پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عامر جمال نے ڈیبیو ٹیسٹ سیریز کے دوران ہی ریکارڈ بُک میں اپنا نام درج کروالیا۔
سڈنی کے تاریخی کرکٹ گراؤنڈ میں نوجوان آل راؤںڈر نے آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کی پہلی ا ننگز میں 82 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 4 چھکے اور 9 چوکے بھی لگائے۔
عامر جمال ایک ٹیسٹ سیریز میں 100 سے زیادہ رنز بنانے اور 10 سے زیادہ وکٹیں لینے کا نادر کارنامہ انجام دینے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے دوران عامر اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز میں 50 سے زیادہ سکور اور 5 سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
پاکستانی آلراؤنڈر نے یہ تاریخی کارنامہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں سرانجام دیا جہاں انہوں نے اپنی باؤلنگ کے بعد بیٹنگ کی صلاحیت کا بھی مظاہرہ کیا۔
اس سے قبل قومی ٹیم کے 2 سابق کپتان عمران خان اور وسیم اکرم یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سڈنی ٹیسٹ میں پاکستان اوپنرز بری طرح ناکام ہوئے جبکہ مڈل آرڈر بیٹر محمد رضوان، آغا سلمان اور آل راؤنڈر عامر جمال کی اننگز کے باعث گرین شرٹس پہلی اننگز میں 313 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی تھی۔