بھارت کے معروف موسیقار اے آر رحمان نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے جوانی میں کئی بار خودکشی کرنے کا سوچا لیکن اُن کی والدہ کی صرف ایک نصیحت نے اُن کی زندگی بدل ڈالی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے ایک تقریب کے دوران طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے کیریئر اور جوانی میں خودکشی کے خیالات سے لڑنے کے بارے میں بات کی۔
اے آر رحمان نے کہا کہ “میں جب نوجوان تھا تو مجھے خودکشی کے خیالات آتے تھے، مجھے اپنی زندگی بیکار لگتی تھی، میں نے کافی بار خودکشی کا بھی سوچا، اسی دوران میری والدہ نے مجھے ایک نصیحت کی جس کی بدولت آج میں ایک کامیاب انسان بنا اور میں نے وہ نصیحت سُننے کے بعد کبھی خودکشی کا نہیں سوچا”۔
موسیقار نے اپنی والدہ کی جانب سے کی گئی نصیحت کے بارے میں کہا کہ “میری والدہ نے مجھے کہا تھا کہ جب تم دوسروں کے لیے جینا شروع کروگے، تو تمہیں ایسے منفی خیالات نہیں آئیں گے، یہ سب سے خوبصورت نصیحت تھی جو میری والدہ کی طرف سے مجھے ملی”۔
اُنہوں نے کہا کہ “میں نے اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے دوسروں کے لیے جینا شروع کیا، میں نے اپنے اندر سے خود غرضی ختم کی تو آج میں اس مقام پر پہنچا ہوں، میں نے زندگی کا حقیقی مقصد سمجھا”۔