اسلام آباد: ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی۔
سابق وزیراعظم اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ان کی اہلیہ بشریٰ بی سے ملاقات کروانے کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کیس کی سماعت ہوئی، جس میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عدالت کے حکم پر عمل کیوں نہیں ہوا؟ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل آفس کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے آج ہی آگاہ کرنے کی ہدایت کی اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کو عدالت طلب کرلیا۔
سماعت کے آغاز پر جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ ہم نے ہدایات کے ساتھ درخواست نمٹادی تھی، جس پر درخواست گزار کے وکیل عثمان گل نے جواب دیا کہ ہم نے اسی عدالت کے حکم پر عمل درآمد کی درخواست دی ہے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ آپ توہینِ عدالت کی درخواست فائل کریں،ہم کارروائی کریں گے۔ کیسے عدالتی احکامات کو نظر انداز کیاجاسکتا ہے۔وکیل عثمان گل نے استدعا کی کہ عید پر ملاقات کی اجازت دینے کا حکم دیاجائے۔ یہ جیل حکام کے اختیار میں بھی ہے۔بعد ازاں وقفے کے بعد دوبارہ سماعت شروع ہوئی تو ایڈووکیٹ جنرل آفس سے اسٹیٹ کونسل عبد الرحمٰن عدالت میں پیش ہوئے۔جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کیوں نہیں ہوا ،متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے آج ہی آگاہ کریں۔ چیف کمشنر آفس ، جیل حکام اور دیگر فریقین سے رابطہ کرکے عدالت کو آج ہی آگاہ کیا جائے۔ عدالت نے اسٹیٹ کونسل کو بھی اس حوالے سے ہدایت کردی۔