے شکار کیلئے جال بچھادیا

پرتھ ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل آسٹریلیا نے پاکستانی ٹیم کو جال میں پھسانے کی کوشش شروع کردی۔

پچ کیوریٹر آئزک میکڈونلڈ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان پرتھ ٹیسٹ کیلئے پچ میں کچھ تبدیلیاں کی ہیں، ایشین ٹیموں کیلئے پرتھ کی پچ پر ہمیشہ سے باؤنس رہتا ہے، اس پچ میں بالرز اور بیٹرز دونوں کیلئے بہت کچھ ہوگا۔

انہوں ںے مزید کہا کہ پچ کی تیاری کچھ مختلف انداز میں کی گئی ہے تاہم لمبے فارمیٹ کیلئے یہ اچھی پچ ہے۔

آسٹریلوی ٹیم کے نائب کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ پرتھ پچ میں باؤنس بھی ہوگا اور پیس بھی، پچ پر گھاس کی وجہ سے آغاز میں سیم موومنٹ بھی ہوگی، ہم ہوم کنڈیشنز سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان میں ہمیں جو پچز ملی تھیں ان میں زیادہ باؤنس اور پیس نہیں تھا ، ایشیا میں کھلاڑیوں کو زیادہ باؤنس اور پیس نہیں ملتا۔