دھوکا دہی کیس؛ اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور

کولکتہ کی مقامی عدالت نے بالی ووڈ اداکارہ زرین خان کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھوکا دہی کیس میں کولکتہ کی مقامی عدالت نے اداکارہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد 30 ہزار روپے کے عوض ان کی 26 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے جبکہ زرین خان کو پولیس کو اطلاع دیئے بغیر ملک سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی ہے۔

زرین خان ممبئی سے عدالت پہنچی تھیں اور اب عدالت نے انہیں ہر سماعت پر پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔

قبل ازیں رواں سال ستمبر کے مہینے میں اداکارہ وک کولکتہ کی عدالت نے اداکارہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

اداکارہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ زرین خان ایک فراڈ اسکیم کا شکار ہوئیں، کالی پوجا تقریب کے منتظمین نے مبینہ طور پر اُنہیں گمراہ کیا اور بتایا کہ یہ تقریب سرکاری طور پر وزیراعلیٰ، وزیر کھیل، اور سابق وزیر کھیل کی جانب سے مغربی بنگال کی حکومت کی طرف سے منعقد کی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ زرین خان کولکتہ جانے کے لیے ایئر پورٹ پر پہنچی تھیں جہاں اُنہیں اس دھوکے کے بارے میں اس وقت پتہ چلا جب ان پر اکیلے سفر کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔

زرین خان کے وکیل نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ منتظمین نے اداکارہ کو دھوکا دینے کیلئے اپنی جھوٹی شناخت کا استعمال کیا۔

الیکٹرانک انوائسنگ کے اجرا کے لیے ایف بی آر کے ساتھ انٹیگریشن پر پابندی

اسلام آباد: حکومت نے الیکٹرانک انوائسنگ کے اجرا کے لیے ایف بی آر کے ساتھ انٹیگریشن پر پابندی لگا دی۔

حکومت نے بغیر لائنسنس کسی بھی کمپنی پرٹیئر ون رٹیلرز سمیت رجسٹرڈ لوگوں کی الیکٹرانک انوائسنگ کے اجرا کیلیے ایف بی آر کے ساتھ انٹیگریشن پر پابندی لگادی۔ آئندہ صرف لائنسنس یافتہ کمپنیاں اور لوگ ہی انٹیگریشن کرسکیں گے۔

ایف بی آر لائسنسنگ کمیٹی نامزد کرے گا جبکہ اس کا ممبر ڈیجیٹل اقدامات اس لائنسنسگ کمیٹی کا کنوینر ہوگا۔ اس ضمن میں ایس آر اوجاری کردیاگیا۔

سوئی ناردرن نے گیس نرخوں میں 131 فیصد دوبارہ اضافہ مانگ لیا

لاہور: سوئی ناردرن نے گیس نرخوں میں 131 فیصد دوبارہ اضافہ مانگ لیا۔

چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا)مسرور خان نے ملک میں گیس مزید مہنگی ہونے کا امکان ظاہر کر دیا۔ انھوں نے گیس ٹیرف بڑھانے کے معاملے کی سماعت کی جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے اپنا اپنا موقف پیش کیا۔

سوئی ناردرن نے گیس نرخوں میں دوبارہ 131 فیصد اضافہ مانگ لیا، اس سے قبل یکم نومبر سے گیس ٹیرف بڑھایا جا چکا ہے۔

چیئرمین اوگرا مسرور خان کا کہنا تھا تمام اسٹیک ہولڈرز کا موقف سن لیا ہے، اگلی سماعت پشاور میں ہو گی جس کے بعد سفارشات حکومت کو بھجوا دیں گے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی اعلان حکومت کرتی ہے لیکن ہمارے نزدیک صارفین کا مفاد اولین ترجیح ہے۔

گیس دنیا بھر میں مہنگی ہے یہاں بھی مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے، صارفین کو اب گیس کی بچت کی طرف جانا ہو گا، میں نے بھی اپنے گھر کا گیس بل بچت سے کنٹرول کیا ہے۔

چیئرمین اوگرا نے کہا کہ ہمارے پاس ذخائر کم پڑ گئے باہر سے مہنگی گیس منگوانی پڑتی ہے، امپورٹ کردہ آر ایل این جی کئی گنا مہنگی ہے جس کا بوجھ صارف اٹھاتا ہے۔

ثالثی کارروائی میں ترک کمپنی کے ساتھ تصفیے کا معاہدہ

اسلام آباد: ثالثی کارروائی میں ترک کمپنی کے ساتھ تصفیے کا معاہدہ طے پا گیا۔

آئی سی ایس آئی ڈی (بین الاقوامی تنازعات یونٹ)میں طویل عرصے سے زیر التوا ثالثی کی کارروائی میں ترک کمپنی کے ساتھ تصفیے کا معاہدہ طے پا گیا۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب، وزارت قانون و انصاف میں منعقد ہوئی، جس میں سیکریٹری قانون و انصاف نعیم اکبر خان اور ترک سفارتخانے کے نمائندے شریک ہوئے۔

ترک سفارتخانے کے نمائندے نے پاکستان اور ترکی کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور تنازعات کو گفت و شنید سے حل کیے جانے پر روشنی ڈالی، جس سے مستقبل میں سرمایہ کاری کے لیے ایک مثبت ماحول پیدا ہوتا ہے۔

غیر ملکی ترک کمپنی نے تنازعے کے حل کے لیے وزارت قانون و انصاف، بورڈ آف انوسٹمنٹ اور بین الاقوامی تنازعات یونٹ کی لگن کاوشوں کا بھی اعتراف کیا۔

مغربی ممالک نے کوپ 28 معاہدے پر دستخط سے انکار کردیا

آسٹریلیا، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور جاپان سمیت کئی ممالک نے فوسل ایندھن اور آب و ہوا کے بحران سے نمٹنے کے لیے کوپ 28 سربراہی اجلاس میں ایک مضبوط معاہدے کا مطالبہ کردیا۔۔

آسٹریلیا کے وزیر موسمیاتی تبدیلی کرس بووین کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب متحدہ عرب امارات میں سربراہ اجلاس کی صدارت کی جانب سے تجویز کردہ معاہدے کے مسودے کے متن پر کشیدگی بڑھ چکی ہے۔

اس مسودے میں تقریبا 200 ممالک سے اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش میں فوسل ایندھن کو ’مرحلہ وار‘ ختم کرنے کے انتہائی متنازع مطالبے سے گریز کیا گیا ہے۔

موسمیاتی تبدیلی پیرس معاہدے (سی او پی 28) کے مسودے کو مبصرین کی جانب سے ملے جلے رد عمل کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ کچھ لوگوں نے ان عناصر کا خیر مقدم کیا، جیسے فوسل ایندھن کی پیداوار کو کم کرنے کا پہلا ذکر، جبکہ دوسروں نے سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ”انتہائی ناکافی“ اور ”غیر مربوط“ قرار دیا۔

 

الائنس آف سمال آئی لینڈ اسٹیٹس کے سربراہ ساموا کے سیڈرک شوسٹر نے کہا کہ وہ اپنے ڈیتھ سرٹیفکیٹ پر دستخط نہیں کریں گے اور ایسے متن پر دستخط نہیں کر سکتے جس میں فوسل ایندھن کو مرحلہ وار ختم کرنے کے بارے میں مضبوط وعدے نہیں ہیں۔

یہ گروپ، جس میں دنیا کے سب سے بڑے فوسل ایندھن استعمال کرنے والے اور پروڈیوسر شامل ہیں، ”بلا روک ٹوک“ فوسل ایندھن کو مرحلہ وار ختم کرنے پر یقین رکھتے ہیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ اگر کاربن پکڑنے اور ذخیرہ کرنے کی ٹیکنالوجی قابل عمل ثابت ہوتی ہے تو کوئلہ، تیل اور گیس کو اب بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مسودے میں اس طرح کی کٹوتیوں کو اختیاری قرار دیتے ہوئے ممالک سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات کریں جن میں فوسل ایندھن کو کم کرنا شامل ہو۔ یورپی یونین سمیت کچھ ممالک کے گروپوں نے اشارہ دیا ہے کہ اگر اس پر توجہ نہ دی گئی تو وہ مذاکرات سے دستبردار ہو سکتے ہیں۔

 

 

خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ سعودی عرب اور اوپیک میں اس کے تیل پیدا کرنے والے اتحادی اس مسودے کو مزید کمزور کرنے کی کوشش کے لیے آخری گھنٹوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔

متن میں سائنسی مشورے کا حوالہ بھی شامل ہے جسے بہت سے ممالک موسمیاتی تبدیلی سے متعلق بین الحکومتی پینل کے حوالہ کے طور پر تشریح کر سکتے ہیں ، جس نے نتیجہ اخذ کیا ہے کہ 2050 میں فوسل ایندھن صرف ایک چھوٹا سا کردار ادا کرسکتا ہے اگر دنیا خالص صفر اخراج تک پہنچ جائے اور اوسط عالمی حرارت کو صنعتی سطح سے پہلے کی سطح سے 1.5 سینٹی گریڈ تک محدود کردے۔

اس کے علاوہ امیر ممالک کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کہ وہ کمزور ممالک کے لئے آب و ہوا کی مالی اعانت میں درکار اربوں روپے کی فراہمی میں ناکام رہے ہیں۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف تمام درخواستگزاروں کو آئندہ سماعت جواب جمع کرانے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف تمام درخواستگزاروں کو آئندہ سماعت جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے درخواستوں پر سماعت کی۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر علی خان کمیشن کے سامنے پیش جب کہ اکبرایس بابر سمیت دیگر درخواست گزار بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

پی ٹی آئی وکیل بیرسٹر علی ظفر نے اپنے دلائل میں کہا کہ پارٹی انتخابات کے بعد 7 روز میں انتخابی نشان الاٹ کیا جانا ہے، ہم نے کہا کہ جلد بلے کے نشان کا سرٹیفکیٹ دیا جائے، یہ بھی بتایا اس فیصلے سے الیکشن کمیشن سے متعلق اچھا تاثر نہیں جائے گا۔

علی ظفر نے کہا کہ 14 درخواست گزاروں نے دلائل کے بجائے الیکشن کمیشن سے وقت مانگا، ہماری نظرمیں یہ درخواستیں قابل سماعت نہیں، الیکشن تو ہم نے لڑنا ہے اور پی ٹی آئی انتخابات میں حصہ لے گی، ہم سامنے طوفان دیکھ رہے ہیں جس کے لیے حکمت عملی بنانا ہوگی، سپریم کورٹ نے کہہ دیا الیکشن کے لیے 8 فروری کی تاریخ پتھر پر لکیر ہے۔

پی ٹی آئی وکیل نے کہا کہ ہم نےالیکشن کمیشن کی ہدایت پر 20 روزمیں الیکشن کروائے، نہیں چاہتے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان سے دور رکھا جائے، الیکشن قریب آرہا ہے چاہتے ہیں کیس کا جلد فیصلہ کیا جائے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پانچ سال الیکشن نہیں کروائے گئےجوہماری نظرمیں درست نہیں، اس پر علی ظفر کا کہہنا تھا کہ ہم نے آپ کے حکم کے مطابق انتخابات کروائے، البتہ پشاورہائی کورٹ کا فیصلہ ہے الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کر سکتا۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ جس طریقےسےہم نے انٹرا پارٹی الیکشن کرائے ویسے کسی نے نہیں کرائے، ہماری واحد پارٹی ہے جس کے پاس ووٹرز کا بہترین ڈیٹا موجود ہے۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ ہم پہلے تو بلے سے محروم نہیں ہوں گے اور پی ٹی آئی کبھی الیکشن سے پیچھے نہیں ہٹے گی، بڑے عرصے سے پی ٹی آئی کو زیر عتاب لایا جا رہا ہے، لہٰذا بلے کا نشان چھیننے کی کوشش عوام کے ساتھ زیادتی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آپ اس معاملے میں کوئی حتمی فیصلہ نہیں کرسکتے، ممبر کمیشن نے جواب دیا کہ ہم نے تو کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

پی ٹی آئی وکلاء نے کمیشن کو جواب دیا کہ الیکشن کمیشن اس معاملے میں حتمی فیصلہ کر چکا، پہلےآپ درخواست گزاروں کا موقف سن لیں پھر ہم دلائل دیں گے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے کیس کی سماعت جمرات تک ملتوی کرتے ہوئے تمام درخواست گزاروں کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پراکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات دوبارہ کرنے کی استدعا کی جسے کمیشن نے مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’الیکشن ایکٹ کا سیکشن 215 واضح ہے دربارہ الیکشن کوبھول جائیں‘۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات کے خلاف درخواست کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کیا تھا۔

رمضان شوگر ملز: حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب

احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔

رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت لاہور کے روبرو پیش ہوئے اور حاضری مکمل کرائی، شہباز شریف کے نمائندے انوار حسین بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب کے وکیل وارث جنجوعہ نے دوران سماعت بتایا کہ رمضان شوگر ملز ریفرنس کیس میں بریت کی درخواستیں دائر ہوئی تھیں اور اب یہ کیس گواہوں کے بیانات سے شروع ہو گا۔

احتساب عدالت نے حمزہ شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی۔

نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کیخلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت آج ہوگی۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بینچ سابق وزیراعظم کی العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کرے گا۔

نوازشریف اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے جب کہ آج نیب کی جانب سے اپیل پر دلائل دیئے جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر نوازشریف کے وکیل امجد پرویز نے اپنے دلائل مکمل کیے تھے۔

گزشتہ سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کی اپیل پر میرٹ پر سماعت کا فیصلہ کیا اور احتساب عدالت کو معاملہ واپس بھیجنے کی نیب کی استدعا مسترد کردی تھی۔

بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ غیر متوقع نہیں تھا، وزیراعظم آزاد کشمیر

وزیراعظم آزاد جموں کشمر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت نے غیرقانونی اقدام اٹھایا تھا، بھارتی سپریم کورٹ کا آج کا فیصلہ غیرمتوقع نہیں تھا، بابری مسجد والے معاملے پر بھارت کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں، یقین ہے یہ مقبوضہ کشمیر سے مسلمان ووٹ نہیں لے سکتے۔

 پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما تاج حیدر نے کہا کہ آج پیپلزپارٹی کے وفد نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی، ہم نے کہا کہ انتخابات میں تاخیرنہ کی جائے، چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن میں تاخیر نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی۔

عام انتخابات کیلئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران ، آر اوز اور اے آر اوز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

آئندہ عام انتخابات 2024 کے سلسلے میں الیکشن کمیشن ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران( ڈی آر اوز) ، ریٹرننگ افسران ( آر اوز) اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ( اے آر اوز) کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران تعینات ہوں گے، پنجاب کے 41 اضلاع میں سے 40 کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ڈی جی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد خالد منظور کو ڈی آر او تونسہ تعینات کیا گیا ہے۔

 

الیکشن کمیشن ترجمان نے کہا کہ سندھ کے 30 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز ڈی آر اوز ہوں گے، دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے 36 اضلاع کے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ڈی آر اوز تعینات کردیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اسلام آباد تعینات کیے گئے ہیں۔