متنازع سمجھی جانے والی بھارتی اقلیتی امور کی وزیر اداکارہ سمرتی ایرانی سعودی عرب کے دو روزہ دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے مدینہ منورہ کا دورہ کیا۔ سمرتی نے حج 2024 کے لیے بھارت اور سعودی عرب کے مابین معاہدے پر دستخط کیے۔
مرکزی وزیر برائے خواتین و بچوں کی ترقی اور اقلیتی امور سمرتی زبین ایرانی اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ و پارلیمانی امور وی مرلی دھرن دو روزہ دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سمرتی ایرانی نے بتایا کہ انہوں مدینہ منورہ کا تاریخی سفر کیا، اسلام کے مقدس ترین شہروں میں سے ایک مدینہ منورہ میں انہوں نے مسجد نبوی، احد کے پہاڑ اور اسلام کی پہلی مسجد قبا کے احاطے کا دورہ بھی کیا۔
سمرتی کے مطابق ان مقامات کے دورے کی اہمیت ابتدائی اسلامی تاریخ سے جڑی ہوئی ہے جو ہماری ثقافتی اور روحانی وابستگی کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔
سمرتی ایرانی کے دورے کے دوران بھارت اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ حج معاہدہ 2024 پر دستخط کیے گئے۔