لاہور: گھر بیٹھے لرننگ لائسنس بنوانے کی سہولت متعارف

 لاہور: شہریوں کے لیے گھر بیٹھے لرننگ لائسنس بنوانے کی سہولت متعارف کروا دی گئی۔

سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز کے مطابق اب شہریوں کو دفاتر نہیں جانا پڑے گا بلکہ گھر بیٹھے اپنا لرنر پرمٹ حاصل کریں گے۔

نگراں وزیراعلٰیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ رات لائسنس کی اپگریڈیشن کا افتتاح کیا جس کے مطابق شہری گھر بیٹھے https://dlims.punjab.gov.pk/register پر لائسنس بنا سکیں گے۔

شہری پنجاب پولیس ایپ کے ذریعے بھی اب لرنر لائسنس بنوا سکیں گے۔ پنجاب بھر کے 737 پولیس اسٹیشنز، فرنٹ ڈیسک اور  پیٹرولنگ پوسٹوں پر بھی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔

سی ٹی او لاہور کا کہنا تھا کہ خدمت مراکز پر بے جاء رش کے پیش نظر آن لائن سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیخلاف فیصلے سے روک دیا

 پشاور: پشاور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹر پارٹی الیکشن کے خلاف دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کو حتمی فیصلے سے روک دیا اور ان سے جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ اور جسٹس شکیل احمد پرمشتمل دو رکنی بنچ نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دائر رٹ پٹیشن کی سماعت کی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی، قاضی محمد انور، شاہ فیصل اتمان خیل، محمد نعمان کاکاخیل سمیت دیگر وکلا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

دوران سماعت بیرسٹر گوہرعلی نے عدالت کوبتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی الیکشن 2 دسمبر کو پشاور میں ہوئے جس میں پارٹی چئیرمین بلا مقابلہ منتخب ہوا اس الیکشن کے خلاف اکبر ایس بابر نے ایک درخواست دائر کی حالانکہ وہ پارٹی کا رکن بھی نہیں ہے۔

بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 208 اور 209 کے تحت انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کیا گیا جو کہ ہر پانچ سال بعد کیا جاتا ہے اور یہ الیکشن سیاسی جماعت کے اندر پارٹی کے اپنے آئین کے تحت منعقد کیا جاتا ہے تاہم ان انتخابات کے خلاف ایک درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کی گئی جو کہ ناقابل سماعت ہے اور الیکشن کمیشن کے پاس یہ اختیار ہی نہیں تھا کہ وہ اس درخواست پر سماعت کرے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس کے باوجود آج منگل کے روز فل بنچ نے اس درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے اور موقف اختیار کیا ہے کہ اگر پی ٹی ائی کی جانب سے کوئی پیش نہیں ہوا تو ان کی غیر موجودگی میں بھی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

پی ٹی آئی کے چئیرمین نے عدالت کو بتایا کہ ماضی میں الیکشن کمیشن کا کردار پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے یک طرفہ رہا ہے خواہ وہ فارن فنڈنگ کیس ہو یا جیل ٹرائل یا کوئی دوسرا مسئلہ، جہاں بھی پاکستان تحریک انصاف کی بات آتی ہے تو الیکشن کمیشن اس میں جانب داری دکھاتا ہے اور انہیں شدید تحفظات ہیں۔

اس موقع پر جسٹس شکیل احمد نے استفسار کیا کہ جس نے یہ شکایت دائر کی ہے کہ وہ اب پارٹی ممبر ہے جس پر بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ نہیں اس کی ممبر شب 10 سال سے زائد ہوئے ہیں ختم کردی گئی ہے اب وہ پارٹی ممبر نہیں رہا اور جو الیکشن ہوئے ہیں وہ 13 ستمبر 2023ء کے الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں ہوئے ہیں تو کس طرح اس الیکشن کو غیر آئینی قرار دیئے جانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ انتخاب کے بعد انہوں نے باقاعدہ کاغذات کے ساتھ تمام لوازمات الیکشن کمیشن کے پاس جمع کیے ہیں تاکہ اس کو الیکشن کمیشن گزٹ میں نوٹیفائی کرے مگر نوٹی فکیشن نوٹیفائی کرنے کے بجائے ان کے خلاف درخواست دائر کی گئی اور انہیں چیلنج کیا گیا۔

بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں ابھی تک کسی پارٹی کے انٹر پارٹی الیکشن کو چیلنج نہیں کیا گیا اور نہ ہی الیکشن کمیشن نے اس ضمن میں کوئی نوٹس جاری کیا مگر پاکستان تحریک انصاف کی بات جب آجاتی ہے تو وہ ہر چیز میں حدود سے تجاوز کرتے ہیں۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں اس طرح کی کوئی شق موجود ہی نہیں کہ الیکشن کمیشن انٹرا پارٹی الیکشن سے متعلق سماعت کرسکے مگر اب صرف توشہ خانہ کیس اور دیگر کیسز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ہرحد تک جانے کے لیے تیار ہے۔

بیرسٹر گوہر نے عدالت کوبتایا کہ پاکستان تحریک انصاف پاکستان کے 70 فیصد عوام کی نمائندگی کررہی ہے ابھی تک پاکستان تحریک انصاف کا انٹر پارٹی الیکشن سے متعلق سرٹیفیکیٹ شائع نہیں ہوا جو کہ ایک قانونی تقاضا ہے لہذا عدالت انہیں حکم دے کہ مذکورہ سرٹیفیکیٹ کو شائع کرے تاکہ انٹرا پارٹی الیکشن کو ائینی تحفظ حاصل ہو اور اس ضمن میں تمام تقاضے پورے کیے گئے ہیں باقاعدہ طور پر کمیشن مقرر کیا گیا جنہون نے انٹرا پارٹی الیکشن کا انعقاد کیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں خدشہ ہے کہ اگر انٹر پارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے تو اس سے اگلے ہی روز الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کا اعلان کرے گا اور اگر یہ نوٹیفائی نہیں ہوتا تو پھر اس طرح کے یہ مسائل پیدا ہونگے۔

عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کو مذکورہ درخواست پر حتمی فیصلے سے روک دیا اور ان سے 7 روز میں جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 19 دسمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو مذکورہ رٹ درخواست پر وائس کمنٹس بھی جمع کرنے کا حکم دے دیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی اور بلے کا نشان 70 فیصد عوام کی نمائندگی کررہی ہیں اور یہ ایک دوسرے کے لئے لازم اور ملزوم ہیں، ہمیں خدشہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بیٹ کا انتخابی نشان چھینے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے خلاف انہوں نے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کی ہے اور جس پر انہیں ریلیف بھی مل گیا ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ الیکشن کمیشن پاکستان تحریک انصاف کے خلاف حد سے تجاوز کررہی ہے اور ایسے فیصلے دے رہی ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، عمران خان پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین ہیں وہ ایک جمہوریت شخصیت ہیں، پی ٹی آئی آئندہ انتخابات سے بائیکاٹ نہیں کرے گی۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر ہم ہائی کورٹ میں کیس دائر نہ کرتے تو الیکشن کمیشن بیٹ کا نشان تبدیل کرتا جو کسی صورت قابل برداشت نہیں ہمیں الیکشن کمیشن میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے، عدلیہ سے اچھے کی امیدیں وابستہ ہے۔

ہم مقابلہ کرنے نہیں بلکہ آسٹریلیا کو شکست دینے آئے ہیں، محمد حفیظ

 پرتھ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے چیلنج کے لیے تیار ہے۔ ہم یہاں مقابلہ کرنے نہیں بلکہ آسٹریلیا کو ہرانے کی سوچ کے ساتھ آئے ہیں۔

محمد حفیظ نے پرتھ میں پاکستان ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کینبرا میں چار روزہ میچ کے انتظامات دیکھ کر بہت حیرانی اور مایوسی ہوئی کیونکہ وہ پچ بہت سلو تھی جس پر ابتک ہم  آسٹریلیا میں کھیلے ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ یہ ان کی حکمت عملی ہو تاہم وہ ٹیسٹ سیریز کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان کی یہ ٹیم اس ٹیسٹ فارمیٹ میں سیٹ ہوچکی ہے اور اس نے اپنے ملک کے لیے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ یہ ٹیم چیلنج قبول کرنے کے لیے پرجوش ہے اور آسٹریلیا میں اچھا کھیلنا ان کے لیے بہت اچھا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم آسٹریلیا کو یہاں ہرانے آئے ہیں مقابلہ کرنے کے لیے نہیں، اس ٹیم میں ٹیلنٹ ہے اور ہم نے اپنی تیاری میں متعدد باکس ٹِک کیے ہیں۔ لڑکے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پرجوش ہیں اور یہاں وہ جیتنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ابرار احمد اَن فٹ ہوگئے ہیں لیکن باقی لڑکے فٹ اور پوری طرح اس سیریز کے لیے تیار ہیں۔ ابرار احمد پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ ان کا ری ہبلیٹیشن جاری ہے اور امید ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ تک فٹ ہوجائیں گے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ نیتھن لائن ایک بڑے بولر ہیں، انہوں نے اپنے ملک کے لیے ٹیسٹ جیتے ہیں لیکن ہم عام طور پر آف اسپنر کو اچھا کھیلتے ہیں اور آخری کی چند سیریز میں ہم نے ان کے خلاف زیادہ رنز کیے ہیں اور مجھے امید ہے کہ اس سیریز میں بھی ہمارے کھلاڑی ان کے خلاف اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہوگا۔

پارلیمنٹ اور میڈیا میں دہشتگردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہوگا، وزیر داخلہ

 اسلام آباد: نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہاہے ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کو مضبوط کرناہے،تشدد کا راستہ چننے والے ہاتھ کو کاٹناپڑے گا۔

اسلام آباد پولیس لائین میں پاسنگ آوٴٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مذہب کے نام پر جاری جنگ کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں،پاکستان کا مطلب لاالہ اللہ ہے، پاکستان سے دہشتگردی کے ناسور کو ختم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ہم جیتی ہوئی جنگ ہارے، ہمارے لیول کے لوگ کنفیوزہیں،اس کنفیوژن کو ختم کرنا ہوگا ،کسی بھی وجہ سے ہتھیار اٹھانے والے کا ہاتھ کاٹنا ہوگا.

انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ صرف فوج نہیں ریاست کے خلاف ہے۔ہم سب نے مل کر لڑنا ہے،پارلیمنٹ اور میڈیا میں دہشتگردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہوگا،ہمارا سب سے بڑا مسئلہ بطور سوسائٹی کرپشن ہے۔

امریکی فوج کا ایف-16 طیارہ جنوبی کوریا میں گر کر تباہ

سیئول: جنوبی کوریا میں امریکی فوج کا F-16 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے مغربی ساحل گنسن میں واقع ایک امریکی ہوائی اڈے سے معمول کی تربیتی پرواز بھرنے والے ایف-16 طیارے کو ہنگامی صورت حال کا سامنا کرنا پڑا۔

طیارے کا پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد شروع کیے جانے والے سرچ آپریشن کے دوران جنوبی کوریا کے کوسٹ گارڈز کو طیارہ مل گیا۔

بحیرہ زرد میں گرنے والے امریکی طیارے میں ایک پائلٹ موجود تھا جسے جنوبی کوریا کے کوسٹ گارڈز نے بروقت کارروائی کرکے زندہ نکال لیا اور واپس کنساس ایئربیس پہنچا دیا۔

امریکی حکومت نے پائلٹ کو بحفاظت نکالنے اور جان بچانے پر جنوبی کوریا کے کوسٹ گارڈ کا شکریہ ادا کیا۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے امریکی فضائیہ نے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی۔

یاد رہے کہ جنوبی کوریا میں امریکی فوج کے زیر استعمال دو ایئربیس ہیں۔ شمالی کوریا کے مقابلے میں امریکا اور جنوبی کوریا حلیف ممالک ہیں۔

روینہ ٹنڈن نے شاہ رخ خان کی بیٹی کی فلم کا مذاق اُڑانے پر معافی مانگ لی

 ممبئی: ماضی کی مقبول ترین بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے میگا اسٹار شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان کی ڈیبیو فلم “دی آرچیز” سے متعلق منفی پوسٹ لائک کرنے پر معافی مانگ لی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سہانا خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی ڈیبیو فلم “دی آرچیز” سے متعلق ایک پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں فلم کے تمام اسٹارز کی اداکاری کا مذاق اُڑایا گیا تھا۔

اس پوسٹ کو جہاں سوشل میڈیا صارفین نے لائک کیا اور تبصرے کیے تو وہیں معروف بالی ووڈ اداکارہ روینہ ٹنڈن نے بھی اس پوسٹ کو لائک کردیا تھا جس کے بعد اداکارہ پر کڑی تنقید کی گئی۔

تاہم، تنقید سے تنگ آکر روینہ ٹنڈن نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر اسٹوری میں ایک معافی نامہ جاری کیا تھا، اداکارہ نے کہا تھا کہ “میں نے غلطی سے پوسٹ لائک کردی تھی، مجھے دراصل معلوم ہی تھا کہ پوسٹ کس بارے میں ہے”۔

روینہ ٹنڈن نے کہا کہ “اسکرولنگ کرتے ہوئے غلطی سے پوسٹ لائک ہوگئی، میری اس غلطی کی وجہ سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں”۔

اداکارہ نے یہ اسٹوری کچھ دیر کے بعد اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاوْنٹ سے ڈیلیٹ کردی، تاہم اُن کے معافی نامے کا اسکرین شاٹ سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔

واضح رہے کہ 7 دسمبر کو ریلیز ہونے والی “دی آرچیز”، دراصل بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی سہانا خان، آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی خوشی کپور اور امیتابھ بچن کے نواسے اگستیا نندا کی ڈیبیو فلم ہے۔

فلم ’دی آرچیز‘ کے ہندی ورژن میں سہانا خان نے ’ورونیکا‘، اگستیا نندا نے ’آرچی‘، خوشی کپور نے ’بیٹی کوپر‘، اور ودانگ رائنے نے ’روجی‘ کا کردار ادا کیا ہے۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ہائیکورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس کا سیشن کورٹ کا مکمل فیصلہ معطل کرنے کی بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے لاہور ہائیکورٹ میں اِسی ریلیف کیلئے درخواست دائر ہونے کا اعتراض اٹھا دیا، استدعا ہے کہ اِس عدالت میں یہ درخواست قابلِ سماعت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8 اگست کو اپیل اور سزا معطلی دائر ہوئی 28 اگست کو سزا معطلی کا فیصلہ آیا ، فیصلے کے ایک ماہ سات دن بعد پانچ اکتوبر کو فیصلہ معطلی کی متفرق درخواست دائر ہوئی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی فیصلہ معطلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

آسٹریلیا میں پاکستانی شائقین کیلئے 2 ’حلال‘ اسٹینڈز قائم

آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کرکٹ شائقین کیلئے اچھی خبرسامنے آئی ہے، پاکستانی شائقین کیلئے پرتھ اسٹیڈیم میں حلال جگہ مختص کردی گئی ہے ۔

پرتھ اسٹیڈیم میں پاکستانی شائقین کیلئے ’پاکستان بے‘ نامی 2 مخصوص پاکستان اسٹینڈز تعمیر کیے گئے ہیں۔

یہ پاکستانی اسٹینڈز ڈریسنگ روم کے باہر تعمیر کیے گئے ہیں اور انہیں الکوحل فری زون قرار دیا گیا ہے۔

یہاں آنے والے شائقین کو میچ دیکھنے کے دوران چائے، حلال فوڈ اور دیسی کھانے دیے جائیں گے۔

آسٹریلیا کی کرکٹ انتطامیہ نے میچ کے پہلے روز پاکستانی شائقین کے لیے خصوصی واک کا بھی اہتمام کیا ہے۔

واک میں شریک ہونے والے پہلے مشہور سلانی ایونیو سے پرتھ اسٹیڈیم پہنچیں گے۔ فاسٹ باولر حسن علی اور نوجوان کرکٹر صائم ایوب کی جانب سے پاکستانی فینز سے اس واک میں شرکت کی درخواست کی گئی ہے۔

میچ کے ٹکٹ کی قیمت 30 ڈالر ہے جبکہ ’پاکستان بے‘ کی ٹکٹیں رعایتی نرخوں پر دی جائیں گی۔

چار سال سے کم عمر بچوں کا اسٹیڈیم میں داخلہ مفت ہوگا جبکہ چار سے 15 سال تک کے بچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمت 10 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیسٹ ٹیمیں بینو قادر ٹرافی کے لیے 14 دسمبر سے پرتھ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔

اے ڈی بی کی پاکستان کیلئے مزید 15 کروڑ 55 لاکھ ڈالر فنانسنگ کی منظوری

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی پی) نے پاکستان کے لیے مزید 15 کروڑ 55 لاکھ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی۔

اے ڈی پی کے مطابق ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے منظور کی گئی رقم میں 10 کروڑ ڈالر قرض اور 55 لاکھ ڈالر گرانٹ شامل ہے۔

10 کروڑ ڈالر لیگل، ریگولیٹری اصلاحات پر خرچ کیئے جائیں گے جب کہ خواتین کو کاروبار کے لیے 5 کروڑ ڈالر کے قرضے دیے جائیں گے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے کہا کہ 55 لاکھ ڈالر کی گرانٹ مالی سرگرمیوں پر خرچ کی جائے گی۔

بھارت: معروف سیاستدان کے گھر چھاپہ، نوٹوں سے بھرے 176 بیگ برآمد

بھارت میں کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پارلیمنٹ دھیرج ساہو کے گھر سے اربوں روپے کی رقم برآمد کی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے بھارتی سیاستدان کے گھر چھاپہ مارتے ہوئے بھارتی 318 کروڑ روپے برآمد کیے۔

ایس بی آئی کے ریجنل منیجر بھگت بیہیرا کے مطابق دھیرج سنگھ کے گھر سے 176 نوٹوں سے بھرے بیگ برآمد ہوئے ۔

برآمد کی جانے والی رقم کی گنتی اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی مرکزی برانچ میں کی گئی۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی 3 بینکوں اور انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے 80 افسران کی مدد کے سبب ممکن ہوئی ہے۔

 

 

کارروائی کیلئے 40 نوٹ گننے والی مشینیں منگوائی گئیں،اور 24 گھنٹے مختلف شفٹوں میں 4 دن میں ان نوٹوں کو گنا گیا۔

انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق بھارتی سیاستدان نے اتنی بڑی رقم شراب کی فروخت سے ذخیرہ کی ہے۔

سیاستدان کے گھر سے برآمد کی جانے والی رقم 3 ارب بھارتی روپے ہے جو پاکستانی 10ارب 83 کروڑروپے سے زائد بنتی ہے۔